کولمبو: دورہ سری لنکا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، فاسٹ بالر وہاب ریاض انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہابر ہو گئے۔
کولمبو میں پاکستان کرکٹ ٹیم مشکل میں آگئی، قومی ٹیم کے اہم بولر وہاب ریاض انجری کے باعث بقیہ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ کے ابتدائی روز پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے وہاب ریاض کے بائیں ہاتھ پر گیند لگ گئی تھی۔
جس کے باعث ان کے ہاتھ میں فریکچر ہوگیا، ذرائع کے مطابق وہاب ریاض دو ہفتے تک ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے وہاب ریاض کے متبادل کے طور پر راحت علی کو سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق راحت علی تیسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔