Tag: غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز

  • دیوہیکل بل بورڈز کراچی کے شہریوں کے سروں پر منڈلاتا خطرہ

    دیوہیکل بل بورڈز کراچی کے شہریوں کے سروں پر منڈلاتا خطرہ

    کراچی : شہر قائد میں لگے سر پر بھاری بھرکم سائن بورڈز لٹکتی تلوارکی صورت اختیار کرگئے، اداروں نےعدالتی احکامات پر عملدرآمد کے بجائے بال پاس کا گیم شروع کردیا۔

    کراچی میں جاری مون سون کی بارشوں میں سائن بورڈ اب بھی بڑا خطرہ ہیں، سپریم کی کورٹ کی ڈیڈ لائن آج ختم ہورہی ہے مگر کراچی میں غیرقانونی طور پر نصب اشتہاری بورڈز جہاں تھے وہیں ہیں۔

    سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ کراچی میں 30 جون 2016ء تک تمام غیر قانونی بل بورڈز اور ہورڈنگز ہٹادیئے جائیں مگر بھاری بھرکم بل بورڈزسے متعلق سپریم کورٹ کا حکم ہلکا پڑ گیا، ہوا میں لٹکے بڑے بڑے سائن بورڈز شہریوں کے سرپرلٹکتی تلوار بنے ہوئے ہیں۔

    بدھ کو کالا پل کے قریب کورنگی روڈ پر سائن بورڈ گھر کی چھت پر گرنے سے ایک بچی لہولہان ہوگئی، بارش کے موسم میں انتظامیہ کی روایتی بےحسی ٹس سے مس نہیں ہو رہی، بورڈر اتارنے کاکام سست روی سے جاری ہے۔

    وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نوے فیصد سائن بورڈ اتار لئے گئے ہیں تاہم کنٹونمنٹ کے علاقوں میں سائن بورڈ موجود ہیں جنہیں ہٹانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، کمشنر کراچی کہتے ہیں اپنی ذمہ داری پوری کردی، اب جواب کنٹونمنٹ اوردیگر اداروں سے مانگا جائے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا تھا کہ 25 جون تک شہر سے تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز ختم کردیئے جائیں گے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

  • کراچی سے تمام غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز ختم کردیں گے، گورنرسندھ

    کراچی سے تمام غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز ختم کردیں گے، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ 25 جون تک شہر سے تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز ختم کردیئے جائیں گے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کاروائی جاری رہے گی اور اس سلسلہ میں کوئی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ زمینوں پر قبضہ کرنے والے افراد اور مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کی جارہی ہے۔

    Governor1

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کی تفصیلی دورہ کے بعد شہید بے نظیر بھٹو پارک کلفٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    گورنر سندھ  لکی اسٹار صدر، شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل، کارساز ، ناتھا خان پل ، کورنگی روڈ ، بوٹ بیسن گئے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں سپریم کورٹ کے احکامات پر بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے کام کا جائزہ لیا۔

    Governor4

    اسٹیشن کمانڈر کراچی، کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز کو ہر صورت میں ہٹادیا جائے گا اور اس تاریخ کے بعد جن اداروں کے بورڈز لگے ہوئے پائے گئے ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

    شہر میں پانی کی کمی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں پینے کے پانی کی طلب کے مطابق پانی دستیاب نہیں ہے ، یہی وجہ ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کے فور منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

    Governor5

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پانی کی چوری روکنے اور لائنوں سے ہونے والے رساؤ پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی فرد خواہ کتنا بااثر کیوں نہ ہو قانون سے بالا تر نہیں اور کراچی آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلا تفریق کاروانی کی جارہی ہے۔