Tag: غیر قانونی کلینکس

  • عطائی ڈاکٹروں اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں آنکھ مچولی، 7 برسوں میں 4 ہزار کلینکس دو بار سیل

    عطائی ڈاکٹروں اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں آنکھ مچولی، 7 برسوں میں 4 ہزار کلینکس دو بار سیل

    کراچی: صوبہ سندھ میں عطائی ڈاکٹروں اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں آنکھ مچولی ہوتی رہی ہے، گزشتہ 7 برسوں میں 4 ہزار کلینکس دو بار سیل کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے عطائی ڈاکٹروں کے 2018 سے نومبر 2024 تک 9 ہزار 294 کلینکس سیل کیے، ان سات برسوں میں 3 ہزار 989 کلینکس دوبارہ کھلے جن کو دوبارہ سیل کیا گیا۔

    ایس ایچ سی سی نے 2018 سے نومبر 2024 تک سندھ بھر میں 27 ہزار 96 دورے کیے، اور 2018 سے اب تک 13 ہزار 403 لائنسنس جاری کیے، سندھ بھر میں 2018 سے ابتک ایک ہزار 639 سرکاری ہیلتھ یونٹس، اور اسپتالوں کو لائنسنس جاری کیے گئے۔ صوبے بھر میں سات برسوں میں 11 ہزار 764 نجی کلینکس کے لائسنس بھی جاری کیے گئے۔

    کمیشن کو 2018 سے اب تک 353 شکایات موصول ہوئیں، سات سالوں میں 244 شکایات کا ازالہ کیا گیا، اور 109 شکایات تاحال زیر التوا ہیں، صحت کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سندھ بھر 2018 سے اب تک 5 ہزار 358 ٹریننگ پروگرام کروائے گئے۔

    سات برسوں میں 673 اسپتالوں، 2646 کلینکس، 127 میٹرنٹی ہوم، 803 طب، 1109 ہومیوپیتھی ٹریننگز کروائی گئیں، سندھ بھر 2018 سے اب تک چار ہزار 206 آئی پی سی ٹریننگز کروائی جا چکی ہیں۔

  • کراچی میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مہم میں 196 کلینکس بند

    کراچی میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مہم میں 196 کلینکس بند

    کراچی: وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف مہم میں 196 کلینکس بند کرائے گئے ہیں، گلی محلوں میں سفید کوٹ کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق وقفہ سوالات میں وزیر صحت نے بتایا کہ شہر قائد میں اتائی ڈاکٹرز کے خلف بھرپور مہم چلائی گئی۔

    وزیر صحت سیما ضیا نے کہا کہ شہر میں 196 کلینکس بند کرائے گئے، 2 ڈاکٹرز کے نام پر جعلی کلینک چل رہے تھے، ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر گائنا کالوجسٹ کے آپریشن کر رہی تھیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 4 ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن نے کارروائی کی، اتائی ڈاکٹرز کے خلاف 5 لاکھ روپے جرمانہ کم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ بھر میں اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، آئی جی سندھ

    ایم پی اے سیما ضیا نے کہا کہ بیوٹی پارلرز میں لیزر تھراپی کی جاتی ہے، پارلرز والے ریڈیو فریکوئنسی استعمال کرتے ہیں، جب کہ یہ بیوٹی پارلرز بغیر ڈاکٹرز کے چل رہے ہیں، کلفٹن میں ایک سینٹر کو بند کرایا ہے جہاں اسپیشلسٹ نہیں تھا۔

    یاد رہے کہ اس سلسلے میں اپریل میں ہیلتھ کیئر کمیشن اور سندھ پولیس کے درمیان مربوط روابط سے متعلق ایک اہم اجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں اتائی ڈاکٹرز، نرسز کے خلاف مؤثر کارروائی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تھانوں کی حدود میں اتائی ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کی فہرستیں تیار کی جائیں گی۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا تھا کہ یہ انسانی زندگی اور صحت کا معاملہ ہے، اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن یقینی بنایا جائے۔