Tag: فائرنگ

  • اردن : اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

    اردن : اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

    عمان : اردن میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی جبکہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اردن کے دارالحکومت کے قریب واقع اسرائیلی سفارت خانے پر اتوار کو صبح سویرے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک اور سکیورٹی سروسز کے تین اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آواز سننے کے بعد اردنی پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے اسرائیلی سفارتخانے کے اطراف علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    رپورٹ کے مطابق عمان کے علاقے ربیعہ میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب ایک مسلح شخص نے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔”

    واضح رہے کہ اردن کی ایک کروڑ 20 لاکھ نفوس کی آبادی میں سے اکثریت کا تعلق فلسطین ہے جو خود یا پھر ان کے والدین 1948 میں فلسطین سے بھاگ کر اردن آ گئے تھے اور یا انہیں نکال دیا گیا تھا۔ ان میں اکثر کے دریائے اردن کی اسرائیلی طرف پر رہنے والوں کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ علاقہ اکثر اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا مرکز رہا ہے، اردن میں غزہ جنگ کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کی شدت زیادہ دیکھی گئی ہے، اور یہ مظاہرے پورے خطے میں سب سے بڑے اور پرامن شمار کیے جاتے ہیں۔

  • لاہور : خطرناک اجرتی قاتل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : خطرناک اجرتی قاتل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن اور مسلح ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے اس دوران انتہائی خطرناک شوٹر اور اجرتی قاتل اعظم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے خواجہ رمضان کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کا عملہ اجرتی قاتل ملزم اعظم کو ساتھیوں کی گرفتاری اور آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے کاہنہ لے کر جارہا تھا۔

    ڈی ایس پی او سی یو ماڈل ٹاؤن کے مطابق نامعلوم ملزمان نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے اجرتی قاتل اعظم شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین اور خطرناک وارداتوں میں ملوث تھا
    ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے۔

    ہلاک ہونے والے اجرتی قاتل کے ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 6 نومبر کو لاہور میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ ڈیفنس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا میں اجرتی قاتل محمد ریاض اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم ریکوری کے لیے لے جاتے ہوئے چھڑانے کی کوشش کے دوران گولیاں لگنے سے ہلاک ہوا۔

  • اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید

    اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر حیدر شاہ شہید ہوگئے، جبکہ شہداد کوٹ میں ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔

    فائرنگ کا واقعہ سب انسپکٹر حیدر علی شاہ کے گھر کے باہر پیش آیا، گولیاں لگنے بعد ان کو انتہائی تشویشناک حالت میں پولی کلینک منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سب انسپکٹر حیدر علی شاہ شعبہ تفتیش تھانہ انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے حیدر علی شاہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    شہداد کوٹ : ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی پولیس اہلکار شہید

    علاوہ ازیں شہداد کوٹ میں سبزی منڈی روڈ پر ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی پولیس اہلکار اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    شہداد کوٹ پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے شدید زخمی اہلکارکو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    شہید اہلکار گزشتہ روز تھانہ اے سیکشن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران زخمی ہوا تھا، شہید اہلکار گدا حسین کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک ملزمان نے فائرنگ کردی۔

  • شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان کے دری ڈھولے والی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، اس واقعے کے بعد 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں گروہوں کے افراد ریکارڈ یافتہ اور کرمنلز ہیں۔

  • پنجگور : مسلح افراد کی فائرنگ،7 افراد جاں بحق

    پنجگور : مسلح افراد کی فائرنگ،7 افراد جاں بحق

    پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 7افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ایک کوارٹر پر کی جانے والی فائرنگ سے 7افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    پنجگور پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے، جاں بحق افراد کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے متعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ہلاک شدگان کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سمیت دیگر علاقوں سے تھا یہ تمام مزدور ایک کوارٹر میں مقیم تھے۔

    مسلح افراد نے کوارٹر میں گھس کر تمام مزدوروں پر گولیاں برسا دیں مقتولین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی کا 7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام ترہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

  • کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی میں شیر شاہ چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

      ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار کی شناخت خدا بخش جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ریڑھی بان کی شناخت غوث اللہ کے نام سے ہوئی۔

    ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق مختلف اطلاعات سامنے آرہی ہیں واقعہ ڈکیتی ہے یا پھر ٹارگٹ، تحقیقات کررہے ہیں۔

    ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس اہلکار کا اسلحہ چھینا اسی سے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں ریڑھی بان بھی آیا جو جاں بحق ہوا، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے چار خول تحویل میں لئے ہیں۔

    فیضان علی نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے کیمراز سے فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں ریڑھی بان کا تعلق کوئٹہ سے ہے اطراف میں اب تک ڈکیتی کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی کرائم سین انویسٹی گیشن یونٹ کی ٹیم موقع پر موجود ہے۔

  • مانسہرہ: گاڑی پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، 13 سالہ بیٹی اور بیٹا اغوا

    مانسہرہ: گاڑی پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، 13 سالہ بیٹی اور بیٹا اغوا

    مانسہرہ: موٹروے پولیس لائن کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، ماں اور ایک بیٹا زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان بیٹی اور بیٹے کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہری میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، موٹروے پولیس لائن کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، ماں اور ایک بیٹا زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان مقتول کی 13 سالہ بیٹی اور بیٹے کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمیوں کو کنگ عبداللہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، ساتھ ہی شعیب فضل اور اس کے 2 ساتھیوں کیخلاف اغوا اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

  • امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ

    امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ

    فلوریڈا : ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم سابق صدر زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیویارک پوسٹ نے قانون نافذ کرنے والے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلوریڈا گولف کلب کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ کے گالف کلب کےقریب ہوئی، ٹرمپ کلب سے واپس جارہے تھے کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ویسٹ پام بیچ کےگالف کلب کےنزدیک دو افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ کا نشانہ ٹرمپ نہیں تھے۔

    دوسری جانب ٹرمپ کی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ فائرنگ کے بعد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں سال 13 جولائی کو پنسلوانیا میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، جبکہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔

  • کے پی کے : نامعلوم مسلح افراد کی ایڈیشنل سیشن جج پر فائرنگ

    کے پی کے : نامعلوم مسلح افراد کی ایڈیشنل سیشن جج پر فائرنگ

    ہری پور : خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور میں نامعلوم مسلح افراد نے اپر و لوئر کوہستان کے ایڈیشنل سیشن جج محمد فرید پر فائرنگ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے اپر و لوئر کوہستان کے ایڈیشنل سیشن جج محمد فرید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی استال روانہ کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ہری پور کے علاقے چھوہر شریف میں مسجد کے باہر ایڈیشنل سیشن جج کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، فرید خان پر خاندانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق سیشن جج فرید خان کی ٹانگوں پر2گولیاں لگی ہیں، ہری پور پولیس نے واقعے کا مقدمہ 5 نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا ملزمان کی تلاش شروع کرنے پہلے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔

  • کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 70 افراد زخمی

    کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 70 افراد زخمی

    کراچی: پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث پولیس افسر سمیت 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیاں ضلع کیماڑی، سٹی اور ایسٹ پولیس کی جانب سے کی گئیں، ملزمان میں سی ٹی ڈی افسر اے ایس آئی دانیال، محمد واجد، عبد اللہ، انس، بلال رضا، عبدالرحمان، حارث، شاہ زیب، محمد رفیق، محمد عادل، شعبان اور حارث اقبال شامل ہیں۔

    ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرکے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں آج 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

    جشن آزادی کے موقع پر عوام نے رنگ برنگی لائٹس، ہری بھری جھنڈیاں اور جھنڈے لگا کر پورا ملک کو دلہن کی طرح سجادیا ہے۔

    پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کا پرتپاک استقبال، قومی پرچموں کی بہار

    شہر قائد کی اگر بات کی جائے تو اہم شاہراہوں کے اردگرد قائم عمارتوں کی سجاوٹ نے شہر کے رنگ ڈھنگ ہی بدل دیے جبکہ اسلام آباد میں بھی رنگوں کی قوس و قزح چھائی ہوئی ہے۔