Tag: غزہ جنگ بندی

  • امکان روشن، حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی مذاکرات سے متعلق اہم خبر

    امکان روشن، حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی مذاکرات سے متعلق اہم خبر

    دوحہ: قطر میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، جو دو ہفتے تک جاری رہیں گے۔

    غزہ میں جنگ بندی کے سلسلے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان روشن ہو گیا ہے، الجزیرہ کے مطابق حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی مذاکرات شروع ہو گئے، جنگ بندی کے لیے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔

    انٹونی بلنکن کل سعودی عرب پہنچیں گے اور پھر مصر جائیں گے، ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ بات چیت کے آغاز کے بعد وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے پر امید ہے۔

    واضح رہے چند ہفتے قبل حماس اسرائیل مذاکرات کے سلسلے میں قطر کا بیان اس سے بہت مختلف تھا، قطر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں زیادہ پر امید نہیں ہے۔ اب ترجمان نے کہا ہے کہ مذاکرات جاری ہیں لیکن نتائج کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی، اور کسی بھی نتائج کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق مذاکرات کے سلسلے میں قطر میں موجود موساد کے ڈائریکٹر ڈیوڈ بارنیا تل ابیب واپس پہنچ گئے ہیں، اور اسرائیل کی حکومت آج جنگی کابینہ کا اجلاس منعقد کرے گی، جس میں دوحہ میں پیش کی جانے والی تجاویز اور جوابی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

    دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ پیر کو فون پر گفتگو میں اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھی، نیتن یاہو نے امریکی صدر پر ’’انتہائی واضح‘‘ کیا کہ اسرائیل جنوبی غزہ میں رفح میں حماس بٹالین کے ’خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔‘

    الجزیرہ کے مطابق رمضان میں بھی صہیونی فورسز جارحیت سے باز نہیں آئیں، سحر ہو یا افطار اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی جارحیت سے مزید 93 فلسطینی شہید ہو گئے۔ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31,819 فلسطینی شہید اور 73,934 زخمی ہو چکے ہیں۔

  • غزہ جنگ بندی معاہدے سے متعلق قطر کا تشویش ناک بیان

    غزہ جنگ بندی معاہدے سے متعلق قطر کا تشویش ناک بیان

    دوحہ: قطر نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس غزہ جنگ بندی پر کسی ’معاہدے کے قریب نہیں ہیں۔‘

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بند کرنے کے سلسلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک قطر نے تشویش ناک بیان میں خبردار کیا ہے کہ صورت حال ’’انتہائی پیچیدہ‘‘ ہے۔

    قطر نے کہا کہ اسرائیل اور حماس غزہ میں لڑائی روکنے اور قیدیوں کو آزاد کرنے کے معاہدے کے قریب نہیں ہیں۔

    قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ’’ہم کسی معاہدے کے قریب نہیں ہیں، مطلب یہ کہ فریقین ایسی زبان استعمال ہی نہیں کر رہے ہیں جس سے موجودہ اختلاف دور ہو اور معاہدے کا اطلاق ممکن ہو سکے۔‘‘

    الانصاری نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اس کے باوجود تمام فریق مذاکرات جاری کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ رمضان ہی میں کسی معاہدے پر پہنچا جا سکے۔

    مسلمانوں نے اسرائیلی کھجوروں کا بائیکاٹ کر دیا

    واضح رہے کہ امریکی، قطری اور مصری ثالثوں پر مشتمل ہفتوں کی بات چیت کے باوجود، پیر کو مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان کا آغاز بغیر کسی جنگ بندی معاہدے کے ساتھ ہو گیا ہے، ثالثوں کی کوشش تھی کہ رمضان سے قبل جنگ بندی اور قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آ جائے۔

  • خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

    خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

    ریاض: خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں غزہ جنگ بندی سے متعلق عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال اور امداد کی مستقل فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جی سی سی نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، سیکریٹری خارجہ خلیج تعاون کونسل نے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی، قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ عرب ممالک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں، مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ جنگ فلسطینی کاز کو ختم کرنے کا منظم منصوبہ ہے۔

    غزہ پر صہیونی فورسز کی بمباری کا 150 واں دن، شہادتیں 30 ہزار 410 ہو گئیں

    اجلاس میں اردن اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی، خلیج تعاون کونسل کے اعلامیہ کے مطابق فلسطینی ریاست 1967 والی سرحدوں کے مطابق ہونی چاہیے۔

    کملا ہیرس کی اسرائیل پر شدید تنقید

    عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شرکت اور قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے صدارت کی، اجلاس میں خلیجی ممالک کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اور غزہ میں فوری جنگ بندی کی اہمیت اور انسانی امدادی راہداریوں کا تحفظ یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • غزہ جنگ بندی پر ووٹنگ کی اجازت، برطانوی پارلیمنٹ میں ہنگامہ

    غزہ جنگ بندی پر ووٹنگ کی اجازت، برطانوی پارلیمنٹ میں ہنگامہ

    برطانوی پارلیمنٹ میں غزہ میں جنگ بندی پر ووٹنگ کی اجازت دینے پر ہنگامہ آرائی ہو گئی جس کے بعد اسپیکر کو اراکین سے معافی مانگنا پڑ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے پارلیمنٹ اسکاٹش نیشنل پارٹی کی جانب سے قرارداد پیش گئی، ٹوری اور ایس این پی اراکین نے ووٹنگ کی اجازت دینے پر اسپیکر کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں احتجاج کے بعد اسپیکر نے قرارداد پر اراکین پارلیمنٹ سے معاف مانگ لی ہے۔

    دوسری جانب فلسطین سالیڈیرٹی کمپین کے تحت ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کے باہر جنگ بندی کے لیے مظاہرہ کیا، بگ بین ٹاور پر غزہ میں فوری جنگ بندی اور برطانوی پارلیمنٹ کے الزبتھ ٹاور پر اسرائیل کی غزہ میں جاری بربریت کے خلاف پیغامات روشن ہو گئے۔

    بگ بین ٹاور پر ہزاروں افراد غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاج کرتے رہے، روشن پیغامات میں سونک شیم آن یو کی تحریر بھی چلتی رہی۔

  • سعودی عرب کا بڑا مطالبہ

    سعودی عرب کا بڑا مطالبہ

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ جنگ بندی کیلئے جی ٹوئنٹی ممالک سے ایکشن کا مطالبہ کردیا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ جی 20 وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس کے پہلے سیشن میں سعودی وزیرِ خارجہ نے شرکت کی جس کا موضوع ’جاری بین الاقوامی تناؤ سے نمٹنے میں جی 20 کا کردار‘ تھا۔

    سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے بامعنی اقدامات کے لیے دباؤ ڈالیں۔

    سعودی وزیرِ خارجہ نے خطاب میں جی ٹونئٹی ممالک پر زور دیا کہ دو ریاستی حل کی جانب قابل اعتبار اور ناقابل واپسی راستے کی حمایت کریں۔

    شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ جی 20 مالک کی ذمے داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کریں، جس سے علاقائی امن، خوشحالی اور عالمی اقتصادی استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔

    دورسی جانب نیدرلینڈز میں عالمی عدالت میں سماعت کے تیسرے دن روس نے کہا اسرائیل حملے شہریوں کو مار رہے ہیں، روسی سفیر نے کہا کہ اسرائیل کی تمام خلاف ورزیوں کا بہترین حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

    روسی سفیر نے مزید کہا کہ عدالت اسرائیل کو خلاف ورزیاں ختم کرنے اور ان کا معاوضہ ادا کرنے کا کہنے میں حق بجانب ہوگی۔

  • کیا اس بار حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ ہو پائے گا؟

    کیا اس بار حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ ہو پائے گا؟

    غزہ: حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ اس بار مشکل میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے، فریقین بھی ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں اور ثالثوں کی جانب سے بھی مایوس کن تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے لیے خطے کے ممالک سرگرمی دکھا رہے ہیں تاہم ایسے میں یہ سوال نازک صورت اختیار کر گیا ہے کہ کیا اس بار حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ ہو پائے گا؟

    حماس کا کہنا ہے اسرائیلی وزیر اعظم جنگ بندی سے متعلق معاہدے پر کھیل رہے ہیں، اور وہ نہیں چاہتے کہ کوئی معاہدہ ہو، گروپ نے جنگ بندی معاہدے کے حصول میں پیش رفت کی کمی کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔

    دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے مطالبات کو ایک ’فریب‘ قرار دے دیا ہے، ادھر قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے بھی کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی جانب پیش رفت سست پڑ رہی ہے۔ انھوں نے ہفتے کے روز کہا ’’گزشتہ چند دنوں کا پیٹرن واقعی بہت امید افزا نہیں ہے۔‘‘

    خان یونس اور رفح میں بمباری میں 60 فلسطینی شہید ہو گئے

    سلامتی کونسل میں الجیریا کی درخواست پر غزہ میں جنگ بندی کے لیے ووٹنگ منگل کو ہوگی، امریکا نے ایک بار پھر جنگ بندی سے متعلق قرارداد کو ویٹو کرنے کی تیاری کر لی ہے۔

  • رفح پر بمباری تیز ہوتے ہی سی آئی اے چیف قاہرہ پہنچ گئے

    رفح پر بمباری تیز ہوتے ہی سی آئی اے چیف قاہرہ پہنچ گئے

    قاہرہ: صہیونی فورسز کی جانب سے جنوبی غزہ کے علاقے رفح پر بمباری تیز ہوتے ہی سی آئی اے چیف قاہرہ پہنچ گئے ہیں، تاکہ غزہ میں عارضی جنگ بندی کے لیے کسی معاہدے پر پیش رفت ہو سکے۔

    الجزیرہ کے مطابق سی آئی اے چیف ولیم برنز عارضی جنگ بندی کے معاہدے پر بات چیت کے تازہ ترین دور کے لیے قاہرہ پہنچ گئے ہیں، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے جنگ عارضی طور پر روکنے کی کوشش تیز تر ہو گئی ہے۔

    ولیم برنز کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب واشنگٹن اور اقوام متحدہ نے اسرائیل کو رفح میں زمینی کارروائی شروع کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے، اور کہا ہے کہ کسی منصوبے کے بغیر رفح آپریشن سے گریز کیا جائے، کیوں کہ وہاں جنگ سے پناہ لینے والے تقریباً 14 لاکھ فلسطینی پہلے ہی ناگفتہ بہ حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے مزید 67 فلسطینی شہید، 3 اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک

    واضح رہے کہ غزہ میں طویل جنگ بندی کے سلسلے میں قطر اور مصر تندہی کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں، حالیہ ہفتوں میں ولیم برنز نے ایک معاہدے پر بات کرنے کے لیے اسرائیلی موساد انٹیلی جنس سروس کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا سے بھی ملاقات کی ہے۔

    ادھر اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے دورہ واشنگٹن کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن سے کہا ہے کہ دنیا رفح پر اسرائیل کے منصوبہ بند زمینی حملے کی ’متحمل نہیں ہو سکتی‘۔

  • غزہ جنگ بندی، انٹونی بلنکن ایک بار پھر سعودی عرب پہنچ گئے

    غزہ جنگ بندی، انٹونی بلنکن ایک بار پھر سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ایک بار پھر غزہ جنگ بندی کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق واشنگٹن اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات معمول پر لانے کے لیے کوشاں ہے، اس سلسلے میں پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مشرق وسطیٰ کے دورے کے آغاز پر سعودی عرب پہنچ کر ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں پیش رفت پر مشاورت کے لیے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا ہے، انٹونی بلنکن نے ریاض میں سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے سعودی ہم منصب وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دو گھنٹے جاری رہی، تاہم ملاقات کے بعد بلنکن صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیے بغیر چلے گئے، واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے امریکا کے اعلیٰ سفارت کار کا یہ پانچواں دورہ ہے۔

    انٹونی بلنکن مصر، قطر اور اسرائیل کا دورہ کریں گے اور یرغمالیوں کے معاہدے سے متعلق حماس کے ساتھ مصر اور قطر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے پر زور دیں گے۔ روئٹرز کے مطابق غزہ کی پٹی میں بمباری کی زد میں آئے ہوئے فلسطینیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بلنکن کا خطے کا دورہ آخرکار جنگ بندی کا باعث بنے گا، اور اس محصور علاقے میں ان کی آخری پناہ گاہ پر نئے اسرائیلی حملے رک جائیں گے۔

  • غزہ میں عارضی جنگ بندی کی تجویز حماس تک پہنچائیں گے: قطر

    غزہ میں عارضی جنگ بندی کی تجویز حماس تک پہنچائیں گے: قطر

    دوحہ: قطر نے کہا ہے کہ غزہ میں عارضی جنگ بندی سے متعلق معاہدے میں مثبت پیش رفت متوقع ہے، تجویز حماس تک پہنچائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں ایک بار پھر تیز ہو گئیں، امریکا میں موجود قطری وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق معاہدے میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔

    انھوں ںے کہا فرانس میں مصر، اسرائیل اور امریکا کے انٹیلی جنس چیفس کی ملاقاتیں ہوئی ہیں، جس میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ممکنہ معاہدے پر تجاویز پیش کی گئی ہیں، ان تجاویز کو حماس تک پہنچائیں گے تاکہ مثبت اور تعمیری پیش رفت ہو سکے۔

    غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیل کی بمباری، مزید 215 فلسطینی شہید

    محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے امریکی سیکریٹری خارجہ سے ملاقا ت بھی کی ہے، پیر کو انھوں نے کہا غزہ کی لڑائی کو روکنے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے جسے حماس تک پہنچایا جائے گا۔

    ’اسرائیل کی غزہ میں واپسی‘ نامی شرمناک کانفرنس میں یہودی بستیوں کا نقشہ پیش، امریکا و فرانس کی مذمت

    واضح رہے کہ حماس نے کسی بھی معاہدے سے پہلے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، نیز بے آسرا فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے فنڈز کی معطلی کا معاملہ بھی ان دنوں زور و شور سے اٹھا ہوا ہے۔

  • سی آئی اے سربراہ فرانس میں قطر، مصر اور اسرائیلی حکام سے آج ملاقاتیں کریں گے

    سی آئی اے سربراہ فرانس میں قطر، مصر اور اسرائیلی حکام سے آج ملاقاتیں کریں گے

    پیرس: حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے امریکی جاسوس چیف ولیم برنز آج اتوار کو فرانس میں قطر، مصر اور اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    الجزیرہ کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو عارضی طور پر روکنے کے لیے ممکنہ معاہدے پر پیش رفت کی اطلاعات ہیں، اب سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز فرانس میں قطر، مصر اور اسرائیل کے حکام سے ملاقات کریں گے۔

    ملاقاتوں میں امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور عارضی جنگ بندی کے معاہدے پر مہر لگانے کی کوشش کریں گے۔

    سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز آج اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا، قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی اور مصری انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل سے ملاقات کے دوران جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے مذاکرات کریں گے اور اس سلسلے میں تفصیلات پر بات کی جائے گی۔

    غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 24 ہزار بچے یتیم، دو یتیم بچوں کی ویڈیو نے آنکھیں اشکبار کر دیں

    ولیم برنز اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے پیرس میں موجود ہیں، وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر بریٹ میک گرک نے ان مذاکرات کے لیے گزشتہ ہفتے کا بیشتر حصہ مشرق وسطیٰ میں گزارا تھا۔ اگر برنز کی ان ملاقاتوں میں کوئی پیشرفت ہوئی تو پھر امریکی صدر جو بائیڈن متوقع طور پر میک گرک کو ایک بار پھر خطے میں بھیجیں گے تاکہ معاہدے کی تکمیل کی جا سکے۔

    یو این ایجنسی کے ملازمین نے حماس حملے میں حصہ لیا، 9 ممالک نے بہانہ بنا کر غزہ فنڈنگ اچانک معطل کر دی

    تاہم دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بارہا اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب تک حماس کو مکمل طور پر ختم نہیں کریں گے وہ غزہ پر حملے جاری رکھیں گے۔