Tag: فرار

  • کچہری سے قیدیوں کا فرار: 11 قیدی فرار ہوئے، قتل میں ملوث 2 دوبارہ گرفتار

    کچہری سے قیدیوں کا فرار: 11 قیدی فرار ہوئے، قتل میں ملوث 2 دوبارہ گرفتار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کیے ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 11 قیدی فرار ہوئے جن میں سے 2 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے قیدیوں کے فرار کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے تادیبی کارروائی کی جائے۔

    ابتدائی رپورٹ تیار

    واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے جو وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کوٹ لکھپت جیل سے 90 اور کیمپ جیل سے 76 ملزمان کو ماڈل ٹاؤن کچہری لایا گیا۔ کوٹ لکھپت سے لائے گئے ملزمان میں سے 3 اور کیمپ جیل سے لائے گئے ملزمان میں سے 8 فرار ہوئے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے بخشی خانے میں ہنگامہ آرائی کی اور بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ کر پولیس پر حملہ کیا۔ بعد ازاں ملزمان بخشی خانے کا دروازہ توڑ کر فرار ہوگئے۔

    آئی جی پنجاب کا سخت ایکشن کا حکم

    دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) جی پنجاب راؤ سردار نے واقعے پر سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    آئی جی پنجاب نے ڈیوٹی پر معمور ذمہ داران کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دیا ہے، آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دوران ڈیوٹی غفلت پر کوئی بھی رعایت کا مستحق نہیں۔

    انہوں نے فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔

    فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی جاچکی ہیں، ترجمان آپریشنز ونگ کا کہنا ہے کہ قتل اور سنگین جرائم میں ملوث 2 ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج دوپہر میں لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں مختلف مقدمات میں جیل سے قیدیوں کو پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔

    قیدیوں کو بخشی خانے میں بند کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکار پیشیوں پر عدالتوں میں حاضر ہوئے تو سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں نے بخشی خانے کا دروازہ توڑا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

    ہنگامہ آرائی کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور فرار نہ ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ بخشی خانے میں بند کیا۔

  • لاہور: ماڈل ٹاؤن کچہری سے خطرناک مقدمات کے متعدد قیدی فرار

    لاہور: ماڈل ٹاؤن کچہری سے خطرناک مقدمات کے متعدد قیدی فرار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری سے خطرناک مقدمات کے درجن سے زائد قیدی فرار ہو گئے، قیدی سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بخشی خانے کا دروازہ توڑ کر فرار ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں مختلف مقدمات میں جیل سے قیدیوں کو پیشی کے لیے لایا گیا۔

    قیدیوں کو بخشی خانے میں بند کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکار پیشیوں پر عدالتوں میں حاضر ہوئے تو سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں نے بخشی خانے کا دروازہ توڑا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

    عینی شاہدین وکلا کے مطابق درجن سے زائد قیدی بخشی خانے سے فرار ہوئے۔

    ہنگامہ آرائی کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور فرار نہ ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ بخشی خانے میں بند کیا۔

    واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے متعلق انکوائری شروع کر دی ہے۔

  • قرنطینہ میں موجود شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے کیسے فرار ہوا؟

    قرنطینہ میں موجود شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے کیسے فرار ہوا؟

    کینبرا: آسٹریلیا میں ایک شخص ہوٹل کی چوتھی منزل سے چادروں کو آپس میں باندھ کر نیچا اترا اور قرنطینہ سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے کچھ گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا۔

    آسٹریلیا کے شہر پرتھ آنے والے مذکورہ شہری کو ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، مذکورہ شہری برسبین سے آیا تھا۔

    کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آسٹریلیا میں ایک سے دوسری ریاست میں سفر پر بھی فی الحال پابندی عائد ہے لہٰذا مذکورہ شخص کو شہر میں داخل ہونے نہیں دیا گیا اور اسے 48 گھنٹوں کے اندر واپس جانے کا کہا گیا۔

    اس دوران اس مدت کے لیے اسے ہوٹل میں قرنطینہ کے لیے بھیج دیا گیا۔

    تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے بستر کی چادروں کو جوڑ کر رسی بنائی اور اس کی مدد سے چوتھی منزل سے نیچے اتر کر فرار ہوگیا۔

    پولیس نے 8 گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ اس کی عمر 39 سال ہے اور اس کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا میں نہ صرف اندرون ملک سفر بلکہ بیرون ملک سے آنے والے افراد پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔

  • چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار

    چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار

    جرمنی کے ایک چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے عوام سے ان کے بارے میں اطلاع دینے کی اپیل کردی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جرمنی کے قصبے لوفنگن کے چڑیا گھر سے 20 سے 25 بندروں کے فرار ہونے کی اطلاع ملی ہے، انتظامیہ کے مطابق تمام بندر بربری مکاؤ نسل کے ہیں۔

    انتظامیہ کی اب تک کی انہیں ڈھونڈنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں تعمیراتی کام جاری تھا ہوسکتا ہے اسی وجہ سے بندروں کو بھاگنے کا موقع ملا ہو، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق بھی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ بندر انسانوں کے لیے کسی قسم کا خطرہ ثابت نہیں ہوں گے اور انسانوں کو دیکھ ان سے لڑنے کے بجائے وہاں سے فرار ہونے میں اپنی عافیت سمجھیں گے۔

    تاہم یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ عوام اگر کہیں بندروں کو دیکھے تو ان کے قریب جانے سے گریز کرے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے۔

  • جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    برازیل میں ایک چور جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں ایسا پھنسا کہ پھر پولیس کو ہی اس کی مدد کرنی پڑی، چور دروازے میں سوراخ کر کے فرار کی کوشش میں وہیں پھنس گیا۔

    یہ انوکھا واقعہ برازیل کی ایک جیل میں پیش آیا جہاں ایک 18 سالہ چور نے دورازے میں سوراخ کر کے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    تاہم وہ سوراخ میں پھنس گیا اور اس کا آدھا دھڑ ایک طرف اور بقیہ آدھا دوسری طرف ہوا میں لٹک گیا۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے اس حالت میں دیکھا تو اس کی مدد کرنے کی کوشش کی، پہلے دروازے کو تیل لگایا گیا جبکہ اس کی ہوا میں لٹکتی ٹانگوں کے نیچے کرسی رکھی گئی۔

    بعد ازاں فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار پولیس اسٹیشن پہنچے اور دروازے کو ہائیڈرولک اوزار کی مدد سے توڑا جس کے بعد چور کو دروازے سے نجات ملی۔

    رہائی کے بعد چور کو ایک بار پھر اس کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔

    مذکورہ چور کو ایک دکان لوٹنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی جہاں اس نے ایک گھڑی اور 48 ڈالرز چرائے تھے۔ اس پر ایک گودام میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے کا بھی الزام ہے تاہم وہاں سے وہ کچھ نہیں چرا سکا۔

  • عید کے موقع پر کرونا وائرس کا مریض فرار ہو کر گھر پہنچ گیا

    عید کے موقع پر کرونا وائرس کا مریض فرار ہو کر گھر پہنچ گیا

    قاہرہ: مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض عید کے موقع پر قرنطینہ سے فرار ہو کر گھر والوں سے ملنے کے لیے پہنچ گیا، اہل علاقہ نے پولیس کی اطلاع کردی جس کے بعد مریض کو دوبارہ اسپتال پہنچایا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کے لیے اسپتال سے فرار ہوگیا، مصری پولیس نے 35 سالہ مفرور مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ اسپتال پہنچا دیا۔

    مذکورہ شہری کے رشتہ دار اور احباب کرونا وائرس کے مریض کے گھر پہنچنے کے بعد حیران رہ گئے، مریض کا تعلق ملک کے شمالی صوبے البحیرہ کے شہر الدلنجات سے ہے۔

    کرونا وائرس کے مذکورہ مریض کے فرار کی خبر نے پورے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، الدلنجات شہر کے میئر کامل غطاس کا کہنا ہے کہ مریض کو خصوصی ایمبولینس کے ذریعے دوبارہ اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ مریض بہت کم وقت کے لیے گھر میں رہا کیونکہ علاقے کے تمام لوگ خوفزدہ ہوگئے تھے، متعدد افراد نے مذکورہ مریض کو اسپتال سے فرار ہو کر گھر آتے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کردی تھی۔

    شہر کی میڈیکل ٹیموں نے ان تمام لوگوں کا کرونا ٹیسٹ لینا شروع کردیا ہے جن سے مذکورہ مریض چند لمحے کے لیے ملا تھا۔

    مصر میں اس سے قبل بھی کرونا وائرس کے مریضوں کے قرنطینہ سے فرار ہونے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، اس سے قبل بھی ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر اپنے چچا کے جنازے میں پہنچ گیا تھا۔

    مریض نے نماز جنازہ کے موقع پر کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ دیا، بعد ازاں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ قرنطینہ میں داخل کروا دیا گیا۔

  • بھارت: چہرے پر ماسک لگا کر ملزم پولیس کی حراست سے فرار

    بھارت: چہرے پر ماسک لگا کر ملزم پولیس کی حراست سے فرار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ملزم چہرے پر لگے ماسک کا فائدہ اٹھا کر پولیس کو چکمہ دے کر حراست سے فرار ہوگیا، ریاست میں ماسک پہننے کے لازمی قانون کی وجہ سے پولیس کو ملزم کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہے۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سہارنپور میں مقامی پولیس میڈیکل کروانے کے لیے ایک ملزم کو لے کر اسپتال پہنچی تو ملزم چہرے پر لگے ماسک کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔

    ریاستی حکومت نے باہر نکلنے والے افراد کے لیے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے جس کا فائدہ اس ملزم کو ہوا۔

    مذکورہ ملزم کو اسی روز گرفتار کیا گیا تھا، اس کے فرار کے بعد اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جارہا ہے، پولیس کے مطابق ہر شخص کے ماسک پہننے کی وجہ سے ملزم کی تلاش میں دشواری پیش آرہی ہے۔

    ایس پی سٹی ونیت بھٹناگر کا کہنا ہے کہ ملزم کو رامپور پولیس کے ساتھ میڈیکل کے لیے ضلعی اسپتال لایا گیا تھا جہاں سے وہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کی تصویر اور تفصیلات ضلع کے تمام تھانوں میں چسپاں کروا دی گئی ہیں اور بہت جلد ملزم کو حراست میں لے لیا جائے گا۔

  • منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    رملہ: فلسطین کا ایک نوجوان منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہو کر اس کے گھر پہنچ گیا، فورسز نے نوجوان کو حراست میں لے کر منگیتر اور اس کے گھر والوں سمیت قرنطینہ منتقل کردیا۔

    کہا جاتا ہے کہ محبت اندھی اور بہری ہوتی ہے، یہ کہاوت فلسطینی شہر بیت اللحم کے اس نوجوان پر پوری طرح صادق آتی ہے کہ جسے کرونا وائرس سے متاثر ہونے پر قرنطینہ بھیج دیا گیا تھا۔

    فلسطینی نوجوان منگیتر کو دیکھنے کی خواہش میں بھول گیا کہ قرنطینہ سے اس کا نکلنا خود اس کے اور اس کی منگیتر کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق قرنطینہ میں زیر علاج فلسطینی شہری آنکھ بچا کر قرنطینہ ہی نہیں بلکہ شہر سے نکل کھڑا ہوا اور الخلیل شہر کے شمال میں واقع العروب کیمپ اپنی منگیتر سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا۔

    سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو جیسے ہی اس کا علم ہوا وہ فوری طور پر حرکت میں آگئے اور مفرور نوجوان کو حراست میں لے کر دوبارہ قرنطینہ پہنچا دیا۔

    فورسز نے اس کی منگیتر اور سسرالی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں داخل کردیا، قرنطینہ سے فرار کا یہ واقعہ فلسطین بھر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    خیال رہے کہ فلسطینی حکومت نے کرونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات کیے ہیں، فلسطین میں ایسے تمام مقامات کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے جہاں گنجان آبادی ہے۔

    فلسطین میں اب تک کرونا وائرس کے 208 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 اموات بھی ہو چکی ہیں۔

  • سکھر:‌ ملزمان لاش سمیت سرکاری ایمبولینس لے کر فرار

    سکھر:‌ ملزمان لاش سمیت سرکاری ایمبولینس لے کر فرار

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں ملزمان لاش سمیت سرکاری ایمبولینس لے کرفرار ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں پیش آیا، خاتون کو کاری قراردے کر قتل کیا گیا تھا.

    [bs-quote quote=”واقعہ سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں پیش آیا، خاتون کو کاری قراردے کر قتل کیا گیا تھا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    مقتولہ کو شوہر نے قتل کیا تھا،لاش مردہ خانے منتقل کی جارہی تھی، ملزمان نے راستے میں‌ حملہ کر دیا اور ایمبولینس چھین کرفرارہوگئے.

    ڈرائیور نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ایمبولینس چھیننے والا مقتولہ کا بھائی اورشوہر تھا، جنھوں نے اسلحے کے زور پر یہ واردات کی.

    ایس ایچ اوپنوعاقل کے مطابق ملزمان نے کیس خراب کرنے کے لئے ایسی واردات کی، شک ہے کہ ملزمان نے لاش کو غائب کرنے کے لیے چھینا ہے۔ 

    پولیس نے ناکا بندی کرکے ایمبولینس کی تلاش شروع کر دی ہے، مگر کوئی کامیابی نہیں ہوئی.

  • شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    نیویارک :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا میں قیدیوں کے ساتھ سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاکہ فرار کی کوشش کرنے والے قیدیوں کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح چوری کے شبے میں بھی قیدیوں کو ڈنڈوں اور دھاتی سلاخوں سے پیٹا جاتا ہے۔

    یہ رپورٹ جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی، اس رپورٹ میں شمالی کوریا سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے والے 330 افراد کے تاثرات شامل ہیں۔

    اس رپورٹ کے مطابق جیلوں کے محافظ چوری کے شبے میں پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو برہنہ کر کے تلاشی بھی لیتے ہیں، شمالی کوریا انسانی حقوق کی ایسی یا دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات کو رد کرتا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ایک فوجی کو گرفتار کیا تھا جو دونوں ممالک کی سرحد پر واقع سخت نگرانی والے ڈی ملٹرائزڈ زون (غیر عسکری علاقے) کو پار کر کے اس طرف نکل آیا تھا۔

    جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا کہناہے کہ شمالی کوریا کی فوج میں کام کرنے والے اس سپاہی نے اپنی وفادریاں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔