Tag: غلام سرور خان

  • پاکستان کی ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں اہم پیشرفت

    پاکستان کی ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں اہم پیشرفت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ طیاروں کے استعمال اور تیاری پر قانونی ضابطہ بنانے کی پالیسی کا اجرا کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ طیاروں کے استعمال، امپورٹ اور تیار کرنے کے لیے باقاعدہ قانونی ضابطہ بنانے کی پالیسی کا اجرا کیا جارہا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بغیر پائلٹ طیاروں کا نظام ہوا بازی کے نظام میں ایک نیا جزو ہے، ان مینڈ ایئر کرافٹ سسٹم (یو اے ایس) یعنی بغیر پائلٹ فضائی نظام کی پالیسی کا ڈرافٹ ایوی ایشن ڈویژن نے تیار کرلیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پالیسی کا مقصد مختلف قسم کے بغیر پائلٹ طیارے جس میں ڈرونز، ماڈل ایئر کرافٹ، کوارڈ کاپٹر اور ہوائی غبارے شامل ہیں، کی درجہ بندی کرنا اور آپریٹرز کے معیار اہلیت مقرر کرنا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا مسودہ اس سے متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو رائے اور تجاویز کے لیے بھیج دیا گیا ہے، اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت، نظر ثانی اور فیڈ بیک کے بعد موزوں فورم پر منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس پالیسی میں وسیع پیمانے پر تفریحی، غیر تفریحی، کھیلوں، فوٹوگرافی، میڈیا کوریج، تجارتی، زراعت اور بہت سے دوسرے حصوں میں ان مینڈ ایئر کرافٹ (یو اے ایس) کے استعمال کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس پالیسی کی تشکیل سے مقامی صنعت میں نئے منصوبوں کا آغاز ہوگا اور اس سے عام لوگوں اور بزنس کمیونٹی کے لیے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

  • کراچی میں آئندہ 10 دنوں کے لیے موسم کی اہم پیش گوئی

    کراچی میں آئندہ 10 دنوں کے لیے موسم کی اہم پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں مزید بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے، اگلے 10 دنوں کے دوران سندھ کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ میں بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے، تاہم آئندہ دس دنوں کے دوران چند مقامات پر معمولی بارش ہو سکتی ہے، مجموعی طور پر کراچی سمیت بیش تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

    موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 10 روز کے دوران خشک موسم امدادی کاموں کے لیے معاون ہوگا۔

    ادھر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کراچی میں 10 دنوں تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اس لیے وہاں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے موسم سازگار ہوگا۔

    انھوں نے کہا محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، صوبہ پنجاب، خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں جمعرات اور جمعے کے روز مزید بارش کی پیش گوئی ہے۔

    غلام سرور خان نے کہا کہ تیز بارشوں سے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، خیبر پختون خواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    ‘کراچی میں بارش سے تباہی قدرتی طور پر بنے ڈیفنس سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے ہوئی

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیر سے کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی کی تھی لیکن بارش نہیں ہوئی، اس سے قبل ہفتہ اور اتوار کو بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا لیکن بارش نہیں ہوئی۔

    شہر قائد میں تیز طوفانی بارشوں سے شہر بھر میں بے پناہ نقصان ہو چکا ہے، جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ لوگوں کے املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، متعدد علاقے کئی دنوں پر بارش کے پانی میں ڈوبے رہے۔

  • ’اداروں پر حملے ن لیگ کی تاریخ ہے، غداری کا مقدمہ بننا چاہئے‘

    ’اداروں پر حملے ن لیگ کی تاریخ ہے، غداری کا مقدمہ بننا چاہئے‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ اداروں پر حملے ن لیگ کی تاریخ ہے، ن لیگ پر غداری کا مقدمہ بھی بننا چاہئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ہر ادارے اور ہر کام کو سیاسی بنایا، اداروں کو کمزور کرنا پاکستان کی سالمیت کو کمزور کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 11 اور 12 تاریخ کو نیب میں پیشی کا فرق سب نے دیکھا، گاڑیوں میں پتھر لے کر آئے یہ ن لیگ کی تاریخ ہے، نیب آفس کے وقار کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے نظریہ سے ہٹ گئی ہے، پیپلزپارٹی میں بلاول بھٹو کے آنے سے بھی فرق نہیں پڑا، سندھ کے شہریوں کا جان بوجھ کر استحصال کیا گیا۔

    غلام سرور خان کے مطابق پیپلزپارٹی کی سندھ میں پہلے جیسی پوزیشن نہیں رہی ہے۔

    یاد رہے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں ہٹادیں تھیں۔

    پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کومنتشر کرنے کیلئے نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کی تھی، لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378میں پتھر سےبھرے شاپرلیکرآئے تھے ، لیگی کارکنوں نے گاڑی کےاندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے تھے۔

    لیگی کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث نیب دفتر پرکھڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے جبکہ لیگی کارکنان نے نیب دفتر کے باہر بیریئر بھی توڑنےکی کوشش کی تھی۔

  • پی آئی اے میں کل 34 طیارے، 31 کو مرمت کی ضرورت

    پی آئی اے میں کل 34 طیارے، 31 کو مرمت کی ضرورت

    اسلام آباد: وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں طیاروں کی تعداد 34 ہے جن میں سے قابل مرمت طیاروں کی تعداد 31 اور 3 ناقابل مرمت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے جہازوں کی تفصیلات سے متعلق تحریری جواب قومی اسمبلی میں جمع کروا دیا۔

    اپنے جواب میں وزیر ہوا بازی نے بتایا کہ پی آئی اے میں طیاروں کی تعداد 34 ہے، اس وقت قابل مرمت طیاروں کی تعداد 31 اور 3 ناقابل مرمت ہیں۔

    وزیر ہوا بازی کے مطابق بی 777 کی تعداد 12 اور اے 320 طیاروں کی تعداد بھی 12 ہے، اے ٹی آر 72 کی تعداد 5 اور اے ٹی آر 42 کی تعداد 5 ہے۔

    ان کے مطابق قابل مرمت طیاروں میں بی 777 کی تعداد 12، اے 320 کی تعداد 12، اے ٹی آر 72 کی تعداد 4، اور اے ٹی آر 42 کی تعداد 3 ہے۔

    اسی طرح ناقابل مرمت طیاروں میں بی 777 اور اے 320 شامل نہیں جبکہ ایک اے ٹی آر 72 اور 2 اے ٹی آر 42 ناقابل مرمت ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس اور برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کے لیے آپریشن کی بندش سے قومی ایئر لائن کو رواں سال 100 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

    پی آئی اے کو امریکا میں آپریشن کی بندش کی وجہ سے 5 پروازوں پر 28 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔

    یورپی یونین کی جانب سے پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپ سے 33 ارب روپے سے زائد ریونیو کے نقصان کا خدشہ ہے جبکہ حج آپریشن نہ ہونے کے باعث بھی قومی ایئر لائن کو 12 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

  • شکریہ خانم: پاکستان کی پہلی کمرشل لائسنس یافتہ پائلٹ

    شکریہ خانم: پاکستان کی پہلی کمرشل لائسنس یافتہ پائلٹ

    دنیا بھر میں پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس سے متعلق شبہات اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان نے 24 جون کو انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں پائلٹس کے لائسنس مشتبہ ہیں۔

    حکومت اور متعلقہ اداروں کے اقدامات اور کارروائیوں کی تفصیلات تو میڈیا کے ذریعے آپ تک پہنچ ہی رہی ہیں، لیکن آج وہ دن ہے جب پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو ہوا بازی کا لائسنس دیا گیا تھا۔

    اس کمرشل پائلٹ کا اصل نام شکریہ نیاز علی ہے اور 12 جولائی 1959 کو انھیں‌ ہوا بازی کا باقاعدہ لائسنس دیا گیا تھا۔ انھیں پاکستان بھر میں شکریہ خانم کے نام سے شناخت ملی۔

    شکریہ خانم پاکستان کی پہلی کمرشل پائلٹ ہی نہیں تھیں بلکہ وہ پہلی فلائنگ انسٹرکٹر، پہلی گلائیڈر انسٹرکٹر اور پہلی فلائٹ کریو انسٹرکٹر بھی تھیں۔

    1965 میں قومی ایئر لائن سے منسلک ہونے کے بعد انھوں نے کئی پائلٹوں اور انجینئروں کو ٹریننگ دی۔

    دوسری طرف آج پاکستانی پائلٹوں کی تعلیمی اسناد، فنی تربیتی سرٹیفیکیٹ اور ہوا بازی کے لائسنس دنیا میں مشتبہ ہیں ‌اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین اور مختلف ممالک کی ائیر لائنز نے بھی تشویش اور خدشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے مطالبات اور متعلقہ ادارے سے وضاحت اور تفصیلات طلب کی ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا کی مختلف ایئرلائنز میں‌ پاکستان کے تربیت اور سند یافتہ پائلٹ کام کررہے ہیں۔

  • ماضی کی حکومتیں 35 سال میں جو نہ کرسکیں وہ ہم 35 ماہ میں کر رہے ہیں،غلام سرور خان

    ماضی کی حکومتیں 35 سال میں جو نہ کرسکیں وہ ہم 35 ماہ میں کر رہے ہیں،غلام سرور خان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتیں 35 سال میں جو نہ کرسکیں وہ ہم 35 ماہ میں کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ راولپنڈی کے 2 بڑے میگا پراجیکٹس ہیں،کوشش ہوگی اسی مالی سال میں یہ پراجیکٹس آن گراؤنڈ ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لئی ایکسپریس اور رنگ روڈ دونوں شہروں کے لیے بڑے پراجیکٹ ہیں،دونوں پراجیکٹس100 ارب سےزائد کے ہیں۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتیں 35 سال میں جو نہ کرسکیں وہ ہم 35 ماہ میں کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ فروری کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے پر اسی سال کام کا آغاز کر دیا جائے گا، اس منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں ٹریفک دباؤ میں نمایاں کمی ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی نو یونین کونسلوں کو چہان ڈیم سے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا اور چراہ ڈیم، پاپین ڈیم،کہوٹہ اور ددوچھہ ڈیم جلد تعمیر کیے جائیں گے۔

  • پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی، آمدن میں اضافہ

    پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی، آمدن میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی اور آمدن میں اضافہ ہوا ہے، ایس ای سی پی نے پی آئی اے کو دیوالیہ فہرست سے نکال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے مالی خسارے اور اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 سے 2018 تک کا آڈٹ مکمل کرلیا۔ سابقہ حکومت میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پی آئی اے کو دیوالیہ فہرست میں ڈالا۔ اب قومی ایئر لائن کو دیوالیہ ہونے والے اداروں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر آڈٹ شدہ اعداد و شمار کے مطابق ادارے کو سنہ 2019 میں 11 ارب خسارہ ہوا۔

    وفاقی وزیر کے مطابق اندرونی انٹرٹینمنٹ نظام کی نیلامی میں شفافیت کو ترجیح دی گئی، پری کوالیفائی کمپنی کو کام دیا گیا اور نہ ہی ادائیگی کی گئی۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی پی آئی اے کا نام ڈیفالٹر لسٹ سے نکال کر نارمل ٹریڈنگ لسٹ میں شامل کرلیا تھا۔

    سنہ 2018 میں ناقص حکمت عملی سے قومی ایئر لائن کو 67 ارب 32 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا تھا جو 2017 کے خسارے کا 32 فیصد زائد تھا۔ 2017 میں ادارے کو 50 ارب 98 کروڑ کا خسارہ ہوا تھا۔

  • عوام نے چوہدری نثار کو ٹھکرا دیا،اب ان کے آرام کا وقت ہے، غلام سرور خان

    عوام نے چوہدری نثار کو ٹھکرا دیا،اب ان کے آرام کا وقت ہے، غلام سرور خان

    لاہور: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عوام نے چوہدری نثار کو ٹھکرا دیا،اب ان کے آرام کا وقت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ تمام ائیر پورٹس پر اسکرینگ کی سہولیات فراہم کر دی گئیں۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جس مریض میں علامت ہے اس کو چیک کیا جاتا ہے صورت حال قابو میں ہے، ملتان میں جو مریض رپورٹ ہوئے ان کی تحقیق جاری ہے۔

    وفاقی وزیر کے مطابق ایوی ایشن پالیسی کے مطابق نئی ائیر لائنز آنا چاہ رہی ہیں، گلف، آذربائیجان سمیت لفتھنزا ائیر لائن سے بات چیت جاری ہے، ہم نے اپنی ائیر لائن کو بحال کرنا ہے اسی سال 5 جہاز آ رہے ہیں۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ نہ چوہدری نثار آ رہے ہیں نہ میں کہیں جا رہا ہوں، عوام نے انہیں ٹھکرا دیا ہے اب ان کے آرام کا وقت ہے وہ آرام کریں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں جا رہی یہ سیاسی بیان نہیں اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا ہے، یہ سال 2019 سے بہتر سال ہوگا،سیاسی ومعاشی بہتری آئے گی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں یہ روایت موجود ہے کھل کر ہر ایشو پر بات کی جاتی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو پڑھناچاہئیے تھا، جنہوں نے اعتراض اٹھایا وہ رپورٹ تو پڑھ لیتے۔

  • ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

    ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ایئر پورٹ پر ماں کی گود سے گر کر جاں بحق ہونے والی بچی کی موت کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیڑھیوں سے چار سالہ بچی عنایا اکبر کے گرنے کے حادثے پر وفاقی وزیر غلام سرور نے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد ایئر پورٹ کے منیجر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

    اسلام ایئرپورٹ کے برقی زینے جہاں سے عنایا اکبر گری

    وفاقی وزیر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیے، ذرایع کا کہنا ہے کہ غلام سرور خان جاں بحق ہونے والی بچی کے گھر بھی جائیں گے، جاں بحق بچی عنایا اکبر فتح جنگ کی رہایشی تھی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق بچی سیڑھیاں اترتے وقت ماں کے ہاتھوں سے گری تھی، حادثاتی طور پر واقع پیش آیا، اسلام آباد ایئر پورٹ کی برقی سیڑھیوں کو محفوظ بنائیں گے تاکہ آیندہ ایسا حادثہ نہ ہو۔

    انھوں نے کہا کہ معصوم بچی کی موت کا انتہائی افسوس ہوا، اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیڑھیوں سے چار سالہ بچی گر کر جاں بحق ہو گئی تھی، بچی کو تشویش ناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم بچی جاں بر نہ ہو سکی۔

    ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون جاری ہوا تھا۔

  • مسیحی برادری نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی، غلام سرور خان

    مسیحی برادری نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی، غلام سرور خان

    راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی، دنیا کے تمام مذاہب امن اور صبر کا سبق دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ٹیکسلا کرسچن اسپتال میں کرسمس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد دیتا ہوں، ہم آپ کی خوشیوں میں شامل ہیں۔

    غلام سرور خان نے کہا کہ آج کا دن بہت اہمیت کا حامل ہے، بحیثیت پاکستانی بھی ایک بڑا دن ہے، آج قائداعظم کی بھی یوم پیدائش ہے،قائد اعظم نے بھی اقلیتوں کے حقوق پر زور دیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب امن اور صبر کا سبق دیتے ہیں، حضرت عیسی علیہ السلام نے بھی پیار اور امن کا درس دیا،
    مسیحی برادری نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی۔

    وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ ہماری حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ قائداعظم نے اقلیتوں کے جو حقوق بیان کیے ان پر عمل کیا جائے۔

    قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا 144 واں یومِ ولادت آج منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یومِ پیدائش مِلّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔