Tag: فائرنگ

  • امریکا: سفاک ماں نے 2 سالہ بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

    امریکا: سفاک ماں نے 2 سالہ بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

    واشنگٹن: امریکا میں سفاک ماں نے اپنی 2 سالہ بیٹی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر ملواکی میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں 22 سالہ ماں جیسمین ڈینیل نے اپنی کمسن بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق قتل کے الزام میں گرفتار ہونے والی 22 سالہ جیسمین نے کم از کم پانچ بار اپنے بیانات تبدیل کیے اور یہاں تک کہ اپنے 3 سالہ بیٹے کو بھی مورد الزام ٹھہرایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صبح 7 بجکر 30 منٹ پر عینی شاہدین نے فائرنگ کی آواز سنی اور جیسمین کو اپنی بچی کے ساتھ باہر بھاگتے ہوئے دیکھا جسے گولی لگی تھی۔

    پیرا میڈکس نے 2 سالہ بچی کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ اسپتال منتقل کرنے کے دوران جان کی بازی ہار گئی۔

    جیسمین ڈینیل نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ اپنے 3 سالہ بیٹے اور 2 سالہ بیٹی کے ساتھ تہہ خانے میں تھی جہاں ٹیبل پر ایک بندوق پڑی ہوئی تھی۔ ملزمہ کا کہنا تھا کہ اچانک مجھے گولی چلنے کی آواز سنائی دی اور جب میں نے دیکھا تو میرا تین سالہ بیٹا رو رہا تھا اور 2 سالہ بیٹی خون میں لت پت تھی۔

    ملزمہ نے تفیتش کے دوران اپنے تین سالہ بیٹے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حادثاتی طور پر گولی چلی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ رہائش گاہ کی تلاشی کے دوران انہیں منشیات، ہینڈ گن ملی لیکن واردات میں استعمال ہونے والی بندوق نہیں ملی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے فائرنگ کے واقعے کے کچھ دن بعد اعتراف کر لیا کہ مجھ سے غلطی سے گولی چلی۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ جیسمین نے اعتراف کیا کہ وہ تہہ خانے میں اپنی بندوق کے ساتھ کھیل رہی تھی اور اس دوران گولی چلنے سے اس کی دو سالہ بیٹی کی موت واقع ہوئی۔

  • تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، لانس نائیک شہید، 3 جوان زخمی

    تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، لانس نائیک شہید، 3 جوان زخمی

    راولپنڈی: تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید اور 3 جوان زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید اور 3 جوان زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، سرچ آپریشن جاری ہے، فائرنگ کا واقعہ تربت سے 35 کلو میٹر دور کیچ کے علاقے میں پیش آیا۔

    شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 4 جوان شہید،4 دہشت گرد ہلاک

    اس سے قبل رواں ماہ 12 جولائی کو شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

    شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ، کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ سے کیپٹن سمیت 2 جوان شہیداور 2 زخمی ہوگئے تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

  • امریکی دارالحکومت میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 8 زخمی

    امریکی دارالحکومت میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 8 زخمی

    واشنگٹن: امریکی دارالحکومت میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے، پولیس نے واقعے سے متعلق کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا  واقعہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے نارتھ ایسٹ میں 14اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، پولیس کو فائرنگ میں ملوث 3 سیاہ فام ملزمان کی تلاش ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہی گاڑی میں سوار تین ملزمان آئے اور سڑک پر موجود افراد پر اندھادھن فائرنگ شروع کردی جس کے باعث ایک شخص ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔

    امریکا میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 6 افراد ہلاک

    ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ملزمان کے پاس کلاشنکوف تھی جبکہ ایک ملزم ٹی ٹی پستول تھامے ہوئے تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں 2 کی حالت تشویش ناک ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد تمام افراد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • کراچی میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی

    کراچی میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی ہوگیا، پویس نے انچارج سمیت 4 کسٹم اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کسٹم حکام کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کو تشویش ناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ زخمی شہری مراد کو کلاشنکوف کی گولی لگی۔

    پولیس کے مطابق چھالیہ اسمگلنگ کرنے والے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیےگئے۔پولیس نے بتایا کہ کسٹم حکام کو لینڈ کروزر میں چھالیہ اسمگلنگ کی اطلاع ملی تھی، کسٹمز عملے نےگاڑی روکنے کی کوشش کی مگر نہ رکی۔کسٹمز اہلکاروں نے گاڑی نہ رکنے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کچھ گولیاں گاڑی پر اور ایک گزرتے راہگیر کو لگی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ انچارج سمیت 4 کسٹم اہلکاروں کو حراست میں لیا ہے، کسٹم حکام کے پاس سرکاری کلاشنکوفیں تھی۔

  • میکسیکو میں فائرنگ،24 افراد ہلاک، 7 زخمی

    میکسیکو میں فائرنگ،24 افراد ہلاک، 7 زخمی

    میکسیکو: میکسیکو میں نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 24 افراد کو ہلاک اور 7 کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی وسطی ریاست گیانا جوٹو میں غیر قانونی طور پر قائم نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز میں فائرنگ سے 24 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ فائرنگ کے دوران بحالی مرکز میں موجود افراد زمین پر لیٹ گئے تھے۔

    گورنر ڈیا گو سنہو روڈریگز ویلجیو کا کہنا ہے کہ حملے کا اب تک مقصد سامنے نہیں آیا، تاہم لگتا ہے کہ اس میں منشیات کے گروہ ملوث ہیں۔

    میکسیکو کے منشیات کے گروہوں نے ماضی میں بھی ایسی سہولیات میں پناہ دینے والے حریف گروہوں کے مشتبہ ڈیلروں کو ہلاک کیا ہے۔

    یاد رہے کہ 2010 میں شمالی میکسیکو کے شہر چی ہوا ہوا میں بحالی مرکز پر حملے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس کے بعد سے اس طرح کے مراکز پر ایک درجن سے زائد حملے ہوچکے ہیں۔

  • کیلی فورنیا میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک

    کیلی فورنیا میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر ریڈ بلف میں وال مارٹ کمپنی میں مسلح شخص نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آور وال مارٹ کمپنی کا سابق ملازم ہے، جس کی عمر 31 تھی تاہم ابھی تک فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    کینیڈا میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 16 افراد ہلاک

    اس سے قبل رواں سال اپریل میں کینیڈا کے مشرقی صوبے نووا اسکوشیا میں کرونا وائرس بحران کے دوران بھی فائرنگ کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے 16 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مسلح شخص نے لاس اینجلس جانے والی بس پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ، 4 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ، 4 کشمیری شہید

    سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کر کے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، قابض فورسز نے شوپیاں میں نام نہاد آپریشن کی آڑ میں 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا، جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

    کشمیریوں نے قابض بھارتی فوج کی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔بھارتی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس اور لوہے کے چھروں کا استعمال کیا جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 6 مئی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیری کمانڈر ریاض نائیکو کو شہید کیا تھا، ریاض نائیکو کو برہان وانی کی شہادت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال پانچ اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی درجے کا خاتمہ کر دیا تھا جس کے بعد سے وہاں کرفیو نافذ ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں بھارتی فورسزنے خواتین سمیت 210 کشمیریوں کو شہید کیا، 2 ہزار سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی ہوئے جبکہ 64 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    کشمیرمیڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 249 گھروں کوتباہ کیا جبکہ پیلیٹ گن کے چھروں سے 827 کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ،3 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ،3 کشمیری شہید

    سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے شوپیاں میں 3 کشمیری نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے شوپیاں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ بھارتی فورسز نے شوپیاں،قریبی علاقوں میں متعدد نوجوانوں کوگرفتار کرلیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 6 مئی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیری کمانڈر ریاض نائیکو کو شہید کیا تھا، ریاض نائیکو کو برہان وانی کی شہادت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

    کشمیرمیڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں بھارتی فورسزنے خواتین سمیت 210 کشمیریوں کو شہید کیا، 2 ہزار سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی ہوئے جبکہ 64 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    کشمیرمیڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 249 گھروں کوتباہ کیا جبکہ پیلیٹ گن کے چھروں سے 827 کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی۔

  • سڑک پار کرنے والے جوڑے کی پولیس پر اچانک فائرنگ، ویڈیو دیکھیں

    سڑک پار کرنے والے جوڑے کی پولیس پر اچانک فائرنگ، ویڈیو دیکھیں

    میکسیکو: شمالی امریکا میں واقع ملک میکسیکو کے ایک علاقے میں دن دہاڑے چلتی ٹریفک کے دوران نا معلوم افراد نے اچانک پولیس افسران پر فائر کھول دیا، جس سے افسران کے اوسان خطا ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی وسطی میکسیکو میں 4 مسلح افراد نے سڑک کے بیچ اچانک رک کر گاڑی میں بیٹھے پولیس افسران پر فائرنگ کھول دی، تاہم وہ اس خطرناک حملے میں محفوظ رہے۔

    حملہ آور دو جوڑوں کی شکل میں سامنے آئے تھے، وہ ایسے ظاہر کر رہے تھے جیسے میاں بیوی ہوں، یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو گودالوپ کے علاقے زکاٹیکس میں پیش آیا، جب ایک مرد اور عورت ہاتھ میں ہاتھ دیے اچانک چلتی ٹریفک کے بیچ نکل آئے تھے۔

    ایک سرویلنس کیمرے نے یہ منظر محفوظ کر لیا تھا، گودالوپ میونسپل پولیس کی خاتون افسر جو پولیس گاڑی چلا رہی تھیں، نے اچانک بریک لگائے اور سامنے آنے والے جوڑے کو گزرنے دیا، لیکن وہ اچانک رکے اور پولیس گاڑی کی طرف گولیاں برسانے لگے۔

    پولیس کی گاڑی پر لگے کیمرے کے فوٹیج نے ایک اور جوڑے کا بھی انکشاف کیا، جو کچھ فاصلے پر کھڑا تھا، چاروں حملہ آوروں نے چند فٹ کے فاصلے سے پولیس گاڑی پر کم از کم 20 فائر مارے اور بھاگ گئے، محکمہ پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور تاحال مفرور ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

    اس ناگہانی حملے میں پولیس اہل کار خوش قسمتی سے بچ گئے، تاہم گاڑی کو گولیاں لگیں، حملے کے دوران ایک راہ گیر خاتون درمیان میں پھنسنے کے باعث نروس بریک ڈاؤن سے گر کر بے ہوش ہو گئی تھی۔

  • بھارتی سیاست دان گاؤں والوں کے ہاتھوں قتل، ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ

    بھارتی سیاست دان گاؤں والوں کے ہاتھوں قتل، ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں معمولی تنازعے پر علاقے کے اہم سیاسی رہنما اور اس کے بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق دونوں خاندانوں میں پرانی رنجش تھی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں چند مسلح افراد نے سماج وادی پارٹی کے لیڈر چھوٹے لال دواکر اور ان کے بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا، مقتول کی اہلیہ گاؤں کی سردار ہیں۔

    پولیس کے مطابق گاؤں کے باہر سڑک کی تعمیر کا کام جاری تھا اور اسی معاملے پر منگل کی صبح 8 بجے لال دواکر کا گاؤں کے ایک بڑے خاندان کے افراد سے جھگڑا ہوگیا۔

    جھگڑا بڑھنے پر مذکورہ افراد نے 45 سالہ لال دواکر اور ان کے 22 سالہ بیٹے سنیل پر لگاتار فائرنگ کردی، باپ بیٹے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    موقع پر موجود افراد میں سے کسی شخص نے تمام واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کردی۔

    دہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں افراتفری پھیل گئی، فوراً ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کا جائزہ لیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

    کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے گاؤں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خاندانوں کے درمیان پرانی رنجش ہے۔

    مقتول سنیل کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی جبکہ اس کے والد لال دواکر علاقے میں ایک اہم دلت لیڈر کے طور پر جانے جاتے تھے۔

    لال دواکر کو گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا تھا لیکن کانگریس سے اتحاد کے بعد مذکورہ سیٹ کانگریس کے حصے میں چلی گئی تھی جس کے بعد چھوٹے لال دواکر الیکشن نہیں لڑ سکے تھے۔