Tag: غزہ میڈیا آفس

  • غزہ میڈیا آفس نے افسوس ناک اعداد و شمار جاری کر دیے

    غزہ میڈیا آفس نے افسوس ناک اعداد و شمار جاری کر دیے

    غزہ: غزہ میڈیا آفس نے افسوس ناک اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج ہر کسی کو نشانہ بنا رہی ہیں، مسلسل بمباری سے 116 سے زائد طبی عملہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔

    غزہ میڈیا آفس کے مطابق صہیونی فورسز کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اب تک سول ڈیفنس یونٹس کے 18 ارکان، اور 35 صحافی مارے جا چکے ہیں، اور اسرائیلی قابض افواج نے 80 سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا۔

    غزہ حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 47 مساجد شہید ہو چکے ہیں، اور 7 گرجا گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جب کہ بمباری میں 203 اسکول، 80 سرکاری دفاتر تباہ ہوئے، 32 ہزار کے قریب عمارتیں اور 2 لاکھ 20 ہزار گھر نیست و نابود ہوئے۔

    ادھر صحافیوں کے قتل کے حوالے سے رپورٹرز ود آؤٹ بارڈز اصلیت سامنے لے آیا ہے، آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ لبنان میں روئٹرز کے صحافی کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا تھا۔

    آر ایس ایف کے مطابق اسرائیلی سرحد سے فائرنگ سے صحافی عصام عبداللہ کو قتل کیا گیا، 13 اکتوبر کو ایک ہی سمت سے 30 سیکنڈ میں 2 حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں عصام عبداللہ شہید ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/rsf-says-killing-of-reuters-journalist-in-lebanon-a-targeted-strike/

    صہیونی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں پر اب عالمی سطح پر شدید رد عمل سامنے آنے لگا ہے، فرانس نے بھی اسرائیل سے مغربی کنارے میں فلسطینی آبادی کے تحفظ کا مطالبہ کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملے روکے جائیں۔

    فرانس کے مطابق مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آباد کار بھی حملے کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی مارے جا چکے ہیں، فرانس نے اسرائیلی حکام سے فلسطینی آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

    ناروے کے وزیر اعظم نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل حد سے تجاوز کر گیا ہے، انھوں نے حماس کے حملے پر اسرائیل کا ردعمل غیر متناسب قرار دیا، اور کہا بین الاقوامی قانون میں ہے کہ رد عمل متناسب ہونا چاہیے، اور ردعمل میں عام شہریوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، مارے جانے والے ہزاروں افراد میں تقریباً نصف بچے ہیں۔