Tag: غیرت کے نام پر

  • سدرہ کو کیوں قتل کیا گیا؟

    سدرہ کو کیوں قتل کیا گیا؟

    راولپنڈی(26 جولائی 2025): شکریال میں غیرت کے نام پر لڑکی کے مبینہ قتل کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آ یا ہے۔

     تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں غیرت کے نام پر ایک اور خاتون کو قتل کرنے کا واقعہ صادق آباد کے علاقے شکریال میں پیش آیا ہے جہاں خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اپستال منتقل کیا جارہا ہے، مقتولہ کی شناخت سدرہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

    کراچی میں غیرت کے نام پر خاتون قتل

    واضح رہے کہ غیرت کے نام پر خواتین کے قتل (عام طور پر "آنر کلنگ” کے نام سے جانا جاتا ہے) کا رجحان پاکستان اور دیگر خطوں میں ایک سنگین سماجی اور قانونی مسئلہ ہے۔

    یہ عمل خاندانی عزت، روایات یا سماجی دباؤ کے نام پر خواتین کے خلاف تشدد کا ایک سنگین روپ ہے، جو اکثر جان لیوا نتائج کا باعث بنتا ہے، حالیہ برسوں میں، اس رجحان کی وجہ سے ہزاروں خواتین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔

    غیرت کے نام پر قتل کے واقعات پاکستان کے دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں رپورٹ ہو رہے ہیں، لیکن دیہی علاقوں میں اس کی شرح زیادہ ہے، یہ واقعات عموماً خاندانی عزت، غیر ازدواجی تعلقات کے الزامات، شادی سے انکار، یا سماجی اصولوں کی خلاف ورزی جیسے معاملات سے منسلک ہوتے ہیں۔

    پاکستان میں 2016 میں آنر کلنگ کے خلاف قانون سازی کی گئی، جس کے تحت اسے غیر قانونی قرار دیا گیا اور سخت سزائیں متعارف کرائی گئیں تاہم، نفاذ میں کمزوری اور سماجی قبولیت کے باعث یہ رجحان جاری ہے۔

  • غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی قتل، بھائی، والدین اور شوہر گرفتار

    غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی قتل، بھائی، والدین اور شوہر گرفتار

    رائے ونڈ / لاہور : غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کو قتل کر کے رات کی تاریکی میں اس کی تدفین کر دی گئی، لاہور میں20سالہ لڑکی پرسرار طور پر جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کو قتل کر کے رات کی تاریکی میں اس کی تدفین کر دی گئی ،پولیس نے اطلاع ملنے پر لڑکی کے بھائی، والدین اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔

    بتایا گیا ہے کہ رائے ونڈ کے محلہ برھان پورہ میں والدین، بھائی اورشوہر نے مبینہ طور پر پچیس سالہ وفا عرف طیبہ کو قتل کرنے کے بعد رات کی تاریکی میں مقامی قبرستان میں دفن کر دیا ۔

    پولیس نے ایمرجنسی سروس پر نامعلوم شخص کی کال موصول ہونے پر لڑکی کے والدین، بھائی اور شوہر کو حراست میں لے کر تحقیقات کی جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وفا کو بد چلنی کے شبے پر قتل کیا گیا۔

    علاوہ ازیں لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں20سالہ لڑکی پرسرار طور پر جاں بحق ہوگئی پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کر دیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ بند روڈ کی رہائشی 20 سالہ مہوش کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔

    اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا، ڈاکٹروں کے مطابق مہوش کی موت زہریلی چیز کھانے سے واقع ہوئی ہے۔

  • کراچی : غیرت کے نام پر مرد اورعورت کو قتل کرنے والا باپ اور شوہر گرفتار

    کراچی : غیرت کے نام پر مرد اورعورت کو قتل کرنے والا باپ اور شوہر گرفتار

    کراچی : فیڈرل بی ایریا میں غیرت کے نام پر مرد اور عورت کے قتل کے الزام میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، خاتون کے شوہر اور باپ نے دونوں کو تشدد کرکے قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں غیرت کے نام پر مرد اور عورت کے قتل کیس میں پیشرفت ہوئی ہے دہرے قتل کی واردات میں ملوث دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

    گرفتار افراد میں مقتولہ عصمت بی بی کا شوہر صابر اور باپ خیر محمد شامل ہیں، عصمت بی بی اور عمیر عالم کو آج صبح تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ایف بی ایریا میں آج صبح گھر سے خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں ملی تھیں، لڑکے کی شناخت عمیرعالم اور لڑکی کی عصمت کے نام سے ہوئی، دونوں لاشوں پر تشدد کےنشانات تھے۔

    مزید پڑھیں : فیصل آباد میں باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کر دیا

    ملزمان واردات کے  بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
    ایس ایس پی سنٹرل عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم صابر نے اپنی اہلیہ اور عمیر کو اکٹھے دیکھ لیا تھا اور اس کا غصہ غیرت کے نام پر قتل کی صورت میں اترا۔

     

  • غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی کو گلا گھونٹ کر مار دیا

    غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی کو گلا گھونٹ کر مار دیا

    اسلام آباد: دارالحکومت میں ایک باپ نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو گلا گھونٹ کر مار دیا۔

    اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ گولڑہ کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزم اعجاز نے اپنی بیٹی کو جان سے مار دیا جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    قتل کے بعد پولیس کو بیان قلم بند کراتے ہوئے ملزم باپ اعجاز نے کہا کہ اس نے بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کیا، بیٹی کو کئی بار سمجھایا، سختی بھی کی مگر وہ بازنہیں آئی جس پر اسے جان سے مارنا پڑا۔

    ملزم نے کہا کہ بیٹی کے قتل کے لیے اس نے کسی سے نہ مشورہ کیا او نہ ہی کسی کو آگاہ کیا، آج صبح 9 بجے کے قریب اس کا گلا دبا دیا۔

    تھانہ گولڑہ پولیس نے ملزم اعجاز کے خلاف بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا

    تین روز قبل بھی ایسا ہی واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں رائے ونڈ میں باپ نے 19 سال کی بیٹی کو کلہاڑی سے قتل کردیا، ملزم امام دین نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کو اپنی بیٹی کے چال چلن پر شبہ تھا۔