Tag: غزہ

  • غزہ پر قبضے کے مخالفین نے اسکاٹ لینڈ میں ٹرمپ کے گولف ریزورٹ پر نعرے لکھ دیے

    غزہ پر قبضے کے مخالفین نے اسکاٹ لینڈ میں ٹرمپ کے گولف ریزورٹ پر نعرے لکھ دیے

    لندن: غزہ پر قبضے کے خواہش مند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسکاٹ لینڈ میں گولف ریزورٹ پر فلسطین کے حق میں چاکنگ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین کی آزادی اور غزہ کو بچاؤ کے نعروں کی بازگشت اسکاٹ لینڈ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’ٹرن بیری گولف ریزورٹ‘ کے در و دیوار تک بھی پہنچ گئی۔

    ٹرمپ کے گولف ریزورٹ پر آزادئ فلسطین کے حق میں نعروں کی چاکنگ کی گئی ہے، غزہ پر قبضے کے مخالفین نے امریکی صدر کے گولف ریزورٹ پر نعرے لکھے اور کارٹون بنائے۔

    ٹرمپ غزہ گولف ریزورٹ

    سرخ رنگ سے کی گئی پینٹنگ اور وال چاکنگ کی تصویر میں فلسطین کو آزاد کرو کے مطالبات درج ہیں، وال چاکنگ میں لکھا گیا کہ غزہ برائے فروخت ہرگز نہیں، یہ نعرے گولف کے ہولز کے ساتھ بھی تحریر کیے گئے۔

    لندن : فلسطینی پرچم تھامے نوجوان بگ بین ٹاور پر چڑھ گیا ویڈیو وائرل

    فلسطین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم فلسطینی ایکشن نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ٹرمپ نے غزہ کو ایک نجی جائیداد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، لیکن انھیں خبر ہونی چاہیے کہ ان کی اپنی جائیداد تک بھی لوگ پہنچ سکتے ہیں۔

  • حماس کامیاب، غزہ میں جنگ بندی معاہدہ آگے بڑھانے کی امید پیدا ہو گئی

    حماس کامیاب، غزہ میں جنگ بندی معاہدہ آگے بڑھانے کی امید پیدا ہو گئی

    غزہ: حماس کو اپنے مؤقف کو منوانے میں کامیابی ملتی دکھائی دے رہی ہے، غزہ میں جنگ بندی معاہدہ آگے بڑھانے کی امید پیدا ہو گئی۔

    الجزیرہ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے سلسلے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے پیر کو ایک وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ بھیجے گا۔

    حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات کے آغاز کے لیے ’’مثبت اشارے‘‘ ملے ہیں۔ حماس نے غزہ کے لیے اسرائیل کی ناکہ بندی ختم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگ ​​بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر فوری مذاکرات کا مطالبہ بھی کیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف منگل کی شام دوحہ جائیں گے اور اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے معاہدے کی ثالثی کرنے کی کوشش کریں گے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ اس کے عہدیداروں نے قاہرہ میں مصر کی جنرل انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ حسن محمود رشاد سے ملاقات کی ہے جس میں غزہ سیز فائر پر عمل درآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    لندن : فلسطینی پرچم تھامے نوجوان بگ بین ٹاور پر چڑھ گیا ویڈیو وائرل

    حماس کے وفد نے معاہدے کی تمام شرائط پر عمل کرنے، دوسرے مرحلے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کے لیے فوری طور پر آگے بڑھنے، سرحدی گزرگاہوں کو کھولنے، اور بغیر کسی پابندی یا شرائط کے غزہ میں امدادی سامان کے داخلے کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

    حماس نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصر کی زیرقیادت تجویز کی بھی حمایت کی، جس میں انتخابات کے انعقاد تک علاقے کا انتظام سنبھالنے کے لیے عبوری حکومت کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

  • او آئی سی کا ہنگامی اجلاس،  فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی کے بیانات مسترد

    او آئی سی کا ہنگامی اجلاس، فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی کے بیانات مسترد

    جدہ میں ایران کی تجویز پر ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے خاتمے پر ایک بیانیہ جاری ہوا ہے جس کے مسودے میں مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کی مکمل حمایت پر زور دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں رکن ممالک نے عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم عرب لیگ کے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہے اور فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عرب لیگ کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر جاری مظالم بند کرے اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔

    اجلاس میں رکن ممالک نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کیلیے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو لکھے گئے خط پر ایران کی جانب سے رد عمل سامنے آیا ہے۔

    ایرانی وزیرخارجہ کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کسی بھی خط کے موصول ہونے کی تردید کی گئی ہے۔

    ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ جب تک ایران پر کڑی پابندیاں برقرار ہیں امریکا سے بات نہیں ہوسکتی۔ ٹرمپ کی جانب سے جوہری مذاکرات کی دعوت کو مسترد کرتے ہیں۔

    یمن کے حوثیوں کی اسرائیل کو دھمکی ، 4 دن کی مہلت دے دی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ نے فاکس بزنس نیٹ ورک کے ساتھ انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور اس کی اعلیٰ قیادت کو خط بھیجا ہے۔

  • اسرائیل نے عرب منصوبہ مسترد کر دیا

    اسرائیل نے عرب منصوبہ مسترد کر دیا

    تل ابیب: اسرائیلی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی سے متعلق عرب ممالک کا منصوبہ مسترد کر دیا ہے۔

    اسرائیل کی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ عرب سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری بیان غزہ کی حقیقی صورت حال کی عکاسی نہیں کرتا، حماس غزہ میں باقی نہیں رہ سکتی۔

    اسرائیل کو اس بات کی تکلیف ہے کہ عرب سربراہ اجلاس کے بیان میں 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، وزارت خارجہ نے کہا کہ عرب منصوبہ فلسطینی اتھارٹی اور انروا پر انحصار کر رہا ہے، یہ دونوں ادارے ’’بد عنوان‘‘ ہیں۔

    دوسری جانب حماس نے قاہرہ میں ہونے والے عرب سربراہان کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا، اور اجلاس کو فلسطین کے سلسلے میں عرب صف بندی قرار دیا، حماس نے کہا جبری ہجرت کا اسرائیلی منصوبہ مسترد کرنا عرب قیادت کا اہم قدم ہے۔

    غزہ کے حوالے سے مصر کا 53 ارب ڈالر کا منصوبہ کیا ہے؟

    تنظیم نے عرب سربراہ اجلاس میں منظور کیے گئے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کا بھی خیر مقدم کیا، اور غزہ کے انتظامی امور چلانے کے لیے معاون کمیٹی کی تشکیل کے فیصلے کی حمایت کی، اور فلسطینی صدر کی جانب سے قانون ساز اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کی دعوت کو خوش آئند قرار دیا۔

    یاد رہے کہ مصر نے کئی ہفتے قبل اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جسے اب عرب سربراہ اجلاس میں منظور کر لیا گیا ہے، مصر نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے 5 سالہ منصوبہ پیش کیا ہے، جس پر 53 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔ منصوبے میں تعمیر نو کے 2 مرحلے مذکور ہیں، ساتھ ہی بین الاقوامی نگرانی میں ایک فنڈ کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے جس کے معاملات کو شفاف بنایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر امریکی کنٹرول کا منصوبہ پیش کیا تھا جس نے عالمی سطح پر غصے کی لہر دوڑا دی تھی، اس منصوبے میں فلسطینیوں کی مصر اور اردن جبری ہجرت کے بعد غزہ کو ’’مشرق وسطیٰ کے ریویرا‘‘ میں بدل دینے کی بات کی گئی تھی۔

  • مصر کا منصوبہ حماس کو سائیڈ لائن کر دے گا، روئٹرز

    مصر کا منصوبہ حماس کو سائیڈ لائن کر دے گا، روئٹرز

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے غزہ منصوبے ’’غزہ ریویرا‘‘ کے متبادل کے طور پر مصر نے جو منصوبہ بنایا ہے اس کا مقصد حماس کو سائیڈ لائن کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روئٹرز مصر کی جانب سے تیار کیے گئے ایک ڈرافٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصر کی زیر قیادت منصوبہ حماس کو سائیڈ لائن کر دے گا، اور اس کی جگہ عرب، مسلم اور مغربی ریاستوں کے زیر کنٹرول عبوری انتظامیہ تشکیل دی جائے گی۔

    قاہرہ کا یہ منصوبہ آج مصر کے دارالحکومت میں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں پیش کیا جانا ہے، اور اسے ٹرمپ کی طرف سے ’غزہ کو خریدنے اور اسے نسلی طور پر پاک کرنے‘ کی تجویز کا متبادل بتایا جا رہا ہے۔

    یہ منصوبہ اس شرط پر مبنی ہے کہ ایک ’’گورننس اسسٹنس مشن‘‘ غیر متعینہ عبوری مدت کے لیے غزہ میں حماس کی حکومت کی جگہ لے گا، اور یہ ادارہ انسانی امداد اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے ذمہ دار ہوگا۔ روئٹرز کے مطابق اس تجویز میں یہ نہیں بتایا گیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے فنڈز کون دے گا، اور نہ ہی دیگر اہم تفصیلات جیسا کہ حماس کو کس طرح ایک طرف کیا جائے گا۔

    اسرائیلی جارحیت رکنے والی نہیں، جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 116 فلسطینی شہید

    اس مسودے میں یہ کہا گیا ہے کہ ’’اگر غزہ میں حکومت حماس کے ہاتھوں میں ہوگی اور مسلح سیاسی عنصر بنی رہے گی، تو غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے کوئی بڑی بین الاقوامی فنڈنگ ​​نہیں ہوگی۔‘‘ یہ تجویز یہ بتانے میں بھی ناکام ہے کہ آیا یہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے کے لیے کسی مستقل امن معاہدے سے پہلے یا بعد میں نافذ کیا جائے گا۔

  • اسرائیلی جارحیت رکنے والی نہیں، جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 116 فلسطینی شہید

    اسرائیلی جارحیت رکنے والی نہیں، جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 116 فلسطینی شہید

    غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت رکنے والی نہیں ہے، حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 116 فلسطینی شہید کیے گئے۔

    غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ ختم ہونے کے بعد اسرائیل کی جارحیت بڑھ گئی۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی کی امداد منقطع کرنے اور جنگ بندی کے معاہدے سے انکار کے بعد جنوبی غزہ میں 2 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے دوران اسرائیل نے 116 فلسطینی شہید کیے، حماس کی جانب سے جنگ بندی کو دوسرے مرحلے میں آگے بڑھانے پر بھی اصرار کیا جا رہا ہے، جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر غزہ میں موجود یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو حماس کو ناقابل تصور نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ امریکا کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف آنے والے دنوں میں خطے میں واپس آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ یا تو پہلے مرحلے کو بڑھایا جائے یا دوسرے مرحلے تک آگے بڑھا جائے۔

    اسرائیلی خلاف ورزیوں کے باوجود جنگ بندی معاہدے کیلیے پرُعزم ہیں، حماس

    اسرائیل نے رفح میں واٹر پلانٹس کی بجلی بھی بند کر دی، ان دو پلانٹس سے رفح کو 70 فی صد پانی فراہم کیا جا رہا تھا، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امداد روکنے سے فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    کینیڈا، جرمنی، اسپین اور ترکیہ نے غزہ میں امداد روکنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے، انقرہ نے اس اقدام کو ’’اجتماعی سزا‘‘ اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

  • کھنڈر بنے غزہ کے ملبے پر اجتماعی افطار (دل سوز تصاویر)

    کھنڈر بنے غزہ کے ملبے پر اجتماعی افطار (دل سوز تصاویر)

    سوا سال سے مسلسل بارود برسنے کے نتیجے میں تباہ حال شہر غزہ میں مظلوم فلسطینیوں نے اپنا پہلا اجتماعی افطار ملبے کے درمیان کیا۔

    غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو 15 ماہ کے طویل عرصہ بعد اسرائیلی جارحیت سے عارضی سکون نصیب ہوا ہے۔ 7 اکتوبر 2023 کو غاصب ریاست کی جانب سے شروع ہونے والی بربریت میں ٹنوں کے حساب سے بارود برسا کر 48 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور شہر کو ملبے کا ڈھیر بنایا گیا۔

    عالمی طاقتوں کی مداخلت کے بعد جنوری میں اسرائیل اور حماس میں عارضی جنگ بندی ہوئی جس کو اب رمضان میں مزید 6 ہفتوں تک توسیع دے دی گئی ہے۔

    مسلسل 15 ماہ تک موت کا رقص دیکھنے اور اپنے پیاروں کے جنازے اٹھانے والے بلند ہمت فلسطینیوں نے ماہ مقدس آتے ہی سارے غم بھلا کر استقبال رمضان کے لیے تیاریاں کیں۔ تباہ حال عمارتوں کے ملبے سے اٹی سڑکوں کی صفائی اور ٹوٹی پھوٹی دیواروں پر رنگ وروغن کیا۔

    غزہ میں اجتماعی افطار کرتے لوگ

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلے روزے کے موقع پر غزہ کی پٹی میں مختلف مقامات پر اجتماعی سحری اور افطار کے انتظامات کیے گئے۔

    اجتماعی افطار کرتے اہالیان غزہ

    جنوبی شہر رفح میں رمضان کے روزے کی افطاری کے لیے ایک لمبی میز لگائی گئی۔ یہاں آسمان کے تاریک ہوتے ہی قمقموں کی روشنیوں اور سجاوٹ سے یہاں کے کھنڈرات ایک عجیب اور دل سوز منظر پیش کر رہے تھے۔ اہل غزہ نے کھنڈرات کے درمیان اپنی پہلی افطاری کی۔

    رمضان کے موقعے پر غزہ میں سجاوٹ کا منظر

    15 ماہ کی جنگ اور تباہ حالی کے باعث بے سروسامانی کے حالات بھی غزہ کے مسلمانوں کو ماہ مقدس کا احترام اور خوشی منانے سے نہ روک سکے۔

    خیموں میں پناہ گزیں غزہ کے مکین

    غزہ کے شہری عارضی جنگ بندی پر مسرور دکھائی دیے اور افطار کے وقت جنگ کے مکمل خاتمے، غزہ کی تعمیر نو جلد شروع ہونے کی دعائیں کیں۔

     

    غزہ میں اجتماعی افطار کا اہتمام کرتے فلسطینی عوام

    https://urdu.arynews.tv/israel-gaza-aid-ceasefire-deal/

  • اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی علانیہ خلاف ورزی شروع کر دی، غزہ کو تمام امداد روک دی

    اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی علانیہ خلاف ورزی شروع کر دی، غزہ کو تمام امداد روک دی

    غزہ: اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی علانیہ خلاف ورزی شروع کر دی ہے، غزہ میں امداد اور سامان کی ترسیل روک دی۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں تمام انسانی امداد کا داخلہ روک دیا ہے اور معاہدے کا پہلا مرحلہ ختم ہونے کے بعد نئے معاہدے کے بغیر یرغمالیوں کی رہائی کے سلسلے کو دوسرے مرحلے میں جاری رکھنے پر زور دے رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیل معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل کی بجائے پہلے مرحلے میں توسیع پر اصرار کرنے لگا ہے۔ قبل ازیں، اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ میں امریکی حمایت یافتہ تجویز کے مطابق جنگ بندی کی مدت کو رمضان تک توسیع دے گا، اوراس کے بدلے میں غزہ میں موجود نصف یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔

    تاہم دوسری طرف حماس نے غزہ میں مستقل جنگ بندی معاہدے کے لیے اسرائیل کے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر غزہ میں فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ انھیں جنگ کی واپسی کا خدشہ ہے۔

    غزہ جنگ بندی : اسرائیل اور حماس معاہدے کا پہلا مرحلہ مکمل

    اسرائیل نے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی بھی شروع کر دی ہے، اور شمالی غزہ میں بیت حنون پر ڈرون حملہ کر دیا ہے، جس میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر حماس نے پہلے مرحلے میں جنگ بندی میں امریکا کی پیش کردہ توسیع کی تجویز قبول نہ کی، تو اس سے زیادہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    حماس نے اسرائیل کے دباؤ میں آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے سے ہی یرغمالیوں کی واپسی ہوگی۔ امدادی سامان روکنا بلیک میلنگ ہے۔ ثالثوں کو اسرائیل کو اس اقدام سے روکنا چاہیے۔ معاہدے کے تحت پہلا مرحلہ ختم ہوتے ہی دوسرے مرحلے پر آغاز ہونا ہے۔

  • سعودی عرب نے ہنگامی طبی امداد کے مزید قافلے غزہ روانہ کردیئے

    سعودی عرب نے ہنگامی طبی امداد کے مزید قافلے غزہ روانہ کردیئے

    سعودی عرب کی جانب سے 34 نئے امدادی قافلے ہنگامی طبی سامان لے کر غزہ پہنچ گئے ہیں، یہ جنوبی غزہ کی پٹی کے اسپتالوں اور صحت مراکز میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی مہم کا ایک حصہ ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج نے جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر امداد کی تقسیم کی تیاری میں مصروف ہے۔

    موجودہ صورتحال میں ہسپتالوں اور صحت مراکز کو طبی سامان کی شدید قلت کے باعث مشکلات جھیلنا پڑ رہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ امداد سعودی عرب کے انسانی کردار کے فریم ورک کے تحت آتی ہے جس کا مقصد مختلف بحرانوں اور مصائب میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہنا ہے۔

    دوسری جانب امریکا غیرملکی امداد پر وسیع پیمانے پر روکنے کے ایک حصے کے طور پر فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کی حمایت بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فنڈنگ میں کٹوتی اس وقت کی گئی ہے جب فلسطینی اتھارٹی مقبوضہ مغربی کنارے میں سیکیورٹی برقرار رکھنے اور غزہ کی پٹی پر حکومت کے ممکنہ کردار کے لیے تیاری کر رہی ہے۔

    فلسطینی اتھارٹی کی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل انور رجب نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ امریکا سکیورٹی کے تربیتی پروگراموں کی حمایت کرنے والا کلیدی ڈونر ہے۔

    منجمد ہونے کے باوجود، ایک نامعلوم سابق اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ مغربی یروشلم میں امریکی سیکورٹی کوآرڈینیٹر کا دفتر بدستور کام کر رہا ہے اور ”دیگر عطیہ دہندگان نے اس کمی کو پورا کرنے کا عہد کیا ہے”۔

    سعودی ایئرپورٹس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

    فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی ٹریننگ کے ایک اہلکار نے کہا کہ کچھ پروگرام پہلے ہی منسوخ کر دیے گئے ہیں اور جنین میں سیکیورٹی آپریشنز کے بارے میں امریکی حکام کے ساتھ ایک منصوبہ بند میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

  • اسرائیل نے غزہ پر حملے کی تیاری شروع کر دی

    اسرائیل نے غزہ پر حملے کی تیاری شروع کر دی

    اسرائیل نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی کے باوجود 620 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد غزہ جنگ بندی معاہدہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ حماس نے اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد جنگ بندی پر بات چیت روکنے کا اعلان کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹینک گزشتہ روز کئی دہائیوں میں پہلی بار مقبوضہ مغربی کنارے میں داخل ہوچکے ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فوج علاقے کے کچھ حصوں میں ایک سال تک رہے گی اور نقل مکانی کرنے والے ہزاروں فلسطینیوں کو واپس آنے سے روکا جائے گا۔

    اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر کریک ڈاؤن مزید گہرا کیا جارہا ہے، ساتھ ہی یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ حملوں میں اضافے کے درمیان عسکریت پسندی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے تمام پناہ گزین کیمپوں میں دہشت گردی کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور کارروائیاں کریں۔

    دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر عمل درآمد سے مشروط ہیں۔

    حماس کے عہدیدار باسم نعیم نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے جنگ بندی کے مزید اقدامات پر مذاکرات تب ہی ممکن ہیں جب فلسطینی قیدیوں کو معاہدے کے مطابق رہا کیا جائے گا۔

    حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسیم نعیم نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دشمن کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات جو ثالثوں کے ذریعے کیے جا رہے ہیں، تب تک ممکن نہیں جب تک معاہدے کے تحت طے شدہ 620 فلسطینی قیدی رہا نہیں کیے جاتے، جنہیں ہفتے کے روز 6 اسرائیلی قیدیوں اور 4 لاشوں کے بدلے آزاد کیا جانا تھا۔

    21سال اسرائیلی جیل میں گزارنے والا فلسطینی جانباز رہائی کے بعد جاں بحق

    واضح رہے کہ حماس نے ہفتے کو جنگ بندی معاہدے کے تحت 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا جس کے بدلے اسرائیل کو بھی 600 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا تھا مگر اسرائیلی وزیراعظم نے فسلطینی قیدیوں کی رہائی کو مؤخر کردیا تھا۔