Tag: فائرنگ

  • امریکی شہری نے ’خلائی مخلوق‘ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی

    امریکی شہری نے ’خلائی مخلوق‘ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی

    امریکا میں ایک شخص نے خلائی مخلوق کو دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہوا میں گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کینٹکی میں ایک ہوٹل میں مقیم شخص نے اچانک کھڑکی سے باہر فائرنگ کردی، یہ واقعہ 11 ستمبر کی دوپہر کو پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ اسے ہوٹل کی پارکنگ میں خلائی مخلوق دکھائی دی اور اس نے انہی پر فائرنگ کی۔

    فائرنگ سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گولی برابر کے کمرے میں بھی جا گھسی۔ خؤش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    مذکورہ شخص کے ساتھ ہوٹل میں ایک خاتون بھی تھیں جو فائرنگ ہوتی دیکھ کر باتھ روم میں چھپ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ان سے کئی بار رابطہ کیا اور بتایا کہ ہوٹل میں خلائی مخلوق گھس آئے ہیں اور وہ ان پر فائرنگ کر رہا ہے۔

    پولیس نے مذکورہ شخص نے پاس سے مزید اسلحہ بھی برآمد کیا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

  • گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    گھارو میں ملزمان کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    ٹھٹھہ: صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں 2 گروپوں میں کشیدگی کے مقدمے میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے گئی جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    ترجمان ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی سخی محمد بخش اور علی نواز چنڑ شامل ہیں، فائرنگ میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران بھی گھارو پہنچ گئے ہیں، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

  • آزاد کشمیر انتخابات 2021: فائرنگ سے تحریک انصاف کارکن جاں بحق

    آزاد کشمیر انتخابات 2021: فائرنگ سے تحریک انصاف کارکن جاں بحق

    مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے موقع پر فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا 1 کارکن جاں بحق اور 2 زخمی، جبکہ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک امیدوار کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کے موقع پر پرتشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے، چڑھوئی میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا کارکن محمد ظہیر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے تحریک انصاف کا ایک اور کارکن رمضان زخمی ہوا ہے جبکہ سر پر ڈنڈے لگنے سے بھی ایک تحریک انصاف کارکن زخمی ہوا، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب انتخابی حلقے ایل اے 10 کوٹلی 3 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے قریب فائرنگ ہوئی، پولنگ اسٹیشنز 91، 92، 93، 94، 95 اور 101 میں فائرنگ کی گئی۔

    فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد یاسین کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر تاج حیدر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو شکایت جمع کروادی۔

    خیال رہے کہ آج آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 53 میں سے 45 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جس کے لیے پولنگ جاری ہے۔

  • قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والے افراد گرفتار

    قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والے افراد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ روز فائرنگ کر کے قربانی کے بھینسے کو ذبح کرنے والے افراد کے خلاف اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، فائرنگ کرنے والے کئی افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والوں کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جانور کے مالک نے ناتجربہ کار قصائی بلوایا جو بھینسے کو سنبھال نہ سکا اور جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ گیا۔

    مقدمے میں کہا گیا کہ جانور قابو میں نہ آیا تو مالک نے مسلح ساتھیوں کی مدد لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے بیشتر مسلح افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا گیا، بیشتر مسلح افراد کے پاس اسلحے کے لائسنس تھے۔

    پولیس کے مطابق مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز عید کے دن سپر ہائی وے سے متصل ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا جب قربانی کا جانور بے قابو ہو کر دوڑ پڑا، بپھرے بھینسے کو قابو کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد ‏اسے گولیاں ماری گئیں۔

    جانور کے مالک اور اہل علاقہ نے کلاشنکوف، رپیٹر اور ٹی ٹی کے ذریعے بھینسے کو نشانہ بنایا اور کھلے عام فائرنگ کرتے رہے، ٹانگ پر گولی لگنے سے بھینسا زخمی ہو گیا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے گزشتہ روز ہی کارروائی کی اور ویڈیو میں دکھائی دینے والے 3 سے 4 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • امریکا: تین شہروں میں دہشت پھیلانے والے لڑکے نے پولیس بیان میں عجیب بات بتا دی

    امریکا: تین شہروں میں دہشت پھیلانے والے لڑکے نے پولیس بیان میں عجیب بات بتا دی

    ایریزونا: امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے فینکس میں 90 منٹ ڈرائیو کے دوران فائرنگ کے واقعے نے تین شہروں میں چند گھنٹوں کے اندر دہشت پھیلا دی تھی، پولیس نے فائرنگ کرنے والے 19 سالہ لڑکے کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایریزونا کے بلدیہ فینکس میں فائرنگ واقعے کی فرد جرم ایک نوجوان پر عائد کر دی گئی ہے، حکام نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز ہونے والے اس واقعے میں 1 شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

    عدالت میں پیش کردہ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایریزونا کے لڑکے 19 سالہ اشین ٹرائیکاریکو نے فینکس میں سڑکوں پر تین گھنٹوں تک ڈرائیو کرتے ہوئے جگہ جگہ فائرنگ کی، جس سے ایک شخص ہلاک ہوا، اور ایک درجن لوگ زخمی ہوئے۔

    جمعے کو جمع کرائے گئے عدالتی کاغذات کے مطابق لڑکے نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ سمجھ رہا تھا کہ ایک اور جگہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کی وجہ سے لوگ اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔

    لڑکے پر عدالت میں جمعرات کو تین شہروں میں کم از کم 8 مقامات پر ایک سفید ایس یو وی گاڑی سے دیگر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں پر فائرنگ کرنے کا فرد جرم عائد کر دیا گیا، اس واقعے نے پورے علاقے میں ہر طرف دہشت پھیلا دی تھی۔

    ٹرائیکاریکو نے پولیس بیان میں کہا کہ فینکس میں ایک ماہ قبل وہ سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کے دوران فائرنگ کے ایک واقعے میں ملوث تھا، اس وجہ سے وہ سمجھ رہا تھا کہ لوگ اس کے پیچھے ہیں، آس پاس چلنے والی ہر گاڑی سے ہر آدمی اس کی طرف پستول تانے دکھائی دیتا تھا۔

    انیس سالہ لڑکے کو عدالت میں پیشی کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔

  • امریکا: راہ چلتے بچوں پر فائرنگ کردی گئی

    امریکا: راہ چلتے بچوں پر فائرنگ کردی گئی

    امریکا میں دو افراد کے درمیان ہاتھا پائی اس وقت ہولناک صورت اختیار کر گئی جب دونوں کے درمیان بچے آگئے اور ایک فریق نے براہ راست ان پر فائرنگ کردی۔

    امریکی شہر نیویارک میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے جاری کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو افراد ایک دوسرے کا پیچھا کرتے ہوئے تیزی سے بھاگ رہے ہیں، اچانک آگے والا شخص دو راہگیر بچوں سے ٹکراتا ہے اور انہیں بطور ڈھال اپنے اوپر گرانے اور کھینچنے کی کوشش کرتا ہے۔

    اس دوران دوسرا شخص بھی اس کے سر پر پہنچ جاتا ہے اور بغیر سوچے سمجھے فائرنگ شروع کردیتا ہے۔ گرنے والا شخص مسلسل بچوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور فائرنگ کرنے والا بھی کئی فائر کرتا ہے۔

    خوش قسمتی سے دونوں بچے فائرنگ کی براہ راست زد میں ہونے کے باوجود محفوظ رہتے ہیں اور فائرنگ کا نشانہ بننے والا شخص زخمی ہوجاتا ہے۔

    پولیس کے مطابق بچی کی عمر 10 سال اور بچے کی عمر 5 سال تھی، ایک موقع پر بچی چھوٹے بچے کو بچانے کے لیے اپنے بازوؤں کے حصار میں بھی لے لیتی ہے۔

    فائرنگ کرنے والا ملزم ایک اور شخص کے ساتھ اسکوٹر پر جائے وقوعہ سے فرار ہوجاتا ہے۔

    نیویارک پولیس نے واقعے کی ویڈیو جاری کر کے عوام سے ملزم کی شناخت کرنے اور اسے ڈھونڈنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • بھارت: آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ پر دو گروپوں میں تصادم

    بھارت: آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ پر دو گروپوں میں تصادم

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کا خوفناک پھیلاؤ اور آکسیجن کی قلت امن و امان کے مسائل بھی کھڑے کرنے لگی، ریاست گجرات میں آکسیجن سلنڈر کے معاملے پر دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس کے دوران فائرنگ بھی ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں آکسیجن سلنڈرز کی ری فلنگ کے دوران طویل قطار میں کھڑے دو افراد آپس میں لڑ پڑے۔

    دونوں افراد اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کا کام کرتے ہیں، دونوں کے درمیان پہلے زبانی تلخ کلامی ہوئی جس کے دوران ایک شخص نے جیب سے پستول نکال کر زمین کی طرف گولی چلا دی۔

    اس موقع پر وہاں موجود پولیس کانسٹیبل نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے مزید فائرنگ کی جس کے بعد وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔

    کانسٹیبل نے فوری طور پر مزید پولیس فورس طلب کی، لیکن اس سے قبل ہی دونوں کے ساتھ آئے افراد آپس میں گتھم گتھا ہوچکے تھے جبکہ انہوں نے وہاں پارک کی ہوئی گاڑیوں کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا تھا۔

    پولیس کے آنے سے قبل دونوں گروپوں کے افراد منتشر ہوگئے۔

    مقامی پولیس نے متعدد افراد کے خلاف انتشار پھیلانے اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

  • کراچی: لیاری کھڈہ مارکیٹ کے قریب ہوٹل پر فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق

    کراچی: لیاری کھڈہ مارکیٹ کے قریب ہوٹل پر فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق

    کراچی: لیاری کھڈہ مارکیٹ کے قریب ہوٹل کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری کھڈہ مارکیٹ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونیوالے امان اللہ کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہوٹل کے باہر پیش آیا، فائرنگ کا نشانہ بننے والے ہوٹل کے گاہک تھے، ہوٹل مالک کے مطابق اس کی کسی سے دشمنی نہیں۔

    پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں ، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا جائے گا۔

  • "مہنگے” سموسوں نے دکاندار کی جان لے لی

    "مہنگے” سموسوں نے دکاندار کی جان لے لی

    بھارت میں سموسے کی قیمت پر ہونے والا جھگڑا س قدر بڑھ گیا کہ دکاندار کی جان لے گیا، پولیس ملزم کی تلاش میں سرگرداں ہے۔

    بھارتی ریاست بہار میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف کی فضا پھیل گئی، واقعہ بہار کے علاقے روہتناگ میں ایک کنفیکشنری دکان پر پیش آیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق 2 افراد نے سموسوں کی قیمت پر دکاندار سے بحث شروع کی، اس دوران دکان کے اندر سے دوسرا بھائی بھی نکل آیا۔

    جھگڑا اتنا بڑھا کہ خریدنے والے نے جیب سے پستول نکال کر دونوں پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے بعد 26 سالہ بھائی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرے چھوٹے بھائی کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے، پولیس علاقے کا گشت بھی کر رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • براہ راست رپورٹنگ کے دوران بیک گراؤنڈ میں فائرنگ شروع ہوگئی

    براہ راست رپورٹنگ کے دوران بیک گراؤنڈ میں فائرنگ شروع ہوگئی

    امریکا میں ایک رپورٹر کی ٹی وی پر براہ راست رپورٹنگ کے دوران پس منظر میں گولیاں چل پڑیں، رپورٹر زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں سان ڈیاگو کنونشن سینٹر کے باہر فاکس 5 ٹی وی کا رپورٹر جیف مک ایڈم انٹرٹینمنٹ ایونٹ کامک کون کے منسوخ ہونے کی خبر دے رہا تھا۔

    رپورٹنگ کے دوران اچانک گولیاں چلنے کی آواز آتی ہے تاہم رپورٹر اپنی رپورٹنگ جاری رکھتا ہے۔

    چند لمحوں تک جب فائرنگ جاری رہی تو رپورٹر کو مجبوراً کامک کون کو چھوڑ کر اپنے پس منظر پر توجہ دینی پڑی، اس نے کہا کہ یہاں پر کچھ ہو رہا ہے میرا خیال ہے کہ یہاں پولیس افسر شوٹ آؤٹ میں مصروف ہیں۔

    اس دوران کیمرا مین بھی کیمرے کو گھما کر وقوعہ کو فوکس کرتا ہے جس میں ایک شخص اپنے دونوں ہاتھ بلند کیے آگے بڑھتا دکھائی دیا ہے۔

    دراصل اس شاہراہ پر پولیس نے ایک 29 سالہ شخص کو گاڑی سے اترنے کے لیے کہا تھا لیکن اس شخص نے گاڑی سے اترتے ہی گولیاں چلا دیں، جواباً پولیس نے بھی فائرنگ کی۔

    چند لمحے کی فائرنگ کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا، خوش قسمتی سے کوئی شخص واقعے میں زخمی نہیں ہوا البتہ وہاں سے گزرتا ایک راہگیر اس طرح گولی کا نشانہ بنا کہ گولی اس کی جیب میں موجود کسی شے میں اٹک گئی اور جسم تک نہ پہنچ سکی۔

    مذکورہ شخص زخمی ہونے سے محفوظ رہا البتہ اسے چیک اپ کے لیے اسپتال روانہ کردیا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی وجہ بننے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل سمیت متعدد دفعات عائد کی جاسکتی ہیں۔