کوئٹہ : ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس بلوچستان اور پاکستان نیوی کی مشترکہ بڑی کاروائی میں دس ہزار غیر ملکی شراب اور بئیر کی بوتلیں برامد کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس بلوچستان محمد زمان خان نے حب سوک سینٹر میں واقع اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس سائوتھ زون کے عملے اور پاکستان نیوی کے تعاون سے کاروائی گڈانی میں عمل میں لائی گئی۔
کارروائی میں دس ہزار غیر ملکی شراب اور بئیر کی بوتلیں برامد کی گئی، ،ضبط کی گئی کھیپ کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریبا 350 ملین روپے بتائی جاتی ہے۔
محمد زمان خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کاروائی محکمہ ایکسائز کی تاریخ کی ابتک کی سب سے بڑی کاروائی ہے ، جو کہ سمندری راستوں سے پاکستان میں اسمگل کی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس ساؤتھ زون نے پاک بحریہ کے تعاون سے اسمگلنگ کو ناکام بنایا۔
ڈی جی ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس بلوچستان کا کہنا تھا کہ ضبط کی گئی غیر ملکی شراب کو ایکسائز اینٹی نار کو ٹیکس ساؤتھ زون نے اپنے قبضے میں لے لیکر قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے مزید تفتیش جاری ہے۔
محمد زمان خان کے مطابق پاک بحریہ نے ایکسائز اینٹی نارکوٹیکس ساؤتھ زون کے ساتھ مل کر یہ کاروائی کامیاب بنائی ہے۔