Tag: فخر عالم

  • فخر عالم کے گھر ڈکیتی، پولیس کو اہم شواہد مل گئے

    فخر عالم کے گھر ڈکیتی، پولیس کو اہم شواہد مل گئے

    کراچی: درخشاں کے علاقے میں معروف گلوکار و میزبان فخرعالم کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کا چوکیدار، کنٹریکٹ ملازم و دیگر 4 افراد کے ڈکیتی میں ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہے، مدعی کی نشاندہی پر چوکیدار لطیف اور کنٹریکٹ ملازم و الیکٹریشن محمد ضیا کو حراست میں لے لیا ہے۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق گھریلو ملازمین نے دیگر 4 ڈاکوؤں کے ساتھ ملکر واردات کی تھی، ملزمان نے لاکھوں روپے کے زیورات، دستی گھڑیاں ودیگر قیمتی سامان لوٹا، لاکھوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی لوٹ لی گئی۔

    پولیس کے مطابق گھر اور اطراف کی سی سی ٹی وی، عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے، واردات میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے بھی کوششیں کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل معروف اداکار و گلوکار فخر عالم ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے تھے۔ ان کی گاڑی اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب وہ شوٹنگ پر جارہے تھے۔

    معروف گلوکار اور میزبان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’اس حادثے سے میرا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔‘

    انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ سے آنے والے ایک ٹرک نے اچانک یوٹرن لیا جس کے باعث وہ سنبھل نہ سکے اور ان کی گاڑی کو بدترین حادثہ پیش آیا۔

    12 گھنٹے تک بجلی کی عدم فراہمی، گلوکار فخر عالم پھٹ پڑے

    انہوں نے لکھا کہ ’براہِ کرم خطرناک ڈرائیوروں کی اطلاع دیں اور سیٹ بیلٹ باندھیں کیونکہ بیلٹ نے ہی آج میری جان بچائی ہے اور سب سے بڑھ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ ایسے غیرذمہ دار لوگوں کو سڑکوں پر گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیں۔

  • والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار فخر عالم نے والٹن ایئرپورٹ کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کا مطالبہ کرلیا۔

    گلوکار فخر عالم نے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو شفٹ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ والٹن ہوائی اڈا ثقافتی اعتبار سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔

    گلوکار نے کہا کہ ایئرپورٹ کی جگہ کاروباری ڈسٹرکٹ بنایا جائے لیکن ٹرمینل کو محفوظ کیا جائے اور اسے ثقافتی ورثہ قرار دیا جائے۔

    خیال رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 25 مئی کو حکم جاری کیا تھا جس کے مطابق 26 مئی سے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

    لاہور کا تاریخی والٹن ایئرپورٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا

    سی اے اے کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد ایئرپورٹ منیجر نے فلائنگ کلبز کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کی تھی جب کہ  تربیتی پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا تھا۔

  • فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ کتابی صورت میں‌ شائع

    فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ کتابی صورت میں‌ شائع

    کراچی: پاکستانی گلوکار و اداکار فخرعالم نے ’’مشن پرواز‘‘ کا سفر نامہ کہانی کی صورت میں شائع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فخر عالم گزشتہ برس تین نومبر کو اپنا دنیا بھر کا سفر مکمل کرنے کے بعد کراچی واپس پہنچے اور انہوں نے دنیا بھر کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

    پاکستانی گلوکار کو مشن پرواز پر حکومت اور پوری قوم نے بہت زیادہ سراہا جس کی وجہ سے انہیں فخر پاکستان بھی قرار دیا گیا۔

    تین نومبر کو تاریخی سفر کا ایک برس مکمل ہونے پر فخر عالم نے دستاویزی فلم جاری کی اور اعلان کیا تھا کہ وہ جلد اپنی کہانی کتاب کی صورت میں شائع کریں گے۔

    فخر عالم نے اب ’مشن پرواز‘ کتاب شائع کردی، اس ضمن میں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ میرے لیے نومبر کا مہینہ بہت خاص ہے کیونکہ دو نومبر کو میرے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی اور تین نومبر کو مشن پرواز مکمل کیا۔

    انہوں نے لکھا کہ اہم بات یہ ہے کہ مشن پرواز کا سفر نامہ کتاب کی صورت میں شائع ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب جلد ایمازون پر دستیاب ہوگی البتہ ابھی یہ لبرٹی بکس کی تمام شاخوں پر دستیاب ہے۔

    فخر عالم کا کہنا تھا کہ میرے لیے آج کا دن اس لیے بھی خاص ہے کہ میں نے مشن پرواز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی پیش کی۔

    پاکستانی گلوکار یہ کتاب اب تک کئی نامور سیاسی و شوبز شخصیات کو دے چکے ہیں جن کے حوالے سے انہوں نے ٹویٹ بھی کیا۔


     

  • ’مشن پرواز‘، فخر عالم دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی پائلٹ بننے کے قریب

    ’مشن پرواز‘، فخر عالم دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی پائلٹ بننے کے قریب

    کینیڈا: پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ آخری مراحل میں داخل ہوگیا، اب سے کچھ دیر بعد وہ سفر مکمل کر کے دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی پائلٹ بن جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فخر عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ اُن کا مشن تین نومبر کو دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر مکمل اُس وقت ہوگا جب وہ اپنی آخری منزل فلوریڈا پہنچ جائیں گے۔

    ویڈیو میں فخر عالم نے پاکستانیوں کو کہا کہ وہ دنیا میں کسی مقام پر بھی ہوں وہ پاکستان پرچم کو سربلند رکھیں اور ملک کا مثبت چہرہ سامنے لائیں۔

    کچھ دیر فخر عالم نے جو ویڈیو شیئر کی اُس میں انہوں نے آگاہ کیا کہ ’مشن پرواز مکمل ہونے کو ہے، میں اس وقت ہیوسٹن میں ہوں جہاں سے 7 گھنٹے کا سفر طے کر کے فلوریڈا پہنچوں گا جس کے بعد یہ سفر مکمل ہوگا‘۔

    یاد رہے کہ پاکستانی گلوکار و اداکار نے ’مشن پرواز‘ کا سفر امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے شروع کیا تھا، 28 دن پر مشتمل اس مشن میں وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 32 ائیرپورٹس پر گئے۔

    مزید پڑھیں: ستاروں پر کمند ڈالنے کا جنون، فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ شروع

    فخر عالم نے کینڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، برطانیہ، مصر، بحرین، ڈھاکا، بینکاک، جکارتا، سنگاپور، آسٹریلیا، فلپائن، جاپان، روس، الاسکا، دبئی، پاکستان اور فلوریڈا کے مختلف ایئرپورٹس پر اپنا جہاز اتارا۔

    پاکستانی اداکار کو روس کے ائیرپورٹ پر ویزہ کی معیاد ختم ہونے پر کچھ گھنٹے حراست میں بھی لیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی۔

    وزارتِ خارجہ نے حراست میں لیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی سفارت خانے کو فخر عالم کی قانونی معاونت کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد روسی حکام نے نہ صرف انہیں رہا کیا بلکہ اُن کے ویزے کی تجدید بھی ہوئی بعد ازاں وہ جاپان روانہ ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: مشن پرواز: فخر عالم دنیا کا چکر لگاتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

    مشن پرواز کےدوران فخر عالم 16 اکتوبر کو  دبئی سے فضائی سفر کرتے ہوئے کراچی پہنچے تھے جہاں اُن کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عشائیے کا اہتمام بھی کیا تھا، پاکستانی اداکار اپنا سفر مکمل کر کے کراچی ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے انہوں نے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

    مشن پرواز کب شروع ہوا؟

    فخر عالم کو مشن پرواز کا آغاز 6 اکتوبر سے شروع کرنا تھا مگر تکنیکی خرابی کے باعث اُن کا سفر چار روز تاخیر یعنی 10 اکتوبر شے شروع ہوا، فخر عالم نے خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا چکر لگایا، ان کا یہ سفر 28 دنوں پر مشتمل تھا جس میں وہ 25 ممالک کے31 شہروں سے ہوتے ہوئے گزرے۔

    مشن آغاز سے قبل اے آر وائی سے گفتگو

    اے آروائی نیوز کے لیے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پلاٹیس پی سی 12 نامی طیارے میں دنیا بھر کا سفر طے کریں گے، انہوں نے اپنے ساتھ طیارے میں دو ٹیڈی بیئر بھی رکھے ہوئے ہیں جن سے تعارف کراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے نام جوجو اور ٹوٹو ہیں اور ’مشن پرواز‘ کے اختتام پر وہ یہ اپنے بیٹے اور بیٹی کو تحفے میں دیں گے۔

    اسے بھی پڑھیں: ’مشن پرواز‘ پرنکلے فخرعالم کو نیا ویزا مل گیا

    پرائیوٹ جہاز سوئزرلینڈ ساختہ ہے جو ایک انجن پر مشتمل ہے، عام طور  تاجر  اس طیارے کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں مگر  امریکی ایئر فور س میں اس جہاز کو استعمال  ابھی بھی استعمال کیا جاتا ہے  جبکہ  آسٹریلیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کے لیے بھی اس طیارے کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔ اس طیارے کی تخیلق سنہ 1991 میں ہوئی اوراسے بہت زیادہ محفوظ جہاز سمجھا جاتا ہے۔

    فخر عالم کو پائلٹ کا لائسنس 2015 میں ملا تھا، اُن کا بچپن سے خواب تھا کہ وہ خود جہاز اڑا کر دنیا بھر کا چکر لگائیں

    واضح رہے کہ تین سال قبل 2015 میں فخرعالم کو امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس ملا تھا، اُن کا  بچپن کا خواب تھا کہ وہ خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں مگر معاشی و دیگر مسائل کی وجہ سے انہیں عملی جامہ پہنانے میں کافی مشکلات درپیش تھیں۔

    دنیا کاچکر لگانے کی تاریخ

    یاد رہے کہ سب سے پہلے دنیا کا چکر لگانے کا تصور فرانسیسی مصنف جیولز ورنے کے ناول ’اراؤنڈ دی ورلڈ ان ایٹی ڈیز‘ سے منظرِ عام پر آیا تھا۔ یہ ناول 1873 میں شائع ہوا تھا اور اس کے بعد کئی افراد نے دنیا کا چکر لگانے کی کوشش کی جن میں سے بہت سے کامیاب بھی ہوئے۔

    کہا جاتا ہے کہ اس ناول کا آئیڈیا ایک امریکی شہری ولیم پیری فوگ کے تین سال پر محیط دنیا کے سفر کے دوران لکھے گئے خطوط سے لیا گیا تھا۔ اسی لیے ناول کے مرکزی کردار کا نام بھی فلیس فوگ رکھا گیا تھا۔

    فخر عالم مشن پرواز کے دوران سوشل میڈیا پر متحرک رہے اور پاکستانیوں کو سفر کے حوالے سے آگاہ کرتے رہے

    اس سے بھی بہت عرصہ قبل یعنی دوسری صدی بعد ِ مسیح میں ایک یونانی سیاح اور جغرافیہ داں پوسانیاس نے دنیا کا سفر کیا تھا اور ایک سفر نامہ بھی مرتب کیا تھا ۔

    یہ بھی یاد رہے کہ 1940 کے بعد سے اب تک 200 افرادایسے ہیں جو دنیا کا چکر لگانے میں کامیاب ہوئے، گزشتہ برس پاکستانی نژاد امریکی باپ بیٹے نے کوشش کی مگر بدقسمتی سے اُن کا جہاز  ادھورے مشن میں ہی گر کرتباہ ہوگیا تھا۔

    گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروانے کی شرائط

    عالمی ریکارڈ میں اندراج کے لیے اس مشن کے چند اصول رکھے گئے، جس کے تحت سفر جس ائیرپورٹ سے شروع ہو اختتام بھی وہیں پر ہو،مشن کے دوران ایک ہی جہاز استعمال کریں، 26 ہزار ناٹیکل سفر طے کرتے ہوئے تمام ٹائم زون میڈیم سے گزریں۔

  • مشن پرواز: فخر عالم دنیا کا چکر لگاتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

    مشن پرواز: فخر عالم دنیا کا چکر لگاتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے معروف گلوکار فخرعالم پوری دنیا کا چکر لگانے کے مشن پروازمیں کراچی پہنچ گئے ہیں، یہاں انہوں نے اس موقع پر گورنرسندھ سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق فخر عالم ان دنوں مشن پرواز پر ہیں اور اسی سلسلے میں دبئی سے آج کراچی پہنچے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ان کے درمیان خصوصی ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف گلوکار کی اس کاوش کوسراہتے ہوئے کہا کہ ’فخر عالم پورے ملک کا فخر ہیں، ہمیں ان کی اس کاوش پر فخر ہے‘۔

    فخر عالم نے مشن پرواز کا آغاز امریکی ریاست فلورویڈا سے 10 اکتوبر کو کیا تھا ۔ انہیں چھ اکتوبر کو اپنے اس مشن پر روانہ ہونا تھا تاہم جہاز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے سبب وہ مقررہ تاریخ کو اڑان نہیں بھر سکے اور چار روز کی تاخیر سے اس مشن کاا ٓغاز ہوا۔

    اس مشن کے دوران فخر عالم خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں گے۔ ان کا یہ سفر 28 دنوں پر مشتمل ہو گا جس میں وہ 25 ممالک کے31 شہروں سے ہوتے ہوئے گزریں گے ۔

    اے آروائی نیوز کے لیے خصوصی پیغام میں انہوں نے ہمارے ناظرین کو بتایا کہ وہ پلاٹیس پی سی 12 نامی طیارے میں دنیا بھر کا سفر طے کریں گے، انہوں نے اپنے ساتھ طیارے میں دو ٹیڈی بیئر بھی رکھے ہوئے ہیں جن سے تعارف کراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے نام جوجو اور ٹوٹو ہیں اور ’مشن پرواز‘ کے اختتام پر وہ یہ اپنے بیٹے اور بیٹی کو تحفے میں دیں گے۔

    یہ جہاز سوئزرلینڈ ساختہ ہے اور اس میں ایک انجن ہوتا ہے، عموماً یہ جہاز بزنس مقاصد میں استعمال ہوتا ہے تاہم امریکا کی ایئر فور س کے استعمال میں بھی ہے جبکہ آسٹریلیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کے لیے بھی اس طیارے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طیارے کی تعمیر سنہ 1991 میں شروع ہوئی تھی اور تب سے اب تک یہ ایک محفوظ طیارہ سمجھا جاتا ہے۔

    فخرِعالم اپنے جہاز کے ہمراہ

    فخر عالم نے یہ بھی بتایا کہ امریکی اور روسی قونصل خانہ نے ویزا جاری کرنے میں کافی تعاون کیا جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوست کرٹ رائے کاشکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جواس مشن میں تسلسل سے معاونت فراہم کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ تین سال قبل 2015 میں فخرعالم کو امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس ملا تھا، فخر کا بچپن کا خواب تھا کہ وہ خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں۔

    دنیا کاچکر لگانے کی تاریخ


    یاد رہے کہ سب سے پہلے دنیا کا چکر لگانے کا تصور فرانسیسی مصنف جیولز ورنے کے ناول ’اراؤنڈ دی ورلڈ ان ایٹی ڈیز‘ سے منظرِ عام پر آیا تھا۔ یہ ناول 1873 میں شائع ہوا تھا اور اس کے بعد کئی افراد نے دنیا کا چکر لگانے کی کوشش کی جن میں سے بہت سے کامیاب بھی ہوئے۔

    کہا جاتا ہے کہ اس ناول کا آئیڈیا ایک امریکی شہری ولیم پیری فوگ کے تین سال پر محیط دنیا کے سفر کے دوران لکھے گئے خطوط سے لیا گیا تھا۔ اسی لیے ناول کے مرکزی کردار کا نام بھی فلیس فوگ رکھا گیا تھا۔

    اس سے بھی بہت عرصہ قبل یعنی دوسری صدی بعد ِ مسیح میں ایک یونانی سیاح اور جغرافیہ داں پوسانیاس نے دنیا کا سفر کیا تھا اور ایک سفر نامہ بھی مرتب کیا تھا ۔

  • ستاروں پر کمند ڈالنے کا جنون، فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ شروع

    ستاروں پر کمند ڈالنے کا جنون، فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ شروع

    کراچی: پاکستانی اداکار و گلوکار فخر عالم نے ’مشن پرواز‘ کا آغاز کردیا، وہ ہوائی جہاز میں دنیا کا چکر لگائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فخر عالم نے گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ میں تین برس کی انتھک محنت کے بعد اپنا خواب پورا کرنے جارہا ہوں۔ انہوں نے آگاہ کیا تھا کہ ’مشن پرواز‘ کے تحت میں دنیا کا چکر لگاؤں گا اور اگر اس میں کامیاب رہا تو ملکی تاریخ کا پہلا پائلٹ ہوں گا۔

    فخر عالم نے کچھ دیر قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کراچی ائیرپورٹ (جناح انٹرنیشنل) کی تصویر شیئر کی اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی منزل کی طرف گامزن ہوں اور واپس اسی ہوائی اڈے پر آؤں گا‘۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’13 اکتوبر کو مجھے فلائٹ اڑانی ہے جس کا شدت سے انتظار ہے‘۔

    اس ضمن میں گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فخر عالم کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے 2015 میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس حاصل کیا تو اسی برس اکتوبر میں اپنی بچپن کی خواہش ’مشن پرواز‘ کا اعلان کیا تھا جس پر تین سال تک شبانہ روز محنت کی اور انتظامات کیے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مشن پرواز کا آغاز 6 اکتوبر کی صبح 7 بجے سے امریکی ریاسٹ فلوریڈا سے ہوگا، اُس کے بعد ہم مختلف ممالک کے انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر لینڈ کریں گے اور اگر موسم ٹھیک ملا تو یہ سفر 28 یا 29 روز میں مکمل ہوجائے گا۔

    فخر عالم کا کہنا تھا کہ اس مشن میں سنگل انجن جہاز استعمال کروں گا جو مجھے بیرونِ ملک میں مقیم دوست نے خرید کر دیا، اگر دنیا کا چکر لگانے میں کامیاب ہوا تو پہلا پاکستانی بن جاؤں گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’عالمی ریکارڈ میں اندراج کے لیے اس مشن کے چند اصول ہیں، سب سے پہلے آپ جس ائیرپورٹ سے سفر شروع کریں وہی اس کا اختتام کریں، ایک ہی جہاز استعمال کریں، 26 ہزار ناٹیکل سفر طے کرتے ہوئے تمام ٹائم زون میڈیم سے گزریں، ان تمام شرائط کو پورا کرنے کے بعد اور مشن مکمل ہونے کے بعد نام درج کیا جائے گا‘۔

    فخر عالم کا کہنا تھا کہ ’جہاز کا پائلٹ میں ہوں مگر انشورنس کمپنی نے میرے ساتھ ایک سرٹیفائیڈ انجنیئنر کو بھی نامزد کیا جو مجھے کروشیا کے بعد جوائن کرے گا تاکہ اگر کوئی مسئلہ درپیش آئے تو اسے فوری طور پر ٹھیک کیا جاسکے‘۔

    گلوکار کا کہنا تھا کہ میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ ملک کے لیے کچھ کر گزروں اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لاؤں۔

    واضح رہے کہ 1940 کے بعد سے اب تک 200 افرادایسے ہیں جو دنیا کا چکر لگانے میں کامیاب ہوئے، گزشتہ برس پاکستانی نژاد امریکی باپ بیٹے نے کوشش کی مگر بدقسمتی سے اُن کا جہاز  گر کرتباہ ہوگیا تھا۔

  • ہمارے ہاں‌ تعصب نہیں، بھارتی مہمان خوش ہو کر جاتے ہیں، جاوید شیخ

    ہمارے ہاں‌ تعصب نہیں، بھارتی مہمان خوش ہو کر جاتے ہیں، جاوید شیخ

    کراچی: بھارتی میں پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں ملنے کا عمل جاوید شیخ اور فخر عالم نے شرم ناک قرار دے دیا، جاوید شیخ نے کہا کہ ہمارے ہاں آنے والے بھارتی مہمان خوش ہوکر جاتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے بات کرتے ہوئے اداکار جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ اداکاروں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، پاکستانی سنیمائوں میں آج بھی بھارتی فلمیں دکھائی جاتی ہیں،ماضی میں بھی اداکاروں کو ایسی دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔


    پاکستانی فنکاروں‌ کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کی دھمکی


     انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے بھارتی اداکارہ مہمان نوازی سے خوش ہو کر جاتے ہیں اور ان سے کسی قسم کا تعصب نہیں برتا جاتا۔


    پاکستانی فنکاروں کو لات مار کر نکال دینا چاہیے، بھارتی گلوکار ابھیجیت کی ہرزہ سرائی


     فنکاروں کو دھمکیاں ملنے اور فلمیں ریلیز نہ کرنے کے بیانات پر گلوکار فخر عالم نے کہا کہ بھارت کا یہ رویہ انتہائی اوچھااور لچے و لفنگے والا ہے، جوہری طاقتیں رکھنے والی حکومتیں ایسا گھٹیا رویہ اختیار نہیں کرتیں لیکن بھارتی کا ہمیشہ سے یہ اوچھا ہتھکنڈا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکار ماضی میں بھی کئی بار گئے اور انہیں ایسی ہی دھمکیاں ملیں، کرکٹ کے معاملے پر بھارت نے ہمیں کیسا نقصان پہنچایا یہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، یہ بھارت کی سوچ ہے کہ ایسی دھمکیوں سے وہ ہمیں خوف زدہ کرے گا، ایسی دھمکیوں سے وہ اپنا ہی نقصان کرے گا۔

    مزید پڑھیں: شیو سینا کی دھمکی، استاد غلام علی کا کنسرٹ ملتوی

    مزید پڑھیں :  ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی پاکستانی اداکار فواد خان اور مائرہ خان کو بھی دھمکیاں

  • امجد صابری کا قتل، فنکار برادی نے سیکیورٹی مانگ لی، پولیس کی یقین دہانی

    امجد صابری کا قتل، فنکار برادی نے سیکیورٹی مانگ لی، پولیس کی یقین دہانی

    کراچی: معروف قوال امجد صابری کے قتل کے بعد فنکار برادری نے پولیس سے سیکیورٹی طلب کرلی، پولیس افسران نے ڈیفنس میں موجود تمام پروڈکشن ہائوسز کو سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلم اور ٹی وی کے کئی معروف اداکار، گلوکار اور شوبز کی ماڈلز نے ڈیفنس تھانے پہنچ کر مشترکہ طور پر اپنی سیکیورٹی کے لیے درخواست دی جس میں مطالبہ کیا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے ، امجد صابری کو بھی حال ہی میں قتل کیا جاچکا، فنکار برداری کو سیکیورٹی دی جائے انہیں پروڈکشن ہائوسز کے اطراف پولیس تعینات کی جائے کیوں کہ انہیں خطرات لاحق ہیں۔

    درخواست دینے والی شخصیات میں فخر عالم، میرا، نبیل، ماریہ واسطی، فاخر، فیصل قریشی، شبیر جان اور دیگر شامل ہیں جنہوں‌ نے اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے جمعے کی صبح اپنی فوٹیج اپ لوڈ کی تھی جس میں سیکیورٹی خدشات ظاہر کرتے ہوئے تحفظ دیے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    تھانے کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے ماریہ واسطی نے کہا کہ ہم سب کے لیے کھڑے ہیں، ہماری آواز عوام کی آواز ہے۔ فیصل قریشی نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا حکومت ہمیں سیکیورٹی فراہم کرے گی۔شبیر جان نے کہا کہ حکومت ہمیں سیکیورٹی فراہم کرے۔

    اس حوالے سے پولیس نے فنکاروں کو یقین دہانی کراتے ہوئے ڈیفنس میں موجود تمام پروڈکشن ہائوسز کو سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔