فارمولا ون چیمپیئن بننے کا اعزاز سات مرتبہ اپنے نام کرنے والے لیوس ہیملٹن نے غزہ کی صورتحال پر کہا ہے کہ ہم مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔
اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ میں فاقہ کشی اور غذائی قلت کے نتیجے میں بچوں کی اموات پر لیوس ہیملٹن نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ صورتحال ایسی نہیں جس پر خاموش رہا جائے، ہیملٹن نے بیلجیئم میں اس ہفتے کی ریس سے قبل سوشل میڈیا پوسٹ میں یونیسیف کی پوسٹ شائع کی ہے۔
یونیسیف کی شیئر کردہ پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ بچوں کی ہلاکتیں ہر دن جاری ہیں جولائی کے پہلے ہفتے میں غزہ پر شدید حملوں کے دوران 100 سے زائد بچے مارے گئے، فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
غزہ کی صورتحال پر لیوس ہیملٹن نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ "ہم مزید خاموش نہیں رہ سکتے”۔
اسرائیل نے بدترین طریقے سے غزہ کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے، غزہ میں اسرائیلی حملوں، بھوک اور غذائی قلت کے سبب اموات اور خاص طور پر بچوں کی اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فلسطین وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے دوران بھوک اور غذائی قلت سے مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 120 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ فاقہ کشی سے شہید ہونے والوں میں سے 83 بچے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/british-foreign-secretary-lack-of-gaza-ceasefire-global-failure/