Tag: غیرقانونی مقیم غیرملکیوں

  • حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو دوبارہ ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو دوبارہ ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد(2 اگست 2025): وفاقی حکومت نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا دوبارہ فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے افغان شہریوں سمیت غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کی ملک بدری دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق انڈر ٹرائل افغان باشندوں کی واپسی کے لیے فارن ایکٹ کی دفعہ 14 بی لاگو کی جائے گی، سزا یافتہ یا جاری قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنے والے افراد کو بھی ملک بدر کر دیا جائے گا۔

    وزارت داخلہ نے بتایا کہ رجسٹریشن کے ثبوت (پی او آر) کارڈز(جو افغان مہاجرین کو پاکستان میں قانونی طور پر رہائش کی اجازت دیتے تھے) کی میعاد 30 جون 2025 کو ختم ہو چکی ہے، اس تاریخ کے بعد ملک میں باقی رہ جانے والے پی او آر کارڈ ہولڈرز کو اب غیر قانونی رہائشی تصور کیا جارہا ہے۔

    وزارت نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، جیل حکام اور دیگر متعلقہ حکام کو غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرنے اور ملک بدر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا (کے پی) کے محکمہ داخلہ نے پی او آر کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کو اپنے آبائی ملک واپس جانے کی ہدایت کی ہے، محکمہ نے افغان شہریوں کو وطن واپسی کے لیے پشاور اور لنڈی کوتل کے ٹرانزٹ پوائنٹس پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ ہدایت 31 جولائی 2025 کو جاری کردہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہے، جس کی تصدیق کے پی کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے۔

  • غیر قانونی افغان باشندوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری

    غیر قانونی افغان باشندوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری

    چمن : پاکستان سے روزانہ ہزاروں غیر قانونی افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک کل 188,738 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ایک لاکھ بیاسی ہزار ایک سو چون افغان باشندوں کو واپس بھیجاجاچکا ہے۔

    چمن اور طورخم بارڈر سے روزانہ ہزاروں غیرملکی واپس افغانستان جارہے ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کئی مقامات پر عارضی ٹرانزٹ کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں پر غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے کوائف اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد واپس اپنے ملکوں کو بھیجا جا رہا ہے۔

    کیمپ میں غیر ملکیوں کے لئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں ، کسٹمز کی جانب سے مکمل تلاشی کے بعد غیر قانونی افغان شہریوں کو ایف آئی اے کے تعینات اہلکاروں کے پاس بھیجا جاتا ہے جہاں پر ان کی مکمل کاغذی کارروائی مکمل کی جاتی ہے۔

    چمن بارڈر پر قائم ہولڈنگ کیمپ میں واپس جانے والوں کو طبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں، انتظامیہ کا کہناہے ڈاکٹرز مختلف شفٹوں میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

    پانچ نومبر دو ہزار تین کوغیرقانونی طور پر رہنےوالےغیرملکیوں کی بڑی تعداداپنےوطن روانہ ہوئی جبکہ طورخم بارڈرپروطن واپسی کے لئےغیرقانونی افغان باشندوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    گزشتہ روزچھ ہزار پانچ سوچوراسی غیرقانونی باشندے اپنےملک چلےگئے، غیرقانونی غیرملکیوں کامحفوظ انخلا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

    دوسری جانب نادرا نے ہنگامی بنیادوں پرخیبرپختونخوا میں اپنی خدمات کا آغاز کر دیا ہے اور واپس جانیوالےغیرملکیوں کی رجسٹریشن کیلئے نادرا نے 22موبائل وینزلنڈی کوتل پہنچادی۔

    ٹرانزٹ پوائنٹ پر موبائل وینزکی سہولت کیساتھ 20 کاؤنٹر بھی تشکیل دیئےگئے ہیں ، نادرا کے 140 ملازمین دن رات 24 گھنٹے بلا تعطیل اپنی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔

    یکم نومبر سے نادرا نے اپنی یومیہ رجسٹریشن کرنےکی صلاحیت کو بڑھا کر 15,000کر دیا ہے، اس موقع پر نادرا کے اعلیٰ افسران موجودہیں اورجانے والے غیر ملکیوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔

  • کراچی : غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن ،  2 درجن سے زائد افراد زیرِ حراست

    کراچی : غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن ، 2 درجن سے زائد افراد زیرِ حراست

    کراچی: سہراب گوٹھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کے دوران دو درجن سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے ، ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران دو درجن سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک غیر قانونی طور پر مقیم تمام افراد گرفتار نہیں کر لیے جاتے۔

    انھوں نے بتایا کہ آپریشن کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں ، ایس پی سہراب گوٹھ سمیت پولیس کی بھاری نفری آپریشن میں حصہ لے رہی ہے ، آپریشن میں لیڈی سرچر بھی موجود ہیں، جو گھروں کی خواتین کے کوائف چیک کر رہی ہیں۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن میں چادر اور چار دیواری کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے اور آپریشن کسی ایک ملک کے خلاف نہیں بلکہ بلا تفریق کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب کراچی سےغیرقانونی مقیم تارکین وطن کاپہلا قافلہ سخت سیکیورٹی میں چمن روانہ کردیا گیا، چار بسوں پرمشتمل قافلےپر ضلعی انتظامیہ کی جانب سےگُل پاشی بھی کی گئی، کیماڑی کے ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ ایک سو بیس افغان باشندوں کو بلوچستان حکومت کےحوالےکیا جائے گا، جنہیں مکمل سیکیورٹی میں چمن بارڈرتک پہنچایا جائے گا۔

    خیال رہے پاکستان سے افغان شہریوں کے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، غیر قانونی غیرملکیوں کو ڈیڈلائن دینے کے بعد اب ان کا محفوظ انخلا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

    چمن اور طورخم بارڈر سے روزانہ ہزاروں غیرقانونی افغان باشندوں کی وطن واپس جا رہے ہیں، ایف سی نے افغان حکام سے باہمی اتفاق سے طورخم بارڈر رات گیارہ بجے تک کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا۔۔ دو نومبر کو انیس ہزار تین سو چوالیس افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے ہیں۔

  • غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم، کراچی میں کریک ڈاؤن کا آغاز ،  4غیر ملکی باشندے گرفتار

    غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم، کراچی میں کریک ڈاؤن کا آغاز ، 4غیر ملکی باشندے گرفتار

    کراچی : غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد سہراب گوٹھ میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کرکے اعلانات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پولیس متحرک ہوگئی، کراچی میں رات گئے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا اور صدر سے چار غیر ملکی باشندے گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیے گئے۔

    سہراب گوٹھ میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کرکے اعلانات کیے جارہے ہیں، ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری آپریشن کیلئے مخصوص پوائنٹ پر طلب کرلی گئی، کچھ دیر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن شروع کیا جائے گا، حکومت پاکستان کی جانب سے دیئے گئے الٹی میٹم کا وقت ختم ہوچکا ہے۔

    عرفان بہادر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں سہراب گوٹھ ڈویڑن میں تارکین وطن کی نشاندہی کی گئی ہے، آپریشن کا آغازسہراب گوٹھ سے کیا جائے گا، آپریشن کے دوران جو بھی غیر قانو نی طور پر مقیم شخص ہوگا، اس کو فوری طور پر گرفتار کرکے ہولڈنگ پوائنٹس پر پہنچایا جائے۔

    کراچی میں سلطان آبادحاجی کیمپ سینٹر میں مزید 3 افغان باشندےپہنچا دیئےگئے ہیں ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سینٹر پہنچائے گئے غیر قانونی مقیم غیرملکی افراد کی تعداد 7 ہوگئی، تینوں افراد کا ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، 40 افراد ہونےکےبعد بذریعہ بس چمن کےراستےافغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

    10 ماہ میں کراچی میں غیر قانونی مقیم 2300 غیر ملکیوں کوگرفتارکیا گیا اور گرفتار غیرقانونی غیرملکیوں کیخلاف 800 کے قریب مقدمات درج کئے گئے۔

    سلطان آبادحاجی کیمپ میں غیرقانونی غیرملکیوں کےلیےسیل تیارکرلیا گیا ہے اور نادرا،ایف آئی اے اور اسپیشل برانچ سمیت دیگر عملے کیلئے کنٹرول روم بنا دیے گئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ اورپولیس نےتمام انتطامات مکمل کرلیے ہیں۔

    تیارسینٹرزمیں غیر ملکیوں کیلئےکھانےپینے،کمرےاوردیگرسہولت موجود ہے ، غیرقانونی مقیم غیرملکی رضاکارانہ طورپران سینٹرزپرآکراپناریکارڈچیک کراسکتے ہیں ، نادرا کی ٹیمیں ان افرادکاریکارڈچیک کرے گی۔

    خیال رہے حکومتی اعلان کے نتیجے میں گزشتہ روز تک ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں غیرقانونی مقیم افراد رضاکارانہ پاکستان سے چلے گئے اور جو غیرقانونی پناہ گزین نہیں گئے اب حکومت ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔