Tag: غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ

  • کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک سے جواب طلب

    کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک سے جواب طلب

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف امیر جماعت اسلامی کراچی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق وکلاء کے دلائل طلب کرلیے۔

    کے الیکٹرک کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق تکنیکی معاملات پر نیپرا سے رجوع کیا جانا چاہیے، لوڈ شیڈنگ کی کئی وجوہات ہیں جن میں لائن لاسز بھی شامل ہیں۔

    سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ بروقت بل ادا کرنے والوں اور بجلی چوری نہ کرنے والوں کو تو بلا رکاوٹ بجلی فراہم ہونی چاہیے، اگر گلی میں ایک گھر بھی بل ادا کرتا ہے تو اسے بلاوجہ پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

    جسٹس کلہوڑو نے سوال اٹھایا کہ کے الیکٹرک پری پیڈ کارڈ کا سسٹم کیوں نافذ نہیں کرتی؟ جس پر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اس کے لیے پالیسی بنانا ضروری ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر آج سے کام شروع کیا جائے تو یہ نظام 5 سال میں مکمل ہوسکتا ہے، لیکن کسی نہ کسی وقت اس پر عملدرآمد شروع ہونا چاہیے۔

    کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ نجکاری کے بعد سے بجلی چوری روکنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، لیکن جب کنڈوں کی روک تھام کے لیے اے بی سی کیبلز کا استعمال شروع کیا گیا تو پروپیگنڈا کیا گیا کہ تانبا بیچا جارہا ہے، شہر کا 70 فیصد حصہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایسا نظام بنایا جائے جس کے تحت صارف بغیر کارڈ کے بجلی استعمال نہ کرسکے۔ اس پر وکیل کے الیکٹرک نے کہا کہ عدالت کی تجویز متعلقہ حکام تک پہنچا دی جائے گی۔

  • لوڈشیڈنگ سے پریشان صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

    لوڈشیڈنگ سے پریشان صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: لوڈشیڈنگ سے پریشان صارفین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ، وزیراعظم شہباز شریف کے حکم کے بعد صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت لوڈشیڈنگ اور بجلی چوری روکنے کے امور پر اجلاس ہوا۔

    وزارت توانائی نے وزیراعظم کو لوڈشیڈنگ کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ہونے والی ملاقات پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

    شہباز شریف نے ملک بھرمیں جاری بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرنےکاحکم دے دیا اور کہا گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ، نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی چوری کرنےوالوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ،بجلی چوری کےخلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

    وزیراعظم نے بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق پیش رفت رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر پیش کرنےکی ہدایت بھی کی ۔

  • کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی

    کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی

    کراچی : کے الیکٹرک نے پٹیل پاڑہ میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر کے الیکٹرک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، وکیل کےالیکٹرک نے بتایا کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ نادہندہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ وضاحت کریں کہ یہ پالیسی حکومت کی ہے یا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی۔

    جسٹس صلاح الدین پنہور نے کے الیکٹرک وکیل سے استفسار کیا جو لوگ بل دیتے ہیں، ان کا کیا قصور ہے؟ وکیل نے بتایا کہ یہ حکومت کی پالیسی ہے اور کے الیکٹرک اس پر عملدرآمد کررہی ہے،ہائی لاسز ایریا میں لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے تا کہ زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوڈ شیڈنگ سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ کسی ایک کے جرم کی سزا دوسرے کو نہیں دی جاسکتی، جس پر وکیل کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ سرکاری وکیل یہ موقف تحریری طور دیدیں تو جائزہ لیں گے۔

    جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ ایک عام شہری آپ کے سامنے کھڑا ہے، لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہے، آپ اس شہری کا مسئلہ کیسے حل کریں گے، جس پر وکیل کے الیکٹرک نے بتایا کہ جہاں جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں کارروائی کر رہے ہیں، کنڈانکال لیتے ہیں لوگ پھر لگا دیتے ہیں، اب ہمیں ایف آئی آر کا اختیار مل گیا ہے، پٹیل پاڑہ حساس علاقہ ہے، قانون نافذ کرنیوالے کو تعاون کی ہدایت کی جائے۔

    درخواست گزار نے بتایا کہ یہ علاقہ کے الیکٹرک نے خود حساس قرار دیاہے،پہلے معمول کے مطابق بجلی آتی تھی، ہماری پی ایم ٹی سے 79فیصد ادائیگی ہوتی تھی،اسے دوسرے فیڈر اے منسلک کردیا گیا، اب پٹیل پاڑہ میں 24 گھنٹوں میں صرف ساڑھے 11 گھنٹے بجلی آتی ہے، جو لوگ بل دیتے ہیں ان کا کیا قصور ہے، اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اپنی جگہ اب تو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    کے الیکٹرک نے پٹیل پاڑہ میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی ، جس پر عدالت نےآئندہ سماعت پر کے الیکٹرک سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، عدالت کا کے الیکٹرک کے سی ای او کو نوٹس جاری

    غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، عدالت کا کے الیکٹرک کے سی ای او کو نوٹس جاری

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر توہین عدالت کی درخواست پر کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب ترین کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کے الیکٹرک کے سی ای او طیب ترین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست میں کہا گیا کہ 8سے12 گھنٹے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی ہے، کےالیکٹرک لوڈشیڈنگ کےاوقات اخبارمیں شائع کرانے کا پابند ہے۔

    دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ غیراعلانیہ بجلی منقطع کرنے سےمتعلق متعدد عدالتی فیصلےموجود ہیں، عدالتی فیصلوں کےباوجود ادارےکی کارکردگی بہتر نہیں بنائی جارہی۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ ادارےکےسی ای اوطیب ترین اورذمےداران کےخلاف کارروائی کی جائے۔

    عدالت نے کے الیکٹرک کے سی ای او کو نوٹس جاری کر دئے اور سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ شہر قائد میں گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، شہرکے مختلف علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی چار چار بار بجلی جارہی ہے۔

    گیس کی فراہمی کے معاملے پر کے الیکٹریک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیا ن تنازعہ حل ہوچکا ہے اور گیس کی بحالی کے باوجود لوڈشیڈنگ ہورہی ہے

    دوسری جانب بجلی کا شارٹ فال ساڑھے چھ ہزارمیگاواٹ سےتجاوز کر گیا ہے، گزشتہ روز ٹرپ ہوئے سات پاورپلانٹس میں سے صرف ایک سے بجلی کی پیداوار شروع ہوسکی، چشمہ تھری پاور پلانٹ سے تین سو میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کوملنا شروع ہوگئی جبکہ چشمہ ون، چشمہ ٹواورچشمہ فور سےبجلی کی پیداوار تاحال معطل ہے۔

    آر ایل این جی سے چلنے والے بلوکی،حویلی بہادرشاہ ،بھکی پاورہاؤسزبھی بحال نہ ہوسکے نیٹ بجلی پیداوار میں کمی کے باعث بڑے شہروں میں چھ اور چھوٹے شہروں میں آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں ہوشربا اضافہ

    کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : گرمی کا زور بڑھتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی، کے الیکٹرک نے گیس پریشرمیں کمی کا بہانہ کر کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی دعوے اوراعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے، گرمی بڑھتے ہی بجلی کا بحران بھی بڑھ گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گیس کی فراہمی کے حوالے سے وفاق کو الٹی میٹم دیا ہی تھا کہ کے الیکٹرک نے گیس پریشر میں کمی کو جواز بناتے ہوئے کراچی میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا عندیہ دے دیا۔

    اس وقت شہرکے مختلف علاقوں میں نوسے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کراچی میں بجلی کی طلب تین ہزارمیگا واٹ اورکے الیکٹرک کی فراہمی چوبیس سوپچاس میگاواٹ ہے۔

    دوسری جانب پنجاب میں بھی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آگیا۔ بڑے شہروں میں آٹھ گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں میں چودہ گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے ملک میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال چھ ہزارمیگا واٹ ہوگیا ہے، ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی طلب ساڑھے سترہ ہزارجبکہ پیداوارساڑھے گیارہ ہزارمیگا واٹ ہے۔