Tag: غزہ کی امداد

  • امریکا نے غزہ کی امداد روکنے والے اسرائیلی شدت پسند گروپ پر پابندیاں لگا دیں

    امریکا نے غزہ کی امداد روکنے والے اسرائیلی شدت پسند گروپ پر پابندیاں لگا دیں

    واشنگٹن: امریکا نے غزہ کے امدادی قافلوں پر حملہ کرنے اور امداد روکنے والے شدت پسند اسرائیلی گروپ پر پابندیاں لگا دیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایک ’متشدد انتہا پسند‘ اسرائیلی گروپ پر غزہ کے لیے انسانی امداد کے قافلوں کو روکنے اور انھیں نقصان پہنچانے پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، اسرائیلی گروپ کی کارروائیوں کی وجہ سے محصور فلسطینی علاقے میں قحط کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کو جس گروپ پر پابندیاں لگائی گئی ہیں اس کا نام Tzav 9 بتایا گیا ہے، یہ گروپ غزہ میں کسی بھی امداد کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے بنایا گیا ہے، اور یہ گروپ امدادی ٹرکوں کو لوٹنے اور آگ لگانے کی مذموم کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کو مزید بگڑنے سے روکنے اور قحط کے خطرے کو کم کرنے کے لیے انسانی امداد کی فراہمی بہت ضروری ہے، اور یہ اسرائیلی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل اور مغربی کنارے سے غزہ کی طرف جانے والے انسانی امدادی قافلوں کی حفاظت کو یقینی بنائے، ہم اس ضروری انسانی امداد کو نشانہ بنانے والی تخریب کاری اور تشدد کی کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ کئی مہینوں سے دائیں بازو کے انتہا پسند یہودی احتجاج کر رہے ہیں اور امدادی سامان کو غزہ پہنچنے سے روکنے کے لیے سڑکیں بلاک کر رہے ہیں۔

  • عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، غزہ کی امداد کے لیے تاریخی قرارداد منظور

    عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، غزہ کی امداد کے لیے تاریخی قرارداد منظور

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں غزہ کی امداد کے لیے تاریخی قرارداد منظور ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں غزہ کی امداد کے لیے قرارداد منظور کر لی گئی، عالمی ادارہ صحت کی تاریخ میں ساتویں مرتبہ اس طرح کی ووٹنگ ہوئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او نے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ غزہ کے لیے صحت سے متعلق فوری امداد دی جائے، ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر نے کہا کہ غزہ کے لیے قرارداد کا منظور ہونا انسانیت کی فتح ہے۔

    انھوں نے کہا ہمارے ساتھیوں کو غزہ میں چیلنجز کا سامنا ہے، ہم نے اقوام متحدہ کے 110 سے زائد کارکنان کو کھویا ہے۔

    دنیا کے ایجنڈے میں فلسطین سب سے اوپر ہے، محمد اشتیہ کی اے آر وائی سے گفتگو

    دوسری طرف سربراہ فلسطینی طبی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے نصف حصے میں اب لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، ساڑھے 3 لاکھ افراد انفیکشن کا شکار ہیں، لوگوں کے پاس گرم کپڑے نہیں ہیں، سردی اور بارش سے بچنے کا نظام نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ صاف پانی نہ ہونے سے لوگ پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، جب کہ 46 ہزار زخمی ہیں جن کا درست علاج نہیں کر پا رہے ہیں۔

  • غزہ کی امداد کیلئے اقوامِ متحدہ کے فیصلے پرعمل کیا جائے، حماس کا مطالبہ

    غزہ کی امداد کیلئے اقوامِ متحدہ کے فیصلے پرعمل کیا جائے، حماس کا مطالبہ

    حماس کی جانب سے غزہ کی امداد کے لیے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فیصلے پرعمل کا مطالبہ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کی منظور کی گئی قرارداد پر عمل کرایا جائے۔ غزہ میں امداد کی اجازت کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے۔

    فلسطینی تنظیم حماس کے رکن غازی حمد کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی قرارداد کو فلسطینی عوام کی فتح سمجھتے ہیں۔

    حماس رکن نے کہا کہ امداد کی فوری غزہ کے تمام علاقوں اور اسپتالوں میں تقسیم کیا جائے۔ فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کے اعلیٰ سفارتکار جوزف بوریل نے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم شہری اور بچے مارے جا رہے ہیں۔

    یورپی یونین کے اعلیٰ سفارتکار نے کہا کہ امداد کی رسائی کیلئے اسرائیل دشمنی کو روکے۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے قیام کیلئے جنگ بندی کی جائے۔

    قطر نے بھی عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قرارداد کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کیلئے منظور غیرپابند قرارداد کا احترام کرے۔