Tag: غوطہ خور

  • لاہور پولیس میں ماہر غوطہ خوروں کی تعیناتی شروع

    لاہور پولیس میں ماہر غوطہ خوروں کی تعیناتی شروع

    لاہور (28 اگست 2025): پنجاب میں سیلاب کے پیش نظر لاہور پولیس میں ماہر غوطہ خوروں کی تعیناتی شروع ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے بروقت مدد کے لیے ماہر غوطہ خوروں کی تعیناتی شروع کر دی ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق لاہور پولیس وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

    فیصل کامران نے بتایا کہ غوطہ خور اور تیراک ریڈ الرٹ علاقوں میں تعینات کیے جا رہے ہیں، جو ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن میں رہیں گے، لاہور پولیس تمام اداروں کے رابطے سے حکمت عملی بنا رہی ہے۔

    سیالکوٹ میں 48 گھنٹوں کے دوران 512 ملی میٹر بارش

    ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دریا سے ملحقہ آبادیوں میں پولیس کا گشت اور اعلانات کا سلسلہ جاری ہے، اور خالی کرائے جانے والے علاقوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، دریا کراسنگ کے مقامات پر بھی پولیس نفری تعینات ہے، راوی کے 6 کراسنگ پوائنٹس ہائی الرٹ پر ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے سپروائزری افسران سمیت تمام اہلکار الرٹ ہیں۔

    ادھر این ای او سی کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورت حال جاری ہے، چناب میں قادرآباد پر 9 لاکھ 1 ہزار کیوسک کا شدید بہاؤ ہے، خانکی بیراج پر سیلابی بہاؤ 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، سیلابی ریلا قادرآباد اور خانکی کے بعد تریمو کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    این ای او سی کے مطابق سیلابی ریلوں سے گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، چنیوٹ، جھنگ، پنڈی بھٹیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، راوی میں جسڑ پر 1 لاکھ 39 ہزار کیوسک کا ریلا موجود ہے اور شدید سیلابی صورت حال ہے، شاہدرہ پر سیلابی ریلا 1 لاکھ 64 ہزار 160 کیوسک تک پہنچ گیا۔

    سیلاب سے لاہور میں کوٹ منڈو، جیا موسیٰ، قیصر ٹاؤن، فیصل پارک متاثر ہونے کا امکان ہے، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے نشیبی علاقے بھی سیلاب کی زد میں آ سکتے ہیں، خانیوال، میاں چنوں، امید گڑھ، کوٹ اسلام، عبدالحکیم کے علاقے بھی متاثر ہو چکے ہیں اور ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک کا شدید سیلابی بہاؤ ہے۔

    این ای او سی کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بہاؤ 1 لاکھ 9 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے، قصور، پاکپتن، اوکاڑہ، وہاڑی، ننکانہ، بہاولنگر میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے۔

  • شارک کے غوطہ خور پر حملے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

    شارک کے غوطہ خور پر حملے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

    مالدیپ کے سمندر میں خوفناک تصادم دیکھنے میں آیا جہاں شارک نے غوطہ خور کا سر کاٹنے کی کوشش کی جس کی ویڈیو کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔

    ڈرامائی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک سیاح شمالی میل اٹول کے جنوب میں جزیرے ہل ہمالے پر غوطہ خوری کرتا ہے جب ٹائیگر شارک اچانک اس پر جھپٹ پڑی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شارک ڈائیور کے سر پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرتی ہے۔

    شارک کے حملے کے باوجود غوطہ خور پانی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا، یہ شخص شارک ٹینک کا دورہ کرنے والے گروپ کا حصہ تھا جو کہ ٹائیگر شارک، بیل شارک اور مختلف قسم کی مچھلیوں اور شعاعوں کے ساتھ مقابلوں کے لیے مشہور غوطہ خوری کی جگہ ہے۔

    دی مرر نے مقامی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس گروپ نے جنوبی کافو اٹول کے ایک جزیرے مافوشی سے اسپیڈ بوٹ کے ذریعے اس مقام کا سفر کیا تھا۔

    مالدیپ میں شارک کے حملے بہت کم ہوتے ہیں، زیادہ تر ریف شارک سیاحوں پر حملہ آور نہیں ہوتیں۔

  • غوطہ خور اور سفید شارک بالکل آمنے سامنے آ گئے (دہشت ناک ویڈیو)

    غوطہ خور اور سفید شارک بالکل آمنے سامنے آ گئے (دہشت ناک ویڈیو)

    شمالی کیرولائنا: آپ نے شارک کی بہت سی خطرناک ویڈیوز دیکھی ہوں گی، لیکن یہ ویڈیو امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کی ہے جس میں ایک غوطہ خور کو انتہائی خطرناک طور پر ایک بڑی شارک کے منہ کے بالکل قریب دیکھا جا سکتا ہے۔

    سمندر کی تہہ میں ویڈیوز بنانا خود ایک بہت ہمت کا کام ہے، لیکن اگر اس دوران آپ کے سامنے اچانک ایک بھیانک شارک آ جائے، اور آپ اس کی ویڈیو بنانے لگ جائیں تو یقیناً یہ آپ کی زندگی کے سب سے یادگار لمحات ہوں گے۔

    ایسے ہی ایک واقعے میں غوطہ خور اور سفید شارک بالکل آمنے سامنے آ گئے، ڈیوڈ شیرر نامی امریکی مچھیرے نے شمالی کیرولائنا کے آؤٹر بینکس ایریا میں ایک عظیم الجثہ سفید شارک کی شان دار ویڈیو بنا ڈالی، وہ اپنے اسپیئر گن کے ساتھ تیراکی کر رہا تھا کہ اچانک سفید شارک بالکل اس کے پاس آ گئی، اور اس نے اس کی ایک شان دار فوٹیج بنا لی۔

    یہ ویڈیو بڑی تیزی سے انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، ویڈیو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈیوڈ شیرر بظاہر کسی حملے کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے لیے تیار تھا کیوں کہ وہ شکار کی طرف اپنی اسپیئر گن سے اشارہ کرتے ہوئے نظر آتا ہے۔

    شارک نے اتنے قریب آ کر بھی غوطہ خور کو کچھ نہیں کہا، شاید یہ اس کی خوش قسمتی تھی کہ شارک کے پاس شاید دوسرے منصوبے تھے اس لیے وہ مڑ کر چلی گئی۔

  • غوطہ خور کے کیمرے نے اسے شارک کے حملے سے بچا لیا

    غوطہ خور کے کیمرے نے اسے شارک کے حملے سے بچا لیا

    ایک آسٹریلوی ڈائیور شارک کا نشانہ بننے سے بال بال بچا جب اپنے کیمرے سے اس نے شارک کو خود سے دور رکھا اور اپنی جان بچائی۔

    آسٹریلیا کے شہر کوئنز لینڈ کے سمندر میں ڈیون کریک نامی یہ غوطہ خور اکیلا زیر آب اترا تھا۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں اس نے بتایا کہ جب وہ اپنا کیمرہ ایڈجسٹ کر رہا تھا تو اچانک ہیمر ہیڈ شارک اس پر حملہ آور ہوئی۔

    غوطہ خور کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے کیمرے کی اسٹک سے اسے کئی بار پیچھے دھکیلا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت زیر آب واحد انسان تھے جبکہ سطح آب پر ان کے 2 ساتھی کشتی میں ان کا انتظار کر رہے تھے۔

    غوطہ خور کا کہنا تھا کہ وہ اپنے زندہ بچ جانے پر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں، اگلی بار وہ مزید حفاظتی اقدامات کے ساتھ زیر آب جائیں گے۔

  • ترک خاتون غوطہ خور نے عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کر دیا

    ترک خاتون غوطہ خور نے عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کر دیا

    انقرہ: ترکی کی 34 سالہ قومی ایتھلیٹ ساہیکا ارکیومین نے زیرآب غار میں ایک سانس میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نہ آکسیجن سلینڈر نہ پیروں میں تیراکی کے مخصوص جوتے، ترکی کی خاتون غوطہ خور ساہیکا ارکیومن نے زیر آب غار میں ایک ہی سانس میں سو میٹر کا فاصلہ طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    ترکی کی 34 سالہ قومی ایتھلیٹ ساہیکا ارکیومین نے زیر آب غار میں جہاں پانی کا درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اپنی سانس روک کر 1 منٹ میں 100 میٹر تیر کر سب کو حیران کردیا۔

    خیال رہے کہ یہ غار 1999 میں ایک چرواہے نے دریافت کی تھی اور یہ برفانی دور کی ہے۔

    عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد ساہیکا ارکیومین کا کہنا تھا کہ زیر آب غار میں تیرنے سے پہلے وہ بہت پرجوش تھیں اور ان کا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا کیونکہ وہ ایک خاص مقصد کے لیے تیر رہی تھیں اور اس میں انہیں کامیابی ملی۔

    فری اسٹائل غوطہ خور ساہیکا ارکیومین اس سے قبل بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔

  • سعودی عرب کا قومی دن، غوطہ خوروں کا سمندر کی تہہ میں روایتی رقص

    سعودی عرب کا قومی دن، غوطہ خوروں کا سمندر کی تہہ میں روایتی رقص

    ریاض : سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی غوطہ خوروں نے سمندر کی تہہ میں قومی پرچم اور تلواروں کے ہمراہ سعودیہ کا روایتی رقص پیش کرکے حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی غوطہ خوروں کے ایک گروپ کی جانب سے اپنے وطن سے محبت کے اظہار کا انوکھا طریقہ اپنایا، غوطہ خوروں نے سمندر کی تہہ میں جاکر سعودیہ کا رویتی رقص ’عرضہ‘ پیش کیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ غوطہ خوروں کے گروپ نے سمندر کی گہرائی میں تلواروں کے ہمراہ روایتی ڈانس نجدی لباس میں ملبوس ہوکر پیش کیا، غوطہ خوروں نے سمندر کی تہہ میں پرچم اور مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کا عکس بھی اٹھا رکھا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ غوطہ خوروں نے سمندر کی گہرائی میں کیے گئے رقص اوعر پڑھے گئے ملّی نغمے اور سعودی ترانے کو کیمرے میں محفوظ بھی کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر سمندر کی گہرائی میں کیے گیے سعودی عرب کے روایتی رقص کی ویڈیو وائرل ہوئی سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ شہریوں کی حب الوطنی کے اس انوکھے انداز کو بہت پسند کیا۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کے موقع پر خصوصی مہر تیار کی گئی تھی جو متحدہ عرب امارات آنے والے سعودی شہریوں کا استقبال کرنے کے لیے 23 ستمبر تک ان کے پاسپورٹ پر لگائی گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ اماراتی حکام کی جانب سے سعودی عرب کے 88ویں قومی دن کے موقع پر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلفیہ پر روشنیوں کی مدد سے سعودی پرچم بنایا گیا تھا۔

  • روسی سمندر میں ناراض آکٹوپس نے غوطہ خور پر حملہ کردیا

    روسی سمندر میں ناراض آکٹوپس نے غوطہ خور پر حملہ کردیا

    ماسکو : روس کے گہرے سمندر میں تصویر بنانے پر ناراض آکٹوپس نے غوطہ خور پر حملہ کرکے چار چار ہاتھوں سے پکڑ لیا، سمندر ی مخلوق نے غوطہ خور کا کیمرہ چھوڑنے سے بھی انکار کردیا۔

    سمندر میں رہنے والا آکٹوپس جسے 8 ٹانگیں ہونے کی وجہ سے ہشتت پا بھی کہا جاتا ہے بظاہر تو بے ضرر جاندار لگتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر کوئی بات اس جانور کو ناپسند ہو تو یہ کتنا خطرناک ہوجاتا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر روسی غوطہ خور کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تصاویر اور ویڈیو بنانے پر آکٹوپس نے غصّے میں روسی غوطہ خور پر حملہ کیسے حملہ کیا۔

    روس کے گہرے سمندر میں آکٹوپس نے غوطہ خور پر حملہ کرکے چار چار ہاتھوں سے ایسا جکڑا کہ ڈائیور کا خود کو چھڑانا مشکل ہوگیا۔

    ہشت پا کہی جانے والی سمندر مخلوق نے غوطہ خور کا کیمرہ بھی چھوڑ نے انکار کردیا۔

    خیال رہے کہ اب سے 40 کروڑ سال قبل وجود میں آنے والا یہ جانور زمین کے اولین ذہین جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یعنی جس وقت یہ زمین پر موجود تھا، اس وقت ذہانت میں اس کے ہم پلہ دوسرا اور کوئی جانور موجود نہیں تھا۔

    آکٹوپس میں ایک خاصا بڑا دماغ پایا جاتا ہے جس میں نصف ارب دماغی خلیات (نیورونز) موجود ہوتے ہیں اور انسانوں کی نسبت 10 ہزار گنا زائد جینز موجود ہوتے ہیں جنیہیں یہ مخلوق اپنے مطابق تبدیل کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ آکٹوپس موقع کے حساب سے اپنے آپ کو ڈھالنے کی شاندار صلاحیت رکھتا ہے، یہ نہ صرف رنگ بدل سکتا ہے بلکہ اپنی جلد کی بناوٹ تبدیل کرکے ایسی شکلیں اختیار کر لیتا ہے کہ دشمن یا شکار نزدیک ہونے کے باوجود بھی دھوکہ کھا جاتا ہے۔

  • سفید شارک کے حملے کی خوفناک ویڈیو

    سفید شارک کے حملے کی خوفناک ویڈیو

    گہرے سمندروں میں غوطہ خوری کرنے والے افراد تحقیقی مقاصد کے لیے ایک پنجرے میں بند ہو کر زیر آب جاتے ہیں تاکہ شارک اور دیگر خطرناک آبی جانوروں کے حملے سے محفوظ رہ سکیں۔

    تاہم ایک غوطہ خور اس وقت مشکل میں پھنس گیا جب ایک شارک ایک مچھلی کا پیچھا کرتے ہوئے پنجرے میں گھس آئی اور کشتی پر کھڑے افراد میں ہلچل مچ گئی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو میکسیکو کے سمندر کی ہے جہاں پنجرے میں بند ایک غوطہ خور زیر آب جارہا ہے۔

    یکایک ایک قوی الجثہ سفید شارک ایک مچھلی کا پیچھا کرتی ہوئی پنجرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی اور غوطہ خور کی مدد کے لیے کشتی پر کھڑے افراد خوف کے مارے اچھل پڑے۔

    کشتی پر کھڑے افراد نے پنجرے کا اوپر کا دروازہ کھول دیا تاکہ شارک یا غوطہ خور میں کوئی ایک باہر نکل جائے۔ تھوڑی دیر کے جان لیوا انتظار کے بعد شارک اچھلتی ہوئی پنجرے کے دروازے سے باہر نکلی اور بالآخر واپس سمندر میں چلی گئی۔

    اس دوران وہ پنجرے کی ٹوٹی سلاخیں لگنے سے زخمی اور خونم خون ہوچکی تھی۔

    شارک کے باہر نکلنے کے بعد غوطہ خور کو بھی فوراً اوپر کی طرف کھینچا گیا جو خوش قسمتی سے شارک کے حملے سے محفوظ رہا تھا۔

    دل دہلا دینے والی ویڈیو میں شارک کا مقصد پنجرے میں بند انسان پر حملہ کرنا نہیں تھا بلکہ وہ حادثاتی طور پر ایک مچھلی کا پیچھا کرتے ہوئے پنجرے میں گھس آئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔