Tag: غیر ملکی پروازیں

  • غیر ملکی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    غیر ملکی پروازوں کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے سعودی عرب میں غیر ملکی آمد و رفت کے حوالے سے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ تاحال حکومت کی جانب سے کسی لائحہ عمل کا اعلان نہیں ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے تاحال بیرون ملک سے آنے والے پروازوں پر پابندی برقرار ہے اور اس حوالے سے حکام کی جانب سے کسی قسم کا لائحہ عمل جاری نہیں کیا گیا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد غیر ملکیوں کی واپسی کے بارے میں لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لیے مختلف ممالک سے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی حتمی اطلاع نہیں، جیسے ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا سرکاری سطح پر اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب میں رہنے والے تمام غیر ملکی جو خروج و عودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی کے حوالے سے بھی تاحال کسی قسم کا سرکاری اعلان جاری نہیں ہوا ہے۔

    اسی طرح وہ غیر ملکی جو اپنے وطن گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی بھی تاحال ممکن نہیں ہو رہی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران جب مملکت میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری تھا تب حکومت نے مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ کی مفت توسیع کی تھی۔

    دوسری بار ایوان شاہی سے ان تارکین کو رعایت دی گئی جو بیرون مملکت چھٹی یعنی خروج و عودہ پر گئے ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والے غیر ملکی جو حالات کے سبب سفری پابندی کی وجہ سے مقررہ مدت کے دوران اپنے ملک نہیں جاسکے تھے، ان کے ویزوں کی مدت میں بھی مفت توسیع کی گئی تھی۔

  • عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    مسقط: عمان ایئر نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر وہ بھارت کے ساتھ اپنے تمام فضائی آپریشنز معطل کر رہے ہیں، معطلی کا فیصلہ بھارت میں غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی کے بعد کیا گیا ہے۔

    عمان ایئر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان ایئر بھارت آنے اور جانے والی اپنی تمام فلائٹس کم از کم 28 مارچ تک معطل کر رہا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ فلائٹس کی معطلی بھارتی ایوی ایشن کے فیصلے کے بعد کی جارہی ہے جس میں بھارت کے تمام ایئرپورٹس سے تمام غیر ملکی پروازوں کے آنے اور جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    عمان ایئر نے اپنی فلائٹس بک کروانے والے بھارتی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت میں واقع ان کے دفتر سے رابطہ کریں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے 275 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 اموات بھی ہوچکی ہیں۔ بھارتی ایوی ایشن نے تمام غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر 28 مارچ تک پابندی عائد کردی ہے۔