Tag: فرانس

  • خلیج میں آزادانہ جہاز رانی کی ضمانت دینے کے لیے کام کر رہے ہیں، فرانس

    خلیج میں آزادانہ جہاز رانی کی ضمانت دینے کے لیے کام کر رہے ہیں، فرانس

    پیرس : فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہاہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ سے باہر آنا دنیا بھر میں دہشت گردی کی پشت پناہی ترک کرنا ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے وزیر خارجہ جان ایف لوڈریان نے کہا ہے کہ ان کا ملک خلیج میں بحری جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کی ضمانت کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس میں عالمی سفیروں کی ایک کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خطے میں ایرانی مداخلت اور ایران کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے معاملے پر تمام متعلقہ فریقین سے بات چیت کر رہے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ وسیع تر مذاکرات کے لیے شرائط تیار کر رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ سے باہر آنا اور دنیا بھر میں دہشت گردی کی پشت پناہی ترک کرنا ہو گی،جان ایف لوڈریان نے یمن میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی امن مساعی کو آگے بڑھانے کی حمایت کی۔

  • فرانس کے مذہبی اسکالر گینگ ریپ کے مرتکب قرار

    فرانس کے مذہبی اسکالر گینگ ریپ کے مرتکب قرار

    پیرس : فرانس کے مذہبی اسکالر گینگ ریپ کے بھی مرتکب قرار دے دیا گیا، 50 سالہ خاتون نے رمضان پر اپنے اسٹاف کے رکن سمیت ریپ کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کے ریپ کے الزامات کا سامنا کرنے والے فرانس کے معروف مذہبی اسکالر طارق رمضان پر ایک خاتون صحافی کے گینگ ریپ کا الزام بھی عائد کردیا گیا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق 50 سالہ خاتون نے 56 سالہ رمضان پر اپنے اسٹاف کے رکن سمیت ریپ کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا تھا، خاتون کا کہنا تھا کہ مئی 2014 کو جب وہ لیون کے ایک ہوٹل میں ان کا انٹرویو کرنے گئی تھیں تو معروف اسکالر نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ انہیں ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔

    جوڈیشل ذرائع نے کہا کہ خاتون نے مئی 2019 میں درج کرائی گئی شکایت میں بتایا تھا کہ مذہبی اسکالر رمضان نے حملے سے متعلق پولیس میں رپورٹ کرنے کے خلاف دھمکیاں بھی دی تھیں۔4 بچوں کے والد رمضان اوکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر تھے تاہم انہیں 2017 کے آخر میں ‘می ٹو’ مہم کے تحت الزامات کا سامنا کرنے پر رخصت پر بھیج دیا گیا تھا۔

    انہوں نے 2009 میں ایک معذور خاتون اور 2012 میں فیمینسٹ رضاکار کے ریپ کے الزامات کی تردید کی تھی جبکہ فروری 2018 میں انہیں حراست میں لیا گیا تھا اور 9 ماہ تک زیر حراست رہنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

    سوئٹزرلینڈ کے حکام بھی ان کے ملک میں رمضان کے خلاف ریپ کی شکایت پر تحقیقات کر رہے ہیں، ان کے وکیل ایمانوئل مارسگنی نے فرانس میں ان کے خلاف لگے حالیہ الزامات پر رائے دینے سے انکار کردیا۔

  • فرانس میں جی سیون رہنما کانفرنس کے موقع پر ہزاروں مخالفین کا احتجاجی مارچ

    فرانس میں جی سیون رہنما کانفرنس کے موقع پر ہزاروں مخالفین کا احتجاجی مارچ

    پیرس :فرانس کے شہر بیارٹز میں ہونے والی جی سیون رہنما کانفرنس میں شرکت کے لیے دنیا کی اہم طاقتوں کے سربراہان کے پہنچنے پر ہزاروں مخالفین نے پہلے ہی احتجاجی مظاہروں کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جی سیون مخالف مختلف تنظیموں کے کارکن اور رہنما رواں فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں جمع ہیں تاہم مظاہرے کے منتظمین کا اصرار ہے کہ وہ پرامن رہیں گے،جی سیون کانفرنس بیارٹز میں ہورہی ہے، جہاں سے 30 کلومیٹر دور ریگستانی شہر میں ہزاروں افراد جمع ہوئے اور پرامن مظاہرہ کیا۔

    پولیس کے مطابق مظاہرے میں 9 ہزار افراد شریک تھے لیکن منتظمین کا کہنا تھا کہ کم ازکم 15 ہزار افراد جمع ہوئے تھے۔

    مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جہاں ایک بینر پر ایمیزون کے جنگلات کو بچانے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا ہوا تھا کہ ریاستوں کے سربراہان، اب کردار ادا کیجیے، ایمیزون جل رہا ہے۔

    دوسری جانب پیرس میں بھی اس حوالے سے احتجاج کیا گیا، جہاں پلے کارڈز میں رواں برس آگ سے جل کر خاکستر ہوئے عیسائیوں کے تاریخی چرچ کی جانب سے اشارہ کرکے تحریر کیا گیا تھا کہ اگر موسم ایک کیتھڈرل تھا تو ہم اس کو پہلے بھی محفوظ بنا چکے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ جی سیون مخالف مظاہرین نے فرانس اور اسپین کو ملانے والے پل کی طرف مارچ کیا، اس دوران وہ نعرے بلند کررہے تھے اور ڈرمز بھی بجارہے تھے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کی صورت حال پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے فون پر رابطہ کیا ہے، شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

    دریں اثنا، فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے مودی کے متوقع دورۂ پیرس کے دوران بات چیت کا عندیہ دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو بتایا کہ بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لا حق ہو سکتے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس کو اس ساری صورت حال پر گہری تشویش ہے۔ انھوں نے معاملات مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔

    فرانس کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں قابل تحسین کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

  • سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    نیویارک: ذرایع نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکورٹی کونسل کا مقبوضہ کشمیر پر اجلاس بلانے کے لیے تمام رکن ممالک نے اتفاق رائے کر لیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

    ذرایع کے مطابق چین، روس اور برطانیہ نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی، روس نے پہلی بار سیکورٹی کونسل اجلاس میں پاکستان کی حمایت کی۔

    برطانیہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں امریکا سمیت کسی ملک نے بھارت کی حمایت نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا: سیکرٹری جنرل یو این

    یاد رہے کہ پاکستان کی درخواست پر 16 اگست کو مسئلہ کشمیر پر سیکورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اہم ترین بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم وادی کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

  • فرانس، سینڈوچ دیر سے دینے پر مسلح شخص نے ویٹر کو قتل کردیا

    فرانس، سینڈوچ دیر سے دینے پر مسلح شخص نے ویٹر کو قتل کردیا

    پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مسلح شخص نے سینڈوچ دیر سے دینے پر ویٹر کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مضافاتی علاقے شورلی گرینڈ میں ایک گاہک نے ریسٹورنٹ کے ویٹر کو مبینہ طور پر سست سروس فراہم کرنے پر گولی مار کر ہلاک کردیا۔

    [bs-quote quote=”پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کردی” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    پولیس کے مطابق گاہک نے سینڈوچ کا آرڈر کیا تھا تاہم ویٹر نے سروس پہنچانے میں دیر کردی جس پر گاہک نے طیش میں آکر اس پر گولی چلادی، گولی لگنے سے ویٹر موقع پر ہلاک ہوگیا۔

    فرانسیسی پولیس کے مطابق 28 سالہ ویٹر کو بازو پر گولی لگی تھی، حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد مقامی افراد اور ریسٹورنٹ کے عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ایک خاتون کسٹمر کا کہنا تھا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتیں کہ ہوٹل میں کسی غریب ویٹر کو گولی مار کر ہلاک کیا جائے گا۔

    مقامی افراد کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں شورلی گرینڈ کے علاقے میں منشیات بیچنے والوں نے ڈیرا ڈالا ہوا ہے جس کی وجہ سے اس طرح کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔

  • شمسی پینلز والی سڑک سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام کیوں ہوا؟

    شمسی پینلز والی سڑک سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام کیوں ہوا؟

    پیرس: فرانس میں 2 سال قبل دنیا کی پہلی سولر ہائی وے کا افتتاح کیا گیا تھا اور ماہرین کو امید تھی کہ یہ سڑک توانائی کے ذرائع میں اہم اضافہ ثابت ہوگی، تاہم اب اسے ایک ناکام ترین منصوبہ قرار دیا جارہا ہے۔

    2 ہزار 800 اسکوائر میٹر پر محیط یہ سڑک دسمبر 2016 میں تیار کی گئی تھی۔ اس منصوبے کو ایک ٹرائل کہا جارہا تھا اور ماہرین کا خیال تھا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوجاتا ہے تو سڑکوں سے بجلی بنانے کا کام بڑے پیمانے پر شروع کردیا جائے گا۔

    تاہم اب 2 سال بعد سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق توقع کے برعکس نہ تو یہ سڑک منافع بخش ثابت ہوئی اور نہ ہی مؤثر، اور 2 سال بعد مکمل طور پر ناکام قرار دی جارہی ہے۔

    سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ اب یہ سڑک ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اور اس کی مرمت بھی نہیں کی جاسکتی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سڑک پر نصب کئی شمسی پینلز اپنی جگہ سے ڈھیلے ہوگئے اور اسی وجہ سے ٹوٹ بھی گئے۔ اس سڑک سے یومیہ بنیادوں پر 790 کلو واٹ بجلی پیدا ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا، تاہم یہ صرف اس کے نصف ہی بجلی پیدا کرسکی۔

    بجلی پیدا کرنے کا یہ اندازہ اس بنیاد پر لگایا گیا تھا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو تو مستقبل میں اس سڑک کے آس پاس بسنے والے افراد کی بجلی کی ضروریات یہیں سے پوری کی جاسکیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ سڑک بہت پر شور بھی ثابت ہوئی جس کی وجہ سے یہاں پابندی عائد کرنی پڑی کہ اس سڑک پر صرف 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی جائے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکا میں بنائی جانے والی اسی طرز کی سڑک کا بھی یہی حال ہوا، البتہ نیدر لینڈز میں بنائی گئی ایسی سڑک کامیاب منصوبہ قرار دی گئی۔ نیدر لینڈز میں یہ سڑک سائیکلوں کے لیے بنائی گئی تھی اور اس سڑک سے توقعات سے زیادہ بجلی حاصل کی گئی۔

    اس منصوبے کی ناکامی کی وجوہات اور عوامل کے بارے میں تفصیلی غور کیا جارہا ہے، تاہم ابتدائی طور پر ماہرین کا اندازہ ہے کہ شمسی پینلز کو سورج سے توانائی حاصل کرنی ضروری ہے لیکن ایسے وقت میں یہ سڑک ٹریفک سے بھری ہوتی ہے، ممکن ہے کہ یہی وجہ اس سڑک کی ناکامی کا سبب بنی ہو۔

  • فرانس میں اقتصادی معاشی پالیسوں کے خلاف پیلی جیکٹ کے مظاہرے

    فرانس میں اقتصادی معاشی پالیسوں کے خلاف پیلی جیکٹ کے مظاہرے

    پیرس :فرانس میں اقتصادی معاشی پالیسوں کے خلاف پیلی جیکٹ کے مظاہرے بدستور جاری ہیں, رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی اور حکومت کی معاشی پالیسیو کے خلاف یلو جیکٹ مظاہرے نومبر 2018 سے جاری ہیں۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں کی اقتصادی معاشی پالیسوں کے خلاف پیلی جیکٹ کی مہم بدستور جاری ہے، گزشتہ نومبر سے شروع ہونے والی یہ مہم عروج پر پہنچنے کے بعد سخت قانون کے باعث اتنی تیز نظر نہیں آتی تاہم سلکتی آگ کی طرح جاری ہے جس کے نتیجہ میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی مقبولیت کو دھچکا لگ گیا ہے۔

    یاد رہے کہ فرانس میں یلو جیکٹ مظاہرے نومبر 2018 کے وسط میں مہنگائی اور حکومت کی معیشتی پالیسیوں کے خلاف شروع ہوئے جو بعد میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف منظم تحریک میں تبدیل ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف فرانس میں شروع ہونے والی پیلی جیکٹ تحریک دوسرے یورپی ملکوں میں بھی پہنچ گئی ہے اور ہر سنیچر کو فرانس کے ساتھ ہی متعدد دیگر یورپی ملکوں میں بھی لوگ پیلی جیکٹیں پہن کے مظاہرے کرتے ہیں۔

  • فرانس میں ہلکی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

    فرانس میں ہلکی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

    پیرس: فرانس میں ہلکی بارش نے شدید گرمی کا زور ٹوٹ دیا، شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں یورپ کے کئی ممالک گرمی کی شدید لیپٹ میں ہیں، جرمنی، بیلجیم اور ہالینڈ سمیت کئی ممالک میں پارہ چالیس سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا، جبکہ گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

    فرانس میں مسلسل کئی روز سے جاری شدید گرمی نے کئی سو سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ دوسری جانب فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی گرمی کا 7 دہائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 42.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کے بعد شہر بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔

    یورپ میں شدید گرمی، 500 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ریڈ الرٹ جاری

    حکومت اور بلدیاتی اداروں کے میئر، کونسلروں اور دفاعی اداروں کی کوششوں سے لوگوں کو ہرممکن امداد فراہم کی گئی جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتہ بھرفرانس میں موسم خوشگوار اور نیم گرم رہے گا جبکہ گرمی کا زور کسی حد تک ٹوٹ گیا ہے۔

  • ایمانوئیل میکرون کی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو دورہ فرانس کی دعوت

    ایمانوئیل میکرون کی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو دورہ فرانس کی دعوت

    پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم بورس جانسن کو دورہ فرانس کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم بورس جانسن کو اگلے چند روز میں فرانس آنے کے لیے مدعو کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر اور برطانیہ کے نو منتخب وزیر اعظم بورس جانسن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، اس دوران فرانسیسی صدر نے بورس جانسن کو برطانوی حکومت کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔

    اسی دوران ایمانوئیل میکرون نے بورس جانسن کو اگلے چند روز میں فرانس آنے کے لیے مدعو بھی کیا۔

    فرانس عرصے سے یورپی یونین اور برطانیہ کی یونین سے رخصتی کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور متعدد بار سابق وزیر اعظم تھریسامے سے اس سے متعلق بات چیت کرچکا ہے۔

    یاد رہےبرطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن چکے ہیں، بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی اورپھروزارت اعظمی کا منصب سنبھالا۔

    برطانوی وزیراعظم کے سرکاری رہائش گاہ اوردفترٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ بغیرکسی اگرمگرکے برطانیہ اکتیس اکتوبرکویورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔

    کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ اورنئے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دومرتبہ لندن کے مئیر رہ چکے ہیں جبکہ مسلمانوں اور تارکین وطن کیخلاف سخت ریمارکس پرتنقید کا نشانہ بن چکے ہیں۔