Tag: غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج

  • پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے شہری سڑکوں پر آگئے

    پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے شہری سڑکوں پر آگئے

    کراچی:  پانی اور بجلی کی عدم فراہمی سے تنگ شہریوں نے بلدیہ حب ریور روڈ اور لانڈھی میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے مکینوں نے بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف حب ریور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک بند کردی، جس کے باعث اطراف کی شاہرواں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بلدیہ ٹاؤن میں پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس حکام نے مظاہرین کو سڑک کھولنے کا حکم دیا مگر مکینوں کی جانب سے انکار کردیا گیا، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج  اور ہوائی فائرنگ کیْ جس سے دو مظاہرین زخمی ہوگئے، زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم بعد ازاں پولیس حکام سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

    دوسری جانب لانڈھی چار نمبر میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین کے مطابق علاقے میں کئی روز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے جس کے باعث پانی کی شدید قلت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

    اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے حکومتِ سندھ اور کراچی الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔

     

  • سکھر: بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف تحریک انصاف کی ریلی

    سکھر: بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف تحریک انصاف کی ریلی

    سکھر: تحریک انصاف کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف ریلی نکالی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف سکھر کے علاقے شالیمار سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا جو  پریس کلب پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔

    ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے  اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

    ریلی میں شریک مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کاررڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے قائدین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی نمائندوں اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تحریک انصاف کے رہنماء رب نواز کلہوڑو نے کہا کہ سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں کا علم نہیں، اُن کو بس اپنی عیاشیوں سے مطلب ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے سکھر موٹروے کا افتتاح تو کردیا لیکن شہریوں کی حالتِ زار نہیں دیکھی۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سکھر کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔