Tag: فرانزک رپورٹ

  • ثانیہ زہرہ کیس: فرانزک رپورٹ میں چونکا دینے والی تفصیلات سامنے آگئیں

    ثانیہ زہرہ کیس: فرانزک رپورٹ میں چونکا دینے والی تفصیلات سامنے آگئیں

    ملتان میں 9 جولائی کو خاتون کی پنکھے سے لٹکی لاش ملنے کے کیس میں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنےآ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو ملتان میں سید اسد عباس شاہ کی بیٹی ثانیہ زہرا کی مبینہ خودکشی کا معاملہ سامنے آیا تھا جس پر ثانیہ کے والد اسد عباس نے ثانیہ کے خاوند علی رضا اور سسرالیوں پر بیٹی کے قتل کا الزام لگایا تھا لیکن ابتدائی طور پر خاتون کی موت کو خودکشی قرار دے کر لاش دفنا دی گئی تھی۔

    مقتولہ کی لاش کو ورثاء نے بغیر پوسٹ مارٹم دفنا دیا تھا، علاقہ مجسٹریٹ کی اجازت سے قبر کشائی کر کے لاش کے نمونہ جات حاصل کر کے فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے تھے جس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

    واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلٰی پنجاب اور آئی جی کو بھی ارسال کردی گئی، فرانزک رپورٹ کے مطابق واقعہ خودکشی کا ہے، پوسٹمارٹم میں بھی جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں پایا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت رسی کے پھندے کے باعث ہوئی، رپورٹ میں لڑکی کے جسم پر کوئی زخم یا تشدد کا نشان نہیں پایا گیا، خاتون کے جسم کی کوئی ہڈی بھی فریکچر نہیں ہے۔

    دوسری جانب ثانیہ زہرا کی والدہ اور والد سید اسد عباس شاہ کا کہنا تھا کہ انکی بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے انہیں پولیس پر اعتماد نہیں ہے پولیس پہلے دن سے ہی اس واقعہ کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کررہی ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • لاہور ہائی کورٹ ججز کو موصول خطوط کی فرانزک رپورٹ میں اہم انکشاف

    لاہور ہائی کورٹ ججز کو موصول خطوط کی فرانزک رپورٹ میں اہم انکشاف

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے ججوں کو ملنے والے خطوط میں بھی 15 فیصد آرسینک کا انکشاف سامنے آیا، آرسینک سونگھنے سے پھیپھڑے کی سوجن، ناک کی سوزش اور خون کا بہاؤ ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو موصول ہونے والے خطوط سے متعلق تحقیقات جاری ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے ججوں کو ملنے والے خطوط کی بھی فرانزک رپورٹ تیار کرلی گئی، فرانزک سائنس ذرائع نے بتایا کہ خط میں معمولی مقدار لیتھل آرسینک کی پائی گئی۔

    فرانزک رپورٹ میں کہنا ہے کہ آرسینک سونگھنے سے پھیپھڑے کی سوجن، ناک کی سوزش اور خون کا بہاؤ ہوسکتا ہے ، آرسینک کی شناخت گیس کروماٹوگرافی اور ماس اسپیکٹرو میٹری ٹیکنک سے ممکن ہوئی۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کو ملنے والے خطوط میں موجود پاؤڈر میں آرسینک کا انکشاف ہوا تھا۔

    مشکوک خطوط کی فرانزک رپورٹ سی ٹی ڈی کو مل گئی ہے، ذرائع کا کہنا تھا خطوط سے ملنے والے پاؤڈر میں پندرہ فیصد آرسینک پایا گیا، آرسینک زہرہوتا ہے، سونگھنے یا سانس میں جانےسےاعصابی نظام شدید متاثرہوتا ہے۔۔

  • بچی فاطمہ کی  فرانزک رپورٹ  میں سنسنی خیز انکشاف

    بچی فاطمہ کی فرانزک رپورٹ میں سنسنی خیز انکشاف

    خیر پور : رانی پور کے پیر کی حویلی میں جاں بحق ہونے والی بچی فاطمہ کے ساتھ ایک نہیں کئی افراد کی جانب سے زیادتی کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق رانی پور کے پیر کی حویلی میں جاں بحق ہونے والی بچی فاطمہ کی فرانزک رپورٹ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا۔

    طبی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی فاطمہ سے ایک نہیں کئی افراد نے زیادتی کی، جس کی رپورٹ میں تصدیق ہوگئی ہے۔

    اس حوالے سے نگراں وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ پنجاب بھیجے گئے سیمپل کی رپورٹ منفی آئی، لمس جامشورو لیبارٹری کی رپورٹ میں فاطمہ سے زیادتی کی تصدیق ہوئی، اس رپورٹ میں بچی کےساتھ ایک سے زائدافرادکی جانب سےزیادتی کی نشاندہی کی گئی۔

    نگراں وزیرصحت نے دعویٰ کیا کہ غفلت برتنے پرایم ایس خیرپورسمیت دوافراد کے خلاف پہلے ہی کارروائی کی جاچکی ہے، تفتیش میں پیش رفت ہورہی ہے، منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

    یاد رہے رانی پور میں پیروں کی حویلی میں قتل ہونے والی بچی فاطمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی گئی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ بچی فاطمہ پھرڑو کی موت تشدد سے ہوئی ہے، سر اور سینے میں چوٹیں لگنے سے موت سبب بنی۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ تشدد کے بعد بچی کا علاج بھی نہیں کرایا گیا جس کے باعث بچی دم توڑ گئی، بچی کے بازو پر بھی تشدد کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے نشانات پائے گئے۔

  • عمران خان پر حملے کرنے والے ملزم کے موبائل فون سے اہم ریکارڈ مل گیا

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون سے  دو مختلف کمپنیوں کی سمز برآمد ہوئی ہیں اور 138 نمبرز اور 1869 کالز کا ریکارڈ مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی۔

    موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کے فون سے2 مختلف کمپنیوں کی سمزبرآمدہوئیں اور فون سے 138 نمبرز اور اٹھارہ سو69 کالز کا ریکارڈ مل گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ گروپ میں ایک نمبر علی رضا کے نام سے محفوظ تھا جبکہ ملزم کے فون سے 337 ایس ایم ایس 1956 تصاویر ،499 گفتگو کی کالز اور 212 ویڈیوز ملی ہیں۔

    فرانزک رپورٹ میں کہنا ہے کہ ملزم کے فون سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا نہیں ریکورکیا جاسکا تاہم فون کا تمام آڈیو اور وڈیو کی ڈی وی ڈی بناکر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نوید کے موبائل فون سے ملنے والا ایک نمبر تھائی لینڈ اور مقامی نمبر تفتیش کے لیے اہم ہیں۔

    یاد رہے عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملہ کی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آئی تھی ، رپورٹ کے مطابق عمران خان کو گولیوں کے تین ٹکڑے اور ایک دھاتی ٹکڑا لگا، جائے وقوعہ سے ملنے والے دس گولیوں کے خول بھجوائے گئے جو عمران خان کے ٹرک پر فائر ہوئے۔

  • عمران خان پر حملے کی  فرانزک رپورٹ سامنے آگئی، اہم انکشاف

    عمران خان پر حملے کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی، اہم انکشاف

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں انکشاف کیا حملہ آوور ایک سے زیادہ تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے سیئنر قائدین کا زمان پارک میں اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے وزیر آباد حملے کے حوالے سے ابتدائی فرانزک رپورٹ پیش کر دی۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک سے زائد حملہ آوروں نے عمران خان کو نشانہ بنایا، حملے میں استعمال ہونے والے اسلحے اور گولیوں کےخول حاصل کرلیے گئے۔

    اجلاس میں بریفنگ ممیں بتایا گیا کہ حملے کی جگہ سے جمع کیا گیا مواد اور کنٹینر کو محفوظ کرنے کے بعد فرانزک کیلئے بھیجا جارہا ہے۔

    بریفنگ میں کہنا تھا کہ 3اراکین پرمشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی جائے گی، مقامی پولیس کی جانب سے تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مہیا کی جائیں گی اور حملے کی تحقیقات کےحوالے سے معاملہ آگے بڑھے گا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ابتدائی فرانزک رپورٹ میں ثابت ہو گیا کہ حملہ آوور دو سے زائد تھے اوریہ بیانیہ دم توڑ چکا کہ حملہ آور مذہبی جنونی تھا۔

    عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اس واقع کے بعد عمران خان کے خلاف مذہبی منافرت پھیلائی گئی وزیر آباد کے بعد حافظ آباد میں بھی مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان کے خلاف زہر اگلا گیا۔

    صوبائی مشیر داخلہ نے کہا کہ وفاق کا جو اختیار ہے وہ استعمال کرے لیکن صوبائی آئی جی کی تعیناتی پنجاب حکومت کا اختیار ہے۔

  • ڈاکٹر نوشین کاظمی کی فرانزک رپورٹ سے متعلق ایک اور اہم خبر

    ڈاکٹر نوشین کاظمی کی فرانزک رپورٹ سے متعلق ایک اور اہم خبر

    لاڑکانہ: چانڈکا میڈیکل کالج کی طالبہ نوشین کاظمی کی ہلاکت کے کیس میں اہم دستاویز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس سے انکشاف ہوا ہے کہ ایم ایل او نے افسران بالا کو پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

    دستاویز کے مطابق میڈیکولیگل آفیسر ڈاکٹر رخسار سموں نے لاڑکانہ کے پولیس سرجن اور چانڈکا میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر گلزار شیخ کو خط لکھا ہے، جس میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ نوشین کاظمی کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ جاری کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

    خط میں خاتون ایم ایل او نے کہا نوشین کاظمی کی فرانزک رپورٹس متضاد ہیں، لیاقت یونیورسٹی کی لیبارٹری رپورٹ میں ایک مرد کا ڈی این اے ملا ہے، اس لیے نوشین کاظمی کے سیمپلز کی فرانزک سندھ سے باہر کی لیبارٹری سے کروائی جائی۔

    پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج ڈاکٹر گلزار شیخ نے ڈاکٹر رخسار کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ مطالبات پولیس سرجن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو پیش کرنے چاہیئں، ڈاکٹر رخسار کا خط جوڈیشل انکوائری کے جج کو پیش کیا جا چکا ہے، معلوم نہیں ڈاکٹر رخسار سموں کسی دباؤ کا شکار ہیں یا نہیں۔

    ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سرجن نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

    دوسری طرف ایس ایس پی نے چانڈکا لیبارٹری کی فرانزک رپورٹ کی تصدیق کر والی ہے، ڈاکٹر راج کمار نے نوشین کاظمی کے کیس میں فرانزک رپورٹ کی تصدیق کر دی ہے۔

  • فرانزک رپورٹ : نور مقدم  کو قتل سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف

    فرانزک رپورٹ : نور مقدم کو قتل سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف

    لاہور : نور مقدم کيس کی فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نور کو قتل سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ، ملزم ظاہر کا ڈی اين اے اور فنگر پرنٹس نمونوں سے ميچ کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نور مقدم کيس کی فرانزک رپورٹ ميں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ، فرانزک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم ظاہر جعفر نے قتل سے پہلے مقتولہ سے زیادتی بھی کی اور مقتولہ نور مقدم پر بدترين تشدد کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم ظاہرکا ڈی اين اے اور فنگرپرنٹس نمونوں سے ميچ کرگئے، قتل ميں استعمال چاقو پر ملزم ظاہرجعفر کے فنگر پرنٹس موجودہيں، مقتولہ نورمقدم کا پوسٹ مارٹم قتل سے 12گھنٹے بعد کياگيا۔

    فرانزک رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی ميں نظرآنيوالا شخص ملزم ظاہرجعفراورمقتولہ نورمقدم ہی ہيں۔

    گذشتہ روز وزارت داخلہ نے نور مقدم قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کردیئے تھے ، ملزمان میں ظاہر جعفر، والدذاکرجعفر، والدہ عصمت ، ملازم امجد سمیت گھرمیں کام کرنیوالے 3ملازمین شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ عید کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے نور کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا بعد ازاں اس کا سر دھڑ سے الگ کردیا تھا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مقتولہ کی موت دماغ کو آکسیجن سپلائی بند ہونے سے ہوئی، مقتولہ کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات بھی پائے گئے، ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا، جس کے بعد پولیس نے تصدیق کی تھی کہ جرم کے وقت ملزم نشے میں نہیں تھا جبکہ دماغی طور پر بھی وہ بالکل صحت مند ہے۔

  • علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ کیسے لگی؟ فرانزک رپورٹ آگئی

    علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ کیسے لگی؟ فرانزک رپورٹ آگئی

    لاہور: پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں جمع کر ا دی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ لگنے سے متعلق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر کو جمع کرا دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ایجنسی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ کے باعث3 بوگیاں متاثر ہوئیں،2 مکمل خاکستر ہوئیں،بوگیوں کی سیٹیں،پنکھے،لائٹس،الماریاں مکمل طور پر جل گئیں۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرائم سین یونٹ گوجرانوالہ کی جانب سے ٹرین سے شواہد جمع کیےگئے،تینوں بوگیوں سے راکھ،جلا ہوا مٹیریل اور دیگر باقیات کو بطور ٹیسٹنگ لیاگیا، تینوں بوگیوں کے مختلف حصوں سے 249 تصاویر کو بطور شواہد لیاگیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں،جائے وقوعہ سے لیے گئے شواہد میں آتشگیر مواد نہیں ملا، حادثے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹرین کی پاور آن ہونے سے شارٹ سرکٹ آگ کا باعث ہوسکتی ہے۔

    علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی پر 6 ریلوے ملازمین معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 4 جون کو ڈی ایس لاہور نے علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیوں میں آتشزدگی کے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے چھ ریلوے ملازمین کو معطل کر دیا تھا۔

  • بچوں کی موت ہوٹل کا کھانا کھانے سے ہی ہوئی، فرانزک رپورٹ میں تصدیق

    بچوں کی موت ہوٹل کا کھانا کھانے سے ہی ہوئی، فرانزک رپورٹ میں تصدیق

    کراچی : ڈیفنس میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے حوالے سے ریسٹورنٹ کے کھانوں کی فرانزک رپورٹ میں تصدیق ہوگئی ہے کہ دونوں بچوں کی موت ہوٹل کا کھانا کھانے سے ہی ہوئی۔

    ایریزونا گرل ریسٹورنٹ کا کھانا زہریلا تھا کھانے میں خطرناک بیکٹیریاز تھے، جس کے باعث دونوں بچوں محمد اوراحمد کے گردے فیل ہوئے، فرانزک رپورٹ میں بچوں کی موت کا سبب معلوم ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کے دو منیجرز عامر اختر اور عرفان علیم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    مذکورہ مقدمہ میں قتل بالسبب اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس نے عدالت سے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے، اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ مالکان ضمانت پر ہیں جلد ان تک بھی پہنچیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن کی زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں دو بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

  • پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، فرانزک رپورٹ میں انکشاف

    پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، فرانزک رپورٹ میں انکشاف

    لاہور : پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کے قتل کی تصدیق ہوگئی، فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ثنا کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کی ہلاکت میں پیشرفت ہوئی اور پنجاب فرانزک لیبارٹری کی فرانزک رپورٹ منظرعام پرآگئی، فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اطالوی نژاد ثناء چیمہ کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا، اس کی گردن کی  ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔

    پولیس نے فرانزک رپورٹ آنے  پر ملزمان کو قتل کے مقدمہ میں گرفتار کرلیا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 18 اپریل کو گجرات میں  پسند کی شادی کی خواہش پر اہلخانہ نے غیرت کےنام پر اپنی اطالوی بیٹی کو قتل کردیا تھا جبکہ اس کی موت کو  اتفاقیہ قرار دے کر دفنا دیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : گجرات: غیرت کے نام پر پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کا قتل


    ثناء چیمہ کے مبینہ قتل کی خبر جب انٹرنیشنل میڈیا اور سوشل میڈیا پر نشر ہوئی تو کنجاہ پولیس نے ثناء چیمہ کے باپ غلام مصطفےٰ چیمہ بھائی اور چچا کو حراست میں لے کر قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ثنا چیمہ ،راجہ کامران سے شادی کرنا چاہتی تھی، راجہ کامران ثناچیمہ کی موت سے چندروز قبل اٹلی واپس گیا تھا، مبینہ قتل کی خبر راجہ کامران نےہی اٹلی کے اخبارات کو دی۔

    گزشتہ ماہ 25 اپریل کو عدالت کے حکم  پر  ثناء چیمہ کی قبر کشائی کی گئی تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ کیا ثناء چیمہ کو قتل کیا گیا تھا یا اس کی موت اتفاقیہ ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ ثناء چیمہ نے انیس اپریل کو کامران نامی پاکستانی نژاد سے شادی کرنے کے لئے اٹلی جانا تھا اور اٹلی روانگی سے ایک روز قبل ہی اسے قتل کر دیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں