Tag: فرار ملزم ہلاک

  • کیا فرار ہونے والے ملزم کو پاپوش نگر پولیس کی گولی غلطی سے لگی؟ مقدمہ درج

    کیا فرار ہونے والے ملزم کو پاپوش نگر پولیس کی گولی غلطی سے لگی؟ مقدمہ درج

    کراچی (31 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے پاپوش نگر میں تھانے سے فرار ہونے والا ملزم عباس گزشتہ روز پولیس کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا، اس واقعے کا مقدمہ تھانہ پاپوش نگر میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاپوش نگر تھانے کے پیچھے پولیس کی فائرنگ سے ملزم کی ہلاکت کے بعد پولیس نے عباس کا کرمنل ریکارڈ بھی پیش کیا، اور بتایا کہ ملزم پر 5 سے زائد مقدمات درج تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عباس کو تھانے کے لاک اپ سے تفتیشی افسر کے کمرے میں لے جایا گیا تھا، تاہم اس دوران ملزم کمرے سے نکل کر بھاگ گیا، اس کے پیچھے پولیس اہلکار بھاگا اور نہ رکنے پر فائرنگ کی، ملزم کو پکڑنے کے دوران پولیس اہلکار کی چلائی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

    تاہم اب اس کیس کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس میں پولیس اہلکار سے ملزم کے فرار اور غلطی سے قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، یہ مقدمہ سنتری اظہار الحق اور سب انسپکٹر خادم حسین کے خلاف درج کیا گیا ہے۔


    قاتل کیک لے کر آیا تھا، شعیب اور بچے کھا رہے تھے کہ گولیاں مار دی گئیں، مستونگ واقعے میں انکشاف


    ایف آئی آر کے مطابق ملزم عباس کو لاک اپ سے نکال کر ڈیوٹی افسر کے کمرے میں لے جایا جا رہا تھا کہ ملزم تھانے سے بھاگ نکلا، ریلوے پل کے قریب جا کر اہلکاروں نے اسے روکا، لیکن ملزم نے سنتری اظہار سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اس چھینا جھپٹی کے دوران گولی چل گئی جو عباس کی کمر میں لگی، زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار سے مزید تفتیش جاری ہے۔