Tag: فرانس

  • پیرس کے تاریخی نوٹرے ڈیم چرچ میں آگ بھڑک اُٹھی

    پیرس کے تاریخی نوٹرے ڈیم چرچ میں آگ بھڑک اُٹھی

    پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس کے تاریخی نوٹرے ڈیم چرچ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے 850 سال پرانے نوٹرے ڈیم چرچ میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے چرچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے۔

    نوٹرے ڈیم وہ تاریخی چرچ ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کی آمد ہوتی ہے، واضح رہے کہ چرچ کی عمارت میں تعمیراتی کام جاری تھا۔

    پیرس کے نوٹرے ڈیم چرچ میں آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    پیرس پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چرچ کے اطراف آنے سے گریز کریں تاکہ ریسکیو گاڑیوں کو پہنچے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

    میئر پیرس اینے ہدالگو نے اپنے ٹویٹ میں آگ کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں، قریبی رہائشی ریسکیو اداروں سے تعاون کریں۔

    فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے آتشزدگی کے واقعے کے پیش نظر عوام سے متوقع خطاب ملتوی کردیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال کیتھولک چرچ کی جانب سے عمارت کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے فنڈز کی فراہمی کی اپیل کی گئی تھی۔

  • بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں: فرانسیسی فلم ساز

    بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں: فرانسیسی فلم ساز

    اسلام آباد: فرانسیسی فلم ساز پال کومٹی نے کہا ہے کہ بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں، بھارت نے کشمیریوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر ڈاکومینٹری بنانے والے فرانسیسی صحافی پال کومٹی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں۔

    فرانسیسی فلم میکر نے کہا کہ انھوں نے متعد بار صحافی کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت مانگی تھی لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی۔

    پال کومٹی کا کہنا تھا کہ انھوں نے بھارت سے فلم بنانے کے لیے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی، بھارت کی جانب سے فلم کی اجازت سے بھی انکار کیا گیا، اس کے بعد مقبوضہ وادی کی صورتِ حال جاننے کے لیے عام آدمی کی حیثیت سے گیا۔

    مزید تفصیل: مقبوضہ کشمیر، فرانسیسی صحافی کی دستاویزی فلم میں بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب

    ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے انھیں گرفتار کیا، ان سے کیمرے اور دیگر سامان چھین لیا گیا، انھوں نے اقوام عالم سے جنت نظیر وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

    پال کومٹی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، وہاں کاروبار کا بڑا ذریعہ سیاحت ہے، جسے بھارت نے ختم کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ فرانسیسی فلم میکر نے اپنی دستاویزی فلم وار آن دا روف آف ورلڈ میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارت کے وحشیانہ مظالم دنیا کے سامنے پیش کیے ہیں جب کہ آزاد کشمیر کے حالات بھی فرانسیسی ڈاکیومینٹری کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

    بھارت نے ڈاکومنٹری روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، فلم سازی کے دوران فرانسیسی صحافی کو بھارتی فورسز نے حراست میں بھی لیا، پال کومیٹی اپنی ٹیم سمیت 3 ہفتے تک بھارتی فورسز کی حراست میں رہے۔

  • فرانسیسی شاہکار ’ایفل ٹاور‘ 130برس کا ہوگیا

    فرانسیسی شاہکار ’ایفل ٹاور‘ 130برس کا ہوگیا

    پیرس: فرانسیسی شاہکار ’ایفل ٹاور‘ ایک سو تیس برس کا ہوگیا، ایک ہزار تریسٹھ فٹ بلند ٹاور کو دیکھنے ہر سال ستر لاکھ افراد پیرس کا رخ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے مشہور شہر پیرس میں ایفل ٹاور کو 130 سال گذشتہ روز مکمل ہوئے، اس طویل مدت میں اسے دنیا بھر سے دیکھنے والوں کی تعداد 30کروڑ سے زائد ہوگئی، یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    سن 1889ء میں بننے والا ایفل ٹاور پوری دنیا کے سیاحوں کے لیے آج بھی سب سے زیادہ دلکشی کا باعث ہے۔

    ایفل ٹاور کی تعمیر سے اب تک اسے دیکھنے والے سیاحوں کی تعداد 30 کروڑ سے بھی زائد ہوچکی ہے، ہرسال لاکھوں کی تعداد میں سیاح دنیا بھر سے فرانس کا رخ کرتے ہیں۔

    پیرس میں بہتے دریائے سین کے کنارے لوہے کا یہ مینار انقلاب فرانس کی سوویں سالگرہ کے لیے بنایا گیا لیکن ماحول کی دلکشی نے اسے تفریح گاہ بنا دیا۔

    ایفل ٹاور دن بھر اپنی شان دکھاتا ہے تو رات کو روشنیوں کا مرکز بن جاتا ہے، اس لیے پیرس آنے والے ایفل ٹاور دیکھے بغیر لوٹ کر نہیں جاتے۔

    اس مینار کے سب سے بالائی حصے تک پہنچنے کے لیے 1665 سیڑھیاں چڑھنی پڑتی ہیں، ایفل ٹاور کی تین منزلیں یا پلیٹ فارم ہیں، ان میں سے پہلے پلیٹ فارم کی اونچائی 57 میٹر، دوسرے کی 115 میٹر اور تیسرے پلیٹ فارم کی بلندی 276 میٹر ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس قریب سات ملین ملکی اور غیر ملکی سیاح اس ٹاور کا مشاہدہ کرچکے ہیں۔

  • چینی صدر کا دورہ فرانس، کئی معاہدے طے پاگئے

    چینی صدر کا دورہ فرانس، کئی معاہدے طے پاگئے

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ چین معاون ثابت ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدے طے پاگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جِن پِنگ کے دورہ فرانس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اربوں یورو مالیت کے متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے معاہدے میں ایئربس کمپنی کی چینی ایوی ایشن کو 300 جہاز کی فروخت بھی شامل ہے، علاوہ ازیں توانائی، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے شعبوں میں بھی معاہدے طے پائے ہیں۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے 26 مارچ کو پیرس میں فرانسیسی وزیر اعظم ایڈورڈ فیلیپ سے بھی ملاقات کی تھی، اس موقع پر چینی صدر نے نشاندہی کی کہ چین-فرانس دوستی گہری ہے۔

    فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے بھی چین فرانس گہری دوستی پر خوشی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے جامع اسٹریٹجک شراکت دار ی قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

    چینی صدر نے دورہ فرانس سے قبل اٹلی کا بھی دورہ کیا، اس دوران بھی دوطرفہ تجارت سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا اور کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

    یاد رہے کہ چینی صدر کے دورہ اٹلی کے موقع پر دوطرفہ تعلقات پر گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہوئے، چین اور اٹلی نے تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ’سلک روڈ‘ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

    امریکی مخالفت کے باوجود ، یورپی ممالک کی چین کے تجویز کردہ بینک میں شمولیت

    چین کے ساتھ ’سلک روڈ‘ پروٹوکول پر دستخط کرنے سے اٹلی ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے، جو چین کے ’ون بیلٹ اینڈ روڈٴ‘ سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

  • فرانس، نام میں معمولی غلطی کی وجہ سے پولیس نے بیٹے سے تعاون سے انکار کردیا

    فرانس، نام میں معمولی غلطی کی وجہ سے پولیس نے بیٹے سے تعاون سے انکار کردیا

    پیرس: فرانس میں ماں کے قتل کی تحقیقات سے پولیس نے بیٹے کو اس وقت صاف انکار کردیا جب اس کے والد کے نام میں معمولی غلطی دیکھی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 74 سالہ خاتون سہیلا ال الطاف کو ستمبر 2012 میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، خاتون کا 54 سالہ بیٹا ماں کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگیا، فرانسیسی حکام نے بھی باپ کے نام میں معمولی غلطی کی وجہ سے تحقیقات سے انکار کردیا۔

    سہیلا ال الطاف ان کی بیٹی اقبال الہیلی، داماد سعد الہیلی اور ایک لوکل سائیکلسٹ 45 سالہ مولیر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

    الہیلی کی دو بیٹیاں 4 سالہ زینا اور 7 سالہ زینب واقعے کے وقت گاڑی میں موجود تھیں لیکن خوش قسمتی سے چھپ جانے کے سبب محفوظ رہی تھیں۔

    مزید پڑھیں: فرانسیسی حکومت نے پیرس کے پولیس چیف کو برطرف کردیا

    فرانسیسی قانون کے مطابق 74 سالہ خاتون کا بیٹے کا دماغی توازن درست نہیں ہے جس کے سبب اسے بغیر نگرانی کے باہر جانے کی بھی اجازت نہیں ہے، ماں اور بہن کی جدائی اس کی بیماری کی بڑی وجہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نوجوان کے والد کے نام میں اسپیلنگ کی غلطی ہے، برتھ سرٹیفکیٹ میں ’طاہر‘ کی جگہ ’داہر‘ لکھا ہوا ہے۔

    نوجوان کے وکیل کے مطابق نام میں غلطی نہیں ہے بلکہ اسے عربی اور انگلش میں الگ پڑھا اور لکھا جاتا ہے اسے غلطی کہہ کر تحقیقات بند نہیں کی جاسکتی ہیں۔

    فرانسیسی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیس عوام کے سامنے نہیں لانے چاہئیں تاہم فرانسیسی پولیس نے قاتل کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔

  • چینی صدر فرانس پہنچ گئے، ہم منصب سے اہم ملاقات ہوگی

    چینی صدر فرانس پہنچ گئے، ہم منصب سے اہم ملاقات ہوگی

    پیرس: چینی صدر شی جن پنگ دورہ اٹلی مکمل کرنے کے بعد فرانس پہنچ گئے، جہاں وہ ہم منصب ایمانوئیل میکرون سے اہم ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر نے تین روزہ اٹلی کا دورہ کیا، اس دوران دونوں ممالک کی جانب سے تجارتی معاملات زیرغور آئے اور معاہدے پر دستخط ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اور ہم منصب ایمانوئیل میکروں کے درمیان اہم ملاقات دارالحکومت پیرس میں ہوگی جہاں دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات آج ہوگی۔خیال رہے کہ آج فرانس اور چین کے درمیان دوستی کو پورے 55ویں برس مکمل ہوگئے۔

    اگلے روز فرانسیسی اور چینی صدور کے ساتھ جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلاؤد ینکر بھی ایک میٹنگ میں شریک ہوں گے، اس دوران چین یورپ سمٹ کے اہم نکاتوں پر بھی گفتگو ممکن ہے۔

    یاد رہے کہ چینی صدر کے دورہ اٹلی کے موقع پر دوطرفہ تعلقات پر گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہوئے، چین اور اٹلی نے تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ’سلک روڈ‘ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

    چین کے ساتھ ’سلک روڈ‘ پروٹوکول پر دستخط کرنے سے اٹلی ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے، جو چین کے ’ون بیلٹ اینڈ روڈٴ‘ سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

  • فرانسیسی حکومت نے پیرس کے پولیس چیف کو برطرف کردیا

    فرانسیسی حکومت نے پیرس کے پولیس چیف کو برطرف کردیا

    پیرس: فرانس کی حکومت نے یلو ویسٹ احتجاج روکنے میں ناکامی پر پیرس کے پولیس چیف مائیکل دیل پیوش کو برطرف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی وزیراعظم ایڈور فلپ نے یلو ویسٹ تنظیم کے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس کی حکمت عملی کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے پیرس کے پولیس چیف مائیکل دیل پیوش کو برطرف کردیا۔

    وزیراعظم ایڈور فلپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک سے دو روز میں پیرس کے نئے پولیس چیف کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چیمپ الیسز اور دیگر علاقوں میں مظاہروں پر پابندی عائد کرے گی اور وہاں مظاہرین کو جمع کیا گیا تو اس پر 38 سے 135 یورو فی کس جرمانہ ہوگا۔

    فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دو روز قبل پرتشدد مظاہروں میں دکانوں اور کاروباری مراکز میں لوٹ مار کے بعد آگ لگا دی گئی تھی۔

    فرانس: پولیس کا مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن

    فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے 80 افراد کو حراست میں لیا تھا، مظاہرین نے ایک بینک کو آگ لگائی اور سڑکوں پرچلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں فرانس میں یلو ویسٹ تحری کا آغاز ہوا تھا اور پٹرولیم مصنوعات کو مہنگا کرنے پر ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا تھا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مظاہروں میں شرکت کی تھی۔

  • فرانس میں‌ مسلم خواتین کے حجاب پر ایک اور قدغن

    فرانس میں‌ مسلم خواتین کے حجاب پر ایک اور قدغن

    پیرس : کھیلوں کی مصنوعات تیار کرنے والی معروف کمپنی نے فرانسیسی سیاست دانوں نے کی جانب سے تنقید کے بعد حجاب بنانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس سمیت یورپ کے کئی ممالک میں مسلمان خواتین کے چہرہ چھپانے پر پابندی عائد ہے لیکن اب فرانس میں مسلمان خواتین کے لیے حجاب تیار کرنے والی کمپنی ڈکاتھ لان نے حجاب کی تیاری پر پابندی لگا دی۔

    ڈکاتھ لان کا شمار دنیا کی بہترین کمپنیوں میں ہوتا ہے کہ جو کھیلوں کا سامان تیار کرتی ہے، مذکورہ کمپنی مسلمان خواتین کےلیے بھی ملبوسات کی تیاری کرتی ہے باالخصوص ڈیزائن حجاب کی لیکن کمپنی نے فرانس میں حجاب کی تیاری پر پابندی لگا دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی کی ملبوسات و حجاب مراکش سمیت کئی عرب ممالک میں فروخت ہوتے ہیں۔

    کمپنی ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ ماہ سے فرانسیسی حکمرانوں اور سیاست دانوں کی جانب سے مسلمان خواتین کے حجاب اور برقعے شدید تنقید کا نشانہ بنارہے تھے اس لیے صرف فرانس میں حجاب کی تیاری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ فرانسیسی سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ مکمل طور پر برقعے میں ملبوس مسلمان خواتین یورپ کے لیے خطرہ ہیں حجاب والی خواتین شدت پسند بھی ہوسکتی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  فرانس میں مسلمانوں پر حلال ٹیکس نافذ کرنے پر غور

    یاد رہے کہ 2004 میں فرانسیسی پارلیمنٹ نے ریاست کے تمام اسکولوں میں چہرے کے نقاب سمیت تمام مذہبی شعائر پر پابندی لگا دی تھی، اور 2010 میں قانون کے ذریعے عوامی مقامات پر بھی چہرہ ڈھانپنے پر پابندی لگائی۔

  • دنیا کی امیر ترین بلی 25 ارب روپے کی مالک

    دنیا کی امیر ترین بلی 25 ارب روپے کی مالک

    پیرس: فرانس کے معروف ڈیزائنر کارل لیگرفلڈ گزشتہ روز چل بسے جن کی بلی شوپیٹ کا بھی اپنے مالک کی جائیداد میں حصہ ہونے کا امکان ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کارل لیگر فلڈ 200 ملین ڈالر جائیداد کے مالک تھے جن کے لیے ان کی بلی ’شوپیٹ‘ بہت اہمیت رکھتی تھی اور انہیں اس سے بے حد لگاؤ تھا۔

    کارل کا کہنا تھا کہ شوپیٹ عام بلیوں سے بالکل مختلف ہے اور شاہانہ طرز زندگی گزارنے کی عادی ہے اسی وجہ سے کارل نے اپنی بلی کو کبھی بھی جانوروں کے فوڈ پروڈکٹس کے اشتہارات میں کام کرنے نہیں دیا۔

    کارل لیگر فلڈ نے ہمیشہ شوپیٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے اس کی خوب صورتی اور اس کے چلنے کے انداز کو سراہا ہے اور متعدد مقامات پر وہ اس کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے نظر آتے تھے۔

    شوپیٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’شوپیٹ ایک تمیزدار اور پروقار بلی ہے، اگر یہ میری جائیداد کی وارث نہیں بن سکتی ہے تاہم جو میرے بعد شوپیٹ کو رکھے گا اسے ضرور نوازا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شوپیٹ اپنے مالک کارل کے ہمراہ بیشتر میگزین کی فوٹو شوٹ اور پروگرامز میں کام کرچکی ہے۔

    اس بلی کو کارگرل نے 2011 میں ایک نوجوان ماڈل سے حاصل کیا تھا اور تب سے اب تک یہ بلی شاہانہ طرز زندگی گزار رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس بلی کی حفاظت کے لیے دو سیکیورٹی گارڈ تعینات ہیں جبکہ اس کو کھانے چاندی کی پلیٹوں میں رکھ کر پیش کیے جاتے ہیں۔

    کئی سپر ماڈلز ریمپ میں وقفے کے دوران اس بلی کے ساتھ کھیلتی نظر آتی تھیں اور ان کی مہربانیاں بتورتی رہتی تھیں۔

  • یہودی مخالف اقدامات کے خلاف فرانس میں ہزاروں افراد کا احتجاج

    یہودی مخالف اقدامات کے خلاف فرانس میں ہزاروں افراد کا احتجاج

    پیرس : یہودیت مخالف نسل پرستانہ حملوں اور مقبروں کی توہین کے خلاف فرانسیسی دارالحکومت سمیت متعدد شہریوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس میں یہودیت کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت اور پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کہ گزشتہ روز فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت ملک بھر میں یہودیت مخالف اقدامات اور یہودی مقبروں کی توہین کے خلاف احتجاج مظاہرے منعقد ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانسیسی اراکین اسمبلی نے بھی یہودیت مخالف اقدامات کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی جس کے باعث پارلیمنٹ کا اجلاس بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے مظاہرین کا نعرہ تھا کہ ’بس اب بہت ہوا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مشرقی فرانس کے گاؤں کواٹزنہائم میں نامعلوم افراد کی جانب سے پیر اور منگل کی درمیانی شب میں تقریباً 100 یہودی قبروں کی توہین کی گئی۔

    فرانسیسی صدر نے مشرقی فرانس کے یہودی قبرستان کا دورہ کرکے ان قبروں کا جائزہ لیا جن پر نازیوں کی علامت سواسٹیکا بنا ہوا تھا اور بعض قبروں پر نازی نشان کے ساتھ ساتھ نازیبا کلمات بھی تحریر تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دو روز قبل یلو ویسٹ تحریک کے تحت حکومت مخالف مظاہرہ کرنے والے افراد کی جانب سے معروف فلاسفر الائن فنکیل کروٹ کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا اور صورتحال اتنی بگڑی کے پولیس کو مداخلت کرنا پڑی اور بعد ازاں پولس نے فلافسر کو پروٹوکول فراہم کیا۔

    صدر میکرون نے یہودیت مخالف مہم چلانے والے افراد کی جانب سے معروف فلاسفر کی توہین کے بعد پروفیسر سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے یہودی مخالف حملوں کی شدید مذمت کی تھی۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے یہودی مخالف اقدامات فرانس میں ایک زہر کی مانند پھیل رہی ہے۔

    متعدد یہودی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یورپ میں دائیں بازو کی قوتوں کے ابھرنے سے یہودی مخالف جرائم اور دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    جرمنی سے لیے گئے جرائم کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ ایک سال میں یہودی مخالف جرائم میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں : پیرس : یہودی مخالف افراد کا بیکری پر نسل پرستانہ حملہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے فرانس میں یہودی مخالف افراد نے بیکری پر نسل پرستانہ جملہ تحریر کردیا، بیکری کے مالک کا کہنا ہےکہ فرانس میں گزشتہ برس سے یہودی مخالف واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

    بیکری مالک کا کہنا تھا کہ گرافیتی (نقش کاری) میں بہت اہمیت کا حامل ہے صرف اس لیے نہیں کہ فرانس میں یلو ویسٹ مظاہرے ہورہے ہیں بلکہ ماضی میں نازی فورسز یہودیوں کو بازو پر ایک یلو رنگ کا بینڈ پہننے پر مجبور کرتی تھیں جس پر چھ کونوں کا ستارہ بنا ہوتا تھا۔