Tag: غیر ملکی فنڈنگ کیس

  • الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی فکر کیوں لاحق ہوگئی: نعیم الحق

    الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی فکر کیوں لاحق ہوگئی: نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے آخر کیوں پاکستان تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی فکر لاحق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن 26 نومبر سے ہر روز پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے گا، اس فیصلے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کو اتنے سال بعد پی ٹی آئی پر الزامات کا خیال کیوں آیا۔

    انھوں نے سوال کیا کہ نکالے گئے شخص کے الزامات پر پی ٹی آئی کے خلاف کیوں کارروائی ہو رہی ہے؟

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن 26 نومبر سے ہر روز پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے گا، اس سلسلے میں اپوزیشن کی درخواست منظور کر لی گئی ہے، ای سی نے اسکروٹنی کمیٹی کو کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    تازہ ترین:  نعیم الحق بیمار پڑ گئے، شاہ محمود کی عیادت

    اپوزیشن رہنماؤں نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر احتجاج کیا تھا، رہبر کمیٹی کا مطالبہ تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دی گئی۔

    یاد رہے کہ نعیم الحق آج علیل تھے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسپتال میں ان کی عیادت بھی کی، اس موقع پر شاہ محمود نے کہا کہ نعیم الحق پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

  • غیر ملکی فنڈنگ کیس: شواہد طلب کرنے پر تحریک انصاف کی کل تک مہلت طلب

    غیر ملکی فنڈنگ کیس: شواہد طلب کرنے پر تحریک انصاف کی کل تک مہلت طلب

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ پاکستان تحریک انصاف عدالت کو غیر ملکی امداد کی وصولی، فنڈنگ کے ذرائع اور رقوم کے آڈٹ پر مطمئن کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی آف شور کمپنی اور پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔

    دوران سماعت الیکشن کمشن کے وکیل ابراہیم ستی نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ پارٹی کے اثاثوں میں ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی دوسری سیاسی جماعت نے اپنی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کو بتایا۔

    ان کے مطابق اگر کسی بھی سیاسی جماعت کی ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ ثابت ہوجائے تو الیکشن کمیشن سیاسی جماعت کو تحلیل اور فنڈنگ کو ضبط کر سکتا ہے۔

    چیف جسٹس نے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل انور منصور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو 3 بنیادی سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔ پہلا سوال، کیا تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ ہوئی ہے؟ دوسرا سوال کیا فنڈنگ ایجنٹ کے ذریعے ہوئی ہے؟ تیسرا سوال یہ کہ جو رقم پاکستان آئی ہے کیا اس کے بارے میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کو تفصیلات فراہم کی گئی ہیں؟

    عدالت نے غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے حنیف عباسی کے وکیل سے کیس الیکشن کمیشن کو بجھوانے سے متعلق رائے طلب کر لی۔ حنیف عباسی کے وکیل نے جواب دینے کے لیے کل تک کے لیے مہلت مانگ لی۔

    تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے بھی اپنی معاونت کے لیے ٹیکس ایکسپرٹ کی اجازت مانگ لی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی۔