Tag: فرانسیسی وزیر خارجہ

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کی صورت حال پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے فون پر رابطہ کیا ہے، شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

    دریں اثنا، فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے مودی کے متوقع دورۂ پیرس کے دوران بات چیت کا عندیہ دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو بتایا کہ بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لا حق ہو سکتے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس کو اس ساری صورت حال پر گہری تشویش ہے۔ انھوں نے معاملات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔

    فرانس کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں قابل تحسین کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

  • بریگزٹ تنازعے کو اب ختم ہونا چاہیے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    بریگزٹ تنازعے کو اب ختم ہونا چاہیے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    پیرس : فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے یورپی یونین سے برطانوی انخلاء پر کہا ہے کہ بریگزٹ سے منسلک تنازعے کو اب ختم ہونا چاہیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی فرانسیسی شہر دینارد میں جی سیون کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد لیدریاں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یہ صورتحال تبدیل ہو اور یہ موضوع یورپی یونین کے معاملات پر مزید حاوی نہیں ہو۔

    انہوں نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد اس مسئلے کا حل پیش کرے۔

    یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ یورپی ممالک کے سربراہان بریگزٹ کی تاریخ میں ایک برس کی لچکدار توسیع کردیں لیکن یورپی ممالک برطانیہ کو مزید وقت دینے کےلیے تیار نہیں۔

    یورپی یونین کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ اگر بریگزٹ کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کی گئی تو برطانیہ یورپی یونین کے الیکشن میں اپنا حق رائے دہی بحیثیت رکن ملک استعمال کرسکتا ہے۔

    یورپی ممالک کی جانب سے برطانیہ کو عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر 12 اپریل تک بریگزٹ معاہدہ منظور ہوگیا تو ٹھیک ورنہ برطانیہ کو بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ یورپ کی سب سے مضبوط معیشت جرمنی کو بھی کسی باقاعدہ ڈیل کے بغیر برطانیہ کے یونین سے اخراج کے صورت میں شدید معاشی نقصان پہنچنے کے خدشات ہیں۔

    بریگزٹ ڈیل: یورپی کمیشن کے صدر کی برطانیہ کو تنبیہ

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تھریسامے نے تیسری مرتبہ بریگزٹ ڈیل کے مسودے کو اراکین پارلیمنٹ سے منظور کروانے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں تیسری مرتبہ بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    برطانوی وزیر اعظم کے تیار کردہ مسودے کے حق میں 286 اور مخالفت میں 344 ووٹ پڑے تھے جس کے بعد جیریمی کوربن نے تھریسامے سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • مذاکرات کی ناکامی پر ایران نئی پابندیوں کیلئے تیار رہے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    مذاکرات کی ناکامی پر ایران نئی پابندیوں کیلئے تیار رہے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    پیرس : فرانسیسی وزیر خارجہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل منصوبے سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ممالک اور ایران کے درمیان بیلسٹک میزائل کی تیاری کے حوالے سے مذاکرات ہونے ہیں، فرانسیسی وزیر خارجہ جین لی ڈریان نے کہا ہے کہ ایران کو بیلسٹک میزائل پروگرام روکنا ہوگا اگر مذاکرات بے نتیجہ رہے تو ایران نئی پابندیوں کیلئے تیار رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا اطلاق ایرانی پاسداران انقلاب کے عہدیداروں اور میزائل پروگرام سے وابستہ افراد پر ہوگا، پابندیوں کے دوران مذکورہ اداروں کے افراد کے اثاثے منجمد کرکے ان پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانس سمیت یورپی یونین کے دیگر ممالک بھی ایران کے خلاف نئی پابندیاں کرنے پر غور کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی اقتصادی پابندیاں، ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی

    خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب جوہری معاہدے سے علیحدگی اور اگست سے نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بعد ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پراقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایران سے کاروبار کرنے والے ممالک پرامریکہ سے تجارت کرنے پر پابندی کی دھمکی دی تھی۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا یہ ایران پر اب تک لگائی گئی سب سے سخت پابندیاں ہیں، نومبرمیں ان پابندیوں کو مزید سخت کیا جائے گا۔