Tag: فائیو اسٹار ہوٹل

  • سعودی عرب: متعدد فائیو اسٹار ہوٹل کھولنے کا منصوبہ

    سعودی عرب: متعدد فائیو اسٹار ہوٹل کھولنے کا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب میں 12 ہالیڈے ان ایکسپریس ہوٹلز کھولنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے لیے معاہدہ طے کرلیا گیا ہے، اس کا مقصد مملکت میں سیاحت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ہاسپٹلٹی اور سیاحت کے شعبے میں آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس اور تشييد فار ہوٹل آپریشنز کے ساتھ ترقی اور سرمایہ کاری کی ایک نئی لہر دیکھنے کو ملے گی جس میں 1.3 بلین ریال کی لاگت سے 12 نئے ہوٹلوں کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

    معاہدے میں سعودی عرب میں 2500 کمروں پر مشتمل ہالیڈے ان ایکسپریس ہوٹلوں کی تعمیر شامل ہوگی جس کا پہلا سیٹ جون 2025 تک جدہ میں کھولا جائے گا۔

    انڈیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیثم مطر نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی وژن 2030 نے ہاسپٹلٹی اور سیاحت کی صنعت کے لیے زبردست مواقع پیدا کیے ہیں، ہم مختلف حصوں میں اپنے برانڈز کی مانگ میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔

    تشييد کے سی ای او برائے ہوٹل آپریشنز فالح معتصم حجاج نے ایک بیان میں کہا کہ ہم وژن 2030 کے مطابق سعودی عرب میں تیزی سے توسیع کے لیے آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔

    یہ معاہدہ سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کے مطابق ہے جس کا مقصد 2030 تک 100 ملین زائرین کو راغب کرنا اور مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار میں اس شعبے کی شراکت کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔

    آئی جی ایچ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس مملکت میں 5 برانڈز کے تحت 39 پراپرٹیز چلاتے ہیں جن میں انٹر کانٹینینٹل، کراؤن پلازہ، ہالیڈے ان، سٹے برج سویٹس اور ووکو شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ اس کے 30 ہوٹل تعمیراتی پائپ لائن میں ہیں جو اگلے 3 سے 5 سالوں میں اپنے کام کا آغاز کریں گے۔

  • سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، قرنطینہ میں موجود افراد کو مہمانوں جیسا درجہ دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں صحت عامہ کے انچارج مشاری الجمیل نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں قرنطینہ کا نظام بڑا معیاری ہے، ممکنہ طور پر متاثرہ شخص کے قرنطینہ میں داخلے سے لے کر فارغ کیے جانے تک کی کارروائی مقررہ ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

    مشاری الجمیل کا کہنا ہے کہ قرنطینہ فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں، اگر کسی شخص پر شبہ ہوتا ہے کہ وبا زدہ علاقے سے آنے کے باعث ممکن ہے کہ وہ کرونا میں مبتلا ہو تو اسے یہاں لایا جاتا ہے اور اس کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق اگر انفلوائنزا کی علامتیں نظر آتی ہیں تو اسے ہسپتال میں ٹھہرا دیا جاتا ہے، انفلوئنزا سے علاج کے بعد کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

    صحت عامہ کے انچارج کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں زیر علاج ہر فرد کو الگ کمرہ دیا جاتا ہے جس سے اسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی، اگر کوئی بچہ کرونا وائرس سے متاثر ہو تو اس کے ہمراہ اس کی ماں اور باپ کو الگ کمرے میں رکھا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ قرنطینہ میں سلوک وزارت صحت کے مہمانوں کے طور پر کیا جاتا ہے، مریضوں کی تمام فرمائشیں پوری کی جاتی ہیں اور انہیں فائیو اسٹار جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انچارج نے بتایا کہ اسپیلشسٹ فوڈ کمپنی انہیں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کرتی ہے، وزارت صحت کمپنی کو باقاعدہ ٹھیکہ دیے ہوئے ہے، تمام کھانے حفظان صحت کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ قرنطینہ میں اعلیٰ درجے کا لانڈری بھی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ میں تمام مریضوں کو جملہ صحت خدمات 24 گھنٹے مہیا ہوتی ہیں، بعض مریضوں نے اے ٹی ایم سروس فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں ایک بینک سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے۔

  • پالتو کتے زندگی کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں

    پالتو کتے زندگی کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں

    کیپ ٹاون: پالتو کتوں کے لیے کیپ ٹاون میں کھلنے والے فائیو اسٹار ہوٹل کا بزنس ان دنوں دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے۔

    بہترین ائرکنڈیشنڈ ماحول، کھانے پینے کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک مینیو ، شیمپو کےبعد برش کرنے کے لیے خادمائیں اور مزاج پر گراں نہ گزرنے والی مارننگ واک ۔

    جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاون میں ان دنوں پالتو کتے زندگی کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں اور وجہ ایٹ فریٹز فائیو اسٹار ڈاگ ہوٹل ہے۔ ڈبل بیڈ کمرے کا کرایہ پچپن ڈالر ہے جبکہ ملاقات کے لیے آنے والے مہمان کتے کے لیے صوفہ اور اضافی بیڈ کی سہولت بھی موجود ہے۔

    اس کے علاوہ سٹیلائیٹ مووی چینلز بھی ان کتوں کا دل بہلانے کے لیے مہیا کیے گئے ہیں۔ کتوں کے لیے ہوٹل لابی میں بار کا بھی انتظام ہے جہاں وہ مل بیٹھ کر وقت گزار سکتے ہیں ۔

    اتنی سہولتوں کے باوجود ہوٹل مالکان کا شکوہ ہے کہ ٹہرنے والے مہمان کتوں کی دم ٹیڑی کی ٹیڑی ہی رہتی ہے۔