Tag: غزہ

  • اسرائیل عید کے دن بھی موت بانٹتا رہا،گیارہ سو فلسطینی شہید

    اسرائیل عید کے دن بھی موت بانٹتا رہا،گیارہ سو فلسطینی شہید

    غزہ: اسرائیل عید کے دن بھی غزہ میں موت بانٹتا رہا، اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد گیارہ سو ہوگئی۔اسرائیل کا حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے مکان پر میزائل حملہ۔ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    اسرائیل نے درندگی کی تمام حدیں پار کرلیں، عید کا پہلا روز غزہ کے مکینوں کے لیے قیامت خیز ثابت ہوا۔عید کے پہلے روز اٹھاون فلسطینی جاں بحق ہوگئے، فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ جبالیہ اور الشتی پر وحشیانہ بمباری کردی جس میں مزید نو معصوم بچے بھی جان سے گئے۔

    غزہ میں گیارہ سو سے زائد نہتے فلسطینی اپنی جان گنوا بیٹھے تو دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےغزہ میں فوری اورغیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا،لیکن اسرائیل کوغزہ خالی کرنے کا نہیں کہہ سکا۔۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی امن کے مطالبے کو ٹھوکر مارتے ہوئے غزہ میں طویل مدتی آپریشن کا اعلان کردیا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے ایک لاکھ سڑسٹھ ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں مختلف عمارتوں اور اسکولوں میں پناہ دی جارہی ہے۔۔ غزہ خون کے آنسو رو رہا ہے، جہاں اسرائیلی بمباری سےتباہ عمارتوں کےملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جارہا ہے۔عالمی رد عمل اور معصوم بچوں کے خون کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیلی فوج درندگی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • آج ملک بھرمیں یوم القدس منایا جارہا ہے

    آج ملک بھرمیں یوم القدس منایا جارہا ہے

    اسلام آباد:  غزہ میں اسرئیلی جارحیت کیخلاف وزیراعظم نواز شریف نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے،  یوم سوگ کے موقع پر پاکستان کا پرچم سرنگوں رہے گا، پاکستان علماء کونسل نے یوم سوگ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، جس کے خلاف وزیراعظم نواز شریف نے آج یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم غزہ کے عوام کیلئے دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان بھی کیا ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کے معصوم شہری اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، اسرائیلی جارحیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کوقتل کر رہا ہے، پاکستان نےاقوام متحدہ میں اسرائیلی جارحیت پر آواز اٹھائی ہے، پاکستان او آئی سی میں بھی فلسطینی مسئلے کےحل کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

  • اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، اقوام متحدہ

    اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، اقوام متحدہ

    جینیوا :اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ نوی پلے کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگ جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔غزہ کی صورتحال پرغورکے لئے طلب کئے گئے انسانی حقوق کمیشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیشن کی سربراہ نوی پلے اسرائیل سے غزہ کا محاصرہ فوری طورپرختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ غزہ کا محاصرہ ہمیشہ کے لئے ختم ہونا چاہئیے۔اسرائیل کے حملوں میں بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ پلے نے حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہا ان حملوں سے عام شہریوں کی زندگیوں کوخطرات لاحق ہیں۔

  • غزہ :اسرائیلی جارحیت کے 16دن، شہیدفلسطینیوں کی تعداد642ہوگئی

    غزہ :اسرائیلی جارحیت کے 16دن، شہیدفلسطینیوں کی تعداد642ہوگئی

    غزہ :محصورینِ غزہ  پر آٹھ جون سے اسرائیلی بربریت جاری ہے، سولہ روز میں اسرائیلی بربریت کا شکارہونے والے فلسطینیوں کی تعدادچھ سوبیالیس ہوگئی، غزہ کی گلیاں لاشوں سے اٹ چکی ہیں، فرانس نے اسرائیلی بربریت کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے، اسرائیلی ائیرپورٹ کے قریب راکٹ گرنے کے بعدامریکا اوریورپ نے اسرائیل کے لئے پروازیں بندکردی ہیں۔۔

    غزہ میں اسرائیل کے لبادے میں ابلیس کا رقص جاری ہے،اسرائیل فضا، زمین اور سمندر سے غزہ میں محصور بچوں اور خواتین پر آگ اور بارود برسا رہا ہے، جس میں سوا سو سے زائد بچے شامل ہیں، فلسطین کے صدر محمود عباس نے اسرائیل سے فوری طور پر جنگ بندی کرنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تازہ حملے میں اسرائیلی فضائیہ نے ستر سے زائد مقامات پر بمباری کی، جس میں پانچ مسجدیں اور فٹبال کا گراؤنڈ بھی شامل ہیں، اسرائیلی فوجیوں نے غیرملکی ٹی وی چینل کے دفتر پر بھی گولیوں کی بوچھاڑ کی، فرانس غزہ قتل عام کی مذمت کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔

    فرانسیسی وزیرخارجہ نے چھ سو سے زائد افراد کا قتل ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینوں کا قتل عام اور حملے فوری بند کیے جائیں، زمینی کارروائی اسرائیل کو مہنگی پڑ رہی ہے، اب تک کی کارروائی میں انتیس اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔

    اسرائیل نے غزہ میں ایک فوجی کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے، اقوام متحدہ کا کہنا ہے ایک لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔

  • غزہ: اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں،590 فلسطینی شہید

    غزہ: اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں،590 فلسطینی شہید

    غزہ : بے گناہ فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے،  اسرائیل کے تازہ فضائی حملے میں مزید سات فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، جس کے بعد شہداء کی تعداد پانچ سو نوے ہوگئی۔

    عالمی قوانین اورانسانی حقوق کی دھجیاں اڑاتے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نہتے اور معصوم فلسطینیوں کونشانہ بنانے کا سلسلہ پوری شدت سے جاری ہے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں سے نہ عبادت گاہیں محفوظ ہیں اور نہ ہی اسپتال۔

    تازہ حملے میں اسرائیلی فضائیہ نے سترسے زائد مقامات پربمباری کی، جس میں پانچ مسجدیں اورفٹبال کا گراؤنڈ بھی شامل ہیں، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد فلسطینی اپنے گھربارچھوڑ کر امدادی کیمپوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔

    اسرائیل کی جانب سے زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد پچیس اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں، ترکی نے غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں بڑے پیمانے پرفلسطینیوں کی شہادت پرتین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے غزہ کے لئے چارکروڑ دس لاکھ ڈالرز جبکہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے سینتالیس ملین ڈالرزکی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • غزہ:اسرائیلی بمباری 7بچوں سمیت نو افراد شہید

    غزہ:اسرائیلی بمباری 7بچوں سمیت نو افراد شہید

    غزہ : اسرائیلی بمباری سے سات بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے نو افراد شہید ہوگئے، عمارت کے ملبے سے سولہ لاشیں نکال لی گئیں، چودہ دن میں پانچ سو تیرہ فلسطینیوں کےخون سے اسرائیل کی پیاس نہ بجھ سکی۔

    اسرائیلی حملوں نے غزہ کے گلی کوچوں کو خاک و خون میں نہلا دیا، گذشتہ روز غزہ کے علاقے شجائیہ میں اسرائیلی بمباری نے قیامت برپا کردی، عورتوں اور بچوں سمیت سو سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت کے باوجود عالمی ضمیرخاموش ہے، انسانی حقوق کے دعوے دارفلسطینیوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے زبانی مذمت سے آگے نہ بڑھ سکے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے غزہ میں فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کا ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے، اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر نے اقوام متحدہ سے غزہ کے سلسلے میں ذمہ داری پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسرائیلی سفیرکا کہنا ہے کہ امن کی بحالی کے لئے حماس خود کو غیرمسلح کرے۔

    امریکا کی جانب سے وزیر خارجہ جان کیری کو مصر روانہ کیا گیا ہے تاکہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیشرفت ممکن بنائی جاسکے، اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے افسوسناک بیان جاری کیا گیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں پر افسوسں ہے تاہم قتل عام کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور اسرائیلی فوج اپنی کاروائیاں جاری رکھے۔

    غزہ سے بڑے پیمانے پرنقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی حملوں کی شدت سے لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال پہنچانے والی ایمبولینسز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھرمیں احتجاج

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھرمیں احتجاج

    غزہ:  نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، عوام سراپا احتجاج بننے اسرائیل سے بے گناہ فلسطینیوں پر حملے روکنے کا مطالبے کررہے ہیں۔

    اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی قیادت توخاموش ہے لیکن دنیا بھرکے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے سڑکوں پرنکل آئے ہیں، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکومت کے سخت اقدامات کے باوجود ہزاروں افراد نے اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    یورپ کے دیگر شہروں ویانا، ایمسٹرڈیم، اسٹاک ہوم میں بھی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، بولیویا کے دارالحکومت لاپاز میں ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کے باہر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا، آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

    لندن میں بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت جاری ہے، ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پرفلسطین کے حق میں اوراسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے اسرائیل سے غزہ میں جاری آپریشن فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • غزہ:حماس تین گھنٹے کیلئے جنگ بندی کرنے پرآمادہ

    غزہ:حماس تین گھنٹے کیلئے جنگ بندی کرنے پرآمادہ

    غزہ :فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے پیش نظر بین الالقوامی ادارے ریڈکراس کی اپیل پر حماس تین گھنٹے کیلئے جنگ بندی کرنے پر تیار ہوگئی ،فلسطین میں جاری اسرائیلی درندگی شدت اختیار کر گئی ۔بین الالقوامی امدادی ادارے ریڈا کراس کی اپیل پر فلسطینی تنظیم حماس انسانی بنیادوں پر تین گھنٹوں کیلئے جنگ بند کرنے کیلئے تیار ہوگئ۔

    ذرائع کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی کی اپیل کو مسترد کردیا۔حماس کے ترجمان کے مطابق عالمی ادارے نے تین گھنٹوں کی جنگ بندی کی پیشکش کی تھی تاکہ مختلف علاقوں سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جاسکے ۔تاہم اسرائیل نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ صہیونی حکومت کا کہنا اس پیشکش پر غور کیا جارہا ہے۔

  • اسرائیلی جارحیت۔مزید بیس افرادشہید،تعداد تین سوسترہوگئی

    اسرائیلی جارحیت۔مزید بیس افرادشہید،تعداد تین سوسترہوگئی

    غزہ میں اسرائیلی فوج نے اپنے اہداف کا دائرہ وسیع کردیا۔اسرائیلی جارحیت نے مزید بیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔شہید فلسطینیوں کی تعداد تین سو ستر ہوگئی۔ اسرائیل کی فلسطین پر وحشیانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ دن بہ دن زور پکڑتا جارہاہے اسرائیلی فورسز کی پر تشدد کارروائیوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین سو سے تجاوز کرگئی، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں کے نتیجے میں ضلع شجایا سے بیس افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں ۔گزشتہ رات صیہونی فوج نے غزہ میں واقع اسپتال پربمباری کی۔ جس میں درجنوں فلسطینی لقمہ اجل بن گئے۔فلسطین کے ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کے مطابق اسرائیل فوج کی بمباری کے سبب ہزاروں فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون آج قطر پہنچیں گے جہاں وہ قطری حکام کی مدد سے حماس کے ساتھ غزہ میں قیامِ امن کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔بان کی مون فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات بھی کرینگے۔

  • غزہ:اسرائیلی حملے جاری، تازہ حملوں میں 6فلسطینی شہید، تعداد 200ہوگئی

    غزہ:اسرائیلی حملے جاری، تازہ حملوں میں 6فلسطینی شہید، تعداد 200ہوگئی

    غزہ: اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں، تازہ حملوں میں چھ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد نو روز میں اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھنے والے فلسطینیوں کی تعداد دو سو سے زیادہ ہوگئی ہے، اسرائیل نے مشرقی اور شمالی غزہ کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، نو دنوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والوں میں اکتیس بچے بھی شامل ہیں، اسرائیلی فضائیہ کی تازہ کارروائی میں رفاہ اور جوہر الدیک کے علاقوں میں بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں چھ فلسطینی شہید ہوگئے۔

    مصر کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرنے کے بعد اسرائیل نے چھ گھنٹے تک حملوں کا سلسلہ روکے رکھا تاہم حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کا بہانہ بنا کر ایک بار پھر بمباری شروع کردی، غزہ کی سرحد پر راکٹ حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک ہوا ہے، نو روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران اسرائیل میں یہ پہلی ہلاکت ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس نے جنگ کا انتخاب کیا ہے، اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی، فلسطینی علاقوں پر حملوں میں تیزی لائیں گے، دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کشیدگی کم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اسرائیل اپنے شہریوں کے دفاع کا حق رکھتا ہے۔

    اطالوی وزیر خارجہ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور غزہ کے لیے چوبیس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔