Tag: فاروق ستار

  • ایم کیو ایم پاکستان کا بلدیاتی الیکشن کی بے ضابطگیوں پر پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی الیکشن کی بے ضابطگیوں پر پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی قانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے، ایم کیو ایم جلد بلدیاتی الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر پٹیشن دائر کرے گی، حلقہ بندیوں کے حوالے سے سندھ حکومت کو خط بھی پٹیشن کا حصہ بنایا جائے گا۔

    ایم کیو ایم ذرائع کا بتانا ہے کہ بادی النظر آئین کی 22ویں ترمیم، آرٹیکل 218 ٹو، 2019 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ غیرآئینی اقدامات پر آئین کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر پٹیشن دائر کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات جیسے بھی ہوئے عوام کے سامنے ہیں، ایک دھاندلی قبل از انتخابات ہوئی اور دوسری انتخابات کے دوران ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج ساری جماعتیں الیکشن میں سمجھ رہی تھیں کہ ووٹرز نکلیں گے، کراچی اور حیدر آباد کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا اس لیے انہوں نے بائیکاٹ کیا۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ انتظار کیا جا رہا تھا کہ موقع ملے تاکہ فائدہ اٹھائیں لیکن عوام نے جواب دے دیا، ٹرن آؤٹ نے بتا دیا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر سودا کر کے نشستیں ہڑپ کی گئیں۔

  • ایم کیو ایم ، پی ایس پی اور فاروق ستار ایک ہوگئے

    کراچی : ایم کیوایم ،پی ایس پی اور فاروق ستارایک ہوگئے اور ساتھ ہی ایک تنظیم، پرچم اور نشان کے ساتھ الیکشن لڑنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے دھڑے ملانے کا گورنرسندھ کا مشن کامیاب ہوگیا، ایم کیوایم ،پی ایس پی اورفاروق ستارایک ہوگئے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک تنظیم،پرچم اورنشان کےساتھ الیکشن لڑنےکااصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے ، پی ایس پی کے تمام امیدوار ایم کیوایم کے حق میں دستبردار ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اے آر وائی نیوز کی خبر کے مطابق قیادت کاتعین ہوگا ، انضمام شدہ ایم کیوایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی جبکہ فاروق ستاراورمصطفی کمال ڈپٹی کنوینر ہوں گے۔
    آج مشترکہ پریس کانفرنس میں تمام اعلانات متوق

    تنظیمی ساتھیوں کی سربراہی انیس قائمخانی کریں گے جبکہ 10 سے 12 رکنی رابطہ کمیٹی پر بھی اتفاق کرلیا گیا ہے۔

    آج ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں اراکین رابطہ کمیٹی سمیت دیگر اہم اعلانات متوقع ہیں۔

  • ایم کیو ایم، پی ایس پی اور فاروق ستار ایک ہوگئے، ساتھ الیکشن لڑنے کا اُصولی فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار ایک ہوگئے اور ساتھ الیکشن لڑنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم، پی ایس پی اور فاروق ستار نے ایک تنظیم، پرچم اور نشان کے ساتھ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

     ذرائع کا بتانا ہے کہ انضمام شدہ ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی ہوں گے، تنظیمی ساتھیوں کی سربراہی انیس قائمخانی کریں گے۔

    ذرائع کا یہ بتانا ہے کہ 10 سے 12 رکنی کمیٹی پر بھی اتفاق ہوگیا جبکہ اراکین رابطہ کمیٹی سمیت دیگر اعلان کل مشترکہ پریس کانفرنس میں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اگر سارے دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، میری طرف سے کسی کو سربراہ بنانے کی بات نہیں کی گئی، نہ یہ مشورہ دیا کہ سینئر ڈپٹی کنونئیر کون بنے گا۔۔

    ان کا کہنا تھا کہ  سب کی آپسی لڑائی سے صوبے کے ترقیاتی کام 4 برس سے التوا کا شکار ہیں، ان سب سے ایک ہی بات کی کہ آپس میں اتفاق اور بھائی چارہ قائم کریں، میری کوشش صرف اتنی ہے کہ ان کو ایک جگہ بٹھا کر ان کے درمیان ذاتی اختلاف کو ختم کیا جائے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے ان سب سے کہا ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے کی بجائے صوبے اور شہر کو ٹھیک کریں۔

     

  • ڈاکٹر فاروق ستار نے خالد مقبول صدیقی کی حمایت کا اعلان کردیا

    کراچی : تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فارووق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا۔

    پی آئی بی کالونی میں ملاقات کیلئے آنے والے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی اس جہدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ آج میری خالد مقبول صدیقی سے اہم ملاقات اور گفتگو ہوئی ہے، خوشی ہے اہم مسئلے پرایم کیوایم پاکستان احتجاج کرنے جارہی ہے، مردم شماری میں ہمیشہ ہمیں کم گنا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے سے کوئی اچھا پیغام نہیں جارہا، کراچی اور حیدرآباد میں رہنے والے ہر طبقے کے ساتھ ظلم اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ متنازع حلقہ بندیاں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ہے، اب فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کو ایک سندھ رکھنا چاہتے تھے اور اب بھی چاہتے ہیں، سندھ میں ہمیں رواداری قائم رکھنی ہے، پیپلز پارٹی کی چالاکی نے ہماری ایک سندھ کی کوششوں پر پانی پھیردیا، ووٹ دینے والے اور الیکشن لڑنے والے کو بھی حق نہیں مل رہا۔

    پی پی اور جماعت اسلامی میں خفیہ معاہدہ

    جماعت اسلامی کی نظر صرف مئیر شپ پر ہے، مجھے یہ بو آگئی ہے کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی میں خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے یہ معاہدہ مہاجروں کے خلاف اور مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا ہوا ہے، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی اس ناانصافی میں برابر کی شریک ہے۔

    یہ کھیل بلدیاتی انتخابات کی آڑ میں کھیلا جارہا ہے، یہ بلدیاتی انتخابات نہیں ہیں، پہلے سے طے کرلیا گیا ہے کہ میئر شپ کس کو دینی ہے۔ ایک سوچی سمجھی بساط بچھائی جارہی ہے، اس شہر کو آگ میں دھیکلا جارہا ہے۔

  • ’غلطیوں کی وجہ سے طاقت کھو دی، طاقت نہ ہو تو حقوق نہیں صرف بخشش ملتی ہے‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ غلطیوں کی وجہ سے طاقت کھو دی اگر طاقت نہ ہو تو حقوق نہیں صرف بخشش ملتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لیے کوئی مسیحا نہیں آئے گا ہمیں خود ہی مسیحا بننا پڑے گا، شہر غریب ہوگیا لوگ گھر بیچنے پر مجبور ہیں جس کے پاس گاڑی تھی وہ موٹرسائیکل پر آگیا آج کراچی کے نوجوان بے روزگار ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مجبوری کی وجہ سے نوجوان اپنا حق بھی نہیں مانگ پارہے ہیں، کراچی کے لوگ صرف، بجلی۔ گیس، پانی کے انتظار میں ہوتے ہیں، نوجوانوں سے ناکوں پر مجرموں جیسا سلوک رکھا جاتا ہے۔

    گورنر سندھ نے فاروق ستار کا شکریہ ادا کرتا ہوئے کہا کہ یہاں موجود ایک ایک ساتھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں میرا یہاں آنے کا مقصد صرف اور صرف جوڑنا ہے ہم سب شہر کراچی کے راستوں کی طرح ٹوٹ چکے ہیں، شہر کراچی اور یہاں رہنے والوں کے دلوں پر زخم ہیں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ ’ہم سب بٹ چکے ہیں ان زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، سمندر بھی اس شہر میں ہے لیکن پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی صرف ٹینکر میں موجود ہے۔

    ’آج لوگوں کے دلوں میں شگوفے پھوٹ رہے ہیں‘ فاروق ستار

    ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ یہ میری ٹیم ہے یہ سب ایک ساتھ آئیں گے، آج لوگوں کے دلوں میں شگوفے پھوٹ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ تو صرف رسم ہے اب تاریخ طے کرنی ہے کہ کب جانا ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد انشا اللہ شامل ہوگی، ہم پوری محنت جانفشانی اور نیک نیتی کے ساتھ جائیں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ آج سے پہلے ایسی نیو ایئر نائٹ نہیں منائی، گورنر سندھ کا شکر گزار ہوں کہ میرے گھر تشریف لائے، ہمارا پورا تعاون ان کے ساتھ ہے۔

  • فاروق ستار ایم کیو ایم میں واپسی پر رضامند؟

    کراچی: تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں واپسی  پر رضامندی ظاہر کردی؟۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات ہوئی جس میں ایم کیو ایم، پی ایس پی انضمام اور ان کی پارٹی میں  واپسی کے معاملے پر گفتگو ہوئی، کامران ٹیسوری نے انہیں پی ایس پی قیادت سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا۔

    ذرائع کے مطابق پہلے گورنر سندھ کو ان کی رہائشگاہ پی آئی بی کالونی جانا تھا لیکن اب  فاروق ستار گورنر ہاؤس پہنچے ہیں جہاں ان کی ملاقات ہوئی۔

    ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں واپسی پر رضامندی ظاہر کردی ہے، ان کے ایک دو نکات پر تحفظات تھے جن پر وہ بات چیت کے لیے گورنر ہاؤس پہنچے۔

    علاوہ ازیں بیرون ملک موجود رضا ہارون، ملک میں موجود سیف یار خان ودیگر رہنماؤں سے بھی رابطے کرلیے گئے ہیں اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ بہت جلد ایم کیو ایم کا حصہ ہوں گے۔

  • ’ایم کیو ایم دھڑوں کا متحد ہونا وقت کی ضرورت، کب متحد ہونگے وقت نہیں بتا سکتا‘

    کراچی: تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم دھڑوں کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے اور یہ دھڑے کب تک متحد ہوں گے اس کے وقت کا نہیں بتا سکتا۔

    پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مجھے ہی دیکھنا ہوگا کہ ہم مہاجروں کی ضرورت کو کیسے حل کریں گے ہماری کامیابی بھی اسی میں ہے کہ ہم انفرادی نہیں اجتماعی مفادات پر فیصلے کریں۔

    "خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں”

    انہوں نے کہا کہ کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے جبکہ ایم کیو ایم کی قیادت کے حوالے سے گورنر نے مجھ سے کوئی گفتگو بھی نہیں کی ہے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ پی ایس پی کی قیادت کو بھی سمجھ آگیا ہے کہ اس کے علاوہ اب کوئی چارہ نہیں ہے میں نے تو ایم کیو ایم سے الگ رہ کر بھی کوئی جماعت تشکیل نہیں دی۔

    "ہمیں چھ سال سے متحد ہونے کا موقع ہی نہیں دیا گیا”

    انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس موقع پر کراچی میں رہنے والی تمام اکائیوں کو متحد ہونا چاہیے، ہمیں چھ سال سے متحد ہونے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ’میری پوزیشن تو ابھی بھی 23 اگست والی ہے جہاں سے ایم کیو ایم سے الگ ہوگیا تھا میں اپنے ویژن کے مطابق سمجھتا تھا کہ ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کو متحد ہونا چاہیے اور میری خواہش بھی یہی تھی کہ سب کو متحد کیا جائے۔

    "اللہ کرے اگلی حکومت الیکٹڈ آئے”

    انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ تو جاتے جاتے کہہ گئے کہ ان پر سیلکٹڈ کا الزام تھا یہ کہتے ہیں ان پر امپورٹڈ کا الزام ہے اللہ کرے اگلی حکومت الیکٹڈ آئے۔

    ” اب سب کے ایک ہونے کا یہ آخری موقع ہے ، ٹرین نکل گئی تو پھر نکل گئی”

    فاروق ستار نے کہا کہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کی تو مصطفیٰ کمال کی زبان سے کچھ نکل گیا، معاملات جب خراب ہوگئے تو میں بھی انضمام سے پیچھے ہٹ گیا تھا جو اس وقت جو فیصلہ کرنا تھا وہ میں نے کرلیا اب سب کے ایک ہونے کا یہ آخری موقع ہے ، ٹرین نکل گئی تو پھر نکل جائے گی۔

     

  • مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کا خصوصی انٹرویو

    مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کا خصوصی انٹرویو

    کراچی: مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ نے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ رہنماؤں نے انھیں شہر میں اختلافات ختم کیے جانے کا یقین دلایا ہے، میں چاہتا ہوں کہ سیاسی جماعتیں مل کر عوام کے مفاد کے لیے کام کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کامران ٹیسوری کے گورنر بننے کے بعد سے وہ کراچی کے مختلف سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں، گزشتہ دنوں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے بعد یہ سوال اٹھ رہا تھا کہ کراچی کی سیاست میں کیا ہونے جا رہا ہے؟

    اس سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے انھیں یقین دلایا ہے کہ اختلافات اور نفرتیں ختم ہونی چاہیئں، وہ دونوں بھی چاہتے ہیں کہ شہر دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنے، یہ ملاقاتیں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ صوبے، شہر اور عوام کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے کی ضرورت ہے، لوگوں کو کام چاہیے، لوگ نہیں سننا چاہتے کہ ہم ایک دوسرے کو ٹھیک کریں، وہ چاہتے ہیں ہم اس شہر کو ٹھیک کریں۔

    گورنر سندھ کے واضح کیا کہ ان کا مشن تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، انھوں نے کہا ’’چاہتا ہوں تمام سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھ کر عوام کے مفاد کے لیے کام کریں۔‘‘

    ’’کیا سب کو ایک جگہ بٹھانے کی آپ کی یہ کوشش کامیاب ہو جائے گی؟‘‘ اے آر وائی کے اس سوال پر گورنر سندھ نے کہا ’’کوشش کی جائے اور اس کا فوری حل نہ نکلے تو وہ صرف کوشش ہی رہ جاتی ہے، مجھے یقین ہے کہ سب محبت سے مل جل کر صوبے میں رہیں گے اور رونقوں کو بحال کریں گے۔‘‘

    ایم کیو ایم کے ساتھ پیپلز پارٹی کے معاہدوں پر انھوں نے کہا کہ جس نے وعدے اور معاہدے کیے ان کو پورا کرنے چاہیئں، جو معاہدہ دستخط شدہ ہو اور اس کے ضامن شہباز شریف، بلاول بھٹو اور زرداری ہوں تو اس پر عمل ہونا چاہیے، میرا کام ہے کہ میں معاہدے پورے نہ ہونے پر یاد دہانی کراتا رہوں، باقی کام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا ہے کہ وہ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن کے قابو، سفاک ڈکیت نے مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا

    اسٹریٹ کرائمز پر گورنر سندھ نے کہا ’’میں کیا کوئی خاموش نہیں بیٹھے گا، اس پر جلد قابو نہ کیا گیا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے، کراچی کے شہری بے چین ہیں تو میں بھی سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔‘‘

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سب کی باڈی لینگویج ایک ہے، اب یہ وقت اس شہر اور صوبے کو مل کر چلانے کا ہے، جہاں تک بات ایم کیو ایم میں واپسی کا ہے، تو کون پارٹی میں کب آئے گا اس کا فیصلہ ایم کیو ایم قیادت نے کرنا ہے، خالد مقبول فیصلہ کریں گے کون کس طرح اور کب واپس ہوگا۔

  • ایم ڈی کیٹ کے متاثر طلبہ کا دھرنا، فاروق ستار نے ڈاؤ یونیورسٹی کا گیٹ پھلانگا

    ایم ڈی کیٹ کے متاثر طلبہ کا دھرنا، فاروق ستار نے ڈاؤ یونیورسٹی کا گیٹ پھلانگا

    کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سامنے ایم ڈی کیٹ کے متاثر طلبہ نے دھرنا دیا، دھرنے میں ڈاکٹر فاروق ستار بھی پہنچ گئے، وہ یونیورسٹی کا مرکزی گیٹ پھلانگ کر یونیورسٹی میں داخل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے متاثرہ طلبہ و طالبات نے پلے کارڈز اٹھا کر ڈاؤ یونیورسٹی اور پی ایم سی کے خلاف دھرنا دیتے ہوئے نعرے لگائے، ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی دھرنے میں شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ طالب علموں کو غلط سوالات کے باعث گریس مارکس دیے جائیں۔

    انھوں نے کہا ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ نے سولات گوگل سرچ انجن سے اٹھا کر ٹیسٹ میں شامل کیے تھے اور 30 سے زائد سوالات آؤٹ آف سلیبس تھے۔

    احتجاج کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ نے یونیورسٹی کا گیٹ بند کر دیا تھا، تاہم ڈاکٹر فاروق ستار مرکزی گیٹ پھلانگ کر یونیورسٹی میں داخل ہوئے، سیکیورٹی اسٹاف بھی ڈاکٹر فاروق ستار کو داخل ہونے سے نہ روک سکا۔

    یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارا امتحانی پرچہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے۔

    مظاہرین نے کہا کہ امتحانی پرچے میں متعدد کثیر الانتخابی سوالات کے آپشنز ہی غلط تھے، ہمارے مارکس بھی کم کر دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے متعدد طالب علموں کو فیل بھی کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ہمارے مستقبل کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، اور انتظامیہ بات تک کرنے کو نہیں تیار ہے، ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں بے ضابطگیاں دیکھی گئی ہیں، بہت سے سوالات نصاب میں نہیں تھے، پی ایم سی کی جانب سی کی گئی غفلت سے جو نقصان ہوا اس کا ازالہ کون کرے گا۔

  • ایم کیو ایم میں فاروق ستار کی واپسی کا اعلان کب ہوگا؟

    ایم کیو ایم میں فاروق ستار کی واپسی کا اعلان کب ہوگا؟

    کراچی: ذرائع کا کہنا ہے کہ عید قرباں کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کی پارٹی میں واپسی کا اعلان کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ کو متحد کرنے کے مشن کے تحت کنونئیر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ایک اور ملاقات گزشتہ رات گلستان جوہر میں ایک بنگلے میں ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے معید انور اور فرقان اطیب، فاروق ستار کے ہمراہ کامران فاروق ، فیصل رفیق اور نکہت شکیل ملاقات میں موجود تھیں۔

    ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کے تمام تحفظات دور کر دیے ہیں، اور معاملات طے کر لیے، فاروق ستار کے تنظیمی عہدے داروں اور آزاد بلدیاتی امیدواروں کی ایڈجسمنٹ کے حوالے سے بھی فارمولہ اور معاملات طے کے گئے ہیں۔

    ملاقات کے دوران فاروق ستار کی جانب سے کھڑے کیے گئے آزاد بلدیاتی پینلز کو فاروق ستار نے بریف کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں ان کے تنظیمی عہدے داران کو ایڈجسٹ کر لیا گیا ہے۔

    عید کے بعد فاروق ستار کی پارٹی میں واپسی کا اعلان کیا جائے گا، پی آئی بی کے ایم سی اسٹیڈیم میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد ہوگا، جس میں فاروق ستار کابینہ کے ہمراہ شریک ہوں گے۔

    جنرل ورکرز اجلاس میں فاروق ستار کی جانب سے این اے 245 سے دست برداری اور بلدیاتی امیدواروں کے حوالے سے اہم اعلان بھی متوقع ہے۔