Tag: غیر ملکی پرواز

  • دبئی سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    دبئی سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : دبئی سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تاہم تاہم طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی سے فیصل آباد آنے والی غیر ملکی پرواز لینڈنگ کے دوران حادثے سے بچ گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، جس پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے فوری رابطہ کیا اور کپتان کی مہارت سے جہاز بحفاظت فیصل آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد انجینئرز کی ٹیم طلب کرلی گئی اور معائنے میں انجن کو نقصان کی تصدیق ہوئی۔

    تاہم طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا، جس کے باعث فیصل آباد سے دبئی جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہے۔

    مزید پڑھیں : دبئی سے کراچی آنیوالا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    گذشتہ ماہ دبئی سے کراچی آنیوالے غیرملکی طیارے سے پرندہ ٹکرانے سے بال بال بچ گیا تھا پرواز کراچی ایئرپورٹ رن وے پر لینڈ کر رہی تھی۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ دبئی سے کراچی آنیوالے غیر ملکی طیارے کے کپتان نے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی۔

    خیال رہے ملک کے ایئرپورٹس پر پرندوں کی تاحال موجودگی محفوظ فلائٹ آپریشن کیلئے چیلنج بنا ہوا ہے۔

  • دبئی سے کراچی پہنچنے والی غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف، ترجمان پی اے اے کی تصحیح

    دبئی سے کراچی پہنچنے والی غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف، ترجمان پی اے اے کی تصحیح

    کراچی: دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والی ایک غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی سے کراچی آنے والی امارات ایئر لائنز کی پرواز کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کی بجائے ڈومیسٹک ٹرمینل پر پارک کرا دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈنگ برج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کو غلط پارک کرایا گیا تھا، تاہم غلطی کا پتا چلنے کے بعد طیارے کو پش بیک کر کے انٹرنیشنل ٹرمینل پر لایا گیا۔

    خلیجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 606 رات 12 بجکر 50 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ ہوئی تھی، غیر ملکی طیارے کی غلط پارکنگ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے حکام کی غلطی کی وجہ سے ہوئی، اور طیارہ آدھے گھنٹے تک غلط پارکنگ پر کھڑا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے غلط پارکنگ کرانے پر شکایت کی ہے۔

    دوسری طرف ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ عملے کی جانب سے کسی قسم کی غلطی نہیں ہوئی ہے، نہ ہی کپتان نے کوئی شکایت درج کرائی، ایئرپورٹ عملے نے معمول کے طریقہ کار کے مطابق کام کیا اور کسی قسم کی ’’غلط پارکنگ‘‘ نہیں ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز مقررہ آمد کے وقت سے 23 منٹ قبل رات 12 بجکر 47 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پہنچی تھی، جب کہ اس کی مختص کردہ انٹرنیشنل بے (بے نمبر 24) پر پہلے سے ایک اور پرواز (PK213) موجود تھی، چناں چہ طیارے کے کپتان سے گفتگو کے بعد اسے عارضی طور پر بے 16 پر پارک کیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ جب بورڈنگ برج بے 24 خالی ہوئی، تو طیارے کو رات 1 بجکر 25 منٹ تک وہاں منتقل کیا جا چکا تھا، کپتان کو معلوم تھا کہ وہ وقت سے پہلے پہنچے ہیں، اور انھیں اپنی مختص کردہ بے کے خالی ہونے تک انتظار کرنا تھا۔

  • دورانِ پرواز مسافر کا انتقال، غیر ملکی طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    دورانِ پرواز مسافر کا انتقال، غیر ملکی طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    کراچی : شارجہ سے ڈھاکا جانیوالی پرواز میں مسافر انتقال کرگیا، جس کے باعث غیرملکی طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں اچانک مسافر کی طبیعت خراب ہوئی ، 42سالہ مسافرکی طبیعت خراب ہونے پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی گئی۔

    ایئرٹریفک کنٹرولرکراچی کی اجازت سے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی، سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے معائنہ کیا تو مسافر کا انتقال ہوچکا تھا۔

    غیرملکی ایئرلائن کی پرواز شارجہ سے ڈھاکا جارہی تھی، ترجمان سی اےاے نے بتایا کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ایئرلائن کے حوالے کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز پونے 2 گھنٹے کراچی ایئرپورٹ پر موجود رہی اور طیارہ صبح سوا  6 بجے میت لے کر کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوا۔

  • ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا، مذکورہ ایئرپورٹس کی تمام شیڈیولڈ غیر ملکی فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی فلائٹس صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    حالیہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ سے عالمی پروازوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔

    ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے، ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611، پی اے 613، جدہ اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں جنہیں پشاور ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔ غیر متوقع فلائٹس کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔

    ملتان ایئر پورٹ پر اترنے والی بحرین، جدہ اور دبئی کی 4 پروازوں کو لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کروانے کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سیالکوٹ سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 338 اسلام آباد اور سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز او وی 302 لاہور سے روانہ ہوگی۔

    سوی ایوی ایشن کی وزیٹرز سے اپیل

    حالات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر پورٹ آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ 1 یا 2 سے زائد وزیٹر ایئر پورٹس آنے سے گریز کریں۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔ مذکورہ اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں ایئر پورٹس پر وزیٹر کی تعداد کم رکھنے پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی پروازیں فی الحال صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔