Tag: غیر سرکاری نتائج

  • الیکشن 2024 : قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات : تمام نشستوں کے غیرحتمی نتائج

    الیکشن 2024 : قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات : تمام نشستوں کے غیرحتمی نتائج

    اسلام آباد : ضمنی الیکشن، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام21حلقوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے جس میں مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کرلی۔

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کی دو، دو جبکہ سندھ کی ایک قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار مدمقابل تھے۔ اسی طرح پنجاب کی 12، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی دو، دو صوبائی نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔

    ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا سلسلہ صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا تاخیر 5 بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں، ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی اور اب تک اے آر وائی نیوز نے اپنے ناظرین کیلیے غیر حتمی و غیر سرکاری مکمل نتائج پیش کردیئے۔

    قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج 

    ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے5حلقوں کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 196قمبر شہداد کوٹ سے پی پی امیدوار خورشید جونیجو کامیاب قرار پائے۔

    این اے 8باجوڑ سے آزاد امیدوار مبارک زیب خان کامیاب اور این اے 119لاہور سے مسلم لیگ ن کے علی پرویز کامیاب ہوئے۔

    این اے 44ڈیرہ اسماعیل خان سے سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین کامیاب جبکہ این اے 132قصور سے مسلم لیگ ن کے امیدوار رشید احمد خان کامیاب ٹھہرے۔

    اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 میں سے 13 حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے:

    صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے نتائج 

    پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں سے ن لیگ 9نشستوں پر کامیاب قرار پائی جبکہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی، ق لیگ اور آئی پی پی کو ایک ایک نشست ملی۔

    بلوچستان اسمبلی میں ن لیگ اور بی این پی کو ایک ایک نشست ملی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل اور آزاد امیدوار ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئے۔

    صوبائی اسمبلیوں کے16حلقوں کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی پی 139شیخو پورہ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا افضال کامیاب جبکہ پی پی32گجرات سے مسلم لیگ ق کے موسیٰ الٰہی کامیاب قرار پائے۔

    غیرحتمی نتیجہ کے مطابق پی پی54نارووال سے مسلم لیگ ن کے امیدواراحمد اقبال کامیاب اور پی پی 164لاہور سے ن لیگ کے امیدوار راشد منہاس کامیاب ہوئے۔

    اس کے علاوہ پی پی 158لاہور سے ن لیگ کے امیدوار چوہدری محمد نوازکامیاب جبکہ پی پی147لاہور سے مسلم لیگ ن کے محمد ریاض کامیاب قرار پائے۔

    پی پی149لاہور سے آئی پی پی امیدوارمحمد شعیب کامیاب، پی بی22 لسبیلہ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد زرین خان کامیاب ٹھہرے۔

    غیرحتمی نتیجہ کے مطابق پی پی 93بھکر سے مسلم لیگ ن کے امیدوارسعید اکبر کامیاب، پی کے 91کوہاٹ سے سنی اتحاد کونسل کےامیدوار داؤد آفریدی کامیاب ہوئے۔

    پی پی 36وزیرآباد سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عدنان افضل چٹھہ کامیاب اور پی پی22چکوال سے مسلم لیگ ن کے امیدوار فلک شیراعوان کامیاب قرار پائے۔

    اس کے علاوہ پی پی290 ڈی جی خان سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی احمد خان لغاری کامیاب جبکہ پی کے 22 باجوڑ سے آزاد امیدوار مبارک زیب خان کامیاب ہوئے۔

    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی266 رحیم یارخان سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ممتاز چانگ کامیاب اور پی بی 20خضدار سے بی این پی کے میرجہانزیب مینگل کامیاب قرار پائے۔


    وزیر اعظم شہباز شریف نے نومنتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، ضمنی انتخاب میں پارٹی کو ووٹ دینے پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، یقین دلاتے ہیں ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پوری دیانتداری اور محنت سے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، معاشی بہتری کے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے، (ن) لیگ کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کی حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیر سیاسی رویوں نے ان کے حامیوں اور عوام کو بددل کیا، ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے لیکن الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور بات چیت سے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔

  • سندھ میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج

    سندھ میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج

    کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے میدان مار لیا۔ چیئرمین کی3 اور وائس چیئرمین کی ایک نشست جیت لی۔

    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مرتضیٰ وہاب، سلمان عبداللہ مراد، سیف اللہ چیئرمین، حامد حسین وائس چیئرمین منتخب ہوگئے۔

    مجموعی طور پر 26یونین کونسلوں کی نشستوں پر 116 امیدوار مدمقابل تھے، جن کیلئے 182 پولنگ اسسٹیشنز قائم کئے گئے تھے، شہر قائد میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی 9 نشستوں پر پولنگ ہوئی، 9 نشستوں پر پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سمیت 54 امیدوار میدان میں اترے۔

    ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہوئے جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی، ضمنی انتخاب والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 686 ہے، شہر قائد میں 121 پولنگ میں سے تمام کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

    ضلع جنوبی یو سی 13 صدر ٹاؤن کے مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب 3967 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جماعت اسلامی کے نورالسلام ایک ہزار 566ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

    ضلع ملیر گڈاپ ٹاؤن یو سی 7 میں 27 پولنگ سٹیشن کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سلمان عبداللہ مراد 9ہزار 932 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔

    جماعت اسلامی کے ایوب خاصخیلی کو 1350 ووٹ جبکہ پی ٹی آئی کے عبدالحفیظ جوکھیو کو 303 ووٹ ملے۔ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق ٹی ایل پی کے صالح محمد نےایک ہزار 45ووٹ حاصل کیے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ملیر یو سی 2 میں جنرل کونسلر کی نشست پر پی پی امیدوار اسماعیل بلوچ کو شکست ہوگئی، آزاد امیدوار محمد عمر کامیاب ہوئے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کیماڑی یو سی 3 ماڑی پور میں پی پی کے سیف اللہ 5 ہزار 466 ووٹ لیکر چیئرمین منتخب ہوئے، ضلع ملیر گڈاپ ٹاؤن یو سی 1 میں جنرل کونسلر پر پی پی امیدوار 1596 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، ضلع وسطی یو سی 5 ناظم آباد میں جماعت اسلامی کے طلحہ احمد 364 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔

    یونین کمیٹی نمبر 12 صدر ٹاؤن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے حمید حسین نے وائس چیئرمین کی نشست پر بڑا میدان مار لیا، حمید حسین نے 3250 ووٹ حاصل کئے، دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی کے امتیاز خان صرف 757 ووٹ حاصل کرسکے۔

    قادر پور یوسی کے وارڈ 2 میں جنرل کونسلر کے انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار 905 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جے یو آئی کے امیدوار برکت بھٹو نے 412 ووٹ حاصل کئے۔

    ،سلمان مراد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایسے تیر برسائے، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی والے یاد رکھیں گے، اب کراچی میں کام ہوتا ہوا نظر آئے گا، کراچی میں جلد بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

  • سرگودھا: پی ٹی آئی امیدوار 12028 ووٹ لے کر کام یاب، غیر سرکاری نتائج

    سرگودھا: پی ٹی آئی امیدوار 12028 ووٹ لے کر کام یاب، غیر سرکاری نتائج

    سرگودھا: این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کام یاب قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کے غیر سرکاری نتائج آ گئے، نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار عامر سلطان چیمہ نے 12028 ووٹ لے کر ن لیگی امیدوار کو شکست دے دی۔

    غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی 3134 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات میں ن لیگ کے ذوالفقار بھٹی 87 ووٹوں سے کام یاب ہوئے تھے، لیکن ری پولنگ میں انھیں بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    پی ٹی آئی امیدوار کی فتح پر وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہینوں کے شہر سرگودھا سے پی ٹی آئی کے لیے ایک اور قومی نشست کا تحفہ مل گیا ہے۔

    فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا کہ سرگودھا سے پی ٹی آئی کی جیت وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

    وزیرِ اطلاعات نے لکھا ’عامر چیمہ اور تحریکِ انصاف کی قیادت کو مبارک ہو، انور چیمہ کی روح مطمئن ہوگی کہ بیٹے کو حلقے سے نمائندگی کا اعزاز ملا۔‘