Tag: فارم

  • ہوا سے بجلی بنانے کا سعودی عرب کا پہلا منصوبہ

    ہوا سے بجلی بنانے کا سعودی عرب کا پہلا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب کے پہلے ونڈ پاور فارم نے ماحول دوست بجلی کی پیداوار شروع کردی۔ اس منصوبے سے 70 ہزار سعودی گھرانوں کی توانائی کی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے اور سعودی عرب کے پہلے ونڈ فارم دمہ الجندل کی جانب سے کاربن سے پاک بجلی کے پہلے میگا واٹ کی پیداوار شروع کرنے کے بعد اسے قومی گرڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔

    قابل تجدید توانائی میں دنیا کی دو مایہ ناز کمپنیوں مصدر اور ای ڈی ایف رینیو ایبلز کے کنسورشیم کے ذریعے تعمیر کیے گئے اس منصوبے کی پیداواری استعداد 400 میگاواٹ ہے، یہ ونڈ فارم 99 ونڈ ٹربائنز پر مشتمل ہے جو ویسٹاس نے فراہم کی ہیں، ان میں سے ہر ایک 42 میگا واٹ استعداد کی حامل ہے اور ان کی تعمیر ستمبر 2019 میں ہوئی تھی، ان سب کی تنصیب کا عمل تکمیل کے قریب ہے۔

    اپنی مکمل تکمیل پر یہ منصوبہ جو کاربن سے پاک بجلی پیدا کرے گا، 70 ہزار سعودی گھرانوں کی توانائی کی ضروریات پورا کرسکے گا۔

    اس سے فضا میں سالانہ 9 لاکھ 88 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ روکی جائے گی جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں سعودی عرب کے اہداف کے حصول میں معاون ہوگا۔

    مصدر کے سعودی عرب میں کنٹری ہیڈ سامہ العثمان کا کہنا تھا کہ مصدر نے قابل تجدید توانائی میں اپنے تجربات سے فائدہ اٹھا کر سعودی عرب میں پہلے ونڈ فارم منصوبہ کو شراکت داروں کے تعاون سے مکمل کیا، ٹرانسمیشن گرڈ سے اس کی ابتدائی پیداوار کو کامیابی سے منسلک کرنا ایک اہم سنگ میل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ونڈ فارم خطے میں اقتصادی سرگرمیوں میں بھی معاون ہے، اس سے تعمیراتی مرحلے میں 600 مقامی ملازمتیں پیدا ہوئیں، اس تعمیراتی عمل میں صحت و حفاظت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا گیا اور انسانی کام کے 18 لاکھ گھنٹوں کے دوران ایک بھی سنگل لاسٹ ٹائم انجری (ایل ٹی آئی) نہیں ہوئی۔

  • بندروں نے فارم پر حملہ کر دیا.. خوفناک اقدام

    بندروں نے فارم پر حملہ کر دیا.. خوفناک اقدام

    نئی دہلی: بھارت میں بندروں کے جھنڈ نے فارم پر حملہ کر کے 30 بھیڑ کے بچوں کو مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں بندروں کے جھنڈ نے فارم پر حملہ کر کے 30 بھیڑ کے بچوں کو مار دیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کسان اپنے فارم پر موجود نہیں تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بھیڑ کے بچوں کو بندروں کے جھنڈ سے بچانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔حملے میں مرنے والے بھیڑ کے بچوں کی عمریں 30 دن تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں تقریباََ 5 کروڑ بندر ہیں اور اکثر ان کی جانب سے حملوں میں شہری زخمی ہوتے ہیں بعض اوقات ان حملوں میں اموات بھی ہوتی ہیں۔

    اس سے قبل رواں ہفتے بھارت میں ہی بندروں کے ایک جھنڈ نے گھر کی دیوار گرا دی تھی جس کے نتیجے میں ماں اور اس کے چار بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں بندر لیب اسسٹنٹ سے کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ سیمپلز چھین کر فرار ہوگئے تھے۔