Tag: فرانسیسی سفیر

  • پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    اسلام آباد: فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں۔

    اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نکولس گیلے نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخاں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 30 ارب ڈالر سے زیادہ درکار ہیں، پاکستان ہی نہیں یورپ، نائجیریا اور ویتنام بھی قدرتی آفات کے نرغے میں ہیں۔

    نکولس گیلے نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کی اور کرے گا، موسمیاتی تغیر سے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ انداز میں نمٹنا ہو گا۔

    انھوں نے کہا فرانسیسی صدر نے پیرس معاہدے کے تحت تمام ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی مدد کی اپیل کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی موسمیاتی یک جہتی معاہدے پر زور دیا۔

    فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب آیا تو ان کے ملک نے فوری طور پر ہنگامی آلات اور فوجی ماہرین کو پاکستان بھیجا اور ریلیف آپریشن میں مدد کی، خصوصی پرواز سے خیمے اور غذائی اشیا بھیجے گئے۔

    انھوں نے کہا فرانس کے 40 سول سیکیورٹی ماہرین نے دادو ضلع میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس نصب کیے، فرانسیسی فوجی ٹیم نے مقامی سیلاب متاثرین کو 6 لاکھ لیٹرز پینے کا صاف پانی فراہم کیا، فرانس نے ایک طویل پل بھی سندھ حکومت کو حوالے کیا۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ فرانس نے پاکستان کے تین صوبوں میں 90 ہزار افراد کے لیے 10 لاکھ یورو کی رقم مختص کی، ایک کروڑ یورو ماؤں اور بچوں کی غذائیت کے لیے عالمی ادارہ خوراک کے لیے مختص کیے گئے۔

    نکولس گیلے نے بتایا کہ سندھ کے اضلاع قمبر، شہداد کوٹ اور خیرپور کے 30 ہزار سیلاب متاثرین کو مدد دی جا رہی ہے، فرانسیسی امداد سے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ میں 40 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا۔

  • فرانسیسی سفیر کا اہلیہ کے ساتھ قائد اعظم میوزیم ہاوٴس کا دورہ

    فرانسیسی سفیر کا اہلیہ کے ساتھ قائد اعظم میوزیم ہاوٴس کا دورہ

    کراچی: فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم ہیں، اس مشکل گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے اہلیہ کے ہمراہ قائد اعظم میوزیم ہاوٴس کا دورہ کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ یہاں آکر خوشی ہوئی، یہاں رہنے والے لوگ کافی ہنرمند ہیں، اس وقت پاکستان سیلابی صورت حال سے گزر رہا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، ہم نے مشینری منگوائی ہے جو یومیہ 50 ہزار لیٹر گندے پانی کو میٹھا کرے گی۔

    نکولس گیلے نے تجارتی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز کے مابین میٹنگ رکھی گئی ہے، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط کرے گی۔

    انھوں نے تقریب میں بتایا کہ فرانسیسی جامعات سے لوگ نومبر میں پاکستان کو دورہ کریں گے اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔

    اس موقع پر قائد اعظم میوزیم بورڈ کے سینیئر رکن لیاقت مرچنٹ نے کہا کہ فرانس کے سفیر کا یہاں کا دورہ خوش آئند ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرے گا۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے اس جگہ کو اصل حالت میں بحال رکھنے کے لیے بہت کام کیا ہے، یہاں اسکولوں کے بچوں کو مختلف پروگرامات کروائے جائیں گے۔

    انھوں نے تقریب میں بتایا کہ یہاں جناح لائبریری کے نام سے پبلک لائبریری ایک سمعی و بصری مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تقریب کے اختتام پر فرانسیسی سفیر کو اجرک اور شیلڈ پیش کی گئی۔

  • فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی ملکی برآمدات ختم ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور علمائے اکرام کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس میں وزیر اعظم نے کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے خلاف قائم کیسز ختم کرنے کے لیےگرین سگنل دیا، وزیر اعظم نے کہا معاملات ٹھیک کرنے میں 2 سے 3 ہفتے درکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ فرانس سے متعلق کالعدم جماعت کا مطالبہ ملکی مفاد میں نہیں، اگر فرانسیسی سفیر کو نکالا تو یورپی ممالک سے ہونے والی 10 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس ختم ہو جائیں گی، اس فیصلے سے ملکی کرنسی پر بے پناہ دباؤ آئے گا، اور مہنگائی بڑھے گی۔

    حکومت سعد رضوی کے کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی، ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان نے علمائے کرام سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک میری حکومت میں اب تک 6 مرتبہ سڑکوں پر آ چکی ہے، میں نے 25 سال پہلے پاکستان میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا سوچا تھا، میرے ہاتھ پاؤں مضبوط کرنے کی بجائے یہ لوگ میرے ہی خلاف سڑکوں پر آ گئے۔

    انھوں نے کہا حکومت اپنے ہی لوگوں پر طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار نہیں کرناچاہتی، لیکن ریاست کی رٹ پر کسی صورت کمپرومائز نہیں ہونے دوں گا، جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے علما پر امید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے معاملے پر وزیر اعظم سے ملاقات اچھی رہی، وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ حکومت کی رٹ بھی ہو اور مذاکرات بھی چلیں، اگر دونوں طر یہی امن پسند رویہ اختیار کیا گیا تو مسائل حل ہو جائیں گے۔

  • جوہری پروگرام پر تنقید کرنے پر ایران کا احتجاج، فرانسیسی سفیر دفترخارجہ طلب

    جوہری پروگرام پر تنقید کرنے پر ایران کا احتجاج، فرانسیسی سفیر دفترخارجہ طلب

    تہران : ایران نے واشنگٹن میں تعینات فرانسیسی سفیر کی جانب سے تہران کے متنازع جوہری پروگرام پر بات کرنے پر پیرس کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں متعین فرانسیسی سفیر جیراڈ اراوڈ کا مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے پُر امن ہونے کی یقین دہانی کرانا ہوگی اور اسے سنہ 2025 کو جوہری معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی اپنا جوہری پروگرام پرامن رکھنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانسیسی سفیر کے اس بیان پر ایران نے فرانس کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار کیا اور وزارت خارجہ نے تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج بھی کیا۔

    امریکا میں تعینات فرانسیسی سفیر نے مزید کہا تھا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ایران کو سنہ 2025 کے بعد جوہری اسلحہ کی تیاری کا حق مل جائے گا اور وہ آزادانہ یورنیم افزودہ کر سکے گا۔

    جیراڈ اراوڈ نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے اور اس کے اضافی پروٹوکول کے مطابق ایران کو اپنی تمام جوہری سرگرمیوں کی مسلسل معائنہ کاری کی اجازت دینا ہوگی۔

    فرانسیسی سفیر نے روس پر ایران کے بو شہر جوہری پلانٹ میں یورینیم افزودہ کرنے میں مدد فراہم کرنے کا الزام بھی عاید کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کو عالمی طاقتوں سے طے پائے سمجھوتے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی اپنا جوہری پروگرام پرامن رکھنے کے اصول کی پابندی کرنا ہوگی۔

    جیراڈ کے اس بیان پر ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں متعین سفیر فیلپ ٹیپو کو طلب کرکے فرانس کے امریکا میں متعین سفیر کے بیان پر شدید احتجاج کیا۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار حسین سادات میدانی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں فرانسیسی سفیر کے ایران کے جوہری پروگرام کے متعلق ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔

    حسین سادات کا کہنا تھا کہ فرانس کو اپنے سفیر کے بیان کی وضاحت کرنا ہو گی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی تھی۔

  • پاک فرانس تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، فرانسیسی سفیر

    پاک فرانس تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، فرانسیسی سفیر

    لاہور: پاکستان اور فرانس کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور دستیاب مواقع سے استفادے کیلئے فرانسیسی تاجروں کا اعلیٰ سطحی وفد آئندہ پاکستان کا دورہ کرے گا ۔

    فرانس کی سفیر مسز مارٹین ڈورنس نےلاہور چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی وفد کا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بڑی فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ تصور کرتیں ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے بے چین ہیں۔

    بہت سی فرانسیسی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکویپمنٹ، آئل مارکیٹنگ، ٹیکسٹائل اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اس موقع پر کہا کہ فرانس پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے اور اس کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کو جی ایس پی سٹیٹس ملنے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔