Tag: غیر ملکی اساتذہ

  • کویت میں غیر ملکی اساتذہ کے لیے بری خبر

    کویت میں غیر ملکی اساتذہ کے لیے بری خبر

    کویت سٹی: کویت میں دو ہزار کے قریب غیر ملکی اساتذہ کی ملازمت ختم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزارت تربیت نے ایک ہزار 815 غیر ملکی اساتذہ کو ملازمت سے فارغ کر کے ان کی جگہ کویتی شہری تعینات کر دیے ہیں۔

    تعلیم وتربیت کے اداروں میں مختلف شعبوں کے 209 غیر ملکی سربراہان کو بھی ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

    عاجل ویب کے مطابق غیر ملکیوں کو وزیر تربیت اور اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر حمد کی براہ راست ہدایت پر تدریس اور انتظامیہ کے عہدوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

    کویتی وزارت کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ حکومت نے 2017 میں سرکاری اسامیوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی جگہ کویتی شہریوں کی تقرری کے قواعد و ضوابط مقرر کیے تھے، اسی پالیسی کے تحت غیر ملکی اساتذہ اور دفتری ذمہ داران کو سبک دوش کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کویتائزیشن کے اس اقدام سے ملک میں تعلیمی عمل بہتر ہوگا، اور تربیت کے شعبے میں استحکام آئے گا، مقامی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوگی۔

    انھوں نے غیر ملکی اساتذہ کے ایثار اور اخلاص کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • عمان: غیر ملکی اساتذہ کے حوالے اہم خبر

    عمان: غیر ملکی اساتذہ کے حوالے اہم خبر

    مسقط: سلطنت عمان نے غیر ملکی اساتذہ کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان نے غیر ملکی اساتذہ کی جگہ مقامی شہری بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت برائے افرادی قوت نے عمان میں ملازمت کے تقریباً ایک ہزار مواقع فراہم کر دیے۔

    وزارت برائے افرادی قوت کے ایک آن لائن جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت برائے افرادی قوت، وزارت تعلیم کے تعاون سے مختلف شعبوں میں 997 تدریسی ملازمتوں کے موقع فراہم کر رہی ہے۔

    ان مواقع میں 68 عربی زبان کے اساتذہ، 203 ریاضی کے اساتذہ، 26 کیمسٹری اساتذہ، 34 طبیعیات کے اساتذہ، 67 حیاتیات کے اساتذہ، 107 موسیقی کے ماہر اساتذہ اور 492 فرسٹ فیلڈ اساتذہ کی سیٹیں شامل ہیں۔

    وزارت برائے افرادی قوت کے مطابق یہ ملازمتیں عمانی شہریوں کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں، وزارت کے منصوبے کے تحت عمانی اساتذہ کو غیر ملکی اساتذہ کی جگہ بھرتی کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کرونا وبا کے پیش نظر تمام خلیجی ممالک نے سرکاری، نیم سرکاری اور نجی شعبوں میں غیر ملکیوں کی جگہ اپنے شہریوں کو کھپانے کو ترجیح دی ہے۔

    خلیجی ممالک کی اس نئی پالیسی کی وجہ سے ان ممالک میں مقیم ہزاروں غیر ملکی اب تک اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، خدشہ ہے مزید غیر ملکی خلیجی ممالک میں نوکریوں سے محروم ہوں گے۔

  • سعودی حکومت کا غیر ملکی اساتذہ کے لیے اہم اعلان

    سعودی حکومت کا غیر ملکی اساتذہ کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے سفری پابندیوں کے باعث چھٹیوں کے بعد مملکت واپس نہ آنے والے غیر ملکی اساتذہ کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دے دی۔

    سعودی وزارت تعلیم نے کرونا کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باعث چھٹیوں کے بعد مملکت واپس نہ آنے والے غیرملکی اساتذہ کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دی ہے جس کے بعد غیر ملکی اساتذہ آن لائن کلاسز لینے کے ساتھ اسکول کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مجاز ہوں گے۔

    نائب وزیر تعلیم عبدالرحمنٰ العاصمی نے نجی، انٹرنیشنل اور غیرملکی اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ بیرون مملکت موجود اپنے اساتذہ کو آن لائن کلاسز اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فارم استعمال کرنے کے مواقع فراہم کریں۔

    عبدالرحمنٰ العاصمی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں تعلیمی اداروں کے سربراہ اساتذہ کی کارکردگی کی نگرانی اور نجی تعلیم کے ادارے اساتذہ کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔

    خیال رہے کہ سعودی عریبین ایئر لائنز السعودیہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی یہی کہا گیا ہے کہ بیرون ملک پروازیں تا ہدایت ثانی بند رہیں گی۔