Tag: غیر ملکی کرنسی

  • شادی پر دولہا کے دوستوں نے ملکی و غیر ملکی نوٹوں، موبائل کی برسات کر دی

    شادی پر دولہا کے دوستوں نے ملکی و غیر ملکی نوٹوں، موبائل کی برسات کر دی

    سیالکوٹ میں شادی پر دولہا کے دوستوں نے ملکی و غیر ملکی نوٹوں، موبائل  اور دیگر سامان کی برسات کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں ایک شاندار شادی کی تقریب کے دوران دولہا حامد علی کے دوستوں نے ڈالرز، پاؤنڈز، یورو، اور پاکستانی کرنسی کی بارش کر دی۔

      دولہا کے دوستوں نے ڈالرز سے بھرے بیگ کھول کر باراتیوں پر پھینک دیے،دولہا کے دوستوں نے لاکھوں روپے کی غیر ملکی کرنسی نچھاور کی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بارات کا قافلہ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل تھا، اور باراتی بھی اس نایاب موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پیچھے نہیں رہے، دولہا کے دوستوں نے پانچ لاکھ روپے کی سلامی کے چیک بھی پیش کیے۔

    بارات ڈسکہ کے علاقہ مترانوالی سے گوجرانوالہ کے لئے روانہ ہوئی، دولہا کے دوستوں نے دوست کی شادی کی خوشی میں میرج حال پہنچ کر بھی خوب نوٹ نچھاور کئے۔

  • گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد

    گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی: ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں پی ای سی ایچ ایس میں واقع گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کراچی نے ایک بڑی کارروائی کے دوران سرجیکل آلات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی سرکوبی کی ہے، کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ اردو بازار کراچی میں واقع اپتھلو ٹیک نامی دفتر پر چھاپا مار کارروائی کی گئی تھی، چھاپے کے دوران ملزم معصوم احمد سے چیک بکس برآمد ہوئے، جب ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ چیک کیے گئے تو اس سے مشتبہ ٹرانزیکش کے حوالے سے ریکارڈ برآمد ہوا، جس کے بعد ملزم کی نشان دہی پر پی ای سی ایچ ایس کراچی میں ایک اور چھاپا مار کارروائی کی گئی۔

    اس چھاپے کے دوران مذکورہ گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، برآمد ہونے والی کرنسی میں 63762 امریکی ڈالر، 49170 یورو، 3100 سعودی ریال، 252 سنگاپوری ڈالر، 210 قطری ریال اور 299500 پاکستانی روپے شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، چھاپے کے دوران کروڑوں مالیت کی اسمگل شدہ انڈین تیار کردہ آئی لینسز، سرجیکل کٹس، سرجیکل نائف برآمد کیے گئے، ملزمان زائد المیعاد ڈراپس، لینسز اور دیگر آلات کی دوبارہ پیکنگ کرتے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ زائد المیعاد ڈراپس کا استعمال آنکھوں کے لیے شدید نقصان دہ ہے، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    اسلام آباد: غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے نے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں 652 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جنھیں ٹھوس شواہد کی روشنی میں سزائیں دلوائی جائیں گی۔

    رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 452 چھاپا مار کارروائیاں کی گئیں، جن میں 652 ملزمان کو گرفتار کر کے 453 مقدمات درج کیے گئے، اور 56 انکوائریوں کی تفتیش مکمل کی گئی۔

    رواں سال کے دوران کے پی زون نے 308، لاہور زون نے 73، گوجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 55، ملتان زون نے 50 ملزمان کو گرفتار کیا، اسلام آباد زون نے 26، کراچی زون نے 69، حیدرآباد زون نے 27 اور بلوچستان زون نے 20 ملزمان کو گرفتار کیا، یہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، جس میں 7 لاکھ 46 ہزار 184 امریکی ڈالر، 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 3 ارب 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے شامل ہیں۔

    ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں/مارکیٹوں/ دکانوں کو بھی سیل کیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی، اور ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی ہدایت کی روشنی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

  • غیر ملکی کرنسی کا کاروبار : اسٹیٹ بینک نے بڑی پابندی لگادی

    غیر ملکی کرنسی کا کاروبار : اسٹیٹ بینک نے بڑی پابندی لگادی

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والے تجارتی پلیٹ فارمز پر پابندی لگادی، جس کے بعد ایزی فاریکس اور اوکٹافکس اب ڈالر کا غیرقانونی کاروبار نہیں کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ملک میں تمام غیرملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والے تجارتی پلیٹ فارمز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پابندی لگادی۔

    مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ ایزی فاریکس اور اوکٹافکس اب ڈالر کا غیرقانونی کاروبار نہیں کرسکیں گے۔

    اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ان پلیٹ فارمز کو نہ تو اسٹیٹ بینک اور نہ ہی سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے ذریعے ریکولیٹ کیا جاتا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ملک میں یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس ڈیجیٹل پلیٹ فارمز موجود ہیں، جوغیرقانونی طریقوں سے ملک میں غیرملکی کرنسی فروخت کرنے میں ملوث ہیں۔

    مرکزی بینک کے مطابق زیادہ تر پاکستانی اب بنیادی یا غیر فعال آمدنی کے ذریعہ ایسے ہی تجارتی پلیٹ فارمز پر انحصار کر رہے ہیں۔

    مرکزی بینک نے مجاز ڈیلرز کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ FERA کے متعلقہ سیکشنز کی تعمیل کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ادائیگی کے چینل کے ذریعے اپنے صارفین کی طرف سے اس طرح کی تمام فاریکس ٹریڈنگ، CFD ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ ویب سائٹس/ ایپلیکیشنز/ پلیٹ فارم پر ادائیگیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

  • ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی کم

    ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی کم

    کراچی: رواں برس اپریل میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد دیگر کرنسیوں کی قیمت میں بھی کمی آئی، برطانوی پاؤنڈ 205 روپے سے کم ہوکر 199 روپے پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں ڈالر سستا ہونے سے دیگر کرنسی بھی سستی ہوگئی، اپریل میں انٹر بینک میں ڈالر 6.53 روپے سستا ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر 166.70 سے سستا ہو کر 160.17 کا ہوگیا۔ ڈالر سستا ہونے سے یورو، برطانوی پاؤنڈ، سعودی ریال اور درہم بھی سستا ہوگیا۔

    اپریل میں یورو 8.96 روپے سستا ہوا اور یورو کی قیمت 183.14 سے کم ہو کر 174.18 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح ایک ماہ میں برطانوی پاؤنڈ 5.68 روپے سستا ہوا جس کے بعد برطانوی پاؤنڈ 205.41 سے کم ہو کر 199.73 روپے کا ہوگیا۔

    اس عرصے میں سعودی ریال 1.77 روپے سستا ہو کر 42.60 روپے کا ہوگیا جبکہ اماراتی درہم بھی 1.78 روپے سستا ہو کر 43.60 روپے کا ہوگیا

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا رہا ہے۔

    گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 161 روپے 90 پیسے پر پہنچ گئی۔

    اس سے قبل ڈالر کی قیمت میں 76 پیسے کمی ہوئی تھی جس کے بعد ڈالر 161.12 سے کم ہو کر 160.36 روپے پر بند ہوا۔

    ڈالر کی قیمت میں کمی سے پاکستان کے بیرونی قرضوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر سستا ہونے سے مہنگائی کی شرح بھی کم ہوگی۔