Tag: غزہ

  • یونیسیف کا غزہ کے بچوں سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف

    یونیسیف کا غزہ کے بچوں سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف

    بچوں کی امداد کے لیے اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے تنازع میں بچوں کی تکالیف ناقابل تصور ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں ہر روز 10 سے زیادہ بچے اعضا سے محروم ہورہے ہیں، دھماکوں سے بچوں کے کمزور اعضا زیادہ چوٹوں کا شکار ہوتے ہیں۔7 اکتوبر سے اب تک ایک ہزار سے زیادہ بچے ایک یا دونوں ٹانگوں سے معذور ہوگئے ہیں۔

    سیو دی چلڈرن نے اقوام متحدہ کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے تنازع میں بچوں کی تکالیف ناقابل تصور ہیں، بچوں کے قتل اور معذوری کے ذمہ داروں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان اسرائیل سرحد پر حزب اللّٰہ اور اسرائیلی فوج میں جاری جھڑپوں کے حوالے سے حزب اللہ کو دھمکی دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حماس نے چند ماہ میں جو کچھ سیکھا حزب اللہ کو اس سے سبق لینا چاہیے۔

    جرمن وزیر خارجہ بھی فلسطینیوں کے دفاع میں بول پڑیں

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ کوئی جنگجو بچ نہیں پائے گا۔ ہم سفارتی حل بھی نکالیں گے اگر ایسا نہ ہوا تو دوسرا راستہ اپنائیں گے۔

  • تصاویر: تباہ شدہ غزہ سے اچھی خبر

    تصاویر: تباہ شدہ غزہ سے اچھی خبر

    غزہ: فلسطین کے اس محصور شہر میں جسے صہیونی فورسز نے اپنی درندگی سے کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے، ایک اچھا واقعہ یہ رونما ہوا ہے کہ ایک جوڑے نے ان غارت گر دنوں میں شادی کر کے ایک خوش گوار یاد کی بنیاد رکھنے کی کوشش کی ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری ہے، تاہم ہفتے کے روز ایک نوجوان فلسطینی جوڑا رفح کے علاقے کے ایک اسکول میں شادی کے خوب صورت بندھن میں بندھ گیا ہے۔

    جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں واقع اس اسکول میں بہت سے دیگر افراد کے ساتھ اس جوڑے نے بھی پناہ لی ہوئی ہے۔

    محمد اور یاسمین عبد العال کا تعلق بھی غزہ شہر ہی سے ہے، لیکن تقریباً 10 لاکھ دیگر فلسطینیوں کی طرح وہ بھی جان کی حفاظت کی تلاش میں رفح میں پناہ گزیں ہو گئے ہیں۔

    چوں کہ جوڑے کی شادی ایک سادہ تقریب میں اسکول کی پناہ گاہ میں ہوئی ہے، اس لیے رشتہ داروں نے اسکول ہی کے ایک بلیک بورڈ پر نوبیاہتا جوڑے کے لیے محبت بھرے پیغامات لکھے۔

    واضح رہے کہ غزہ شہر سے تعلق رکھنے والے محمد اور یاسمین عبد العال کی شادی 6 جنوری 2024 کو جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں بے گھر لوگوں کے لیے مختص ایک اسکول میں ہوئی ہے۔

  • غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے میں بین الاقوامی برادری ناکام، انسانیت سوز مظالم کو 3 ماہ مکمل

    غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے میں بین الاقوامی برادری ناکام، انسانیت سوز مظالم کو 3 ماہ مکمل

    غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے میں بین الاقوامی برادری مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے، صہیونی فورسز کے انسانیت سوز مظالم کو 3 ماہ مکمل ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ پراسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کو تین ماہ مکمل ہو گئے ہیں، حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر 90 روز میں ایک ہزار 876 حملے کیے، اور شہر پر 65 ہزار ٹن بارود برسایا، جس سے شہر کھنڈر بن گیا ہے۔

    اسرائیل کی غزہ میں سفاکیت بدستور جاری ہے، شہر کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں صہیونی فوج نے شدید بمباری میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا اور مزید 162 فلسطینی شہید کر دیے۔

    اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 600 ہو گئی ہے، اسرائیلی حملوں میں 9 ہزار 700 بچے اور 6 ہزار 830 خواتین بھی شہید ہوئیں، 326 ڈاکٹر اور طبی عملے کے ارکان، 106 صحافی بھی جان سے گئے، 7 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں جن میں 70 فی صد بچے اور خواتین شامل ہیں۔

    تین ماہ کے دوران اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں 57 ہزار 910 افراد زخمی اور 19 لاکھ بے گھر ہوئے، اسرائیلی فوج نے 130 سرکاری عمارتوں، 93 یونیورسٹیوں اور اسکولوں کو ملیا میٹ کر دیا، حملوں میں 292 اسکولوں اور یونی ورسٹیوں کو جزوی نقصان پہنچا، 122 مساجد کو شہید کیا گیا، 3 گرجا گھروں پر بھی بمباری کی گئی، 30 اسپتالوں کو مکمل طور پر غیر فعال کر دیا گیا، آثار قدیمہ کے دو مقامات بھی اسرائیلی حملوں میں کھنڈر بن گئے۔

    حماس کے سربراہ کا امریکی وزیرخارجہ کو پیغام

    دوسری طرف حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا کہنا ہے کہ صالح العاروری کی شہادت کا بدلہ لیے بغیر اسرائیل سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، امریکی حکام کو سمجھ لینا چاہیے کہ قتل عام اور خوفناک تباہی سے امن و استحکام ممکن نہیں، خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔

  • اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو کس ملک بھیجنا چاہتا ہے، دل دہلا دینے والا انکشاف

    اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو کس ملک بھیجنا چاہتا ہے، دل دہلا دینے والا انکشاف

    تل ابیب: غزہ سے فلسطینیوں کو کانگو اور دیگر ممالک بھیجنے کے لیے مذکورہ ممالک سے اسرائیل کی جانب سے خفیہ بات چیت کا انکشاف ہوا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی عبرانی میڈیا زمن یسرائیل (ٹائمز آف اسرائیل) نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی حکام افریقی ملک کانگو اور دیگر ممالک کے ساتھ خفیہ بات چیت کر رہے ہیں جہاں وہ غزہ سے بے گھر فلسطینیوں کو بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    ویب سائٹ نے اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کے ایک سینئر ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ کانگو غزہ کے تارکین وطن کو لینے کے لیے تیار ہو جائے گا، دوسرے ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔

    رپورٹ میں اسرائیل کے انٹیلی جنس وزیر گیلا گملئیل کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’جنگ کے اختتام پر حماس کی حکمرانی ختم ہو جائے گی، غزہ میں کوئی میونسپل حکام نہیں ہیں، شہری آبادی کا مکمل انحصار انسانی امداد پر ہوگا، کوئی کام نہیں ہوگا اور غزہ کی 60 فی صد زرعی اراضی سیکیورٹی بفر زون بن جائے گی۔‘‘

    غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی، امریکا کا دو ٹوک مؤقف سامنے آ گیا

    خاتون وزیر نے کہا کہ غزہ میں نفرت کی تعلیم جاری رہے گی اور اسرائیل پر مزید حملے ہونے میں دیر نہیں لگے گی، اس لیے غزہ کا مسئلہ صرف ہمارا مسئلہ نہیں ہے، دنیا کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہجرت کی حمایت کرنی چاہیے، کیوں کہ یہی واحد حل ہے۔

    دوسری طرف امریکا سمیت حقوق کے علمبرداروں نے فلسطینیوں کو غزہ سے باہر دھکیلنے سے متعلق بیانات اور اقدامات کی سخت مذمت کی ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ فلسطینیوں کی سرزمین کے خلاف اسرائیلی وزرا کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، غزہ سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے، غزہ فلسطینیوں کا ہے اور رہے گا۔

  • 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22,185 ہو گئی

    7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22,185 ہو گئی

    غزہ: 7 اکتوبر سے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22,185 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق طاقت کے نشے میں چور صہیونی فوج کے غزہ پر 89 روز بھی وار جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں 30 سے زائد مقامات پر حملے کیے گئے جن میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

    فلسطینی شہر دیر البلح میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، جنوبی شہر خان یونس پر توپ خانے سے بھاری گولہ باری کی گئی، خان یونس میں ال امل سٹی اسپتال پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 5 فلسطینی شہید ہوئے، مشرقی جانب رہائشی علاقوں پر فضائی حملے کیے گئے۔

    فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے ہیڈ کوارٹر کو بھی ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں تیسری بار بمباری کا نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، اب تک غزہ پر ہونے والی بمباریوں میں کم از کم 57,000 زخمی ہو چکے ہیں۔

  • غزہ پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے بیان پر اسرائیلی وزیر سیخ پا، طنزیہ بیان جاری کر دیا

    غزہ پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے بیان پر اسرائیلی وزیر سیخ پا، طنزیہ بیان جاری کر دیا

    تل ابیب: غزہ پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کے بیان پر اسرائیلی وزیر نے سیخ پا ہو کر طنزیہ بیان جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھو ملر کے بیان پر شدید طنزیہ ردِ عمل دیتے ہوئے اسرائیلی انتہا پسند وزیر بن گویر نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا کے جھنڈے کا کوئی ستارہ نہیں ہے۔

    بن گویر نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ غزہ سے لاکھوں لوگوں کو بے دخل کرنا ہی اسرائیلی ریاست کے لیے بہتر ہے، ہم اپنے مفاد کے مطابق فیصلہ کریں گے، وہی کریں گے جو اسرائیل کے لیے بہتر ہوگا، جب غزہ سے لاکھوں لوگ نقل مکانی کریں گے تو یہاں کے رہائشی اپنے گھروں کو واپس آ سکیں گے۔

    غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی، امریکا کا دو ٹوک مؤقف سامنے آ گیا

    دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ دفاع یوواف گالنٹ کو شکست کا خوف بھی ستانے لگا ہے، بولے کہ غزہ جنگ نہ جیتی تو مشرقِ وسطیٰ سے ہمارا وجود ختم ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا بغیر کسی واضح فتح کہ ہم مشرقِ وسطی میں نہیں رہ پائیں گے، اس لیے یقینی بنانا ہوگا کہ مستقبل میں ہم پر کوئی حملہ نہ کرے، خطے میں حماس کے علاوہ بھی ہزاروں جنگ جو ہیں۔

  • غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی، امریکا کا دو ٹوک مؤقف سامنے آ گیا

    غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی، امریکا کا دو ٹوک مؤقف سامنے آ گیا

    واشنگٹن: امریکا نے اسرائیلی وزرا کے شر انگیز بیان کے بعد دو ٹوک مؤقف میں کہا ہے کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے اسرائیلی وزرا کی جانب سے فلسطینیوں کوغزہ سے نکل جانے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور رہے گی۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا فلسطینیوں کی سرزمین کے خلاف اسرائیلی وزرا کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، غزہ سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے۔

    میتھیو ملر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ امریکا نے اسرائیلی وزرا سموٹریچ اور بین گویر کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حماس کا اب کوئی مستقبل نہیں، کوئی دہشت گرد گروپ اب اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں ہے، فلسطینیوں کی سرزمین کے خلاف اسرائیلی وزرا کے بیانات بھی درست نہیں ہیں، غزہ سے باہر فلسطینی آبادکاری کو مسترد کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی وزرا نے یہودی آباد کاروں کو محصور علاقوں پر قبضے کا کہا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/far-right-israeli-minister-calls-for-resettlement-after-war/

  • ویڈیو: غزہ کے رہائشی علاقے میں دل دہلا دینے والا اسرائیلی میزائل جو گرنے کے بعد پھٹ نہ سکا

    ویڈیو: غزہ کے رہائشی علاقے میں دل دہلا دینے والا اسرائیلی میزائل جو گرنے کے بعد پھٹ نہ سکا

    غزہ کی پٹی پر صہیونی فورسز کی جانب سے جس وحشیانہ انداز میں گولہ باری کا سلسلہ گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے، اس نے دنیا بھر کو نہ صرف حیران کر رکھا ہے بلکہ شدید درد میں بھی مبتلا کر رکھا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی غزہ میں دیر البلح میں گزشتہ روز ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں مزید کم از کم 15 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

    غزہ پر درندہ صفت اسرائیل نے اب تک ہزاروں کی تعداد میں تباہ کن بم گرائے ہیں، جن میں سے زیادہ تر وہ تھے جن کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح رہائشی علاقوں میں نہیں چلائے جا سکتے، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ بھی دائر کر دیا ہے۔

    ایسا ہی ایک اسرائیلی میزائل جب دیر البلح کے ایک محلے میں گرا تو پھٹ نہ سکا، ویڈیو میں اس عظیم الجثہ میزائل کو دیکھا جا سکتا ہے جس کے گرد فلسطینی بچے موجود ہیں، اور جو حیرت اور خوف سے اس میزائل کو دیکھ رہے ہیں۔

    چند نوجوانوں نے خطرے کے پیش نظر اس پر قالین کا ایک ٹکڑا ڈالا تاکہ بچے اسے ہاتھ نہ لگائیں، یہ ویڈیو الجزیرہ نے شیئر کی ہے، اور یہ اسرائیلی جنگی جرائم کی کھلی نشانی ہے۔

  • ویڈیو: ٹوکیو میں ہزاروں افراد جوتے اٹھائے امریکی سفارت خانے پہنچ گئے

    ویڈیو: ٹوکیو میں ہزاروں افراد جوتے اٹھائے امریکی سفارت خانے پہنچ گئے

    ٹوکیو: غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہزاروں افراد جوتے اٹھائے امریکی سفارت خانے پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں شہریوں نے غزہ میں صہیونی فورسز کے ہاتھوں قتل عام کی امریکی پشت پناہی کے خلاف امریکی سفارت خانے کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں جوتے اٹھائے ہوئے تھے۔

    احتجاج کے دوران مظاہرین نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی فوجی اور مالی مدد کو غزہ کے خلاف نسل کشی جاری رکھنے کی اجازت قرار دیا، اور اس کی شدید مذمت کی۔

    دوسری طرف واشنگٹن، نیویارک اور بوسٹن میں فلسطینی پرچم لہراتے مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، وائٹ ہاؤس کے باہر بھی مظاہرین نے جمع ہو کر غزہ پر بیتی بیان کی، آئرلینڈ میں مظاہرین نے غزہ میں جنگی بندی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی۔

    4 روز میں 16 صہیونی فوجی مارے: حماس ترجمان ابو عبیدہ

    جاپان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی، سونامی کی وارننگ ختم

    ترکی کے شہر استنبول میں بھی ہزاروں افراد ک نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، اردن کے دارالحکومت عمان میں بھی ہزاروں افراد نے جمع ہو کر امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔

  • غزہ کیلئے  پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

    غزہ کیلئے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

    اسلام آباد : غزہ کیلئے پاکستان سے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کردی گئی، امدادی کھیپ میں سرجیکل، طبی سامان،خشک کھانے کی اشیا اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے غزہ کیلئے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پروازکے ذریعے روانہ کردی گئی۔

    تیسری امدادی کھیپ تقریباً 20ٹن ضروری اشیاپر مشتمل ہے ، جس میں سرجیکل، طبی سامان، خشک کھانے کی اشیا اور بچوں کیلئے گفٹ بیگز شامل ہیں۔

    خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی اور مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے ، امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کیلئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

    نورخان ایئربیس پر امدادی سامان روانگی کی تقریب میں نگراں وزیر خارجہ ، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔

    اس موقع پر نگراں وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے طاقت کےاستعمال کی مذمت کی۔

    نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے انسانی امداد اور جنگ بندی پرزور دیا اور کہا غزہ کیلئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل این ڈی ایم اے نے غزہ کیلئے امدادی کھیپ بھیجی تھیں ، پاکستان مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کیساتھ کھڑا ہے۔