Tag: فائر

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی

    اسلام آباد: ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کی جانب سے مراسلہ دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، آج بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

    ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا ایک اور جوان شہید

    بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہوگیا۔

    ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور کے مطابق سپاہی محمد شیراز نے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نائک تنویر،لانس نائک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔

  • سعودی افواج نے حوثیوں کے داغے گئے میزائل فضا میں‌ناکام بنا دئیے

    سعودی افواج نے حوثیوں کے داغے گئے میزائل فضا میں‌ناکام بنا دئیے

    ریاض: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان پر داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بناتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سرپرستی میں مسلح جد و جہد کرنے والے حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ روز بھی جازان پر دو میزائل فائر کیے گئے تھے جسے جوابی کارروائی میں عسکری اتحاد نے پیٹریاٹ میزائل کے ذریعے تباہ کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائلوں سے حملوں میں تیزی کردی ہے جبکہ سعودی اتحاد کی فورسز بھی بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یمنی حدود سے سعودی شہریوں پر داغے گئے میزائلوں سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔

    عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے گذشتہ سعودی شہر نجران پر بھی ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا گیا تھا جبکہ جازان کو بھی دو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم دفاعی فورسز نے دونوں پر داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی سرپرستی میں مسلح کارروائیاں کرنے والے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب کو اب تک 188 سے زائد بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے ہدف بنانا چکے ہیں۔


    مزید پڑھیں : یمنی بچوں کی بس پر حملہ غلطی تھی، عرب اتحاد کا اعتراف


    یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کی سربراہی یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کی جانب سے گذشتہ ماہ یمن کے صوبے صعدہ میں اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی بس پر فضائی بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 40 بچوں سمیت 51 افراد جاں بحق جبکہ 79 زخمی ہوئے تھے۔

    عرب خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کی جانب سے یمن میں اسکول بس پر حملے کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ فضائی بمباری میں ہونے والی اموات پر افسوس ہے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ 9 اگست کو بس پر کیے گئے حملے کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں اعتراف کیا گیا ہے کہ صوبہ صعدہ میں فضائی حملوں کے دوران عسکری فورسز سے کچھ غلطیاں ہوئی تھیں۔

  • امریکہ کاشام کےخلاف فضائی کارروائی کا آغاز

    امریکہ کاشام کےخلاف فضائی کارروائی کا آغاز

    واشنگٹن : امریکہ نےشامی حکومت کےخلاف کیمیائی حملے کے جواب میں شام پر60 ٹام ہاک کروزمیزائل داغے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہےکہ مشرقی بحیرہ روم میں بحری بیڑے سے60 ٹام ہاک کروز میزائل سے شام کے ایک ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس حکام کا کہناہے کہ ان میزائلوں کے ذریعے شام کے الشعیرات ایئربیس کو نشانہ بنایا گیاجہاں 4 اپریل کو مہلک گیس حملہ کیا گیا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہناہےکہ انہوں نےشام کی فضائی بیس پر حملے کا حکم دیا تھا جہاں سے منگل کو شامی فضائیہ نے حملے کیے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پرتمام مہذب ممالک سے شام میں تنازع کو ختم کرنے میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

    خیال رہےکہ امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے شام پر فضائی حملے کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہےجس کی شامی حکومت نے تردید کی ہے۔


    شام میں کیمیائی حملہ انسانیت کی توہین ہے،صدرٹرمپ


    یاد رہےکہ 5 اپریل 2017 کووائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ادلب میں ہونے والے کیمیائی حملے میں 70 کے قریب افراد ہلاک ہوئے جن میں سے اکثریت بچوں کی تھی اور ایسا ہونا ’تمام حدود کی پامالی ہے‘۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کاکہناتھاکہ ’بشارالاسد کی حکومت کے ہولناک اقدامات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا،امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا بھر میں ہونے والے ایسے حملوں کی مذمت کرتا رہے گا‘۔

    دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹیلرسن کاکہنا تھا کہ شام کے مستقبل میں بشار الاسد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔


    شام میں کیمیائی حملے میں مرنے والوں کی تعداد 70 ہوگئی


    واضح رہےکہ دو روز قبل شام کے شمال مغربی حصے میں واقع باغیوں کے زیر کنٹرول علاقے میں جنگی جہازوں کے ذریعے کیے گئے مبینہ مہلک گیس حملے میں متعدد بچوں سمیت 70 کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • افغانستان سے کرم ایجنسی پر4مارٹرگولےفائر

    افغانستان سے کرم ایجنسی پر4مارٹرگولےفائر

    کرم ایجنسی: پاکستان کےقبائلی علاقے کرم ایجنسی میں افغانستان سے چار مارٹرگولے داغےگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کےمطابق پاک افغان سرحد کے قریب کرم ایجنسی میں سرحد پارسے 4 میزائل فائر کیے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    کرم ایجنسی کے پولیٹکل انتظامیہ کےمطابق افغانستان سے فائر کیے گئے 2 میزائل شنگک کے علاقے میں آگرے جس سے ایک دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کاکہناہےکہ 2 میزائل کچکینہ کےعلاقے خرپلان میں قبرستان پرگرے اور ایک میزائل مسجد کے قریب گرا تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے ترجمان کےمطابق میزائل افغانستان کے صوبے پکتیا سےفائر کیےگئے۔


    خیبرایجنسی میں دہشتگردوں کا حملہ ‘ جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک


    خیال رہےکہ رواں ماہ 19 مارچ کو پاکستان کےقبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کےحملے کو ناکام بناتے ہوئےسیکورٹی فورسزنے جوابی کارروائی میں 3دہشت گردوں کو ہلاک کردیاتھا۔


    پاک فوج کی افغان سرحد پر کارروائی، جماعت الاحرار کے کئی ٹھکانے تباہ


    یاد رہےکہ رواں سال 17فروری کو پاک فوج نے افغان بارڈر پر قائم دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیاتھا، کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑاتھا۔


    پاک فوج کی سرحد پار کارروائی، اہم کمانڈر سمیت 20 دہشتگرد ہلاک


    واضح رہےکہ 19 فروری کو پاک فو ج نے پاک افغان سرحد کے پار کارروائی کرتے ہوئے جماعت الااحرار کےمزیدکیمپ تباہ کردیے تھے۔کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور کو تربیت فراہم کرنے والےاہم کمانڈر رحمان بابا سمیت 20دہشت گرد ہلاک ہوگئےتھے۔