Tag: غسل کعبہ

  • مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

    مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

    ریاض: مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے، ایک بار 15 شعبان اور دوسری بار 15 محرم کو غسل دیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب ہوئی۔ تقریب میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ غسل کعبہ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نےخادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں انجام دیا۔

    غسل کعبہ کی رسم میں نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان، مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس، سعودی عرب میں متعین مسلم سفارتکار، ممتازعلما، وزرا اور کلید برداران کعبہ بھی شریک ہوئے۔

    خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں 2 مرتبہ ہوتی ہے۔ پہلی مرتبہ ماہ رمضان سے قبل اور دوسری مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز یعنی محرم میں خانہ کعبہ کو غسل دیا جاتا ہے۔

    غسل کعبہ کو حضور اکرم ﷺ کی سنت کے طور پر ہر سال دہرایا جاتا ہے، جب 8 ہجری میں فتح مکہ کے روز رسول اللہ نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا تاکہ ان سے بیت اللہ کی چابی لی جائے۔

    اس کے بعد اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیت اللہ کو کھولا اور اس میں داخل ہو کر اندر موجود تمام بتوں کو توڑ ڈالا اور خانہ کعبہ کو آب زم زم سے دھویا۔ اس کے بعد 2 رکعت نماز پڑھی۔

    غسل کعبہ حضور اکرم ﷺ کی اسی سنت کے طور پر انجام دیا جاتا ہے۔

  • خانہ کعبہ کو غسل دینے کے روح پرور مناظر

    خانہ کعبہ کو غسل دینے کے روح پرور مناظر

    ریاض : کسی بھی مسلمان کے لیے سب سے مقدس جگہ خانہ کعبہ ہے، کرہ ارض پر تعمیر کی گی پہلی عبادت گاہ کو حضرت ابرہیم علیہ السلام نے اپنے صاحبزادے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے ساتھ مل کر اُسی خدو خال اور بنیادوں پر دوبارہ تعمیرکیا جیسا کہ پہلی مرتبہ تعمیر کیا گیا تھا۔

    حضرت ابراہیم کی رہنمائی کے لیے جناب جبرائیلؑ موجود تھے جو کعبتہ اللہ کی گمشدہ بنیادوں کی نشاند ہی کرتے جاتے اور خلیل اللہ تعمیر کرتے جاتے جس کی ایک تاریخی سند مقام ابراہیم کی صورت میں آج بھی موجود ہے جسے اللہ نے قرآن میں جائے نماز بنانے کا حکم دے کر جاویدانی بخش دی۔

    رحمت الہی کے اس مظہر کے اطراف اللہ نے ایسی برکتیں رکھ دیں جس کی مثل پوری دنیا میں کہیں نہیں چنانچہ دنیا کی کون سی ایسی نعمت ہے جو مکہ میں موجود نہ ہو اگر یوں کہا جائے کہ دنیا کی ساری نعمتیں کسی ایک جگہ پر دستیاب ہیں تو وہ مکہ مکرمہ ہے تو غلط نہ ہو گا۔

    مرکز توحید کو غسل دینے کی سنت زائرین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں اور ہر شخس کی یہ تمنا ہوتی ہے کہ اس روح پرور لمحات کو اپنی آنکھ سے دیکھے اور کرشمہ خدا پر سجدہ شکر بجا لائے۔

    کعبۃ اللہ کو غسل دینے کا طریقہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو بتا یا تھا اور گذشتہ چودہ صدیوں سے بالکل اُسی انداز میں کعبۃ اللہ کوغسل دیا جارہا ہے جس کا آغاز شاہی خاندان کے کسی فرد سے کرایا جاتا ہے۔

    شاہی فرد اور امام کعبہ اور دیگر عملہ سب سے پہلے خانہ کعبہ میں دو رکعت نماز نفل ادا کرتا ہے جس کے بعد خانہ کعبہ کو غسل دینے کا عمل شروع کیا جاتا ہے جسے مکمل کرنے میں دو گھنٹے سے زائد وقت درکار ہوتا ہے۔

    ہرسال غسل کعبہ ایک مقررہ تاریخ کو دیا جاتا ہے جس کی تیاریاں ایک دن قبل ہی مکمل کر لی جاتی ہیں جس کے لیے زم زم کے پانی میں طائف کے گلاب کے عرق ،عود اور دوسری بیش قیمت عطریات کو ملایا جاتا ہے اور پھر کپڑوں کو بھگو کر کعبہ کی اندرونی دیواروں کو صاف کیا جاتا ہے پھر اس کی اسی انداز میں بیرونی دیواریں دھوئی جاتی ہیں۔

    بعد ازاں کعبہ کی دیواروں کو تولیوں سے خشک کیا جاتا ہے اور معزز مہمانوں کی رخصتی کے بعد اس کے دھلے ہوئے ماربل کے فرش کو ڈھانپ دیا جاتا ہے۔

    کعبے کی اندرونی دیواروں پر عرقِ گلاب اور خوشبوئیات میں بھگو کر سفید رنگ کا کپڑا پھیرا جاتا ہے جب کہ آب ِزم زم میں گلاب کی خوشبو اور دوسری خوشبوؤں کو ملایا جاتا ہے اور اسے فرش پر گرا کر کھجور کے پتوں سے صاف کیا جاتا ہے۔

    عام طور پر کعبۃ اللہ کے غسل کا یہ تمام عمل قریباً دو گھنٹے میں مکمل ہوجاتا ہے کعبہ کی اندرونی دیواریں تین میٹر طویل ہیں۔ اس کی چھت کے اندرونی حصے کو سبز رنگ کی ریشم سے ڈھانپا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سورج 28 مئی کو کعبہ کے اوپر سے گزرے گا، قبلہ رخ کا تعین کیا جاسکے گا

     

  • غسل کعبہ کی روح پرورتقریب کا انعقاد

    غسل کعبہ کی روح پرورتقریب کا انعقاد

    مکہ مکرمہ: خادم الحرمین الشریفین کی نیابت میں مکہ ریجن کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے صبح بعد نماز فجر خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    مکہ مکرمہ میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے۔

    خانہ کعبہ کے متولی خاندان کے سربراہ شیخ صالح بن زین العابدین الشیبی نے بتایا کہ "خانہ کعبہ کو 45 لیٹر معطر زم زم کے پانی سے غسل دیا گیا،الشیخ الشیبی کے مطابق مقام حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بھی غسل دیا گیا۔

    اس جگہ پر حضرت ابراہیم کے قدموں کے وہ نشان محفوظ ہیں جب وہ کعبہ کی تعمیر کر رہے تھے، مقام ابراہیم کو بھی زم زم کے خوشبو ملے پانی سے غسل دیا جاتا ہے۔ اس جگہ کی مکمل صفائی میں چار گھنٹے صرف ہوتے ہیں۔