آسٹریلیا (15 اگست 2025): ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
آسٹریلیا میں ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہو گیا ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 227 رنز بنائے اور بنگلہ دیش اے کو جیت کے لیے 228 رنز کا ہدف دیا۔
تاہم بنگلہ اے ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 16.5 اوورز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیف حسن نے 57 رنز کی اننگ کھیلی مگر کسی اور بلے باز نے ان کا ساتھ نہ دیا۔
پاکستان شاہینز کی طرف سے فیصل اکرم اور سعد مسعود نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز اسکور کیے۔ شاہینوں نے برق رفتاری سے رنز بنائے۔ خواجہ نافع اور یاسر خان کے درمیان 118 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی۔
خواجہ نافع نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے61 رنز اسکور کیے۔ یاسر خان نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ عبدالصمد 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست میدان سے لوٹے۔
پاکستان شاہینز کے اوپنر یاسر خان کو 62 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہتری کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے گفتگو میں پورے ٹورنامنٹ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ اور ملک کو ٹائٹل جتوانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
شاہینز اپنا دوسرا میچ کل (ہفتہ) کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کھیلیں گے۔