Tag: غیر قانونی چارجڈ پارکنگ

  • کراچی میں تمام غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں تمام غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

    کراچی : شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں تمام غیرقانونی اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنرکراچی افتخار شالوانی کی زیرصدارت چارجڈ پارکنگ سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں قائم تمام غیرقانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ ڈبل پارکنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اس کی روک تھام کی جائے، فٹ ہاتھوں پر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ ختم کرکے متبادل انتظامات کئے جائیں۔

    کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی شہرسے غیرقانونی چارجڈ پارکنگ ختم کی جائیں گی، اس سلسلے میں انہوں نے ڈپٹی کمشنرجنوبی کو چارجڈ پارکنگ نظام ٹھیک کرنے کیلئے رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارکنگ سے متعلق جائزہ رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کریں۔

    اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جائیں اورشہر میں جگہ جگہ بے ہنگم پارکنگ ایریا ختم کیے جائیں، اور مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہر میں کھدی ہوئی سڑکوں اور بے ہنگم پارکنگز کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سنگین تر ہوگئے ہیں، خصوصاً شام کے وقت شہریوں کو بہت تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔