Tag: فرانزک ٹیم

  • خاور حسین کی لاش 3 گھنٹے بعد بھی گاڑی میں موجود

    خاور حسین کی لاش 3 گھنٹے بعد بھی گاڑی میں موجود

    سانگھڑ : صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش واقعے کے 3 گھنٹے بعد بھی تاحال گاڑی میں پڑی ہوئی ہے۔

    ا ے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس کے بعد شہید بینظیرآباد سے فرانزک ٹیم سانگھڑ پہنچ گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تہہ تک پہنچنے کیلیے فرانزک ٹیم کے اہلکار واقعے کا تمام پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی خاور حسین کی اہلیہ اور ان کے بچے بھی سانگھڑ پہنچ رہے ہیں۔

    ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد فیصل بشیر میمن کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے مزید شواہد جمع کیے جارہے ہیں، ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ واقعہ کس طرح پیش آیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم ہر پہلو سے تفتیش کررہی ہے، اطراف کے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔

    گاڑی سے ملنے والے اسلحہ کو فارنزک لیب بھیجا جارہا ہے۔ بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کیلیے صحافی خاور حسین کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : صحافی خاور حسین کی گاڑی سے گولی لگی لاش برآمد

    یاد رہے کہ کراچی کے معروف نجی چینل سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی خاور حسین کی گاڑی سے ان کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے، متوفی کے ہاتھ میں ایک پستول بھی موجود ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجا نے بھی آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی وزیراعلٰی نے آئی جی پولیس کو بہترین افسر کو تفتیش سونپنے کی ہدایت کی ہے۔

     

  • سری لنکا دھماکے، پاکستان کا لاشوں کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیم بھیجنے کا فیصلہ

    سری لنکا دھماکے، پاکستان کا لاشوں کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیم بھیجنے کا فیصلہ

    لاہور: سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت کے لیے پاکستان نے سری لنکا کو تعاون کی پیش کش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں میں ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت کے لیے پاکستان نے فرانزک ٹیم سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم نے تین رکنی فرانزک ٹیم تشکیل دے دی، فرانزک ٹیم ڈاکٹر ہمایوں تیمور کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے۔

    جاوید اکرم نے کہا کہ فرانزک ٹیم سری لنکا جاکر لاشوں کی شناخت کرے گی، ہماری فرانزک ٹیم سری لنکن فرانزک ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہے، ڈاکٹر جین سری لنکن فرانزک ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں۔

    وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مطابق سری لنکن فرانزک ٹیم نے دفتر خارجہ سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

    مزید پڑھیں: سری لنکا دھماکے، 200 سے زائد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    دوسری جانب صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب سری لنکا دھماکوں کے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرےآٹھ دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں 200 سےزائدافراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن میں امریکی، برطانوی اور نیدر لینڈز کے شہری شامل ہیں۔

    سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دے دیا۔