Tag: فتنہ الخوارج

  • لاہور: سی ٹی ڈی سے مقابلہ ، فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک

    لاہور: سی ٹی ڈی سے مقابلہ ، فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک

    لاہور کے علاقے میانوالی مکڑوال کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے سات دہشت گرد ہلاک اور آٹھ فرار ہوگئے، سی ٹی ڈی نے میانوالی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

    دہشت گردوں سے چھ دستی بم، سیفٹی فیوز وائر، سات کلاشنکوف، گولیاں اور بھاری تعداد میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے، 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

    فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی ٹیموں نے مکڑوال قریب ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد میانوالی میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے راولپنڈی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ایک اور افغان دہشت گرد کی شناخت ہوگئی، دہشت گرد کا تعلق افغان صوبے پکتیکا کے علاقے برمل سے ہے۔

    شمالی وزیرستان اور رزمک میں فورسز نے آپریشن کرکے آٹھ دہشت گردوں کوجہنم واصل کیا، جس میں سے ہلاک ایک افغان دہشت گردکی شناخت ہوگئی۔

    مزید پڑھیں : سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ میں ہلاک خارجی افغان دہشت گرد کی شناخت

    ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں ایک کا تعلق افغان صوبے پکتیکا کے علاقے برمل سے ہے، ہلاک افغان خارجی دہشت گرد کی شناخت جلال ولد نعمت کے نام سے ہوئی۔

     

  • لکی مروت میں آپریشن ، فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر ہلاک

    لکی مروت میں آپریشن ، فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر ہلاک

    لکی مروت : پولیس اورمحکمہ سی ٹی ڈی کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے مقامی کمانڈر اور انتہائی مطلوب خوارج انعام عرف سرہ لمبہ ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی پولیس نے طور لونگ خیل کے قریب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرکے فتنہ الخوارج کے مقامی کمانڈر اور انتہائی مطلوب خوارج انعام عرف سرہ لمبہ ہلاک کردیا۔

    پولیس ذرائع نے بتایا پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس نے طور لونگ خیل کے قریب دہشتگردوں کی موجودگی پر چھاپہ مارا تو فتنہ الخورج کے کارندوں نے پولیس پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے تبادلے میں ایک خوارج انعام عرف سرہ لمبہ ہلاک ہوگیا، دوسرا خوارج ولایت عرف گل بالا ایک اور ساتھی کے ہمراہ فرار ہوگیا تاہم مفرور خوارج کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ اپریشن جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، بم دھماکوں اور پولیس پر حملوں میں بھی مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھا تاہم ہلاک خوارج سے خودکار اسلحہ بھی برامد کرلیا ہے۔

  • فتنہ الخوارج افغان عبوری حکومت کی حمایت سے حملے کر رہا ہے، پاکستان

    فتنہ الخوارج افغان عبوری حکومت کی حمایت سے حملے کر رہا ہے، پاکستان

    نیو یارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کو افغانستان سے بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  فتنہ الخوارج کو افغان عبوری حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف عالمی تعاون کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب میں فتنہ الخوارج کو افغانستان کی سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم قرار دیا اور کہا کہ فتنہ الخوارج افغان عبوری حکومت کی حمایت سے دہشت گرد حملے کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹی پی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔ دہشت گردی کیخلاف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کیلئے تیار ہیں۔

     منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں پرعمل کرے۔ بین الاقوامی برادری افغانستان میں اپنے مقاصد کو نظر انداز نہ کرے۔

  • سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کا دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کا دہشت گرد گرفتار

    ساہیوال : محکمہ انسداد دہشت گردی نے کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد سے مذہبی منافرت پھیلانے والا لٹریچر اورکتابیں برآمد ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

    حکام نے بتایا کہ امان اللہ نامی دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے ہے، دہشت گرد سے مذہبی منافرت پھیلانے والا لٹریچر اورکتابیں برآمد ہوئی ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

    یاد رہے سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے سائٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگرد ہدایت اللہ عرف عبدالحکیم کو حراست میں لے لیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات گروپ سے ہے، گرفتار ملزم کالعدم ٹی ٹی پی کراچی ولایہ کے تعلیمی امور کا ذمہ دار بھی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کو کالعدم ٹی ٹی پی کے کارندوں کیلئے چندہ جمع کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم سے چندے کی رقم اور بک بھی برآمد کرلی گئی تھی۔

  • فتنہ الخوارج کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی، 2 خارجی ہلاک

    فتنہ الخوارج کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی، 2 خارجی ہلاک

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیاب کارروائی میں 2 خارجیوں کو ہلاک کرکے پنجاب کے ضلع تونسہ کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق فتنہ الخوارج کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی، کارروائی کے دوران 2 خارجی ہلاک ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق 24 اگست کو تھانہ تونسہ کی حدود میں دہشت گرد گروپ موجود تھا، پولیس کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس ذرائع کا کہناہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او، سب انسپکٹر، کانسٹیبل زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔

  • فتنہ الخوارج کی پاکستان میں ڈاکا زنی  اور بھتہ خوری کی تفصیلات سامنے آگئیں

    فتنہ الخوارج کی پاکستان میں ڈاکا زنی اور بھتہ خوری کی تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد : فتنہ الخوارج کی پاکستان میں ڈاکے مارنے اور بھتہ خوری میں بھی ملوث نکلی، جس کے دستاویزی ثبوت سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فتنہ الخوارج کی پاکستان میں ڈاکازنی اوربھتہ خوری کی تفصیلات سامنے آگئیں ، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے حالیہ ہلاک دہشت گردوں سے دستاویزی ثبوت برآمد ہوئے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد ڈاکے مارنے میں ملوث ہیں، دہشت گردوں نے ڈی آئی خان میں بینک کی گاڑیوں سے 56 ملین لوٹے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے گاڑیاں جلادیں،4 لاکھ روپےخارجی سیلاب کودیئے جبکہ خارجی عباس کے13دہشت گردوں میں 17 لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی۔

    سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ لوٹی رقم حوالہ ہنڈی سےافغان علاقوں میں چھپےخارجی دہشتگردوں کوبھیجی گئی، لوٹی رقم کی غیر منصفانہ تقسیم سےخارجی گروپوں میں لڑائی رہتی ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا، نوٹیفکیشن جاری

    کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا، نوٹیفکیشن جاری

    حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کے باعث کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو اب فتنہ الخوارج کہا جائے گا، دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کیلئے ‘مفتی’ اور ‘حافظ’ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ  تمام خط وکتابت اور دستاویزات میں ان کے ناموں کے ساتھ لفظ’خارجی‘ لکھا اور پڑھا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کا مقصد ٹی ٹی پی تنظیم کی حقیقی نوعیت اور نظریے کی عکاسی کرنا ہے، نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی کہ ہدایات کو فوری لاگو کریں۔

    نوٹیفکیشن وفاقی وزارتوں اور دیگر انتظامی کنٹرول کے تحت محکموں اور اداروں کو ارسال کردی گئی۔