Tag: غفلت

  • اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون جاں بحق

    اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون جاں بحق

    نوابشاہ: قاضی احمد میں نجی اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نوابشاہ کے علاقے قاضی احمد میں نجی اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی ہلاکت پر ورثا کی جانب سے ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے خلاف احتجاج جاری ہے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرنے کے بعد لاش پوسٹمارٹم کیلئے سول اسپتا ل منتقل  کردی گئی۔

    ورثا کا کہنا ہے کہ عظیمہ کو زچگی کے لئے نجی اسپتال لیکر آئے تھے، لیڈی ڈاکٹر نے بلڈ پریشر چیک کئے بغیر انجکشن لگایا جس سے طبیعت بگڑ گئی۔

    ورثا نے الزام لگایا کہ عظیمہ کو فوری طور  پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔

  • بھارت میں لاپرواہی کی بدترین مثال، کرونا مریض کی لاش کسی اور خاندان کے حوالے

    بھارت میں لاپرواہی کی بدترین مثال، کرونا مریض کی لاش کسی اور خاندان کے حوالے

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں اسپتال انتظامیہ نے غفلت و لاپرواہی کی مثال قائم کردی، کرونا کا شکار معمر مریض کی لاش ایک اجنبی خاندان کو تھما دی جن کا مریض بدستور اسپتال میں زندہ تھا، آنجہانی شخص کے رشتے دار اپنے بزرگ کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں بھالچندر گائیکواڑ نامی معذور اور معمر شخص کو کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد مقامی اسپتال میں داخل کروا دیا گیا جبکہ ان کے اہلخانہ کو قرنطینہ کردیا گیا تھا۔

    5 جولائی کو اسپتال انتظامیہ نے اہلخانہ کو فون کر کے بتایا کہ ان کا مریض اسپتال سے فرار ہوگیا ہے، اہلخانہ نے کہا کہ مریض لقوہ کے شکار تھے اور ایک قدم بھی چل نہیں سکتے تو فرار کیسے ہوگئے۔

    اس کے بعد اہلخانہ اسپتال میں تلاش کرنے پہنچے، تلاش میں ناکامی کے بعد مقامی تھانے میں گمشدگی کا مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

    پولیس نے تفتیش کی تو علم ہوا کہ گائیکواڑ کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کی موت ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق گائیکواڑ کے برابر میں ایک اور معمر مریض سوناونے زیر علاج تھا، اسپتال انتظامیہ نے گائیکواڑ کی لاش سوناونے کے اہلخانہ کو دے دی جبکہ دوسرا مریض سوناونے ابھی زندہ تھا۔

    سوناونے کے اہلخانہ نے گائیکواڑ کی لاش کو اپنا مریض سمجھ کر ان کی آخری رسومات بھی ادا کردیں۔

    مقامی رکن اسمبلی نرنجن ڈاؤکھرے نے واقعے پر ذمہ داران کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے انتظامیہ کی لاپرواہی صاف ظاہر ہورہی ہے، ایک شخص کی 3 دن قبل موت ہوگئی اور اس کی لاش کسی اور کو دے دی گئی، مرنے والے کے اہلخانہ اسے تلاش کر رہے ہیں، جبکہ زندہ شخص کو مردہ قرار دے کر اس کی آخری رسومات بھی ادا کروا دی گئیں۔

    مقامی پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور دونوں خاندانوں کے اہلخانہ کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

  • لاہور: غافل ڈاکٹرز نے غلط ٹانگ کا آپریشن کر دیا، مریض کے اہل خانہ کا احتجاج

    لاہور: غافل ڈاکٹرز نے غلط ٹانگ کا آپریشن کر دیا، مریض کے اہل خانہ کا احتجاج

    لاہور: نجی اسپتال میں ڈاکٹرزکی جانب سے غفلت کا ایک سنگین مظاہرہ سامنے آیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق مسیحائی کے پیشے سے وابستہ افراد کی غفلت نے مریض کی زندگی اجیرن کر دی. ڈاکٹرز نے بائیں ٹانگ کے بجائےدائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا.

    لاہور کے علاقے والٹن کا رہائشی محمد عارف پیر کو ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا تھا، حادثے کے نتیجے میں محمد عارف کا بائیاں گھٹنا فریکچرہوا .

    اسے ایک نجی اسپتال لایا گیا، مگر بھاری فیس لینے والے اسپتال کے ڈاکٹرز کی جانب سے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا گیا.

    مزید پڑھیں: اسلام آباد، پمز اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی معذور ہوگئی

    ڈاکٹرز نے بائیں ٹانگ کی بجائے دائیں ٹانگ کاآپریشن کردیا، واقعے پر اہل خانہ کی جانب سے شاید احتجاج کیا گیا.

    احتجاج کے بعد اسپتال کے ڈاکٹرز نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور  تب مریض کے بائیں ٹانگ کا آپریشن کیا گیا.

    خیال رہے کہ 8 جولائی 2019 کو اسلام آباد کے پمز اسپتال میں غفلت کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، بازو میں فریکچر پر 6 سال کی جیا کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، مگر دوران علاج ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی کا ہاتھ خراب ہوگیا۔

  • کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ، 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا

    کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ، 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، نجی اسپتال کی غفلت سے 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ لانڈھی کے رہائشی والدین کا کہنا ہے کہ لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب واقع نجی اسپتال میں 13 سالہ بیٹے حمزہ کو داخل کروایا گیا تھا۔

    والدین کا کہنا ہے کہ لڑکے کو بخار کے باعث اسپتال میں داخل کروایا تھا، اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور غلط انجکشن لگایا جس سے حمزہ کا ہاتھ کالا پڑ گیا۔

    ان کے مطابق غلط انجکشن کے باعث جسم میں زہر پھیلنے سے حمزہ کا سیدھا ہاتھ کاٹ دیا گیا جس کے بعد حمزہ ایک ہاتھ سے معذور ہوگیا ہے۔ حمزہ اب سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔

    دوسری جانب ٹراما سینٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ کے پانچ آپریشن کیے جا چکے ہیں، حمزہ کے جسم میں اب بھی زہر موجود ہے، اسے آئی سی یو سے وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک ماہ قبل ہی کراچی کے دارالصحت اسپتال کی غفلت کی وجہ سے 9 ماہ کی ننھی نشوہ معذور ہوگئی تھی جس کے بعد اسے علاج کے لیے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا البتہ وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔

    واقعہ میڈیا پر آجانے کے بعد دارالصحت اسپتال کو بند کردیا گیا تھا تاہم نشوہ کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان صلح نامہ ہوگیا تھا جس کے بعد کیس بند کردیا گیا۔

  • معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    لاہور: پاکستان میں معمولی سی غفلت اور لاپرواہی کے سبب ہونے والے ٹریفک حادثات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے، معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔

    عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ساڑھے تیرہ لاکھ افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جب کہ پانچ کروڑ لوگ زخمی یا پھر عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔

    تشویش ناک صورت حال یہ ہے کہ ان حادثات میں 90 فی صد پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں رونما ہوتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    پاکستان میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی بڑی تعداد 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیں۔

    پنجاب ایمرجنسی سروس کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں گزشتہ پانچ سالوں میں 10 لاکھ 88992 ٹریفک حادثات ہوئے۔ جس سے 13 لاکھ 1107 افراد متاثر ہوئے، ان ٹریفک حادثات میں 14 ہزار 795 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ لاکھوں کی تعداد میں متاثرین زندگی بھرکے لیے اپاہج ہو گئے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی اموات میں سے ساتویں بڑی وجہ ٹریفک حادثات ہی ہیں۔

    ٹریفک حادثات کی وجوہ کا جائزہ لیا جائے تو اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد ٹریفک حادثات تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آئے، ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ کا استعمال، کم رفتار اور معمولی احتیاط اپنی اور دوسروں کی جان بچا سکتی ہے، کیوں کہ دیر سے پہنچنا نہ پہنچنے سے بہتر ہے۔

  • دارالصحت اسپتال کی ایک اورغفلت کا انکشاف، نو ماہ کی بچی جان سے چلی گئی

    دارالصحت اسپتال کی ایک اورغفلت کا انکشاف، نو ماہ کی بچی جان سے چلی گئی

    کراچی : دارالصحت اسپتال میں نو ماہ کی بچی نشوا کے علاج میں غفلت کے بعد اسپتال انتظامیہ کی ایک اور غفلت سامنے آگئی، مبینہ طور پر غلط ویکسین کے باعث بچی جاں بحق ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دارالصحت اسپتال میں ستمبر دو ہزار اٹھارہ میں بھی مبینہ غلط ویکسین سے نو ماہ کی بچی زینب کی جان چلی گئی تھی۔

    بچی کے والد فیصل نے سوشل میڈیا پر وڈیو پیغام میں انصاف کی اپیل کی ہے، بچی کے والد کا کہنا ہے کہ دارالصحت سے ویکسین کروائی تھی جس کے بعد زینب کی حالت بگڑگئی، بچی کو دوبارہ اسپتال لے کر گئے تو علاج کیلئے ساڑھے تین لاکھ روپے مانگے گئے۔

    رقم نہ دینے پر زبردستی ایمبولینس میں جناح اسپتال بھیج دیا گیا، جناح اسپتال والوں نے کہا کہ بچی کو بچا نہیں سکتے، زینب کو دوسرے اسپتال لے جارہے تھے کہ بچی نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

    خیال رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال میں نو ماہ کی بچی نشوا کو ہائی پوٹینسی دوا کی زیادہ مقدار دے دی گئی تھی۔ غلط انجکشن کی وجہ سے بچی کی طبیعت بگڑ گئی۔

    مزید پڑھیں: نشوا واقعے پر بہت دکھ ہے، سندھ حکومت والدین کے ساتھ ہے: مراد علی شاہ

    نشوا ایک ہفتے تک وینٹی لیٹر پر اسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور ایک ہفتے بعد جب وینٹی لیٹر سے ہٹایا گیا تو بچی جب تک  ذہنی طور پر  معذور ہوچکی تھی۔

  • لاہور: ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت نے خاتون کی جان لے لی

    لاہور: ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت نے خاتون کی جان لے لی

    لاہور: پنجاب میں پیش آیا افسوس ناک واقعہ جہاں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چاہ میراں ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سےخاتون زندگی کی بازی ہار گئیں۔

    پنجاب کے دارالحکومت میں قائم ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹرز نے خاتون کی طبیعت بگڑنے پر میو اسپتال بھیج دیا، میو اسپتال پہنچتے ہی خاتون اور نومولود بچہ دم توڑ گیا۔

    واقعہ کے بعد ہیلتھ سینٹر کا عملہ تالے لگا کر فرار ہوگیا، لواحقین نے تھانہ مصری شاہ میں ڈاکٹر کے خلاف درخواست جمع کرا دی۔

    گذشتہ دنوں کوئٹہ میں اپینڈکس کے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی سنگین غفلت کے باعث لڑکی زندگی بھر کے لیے یورین بیگ کی محتاج ہوگئی۔

    کوئٹہ: ڈاکٹروں کی سنگین غفلت، لڑکی زندگی بھر کے لیے معذور

    خیال رہے کہ ڈاکٹروں نے لڑکی کے آپریشن کے دوران دوہری غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورین کی نالی کاٹ دی اور مریضہ کے پیٹ میں نیڈل بھی چھوڑ دی تھی۔

    واضح رہے کہ رواں سال اگست میں پنجاب کے ضلع پاکپتن کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت نے دل کی تکلیف کی شکار مریضہ کی جان لے لی تھی۔

  • لاہور: اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، 57 سالہ مریضہ جاں بحق

    لاہور: اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، 57 سالہ مریضہ جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں قائم جنرل اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث 57 سالہ مریضہ جان کی بازی ہار گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر قائم جنرل اسپتال میں پیش آیا جہاں گھٹنوں میں درد کی شکایت پر لائی گئی مریضہ ڈاکٹر کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوگئی۔

    ورثا نے موقف اختیار کیا ہے کہ خاتون کو گھٹنے میں درد کی شکایت پر اسپتال لائے تھے، ڈاکٹر کے غلط انجکشن لگانے کے باعث خاتون کا انتقال ہوا۔

    ڈاکٹروں کی غفلت نے مریضہ کی جان لے لی، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

    دوسری جانب جاں بحق خاتون کے ورثا نے فیروز پور روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج بھی کیا، واقعے میں ملوث ڈاکٹر اسپتال سے فرار ہوگیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب کے ضلع پاکپتن کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت نے دل کی تکلیف کی شکار مریضہ کی جان لے لی تھی۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریضہ مردہ حالت میں اسپتال لائی گئی تھی، تاہم اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے اسپتال انتظامیہ کی غفلت کا پول کھول دیا تھا، مریضہ اسپتال میں زندہ لائی گئی تھی۔