Tag: فاروق ستار

  • ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

    ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنونیئر اور رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رابطہ کمیٹی اور پارٹی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا اور انہوں نے اپنا استعفیٰ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو ارسال کردیا۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے استعفیٰ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بار پھر منانے اور تمام تحفظات دور کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے استعفیٰ کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے کسی بھی صورت قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف میں شمولیت پرقریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں ‘ فاروق ستار

    واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے بعد سے پارٹی میں غیر فعال تھے انہوں نے گزشتہ دنوں اشارہ دیا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ دوستوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

    ایم کیوایم پاکستان کے سابق کنونیئر نے کہا تھاکہ تحریک انصاف کی جانب سے ملنے والی دعوت پر کچھ دوستوں سے مشاورت جاری ہے، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کروں گا۔

    خیال رہے کہ رواں برس فروری میں سینیٹ انتخابات میں کامران ٹیسوری کو امیدوار بنانے کے معاملے پر ایم کیو ایم کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے جس کے بعد متحدہ کے دو دھڑے (پی آئی بی اور بہادرآباد) بن گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: خالدمقبول صدیقی جھوٹ بولیں لیکن حد رکھیں، فاروق ستار

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پارٹی آئین کے تحت دو تہائی اکثریت ملنے کے بعد فاروق ستار کو پارٹی قیادت سے ہٹا دیا تھا جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع بھی کیا، عدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنونیئر قرار دیا۔

  • الیکشن میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے فاروق ستار کی درخواست پر سماعت

    الیکشن میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے فاروق ستار کی درخواست پر سماعت

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں الیکشن میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کی درخواست پر اعتراض لگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فاروق ستار کی درخواست پر سماعت عبد الغفار سومرو اور الطاف ابراہیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

    رکن پنجاب اسمبلی الطاف ابراہیم نے کہا کہ فاروق ستار کی درخواست درست طریقے سے ڈرافٹ نہیں کی گئی جس پر فاروق ستار نے کہا کہ اس درخواست کی بڑی اہمیت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 218 الیکشن کمیشن کو شفاف الیکشن کروانے کا اختیار دیتا ہے، امیدواروں کی پشت پر بڑی جماعتیں اربوں روپے خرچ کرتی ہیں۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پیسے کی طاقت سے ووٹ خریدے جاتے ہیں۔ 2018 الیکشن میں پیسے سے ووٹ خریدے گئے، ’ایسے انتخابات سے کیسی جمہوریت قائم ہوگی‘۔

    رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ثابت کیسے کریں گے کہ امیدواروں نے پیسے کا استعمال کیا، اب آپ کی جماعت حکومت میں ہے، قانون سازی کریں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست میں مخصوص حلقوں کی نشاندہی کریں، جنرل بات نہ کریں۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ پیسے کے استعمال سے الیکشن جیتنے کے ثبوت دیں۔ کمیشن نے فاروق ستار کی درخواست پر اعتراض لگا دیا۔ فاروق ستار کو نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    سماعت کے بعد فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کروڑوں اور اربوں روپے کے ہوتے ہیں، جن کے پاس پیسے زیادہ ہیں وہ لامحدود اخراجات کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بڑی جماعتیں بے لگام خرچ کر کے ووٹ خریدتی ہیں، اخراجات کو لگام نہیں دی جائے گی تو شفاف انتخابات کیسے ہوں گے۔

  • پی ٹی آئی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، فاروق ستار

    پی ٹی آئی نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھیوں نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوسستوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے اور مجھے پی ٹی آئی سے این اے 247 کا الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ کبھی پارٹی نہیں چھوڑی آج بھی نہیں چھوڑوں گا، میری 35 سال کی جدوجہد عوام کے سامنے ہے جبکہ رابطہ کمیٹی علی رضا عابدی کو جاکر منائے۔

    انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کے معاملے پر قانونی تقاضے پورے ہونے چاہئیں، زیتون کا تیل ہی تھا تو شراب کی بوتل میں کیوں تھا، چیف جسٹس صاحب خود کہتے ہیں شراب کی بوتلیں دیکھیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات کی روایت رہی ہے، عدل و انصاف ہونا چاہئے ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں، ہمارے خلاف 2 مقدمات کی سماعت تھی، جب کاغذات نامزدگی دائر کیے یہ اس وقت کے مقدمات ہیں۔

    فاروق ستار نے عارف علوی کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے عارف علوی وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلقات بہتر بنائیں گے، عارف علوی پارٹی کے نہیں پورے ملک کے صدر بن کر کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جہاں حکومت میں شامل ہوکر ملک کی تعمیر میں کردار ادا کریں وہیں ہمارے خلاف ہونے والی دھاندلی پر بھی کردار ادا کریں، عمران خان حلقے کھولنے کو تیار ہیں لہٰذا ہمیں انتخابی عمل کی ویڈیو دکھائی جائے۔

  • علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

    علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، انھیں منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع ان کے مزار پر حاضری دی، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان نے علی رضا عابدی کے حوالے سے بات چیت کی۔

    فاروق ستار نے کہا ’علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، ضمنی ٹکٹ ان کا حق تھا، رابطہ کمیٹی میں مجھے بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے مگر میں دل بر داشتہ نہیں ہوا ہوں۔‘

    انھوں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی مناسبت سے کہا کہ سندھ کی دھرتی پیار اور امن کی دھرتی ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے درخت لگانے کی ضرورت ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا ’ماڑی پور میں لگایا گیا ٹریٹمنٹ پلانٹ بند پڑا ہوا ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہونے کی ذمہ داری حکومتِ سندھ پر ہے۔‘


    کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار، 6 افراد کے قتل کا اعتراف


    مزار پر حاضری دینے کے لیے آنے والے ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ وہ علی رضا عابدی سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔

    عامر خان نے کہا ’علی رضا عابدی کا استعفیٰ ہمیں نہیں ملا ہے، تاہم انھیں اگر کسی قسم کے تحفظات تھے تو پارٹی سے بات کر لیتے۔‘

    رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور رہیں گے۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے مزار پر پھول چڑھائے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

  • نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، فاروق ستار

    نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس ہمارا مستقل نعرہ ہے، عوامی اور سیاسی تحریکیں ہی آئین میں ترامیم کا سبب بنتی ہیں، نئے صوبے کا مطالبہ جرم یا خواہش نہیں یہ وقت کی ضرورت ہے۔

    فاروق ستار نے ٹی وی انٹرویو میں کہا ’ایم کیو ایم کی نشستیں کم کرانے کے لیے سازش کی گئی، صرف کراچی نہیں پورے پاکستان میں الیکشن میں دھاندلی ہوئی، لیکن پروپیگنڈے کے باوجود ایم کیو ایم نے نشستیں حاصل کیں۔‘

    انھوں نے تسلیم کیا کہ ایم کیو ایم خود بھی اندر سے مسائل کا شکار رہی ہے، 2018 کے الیکشن میں ایم کیو ایم میں پرانا نظم وضبط نہیں تھا، بانی ایم کیو ایم کے بغیر الیکشن لڑنے کا سیاسی طور پر نقصان ہوا، پی ایس پی کی وجہ سے بھی ہمارا ووٹ خراب ہوا، اسے ایک پلان کا حصہ سمجھا جا سکتا ہے، پی ایس پی کو لاکر ووٹر کو مایوس کیا گیا کہ وہ کسی اور کو ووٹ دے۔

    انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    نیوز اینکر وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں مردم شماری، حلقہ بندیوں اور بلدیاتی اختیارات سے محروم کیا گیا، پریذائیڈنگ افسران جس دن بولیں گے سب سامنے آ جائے گا، ہمیں پریذائیڈنگ افسروں نے بہت سی باتیں بتائی ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر شام 7 بجے کے بعد کیمرے بند ہونے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

    یوم آزادی سے متعلق مولانا فضل الرحمان والا بیان ہم دیتے تو را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا ،فاروق ستار

    انھوں نے کہا ’الیکشن نتائج میں تاخیر کے دوران انجینئرنگ کی گئی، الیکشن کے نتائج سے متعلق فارم 45 کہیں بھی فراہم نہیں کیا گیا، ہم بیلٹ پیپرز کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں، الیکشن نتائج میں تاخیر کے معاملے پر بھی کمیشن بنا کر تحقیقات کی جانی چاہیئں، جہاں سے ایم کیو ایم جیتی وہاں سے پولنگ ایجنٹس کو نہیں نکالا گیا، 10،10 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ ایک ہی رائٹنگ میں درج ہے، یہ کیسے ممکن ہے؟‘

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ وفاق میں ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، عمران خان نے کہا حلقے کھولنے کو تیار ہیں تو کمیشن بنا دیا جائے، 2013 الیکشن میں صرف 4 حلقے کھلوانے کے لیے کمیشن بنا، اکثریتی جماعت کو ایم کیو ایم پورا موقع دیتی ہے، وفاق میں ابھی تک اپوزیشن صحیح معنوں میں متحد نظر نہیں آتی، نواز شریف اور مریم نواز کے آنے سے ن لیگ کا گرتا مینڈیٹ تھوڑا اٹھا تھا۔

  • یوم آزادی سے متعلق مولانا فضل الرحمان والا بیان ہم دیتے تو را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا ،فاروق ستار

    یوم آزادی سے متعلق مولانا فضل الرحمان والا بیان ہم دیتے تو را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا ،فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان خوش قسمت آدمی ہیں، یوم آزادی سے متعلق مولانا فضل الرحمان والا بیان ہم میں سے کوئی دیتا تو فوراً را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل میری انڈو اسکوپی ہوئی، لوگوں سے دعا کی اپیل ہے، اسمبلیوں میں حلف برداری ہونےجارہی رہے، تقریب حلف برداری سیاسی عمل کا حصہ ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کوشاں رہیں گے، صوبائی اسمبلی میں اچھی اپوزیشن بنائیں گے، ایم کیوایم کے کہنے پر کسی ریٹرننگ افسر نے کوئی حلقہ نہیں کھولا۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنا چاہتے ہیں، دیہی سندھ میں منتخب نمائندوں کیخلاف تحقیقات نہیں ہوتیں، پیپلزپارٹی کو کرپشن کے خلاف تحقیقات میں کچھ نہیں کہا گیا، 180 سے زائد میگا کرپشن کیسز تیار ہیں پر ہو کچھ نہیں رہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیہی سندھ کےعوام نے پی پی کو ووٹ دیا،ان کی اہمیت اپنی جگہ ہے، دیکھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اب سندھ کس طرح چلاتی ہے، کراچی کے مسائل آ سمان سے باتیں کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی دھاندلی پربات کرےگی تو ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان خوش قسمت آدمی ہیں، فضل الرحمان نے14اگست کیلئےبیان دیا،کسی نےراایجنٹ نہیں کہا، اگر ہم میں سے کوئی ایسا بیان دیتا تو فوراً را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک سے ناانصافی کے خاتمے کے لئے جدوجہد کریں گے۔

  • ایم کیوایم پاکستان کا انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹریبونل اور عدالت جانے کا اعلان

    ایم کیوایم پاکستان کا انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹریبونل اور عدالت جانے کا اعلان

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹریبونل اور عدالت جانے کا اعلان کر دیا جبکہ متحدہ رہنما فاروق ستار نے کراچی میں نشستیں کم ملنے کا ذمے دار نواز شریف اور مریم نواز کو قرار دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم نے پھر الیکشن کمیشن پر انگلیاں اٹھا دیں ، پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنماؤں نے انتخابی نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نتائج میں دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹریبونل اور عدالت جانے کا اعلان کیا اور الیکشن کمیشن سے بیلٹ پپیرز کے آڈٹ ، گنتی کے وقت کیمروں اور اڑ ٹی ایس سسٹم کی بندش کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کراچی سے ایم کیو ایم کو نشستیں کم ملنے کا ذمے دار نواز شریف اور مریم کو ٹھہرایا اور کہا ہیں کہ نواز شریف واپس نہ آتے تو ایم کیو ایم کو نہ قربان کیا جاتا نہ ہی ایک نئی پارٹی کو اتنا فائدہ پہنچایا جاتا۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نتائج آنے شروع ہوئے پھر کچھ دیر بعد رک گئے تھے، طویل تاخیر کے بعد نتائج آنا شروع ہوئے تو صورت حال بدلی ہوئی تھی، پریذائیڈنگ افسران نے ہمیں اندر کی کہانیاں بتائی ہیں ، پریذائیڈنگ افسران ڈر کے مارے گواہی دینے نہیں چلیں گے ، کوشش کررہے ہیں پریذائیڈنگ افسران عدالت میں چل کر گواہی دیں۔

    انھوں نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ گنتی میں موجود نہ ہوتو انتخابی عمل پورا نہیں ہوتا۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بیلٹ پیپز کا غلط استعمال کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن تھرڈ پارٹی سے بیلٹ پیپرز کا آڈٹ کرائے اور بیلٹ پیپرز سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کرے۔

    کنور نوید جمیل نے کہا الیکشن کےبعد پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا ، سی سی ٹی وی کیمروں پر بھی رپورٹ مرتب کی جائے، قیاس آرائیاں ہیں ،6 بجے کے بعد کیمرے بند کر دیئے گئے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے ہماری تجاویز پر عمل نہ کیا تو عدالت جائیں گے۔ْ

    متحدہ رہنماؤں نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالنے کا نوٹس اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

  • دوبارہ گنتی، فاروق ستار نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی

    دوبارہ گنتی، فاروق ستار نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے حلقہ این اے 245 اور 247 میں دوبارہ گنتی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے چیف الیکشن کمشنر کراچی کے دفتر میں دونوں حلقوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے درخواست دائر کروائی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ’چیف پولنگ ایجنٹ اور پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیا گیا اور گنتی کے وقت دونوں کو باہر نکالا گیا‘۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صاف و شفاف الیکشن الیکشن کمیشن کی آئینی ذمےداری ہے، چیف الیکشن کمشنرسرکاری نتائج دوبارہ گنتی تک روک دیں کیونکہ ہمارے تحفظات ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت جبکہ این اے 247 سے تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ دونوں ہی نشستوں پر ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے کراچی سے قومی اسمبلی کی 12 نشستیں اپنے نام کیں جس کے بعد پی ٹی آئی شہر کی واحد بڑی نمائندہ جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انتخابات 2018 کے نتائج کے حوالے سے کہا ہے کہ بہت باریک کام ہوا ہے، الیکشن کے دن کچھ نہیں ہوا، گنتی کے دوران رگنگ ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ فارم 45 دیا ہی نہیں گیا جو آفیشل رزلٹ ہوتا ہے، جو نتائج دئیے جارہے ہیں یہ پولنگ کے نہیں سیٹنگ کے نتائج ہیں۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا کہ پولنگ والے دن کئی جگہوں سے کیمرے اتار لیے گئے تھے جبکہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے شہباز شریف سے رابطہ ہوا ہے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج کو داغ دار کردیا ہے، ایسی دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں طے شدہ دھاندلی ہوئی، مردم شماری میں کم گنا گیا، حلقہ بندیاں کرکے ووٹ بینک متاثر کیا گیا، کل شام چھ بجے تک بہت شکایتیں تھیں، اصل ہاتھ اس کے بعد دکھایا گیا۔

    ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ این اے 240 کا نتیجہ ابھی تک نہیں سنایا گیا، انتخابی عمل مشکوک ہوگیا ہے، پولنگ ایجنٹس کو دھمکایا گیا کہ تمہارے ووٹ اتنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ دھاندلی کا الزام براہ راست الیکشن کمیشن پر لگ رہا ہے، الیکشن میں لوگوں کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، انتخابی عملے نے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا، مصنوعی اقدامات سے ملک کو نہیں چلایا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی اورسندھ کےعوام  ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ کریں گے،فاروق ستار

    کراچی اورسندھ کےعوام ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ کریں گے،فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ دعاہےخیریت سےدن گزرجائے، کراچی اورسندھ کےعوام ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے اہلیہ کے ہمراہ نیشنل اسکول پی آئی بی کالونی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

    ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھرمیں پولنگ جاری ہے، دعا ہے خیریت سے دن گزر جائے، پہلے بھی عوام نے اعتماد کیا، اب بھی کامیاب کرائیں گے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ووٹرزگھروں سےنکلے توکسی کو دھاندلی کا موقع نہیں ملے گا، کراچی اورسندھ کےعوام ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ کریں گے، کامیاب ہوکرعوام کے مسائل مستقل بنیادوں پرحل کریں گے۔

    ایم کیو ایم پاکستان سربراہ نے کہا کہ حوصلے کیساتھ حالات اور حالات کے جبرسے مقابلہ کیا، عوام نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا مسترد کر دیا، کوٹہ سسٹم ختم کریں گے۔


    مزید پڑھیں :  عام انتخابات 2018 کے لیے پولنگ کا عمل شروع


    ان کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری سےکچھ فرق پڑےگا،تمام رواتی سیٹیں لیں گے، ووٹ کسے دیا یہ سیکریٹ بات ہے، آپ لوگوں کو کیوں بتاؤں؟

    واضح رہے کہ پاکستان کے گیارہویں عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا عمل کا آغاز ہوچکا ہے، جو بلا تعطل 6 بجے تک جاری رہے گا، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں