Tag: غزہ مارچ

  • سابق سینیٹر مشتاق احمد کے خلاف دہشت گردی سمیت 13دفعات کے تحت مقدمہ درج

    سابق سینیٹر مشتاق احمد کے خلاف دہشت گردی سمیت 13دفعات کے تحت مقدمہ درج

    اسلام آباد: غزہ مارچ کرنے پر سابق سینیٹر مشتاق احمد کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ دہشت گردی سمیت 13 دفعات کے تحت درج کیاگیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق مسجد شہدا کے باہر مظاہرین احتجاج کررہے تھے، مشتاق احمد کے کہنے پر مظاہرین نے ریڈ زون کی طرف مارچ شروع کیا، روکنے پر مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔

    مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کے ڈنڈوں سے حملہ کرنے پر 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ملزمان کے پتھراؤ سے 6 پبلک اور 2 سرکاری گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، چند مظاہرین نے کانسٹیبل ظفراللہ سے اینٹی رائٹس کٹ اور ہیلمٹ چھینا۔

    واضح رہے کہ مشتاق احمد نے سیو غزہ مہم کے تحت غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آبپارہ سے امریکی سفارت خانے تک مارچ کی کال دی تھی۔

  • غزہ کے مظلوم بچوں سے یکجہتی کے لیے شاہراہِ قائدین پر اسکولوں کے ہزاروں طلبہ کا مارچ

    غزہ کے مظلوم بچوں سے یکجہتی کے لیے شاہراہِ قائدین پر اسکولوں کے ہزاروں طلبہ کا مارچ

    کراچی: غزہ کے مظلوم بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے شاہراہِ قائدین پر اسکولوں کے ہزاروں طلبہ نے مارچ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ قائدین پر جماعتِ اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ میں بینرز اور فلسطینی پرچم اٹھائے بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ شریک ہوئے۔

    اسکول یونیفارم میں ملبوس کراچی کے سیکڑوں اسکولوں سے آنے والے ہزاروں کی تعداد میں طلبہ نے غزہ کے مظلوم بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مطالبہ کیا کہ غزہ کے بچوں کا قتلِ عام بند کیا جائے۔

    طلبہ نے مارچ میں فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، اور عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کرے۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بچوں کے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف امریکا اور یورپ میں بھی احتجاج ہو رہا ہے، مسلم ممالک غزہ کے مسلمانوں کی مدد کے لیے کیوں آگے نہیں آتے، پوری دنیا کے باضمیر انسان فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    انھوں نے کہا ایک ماہ میں 5 ہزار فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں، فلسطینی نوجوانوں نے بتا دیا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں غیرت سے لڑی جاتی ہیں، جب حماس نے حملہ کیا تو اسرائیل کے آئرن ڈوم نے کام کرنا چھوڑ دیا، اور انٹیلیجنس دیکھتی رہ گئی۔

    واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی افواج کی ہولناک بمباری جاری ہے، صہیونی فورسز کے حملوں میں مزید 306 فلسطینی شہید ہو گئے، جس سے غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 10 ہزار 328 ہو گئی ہے، غزہ میں ہر روز 134 بچے اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں، اور اسرائیلی فوج نے غزہ کو معصوم بچوں کا قبرستان بنا دیا ہے۔