Tag: فائرنگ

  • بلوچستان میں 2 مختلف واقعات میں7 جوان شہید، آئی ایس پی آر

    بلوچستان میں 2 مختلف واقعات میں7 جوان شہید، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں دو مختلف واقعات کے دوران 7 جوان شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں ایف سی کی گاڑی گزشتہ رات بارودی سرنگ سےٹکرائی جس کے نتیجے میں جےسی او سمیت 6 جوان شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجازاحمد،نائیک مولا بخش،نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔

    دوسری جانب بلوچستان کے علاقے کیچ میں فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی امداد علی شہید ہوگئے۔

    بلوچستان، فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، افسر اور 5 سپاہی شہید

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں افسر اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں میجر ندیم عباس بھٹی، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاک افغان سرحد کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

  • ایل او سی پر فائرنگ: بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

    ایل او سی پر فائرنگ: بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی سفارتی کار کو طلب کر کے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کر کے ایل او سی پر فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے،بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل بھاری ہتھیاروں شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے،بھارت اس سال957 مرتبہ سیز فائرکی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی اقدامات 2003 کے فائر بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے، بھارتی رویے سے علاقائی امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایل او سی کے بگسر سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل بھی جندورٹ اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون شہید جبکہ ایک معصوم بچی زخمی ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

  • ماسک نہیں پہنوں گا، خریدار نے سپر اسٹور کے سیکورٹی گارڈ کو گولی مار دی

    ماسک نہیں پہنوں گا، خریدار نے سپر اسٹور کے سیکورٹی گارڈ کو گولی مار دی

    مشی گن: امریکا میں خریدار نے بغیر ماسک لگائے سپر اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران تلخ کلامی پر سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کے شہر فلنٹ میں ڈالر سپر اسٹور پر کسٹمر کی فائرنگ سے 43 سالہ سیکورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سپراسٹور کے دروازے پر کھڑے سیکورٹی گارڈ اور خریدار کے درمیان تلخ کلامی جاری ہے اور اسی دوران کسٹمر نے گارڈ پر فائرنگ کر دی۔

    عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے شہری کو ماسک لگائے بغیر اسٹور میں داخل ہونے سے منع کیا تھا جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ پولیس نے گارڈ کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد بھی 2 لاکھ 48 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

    امریکا میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 11لاکھ 88 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ہلاک افراد کی تعداد ساڑھے 68 ہزار سے اوپر ہوچکی ہے۔

  • بھارتی فوج کے مظالم رمضان میں بھی نہ رک سکے،3 کشمیری نوجوان شہید

    بھارتی فوج کے مظالم رمضان میں بھی نہ رک سکے،3 کشمیری نوجوان شہید

    سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فوج کے مظالم رمضان المبارک میں بھی نہ رک سکے، کلگام میں 3 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

    کشمیر میڈیا سرورس کے مطابق6 روز میں شہیدکشمیری نوجوانوں کی تعداد 16 ہوگئی،بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو محاصرے کے دوران شہیدکیا،بھارتی فوج نے گھرگھر تلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کوگرفتار بھی کیا۔

    اس سے قبل 25 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما کے علاقے اونتی پورہ میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

    سال 2019 میں بھارتی فورسز نے 210 کشمیریوں کو شہید کیا

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں بھارتی فورسز نے خواتین سمیت 210 کشمیریوں کو شہید کیا، 2 ہزار سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی ہوئے جبکہ 64 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    کشمیرمیڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 249 گھروں کوتباہ کیا جبکہ پیلیٹ گن کے چھروں سے 827 کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی۔

  • پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا، جنگی بحری اور ہوائی جہازوں نے سطح سمندر پر مارکرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق جنگی بحری اور ہوائی جہازوں نے سطح سمندر پر مارکرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے، میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود نے میزائلز فائرنگ کا مشاہدہ کیا، انہوں نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

    اس سے قبل بھی پاک بحریہ نے بحیرہ عرب اور مکران کوسٹ پر مختلف میزائلز فائر کرنے کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    جنگی بحری و ہوائی جہاز نے سطح سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے، پاک بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پر میزائل فائر کر کے ہدف کو تباہ کیا جبکہ زیر سمندر روایتی آبدوز سے بھی زمین پر میزائل فائر کیا گیا تھا۔

  • پاکستان کا کینیڈا میں فائرنگ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

    پاکستان کا کینیڈا میں فائرنگ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کینیڈا میں فائر نگ واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کینیڈا کے علاقے نووا سکوشیا میں فائرنگ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ ہم اس واقعے پر اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہیں اور فائرنگ کے واقعے میں نشانہ بننے والے بے گناہوں کے اہل خانہ کے دکھ میں شریک ہیں۔ عائشہ فارقی نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں کینیڈا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

    کینیڈا میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 16 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کے صوبے نووا سکوشیا میں پولیس کی وردی میں ملبوس حملہ آور کی فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ حملہ آور کو بھی ہلاک کردیا۔

    اس سے قبل گزشتہ سال کینیڈا کے شہر کیوبک میں مسجد میں فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو شہید کرنے والے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

  • بھارتی اشتعال انگیزی، پاکستان کا عالمی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    بھارتی اشتعال انگیزی، پاکستان کا عالمی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی پر پاکستان نے عالمی اداروں سے ایک بار پھر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کو بھارت کے جارحانہ رویے کا نوٹس لینا چاہیے، بھارت کے رویے میں ذرہ برابر تبدیلی دیکھنے میں نہیں آرہی۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر خلاف ورزیوں میں اضافہ ہورہا ہے، بھارت کی جانب سے ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے، ایل او سی پر جارحانہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    بھارتی فوج کی ایل اوسی پرجارحیت، 24 گھنٹے کے دوران 2 لڑکیوں سمیت 6شہری زخمی

    شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جاری رکھا ہوا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کی تبدیلی میں مصروف ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 شہری زخمی ہوگئے، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2لڑکیوں سمیت 6شہری زخمی ہوچکے ہیں۔

  • موبائل فون پر مذاق نے 2 خواتین کی جانیں لے لیں

    موبائل فون پر مذاق نے 2 خواتین کی جانیں لے لیں

    دیامر: گلگت بلتستان میں معمولی تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں پیش آیا، جہاں موبائل فون پر مذاق دو خواتین کے لیے جان لیوا ثابت ہوا، فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل فون پر مذاق کرنے پر ملزم نے طیش میں آکر کزن سے جھگڑا کیا، ملزم کی سگی بہن اور چچازاد بہن نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی، جس پر گولیاں چل گئیں۔

    فائرنگ کے نتیجے میں دونوں خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں۔ ممکنہ طور پر جلد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئے گی، موبائل فون پر مذاق کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • راولپنڈی: معمولی تنازع پر گولیاں چل گئیں، 2 افراد جاں بحق

    راولپنڈی: معمولی تنازع پر گولیاں چل گئیں، 2 افراد جاں بحق

    راولپنڈی: پنجاب میں ڈرائیورز کے درمیان معمولی تنازع پر گولیاں چل گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیش آیا۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں فائرنگ کے باعث 2 افرادجاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈمپر اور رکشہ کی ٹکر پر تلخ کلامی پر پیش آیا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مقتولین تلخ کلامی ہونے پر صلح صفائی کے لیے آئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہوگیا۔

    گزشتہ ہفتے شہرِ‌قائد کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔

    کراچی فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق

    یاد رہے کہ 15 جنوری کو شہر قائد میں 48 گھنٹوں کے دوران دو پولیس اہلکارجاں بحق ہوئے تھے، ایک اہلکار نیو کراچی کی حدود میں واقع انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے شہید ہوا جس کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی تھی، جبکہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گشت پر مامور اہلکار پر ڈاکوں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا تھا۔

  • سفاک بیٹے نے ماں اور اپنے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، باپ شدید زخمی

    سفاک بیٹے نے ماں اور اپنے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، باپ شدید زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، درندہ صفت بیٹے نے مبینہ طور پر ماں اور اپنے بھائی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ اس دوران باپ شدید زخمی ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا، جہاں نابالغ بیٹے نے اپنی ماں اور 6 سالہ بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے راہ فرار اختیار کرلی۔

    ورجینیا پولیس نے 17 سالہ ’ہینری‘ نامی مبینہ قاتل کو مسلح اور خطرناک قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پولیس نے شہریوں کو خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ جو بھی شخص مبینہ قاتل کو دیکھے تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کرے تاکہ اس کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے دوران باپ گھر پہنچا تو قاتل بیٹے نے اس پر بھی فائرنگ کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ بعد ازاں سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور گھر کی تلاشی لینا شروع کی تاہم اس وقت تک قاتل فرار ہوچکا تھا۔ متعلقہ ادارے نے علاقہ مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ لڑکے کی گرفتاری کے بعد ہی سامنے آئے گی۔