Tag: فرانس

  • فلموں کا شوقین مجرم فلمی انداز میں جیل سے فرار

    فلموں کا شوقین مجرم فلمی انداز میں جیل سے فرار

    پیرس: فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں فلموں کے شوقین ایک گینگسٹر نے فلمی انداز میں جیل سے فرار ہو کر سیکیورٹی اداروں کی دوڑیں لگوا دیں۔

    فرانس میں مسلح ڈکیتی اور دوران ڈکیتی قتل کرنے والے مجرم ریدوئن فائد کو اس کے ساتھی اس وقت چھڑا لے گئے جب وہ وزیٹرز روم میں اپنے بھائی کے ساتھ ملاقات کر رہا تھا۔

    فائد کے ساتھی ایک جگہ سے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کو یرغمال بنا کر اسے ہیلی کاپٹر سمیت جیل کے اندر لے آئے۔

    ایک ساتھی جیل کے احاطے میں ہیلی کاپٹر کی حفاظت کرتا رہا جبکہ 2 ساتھی اندر داخل ہوئے، دھوئیں کے بم چلائے اور ویزیٹرز روم کے دروازے توڑ کر فائد کو ہیلی کاپٹر میں بٹھا کر فرار ہوگئے۔

    یہ ساری کارروائی صرف 10 منٹ میں مکمل کی گئی۔

    بعد ازاں پولیس کو قریبی علاقے سے ہیلی کاپٹر مل گیا جسے جلا دیا گیا تھا لیکن فائد اور اس کے ساتھ تاحال مفرور ہیں۔ فرانسیسی پولیس کے 3 ہزار اہلکار اس وقت فائد کی تلاش پر مامور ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فائد ہالی ووڈ فلموں کا بے حد شوقین ہے اور امریکی ڈائریکٹر مائیکل مین کی کرائم فلموں کا دیوانہ ہے۔

    ان کے مطابق ایک بار پیرس فلم فیسٹیول کے دوران وہ مائیکل مین سے ملا اور اس سے کہا، ’تم میرے تکنیکی مشیر ہو‘۔ اس نے کئی جرائم میں مائیکل کی فلموں میں دکھائی جانے والی مجرمانہ تکنیکیں بھی استعمال کیں۔

    فائد اس سے قبل بھی ایسی ہی ایک خطرناک تکنیک سے جیل سے فرار ہوچکا ہے۔ سنہ 2013 میں اس نے جیل کے گارڈز کو ڈھال بنا کر ڈائنامائٹ سے ذریعے جیل کے دروازوں کو توڑا اور فرار ہوگیا۔

    فرار کی یہ کامیاب کوشش اس نے جیل پہنچنے کے صرف ایک گھنٹے کے اندر کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2018: پیرو نے آسٹریلیا کو ٹھکانے لگا دیا، فرانس اور ڈنمارک کا میچ برابر

    فیفا ورلڈ کپ 2018: پیرو نے آسٹریلیا کو ٹھکانے لگا دیا، فرانس اور ڈنمارک کا میچ برابر

    ماسکو: روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 میں آج پیرو نے آسٹریلیا کو شکست دے دی، جب کہ فرانس اور ڈنمارک کا کانٹے دار میچ برابر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مقابلوں میں آج گروپ سی کے دو اہم میچز ہوئے، جن میں پیرو اور آسٹریلیا، جب کہ فرانس اور ڈنمارک مدمقابل آئیں۔

    پیرو بہ مقابلہ آسٹریلیا

    میچ سے قبل آسٹریلیا کے پاس ایک پوائنٹ تھا، جب کہ پیرو گروپ میں آخری نمبر پر تھی۔

    آسٹریلیا کی ٹیم جیت کی امید کے ساتھ میدان میں اتری۔ البتہ پیرو کے کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

    پیرو نے آسٹریلیا کی پوسٹ پر متعدد حملے کیے اور دو گول داغنے میں کامیاب رہے، یوں آسٹریلیاکو آخری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

    اس میچ کے بعد آسٹریلیا اور پیرو دونوں کا ورلڈ کپ سفر تمام ہوگیا۔

    فرانس بہ مقابلہ ڈنمارک

    گروپ سی کی ٹاپ ٹیم اور سابق چیمپین فرانس کا سامنا ڈنمارک سے ہوا، تو تجزیہ کار فرانس کو فیورٹ قرار دے رہے تھے، مگر ڈنمارک نے کانٹے دار مقابلہ کیا۔

    میچ میں دونوں ٹیموں نے اچھے پاسز کیے اور ایک دوسرے کی پوسٹ پر اٹیک کیے، مگر دونوں ٹیمیں نوئے منٹ تک گول کرنے میں ناکام رہیں۔

    میچ کے بعد فرانس چھے پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں پہلے، جب کہ ڈنمارک دوسرے نمبر پر ہے۔


    فیفا ورلڈ کپ 2018: یوروگوائے نے روس، سعودی عرب نے مصر کو شکست دے دی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فرانس: مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی، 10 مشتبہ افراد گرفتار

    فرانس: مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی، 10 مشتبہ افراد گرفتار

    پیرس : فرانس کی انسداد دہشت گردی پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک فرانس کی انسداد دہشت گردی پولیس فرانس کی دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب رجحان رکھنے والے دس مبینہ شدت پسندوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانس کی پولیس کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھی کہ دائیں بازو کے کچھ افراد مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

    فرانس کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے فرانس کے مختلف شہروں سے گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

    عدالت ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے مذکورہ گرفتاریاں ہفتے کے روز عمل میں آئی تھیں اور زیادہ تر انتہا پسندوں کو فرانس کے جزیرے کوریسکا سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    سیکیورٹی اداروں کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز حراست میں لیے گئے شدت پسندوں کو مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    فرانس کی داخلی سلامتی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد دائیں بازو کے نظریات کے حامل اور منظم گروپ کا حصّہ ہیں، مذکورہ انتہا پسندوں پر اسلامی نظریات کے حامل افراد کے خلاف شدت پسندانہ اقدامات کا شبہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حراست میں لیے گئے افراد سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھی کہ مشتبہ ملزمان ہتھیاروں کے حصول کے لیے کوشاں تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • فیفا ورلڈ‌کپ 2018: فرانس کی ایک اور فتح، پیرو کا سفر تمام، ڈنمارک اور آسٹریلیا کا میچ برابر

    فیفا ورلڈ‌کپ 2018: فرانس کی ایک اور فتح، پیرو کا سفر تمام، ڈنمارک اور آسٹریلیا کا میچ برابر

    ماسکو: روس میں‌ جاری فیفا ورلڈ‌کپ 2018 میں‌ فرانس نے ایک اور کامیابی اپنے نام کر لی، جب کہ ڈنمارک اور آسٹریلیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا.

    تفصیلات کے مطابق آج فٹ بال ورلڈ‌کپ میں گروپ سی کے دو میچز کھیلے گئے، جن میں‌ سے ایک بے نتیجہ رہا.

    آسٹریلیا بہ مقابلہ ڈنمارک

    پہلا میچ آسٹریلیا اور ڈنمارک کے مابین روس کے جنوب مغربی شہر سمارا میں ہوا، میچ کے ساتویں منٹ میں ڈنمارک کے کرسٹیان ایرکسن نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی. 

    میچ کے 38 ویں منٹ میں آسٹریلین ٹیم کو پنالٹی مل گئی، جس پر مائل جیڈینک نے گول اسکور کیا.

    دوسرے ہاف میں دونوں‌ ٹیموں‌ نے تیز کھیل پیش کیا، مگر کوئی ٹیم گول اسکور نہیں کرسکی اور میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔

    پیرو بہ مقابلہ فرانس

    گروپ سی کے دوسرے میچ میں سابق چیمپین فرانس اور پیرو مدمقابل آئے، اس کانٹے دار مقابلے میں دونوں‌ ٹیموں نے متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا، مگر جیت نے آخر میں فرانس کے قدم چومے.

    میچ کا اکلوتا گول نوجوان کھلاڑی کیلیان مبایپ نے اسکور کیا، وہ ورلڈ کپ مقابلوں میں گول اسکور کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں، اس وقت ان کی عمر 19 سال اور 183 دن ہے.

    اس جیت کے ساتھ فرانس چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ سی میں ٹاپ پر آگیا، جب کہ پیرو کا ورلڈ کپ کا سفر تمام ہوگیا ہے۔


    ارجنٹائن اور آئس لینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر، آسٹریلیا کی فرانس کے ہاتھوں شکست


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • فرانس: مسلم اسپائیڈر مین کے ہاتھوں بچ جانے والے بچے کے باپ کو جیل بھیج دیا گیا

    فرانس: مسلم اسپائیڈر مین کے ہاتھوں بچ جانے والے بچے کے باپ کو جیل بھیج دیا گیا

    پیرس: فرانس میں دو روز قبل عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے لٹکنے والے بچے کے باپ کے حوالے سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ حادثے کے وقت گھر سے باہر پوکیمون گو گیم کھیلنے میں مصروف تھا، بچے کے باپ کا دو سال کی سزا سنا کر جیل بھیج دیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے پراسیکیوٹر مولینز نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ بچے کا باپ اپنے بیٹے کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر سودا سلف لینے چلا گیا تھا اور پھر دکان سے نکل کر پوکیمون گو گیم کھیلنے میں مشغول ہوگیا، مولینز کے مطابق بچے کے باپ کو دو برس تک کی جیل کا سامنا ہے اس لیے کہ اس نے بطور والد اپنی ذمے داری پوری نہیں کی۔

    چار سالہ بچے کو افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والے ایک تارک وطن نوجوان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچالیا تھا، تارک وطن کو اس بہادری پر مسلم اسپائیڈر مین کا خطاب دیا گیا اور فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے اسے فرانسیسی شہریت اور محکمہ فائر بریگیڈ میں ملازمت کی پیش کش کی تھی۔

    واضح رہے کہ اس واقعے کی فوٹیج ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا گیا، ویڈیو کو لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے دیکھا ہے، اس مالی تارک وطن نوجوان کی شناخت مامودو قساما کے نام سے کی گئی، اس کی عمر 22 سال بتائی گئی ہے۔

    فرانسیسی صدر نے چند روز قبل الیزے پیلس میں مامو دو قساما سے ملاقات کی تھی اور اسے بہادری کے امتیازی مظاہرے کے سبب ایک سرٹیفکیٹ اور سونے کا تمغہ پیش کیا تھا۔

    بچے کو بچانے والے مامودو قساما کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے میں نے اس بچے کو بچالیا، میں بچوں سے بہت پیار کرتا ہوں اور انہیں کسی بھی مشکل صورتحال میں نہیں دیکھ سکتا، فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اس علاقے میں موجود تھا کہ اس دوران لوگوں کا رش نظر آیا، اس نے جوں ہی اس بچے کو دیکھا تو اس کو بچانے کی ٹھان لی اور ہمت کرکے ہاتھوں اور بازوؤں کے بل پر اوپر چڑھ گیا اور چوتھی منزل پر اس بچے کو بہ حفاظت بچالیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایرانی جوہری معاہدے کا تحفظ ناگزیر ہے‘ روسی صدر

    ایرانی جوہری معاہدے کا تحفظ ناگزیر ہے‘ روسی صدر

    ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے کا تحفظ ناگزیر ہے جس کی ناکامی پرسنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے شہرسینٹ پیٹرزبرگ میں ولادی میر پیوٹن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئیل میکرون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    روسی صدرولادی میر پیوٹن نے خبردار کیا کہ امریکہ کے ایرانی جوہری معاہدے سے انحراف کہ بعد اگرعالمی برادری نے بھی اس معاہدے کو سبوتاژ کیا تو اس کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔

    ولادی میر پیوٹن نے اس معاہدے کے تحفظ کے لیے فرانسیسی صدرایمانوئیل میکرون کی کاوششوں کو بھی سراہا۔

    اس موقع پر فرانسیسی صدرایمانوئیل میکرون نے مشرق وسطٰی میں قیام امن کے لیے تمام تنازعات کومذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔

    چین اور جرمنی ایران جوہری ڈیل کے ساتھ کھڑے ہیں

    دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے ایران سے متعلق جوہری ڈیل پر تبادلہ خیال کیا۔

    جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران جوہری معاہدے سے دست بردار ہوچکا ہے، لیکن چین اور جرمنی ایران جوہری ڈیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال مئی کو روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئیل میکرون سے ملاقات کی تھی، یہ ملاقات فرانسیسی شہر مارسے میں ہوئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق محمد بن سلمان اور عمانوایل ماکروں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں‌ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس گفتگو میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کے پاس نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کا قلم دان بھی موجود ہے.

    خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے ماہ اپریل میں امریکا کے تین ہفتے کے طویل دورے کے بعد سرکاری دعوت پر فرانس کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں.

    یاد رہے کہ 21 اپریل کو سعودی شاہی محل کے نزدیک فائرنگ کی آوازیں سنائی دی تھیں، جس کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان کئی روز تک میڈیا سے دور رہے، اس پراسرار گمشدگی نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا، روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ 21 اپریل کی مبینہ بغاوت میں سعودی ولی عہد شدید زخمی ہوگئے ہیں.

    سعودی حکام نے جلد ہی اس دعویٰ کی تردید کر دی اور محمد بن سلمان کی مصری صدر السیسی کے ساتھ ایک تصویر جاری کی. گذشتہ دونوں سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نےمحمد بن سلمان کی حالیہ تصویر جاری کی تھی، جس میں وہ کونسل برائے اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

    اب سعودی ولی عہد نے اور فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا.


    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے متعلق قیاس آرائیاں جھوٹی ثابت ہوئیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں پر فرانسیسی صدر کی تنقید

    ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں پر فرانسیسی صدر کی تنقید

    واشنگٹن: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اپنے دورہ امریکا کے دوران کانگریس میں صدر ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر ارکان کانگریس خوشی سے نہال ہوگئے۔

    فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے گزشتہ ہفتے امریکا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی کانگریس سے بھی خطاب کیا۔

    کانگریس میں اپنے خطاب کے دوران فرانسیسی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کی کئی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا جس پر کانگریس کے ارکان بہت خوش ہوئے اور ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے ان کے لیے بے تحاشہ تالیاں بجائیں۔

    صدر میکرون نے صدر ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جہالت سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس تعلیم ہے، اسی طرح ہماری زمین کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس سائنس ہے۔

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے برسر اقتدار آتے ہی امریکا میں جاری کئی سائنسی تحقیقات کا بجٹ کم کردیا تھا اور اس کے بدلے نئی صنعتیں لگانے اور روزگار دینے پر زور دیا تھا۔

    امریکی صدر کی اس پالیسی کے بعد فرانسیسی صدر نے امریکی سائنس دانوں کو فرانس آنے اور سائنسی منصوبوں پر کام کرنے کی دعوت دی تھی۔

    امریکی کانگریس میں میکرون نے مزید کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہنگامی طور پر صنعتوں کا قیام اور ملازمتیں دینا زیادہ ضروری ہے، بہ نسبت اس کے کہ قومی معیشت کو زمین کو لاحق سب سے بڑے خطرے یعنی کلائمٹ چینج کے مطابق کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اس ضرورت کو سمجھتا ہوں لیکن ہمیں اپنی معیشت کو ایسا بنانا ہوگا جس سے یہ کاربن کا اخراج کم سے کم کرے اور ماحول دوست ہو۔

    یہاں ان کا اشارہ صدر ٹرمپ کے نئی صنعتیں لگانے کی طرف ہے جس میں کوئلے کی تلاش کے لیے ڈرلنگ بھی شامل ہے۔ گو کہ یہ کام نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تو بہترین ہے تاہم اس کی قیمت ماحول کی خرابی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ ماحول کے لیے دشمن صدر؟

    کوئلے کا استعمال خاص طور پر ماحول کے لیے زہر قاتل ہے جو کاربن خارج کر کے فضا میں موجود زہریلی گیسوں میں اضافہ کرے گا، مقامی سطح پر آلودگی میں اضافہ کرے گا جبکہ مجموعی طور پر گلوبل وارمنگ میں بھی اضافہ کرے گا۔

    صدر میکرون نے کہا کہ سمندروں کو آلودہ کرنے سے، کاربن کی مقدار کم نہ کرنے سے اور نظام میں موجود حیاتیاتی تنوع کو تباہ کرنے سے ہم اپنی زمین کا قتل کر رہے ہیں۔ ’ اس بات کو سجھیں کہ ہمارے پاس رہنے کے لیے کوئی دوسرا سیارہ موجود نہیں‘۔

    فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ امریکا ایک دن کاربن میں کمی کے پیرس معاہدے میں دوبارہ شمولیت اختیار کرے گا۔

    سنہ 2016 میں 195 ممالک کی جانب سے دستخظ کیے جانے والے پیرس معاہدے میں کاربن کے اخراج میں کمی کا عہد کیا گیا تھا۔

    معاہدے کے وقت سابق صدر اوباما کی ہدایت پر امریکا بھی اس معاہدے کا اہم حصہ تھا، تاہم صدر ٹرمپ نے اس معاہدے کو امریکی معیشت پر بوجھ قرار دیتے ہوئے جون 2017 میں اس سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

    فرانسیسی صدر میکرون نے امریکا کی پناہ گزینوں کے خلاف پالیسی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہم نیشنل ازم کا راستہ اپناتے ہوئے باقی دنیا کے لیے اپنے ملک کے دروازے بند کرسکتے ہیں، اس سے عارضی طور پر ہمارے شہریوں کے خوف دور ہوسکتے ہیں۔ ’لیکن ہمیں ان خطرات کا سامنا کرنا ہوگا جو بالکل ہمارے سامنے کھڑے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا، ’خطرات کا سامنا کرنے سے ہم مضبوط بنیں گے، خطرات کا سامنا ہی ہمیں خطرات سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔ نیشنل ازم کا نعرہ لگا کر علیحدگی اختیار کرلینا کسی بھی طریقے سے درست نہیں‘۔

    صدر میکرون کی اس تقریر پر کانگریس کا فلور تالیوں اور خوشی بھری آوازوں سے گونج اٹھا۔ ارکان کانگریس نے صدر میکرون کو کھڑے ہو کر تعظیم بھی دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • روس کا عالمی ماہرین کودوما میں جانےکی اجازت دینے کا اعلان

    روس کا عالمی ماہرین کودوما میں جانےکی اجازت دینے کا اعلان

    ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے بین الاقوامی ماہرین کو شام کے شہر دوما میں کیمیائی حملے کے مقام پرجانے کی اجازت دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق روسی فوج کا کہنا ہے کہ 18 اپریل کو کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی خود مختار تنظیم او پی ڈبلیو سی کے ماہرین کو کیمائی حملے مقام پرجانے کی اجازت ہوگی۔

    او پی ڈبلیو سی کی 9 رکنی ٹیم شامی دارالحکومت دمشق کے قریب اجازت ملنے کا انتظار کررہی ہے۔

    دوسری جانب امریکہ ، برطانیہ اور فرانس نے روس پرالزام عائد کیا کہ وہ کیمائی حملے کے مقام پرشواہد سے چھیڑ چھاڑ کررہا ہے اورعالمی ماہرین کو دوما میں حملے کے مقام پرجانے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے۔

    روس نے مغربی ممالک کے الزامات کی تردید کی ہے کہ وہ اس مقام پرشواہد میں ردوبدل کررہا ہے جہاں پرکیمیائی حملہ ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بشارالاسد کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شام نے دوبارہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا تو امریکہ اس پردوبارہ حملے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    امریکہ اوراس کےاتحادیوں کوشام پرحملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے‘ روسی سفیر

    یاد رہے کہ 14 اپریل کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شام پرکیے گئے فضائی حملے پر روس نے سخت یادردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی کارروائی کا حساب دینا ہوگا۔

    امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے شام پرحملہ کردیا

    واضح رہے کہ 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب امریکہ نے برطانیہ اور فرانس کے تعاون کے ساتھ شام میں کیمیائی تنصیبات پر میزائل حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں شامی دارالحکومت دمشق دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکہ اوراس کےاتحادیوں کوشام پرحملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے‘ روسی سفیر

    امریکہ اوراس کےاتحادیوں کوشام پرحملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے‘ روسی سفیر

    واشنگٹن : امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شام پرکیے گئے فضائی حملے پر روس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائی کا حساب دینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق شام پرامریکہ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملے پرامریکہ میں روس کے سفیر اناتولے انتونو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک بارپھر ہمیں دھمکی دی جارہی ہے اور پہلے سے تیار کردی منصوبے کو نافذ کیا جارہا ہے۔

    روسی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں بغیرکسی نتائج کے ختم نہیں ہوں گی۔

    اناتولے انتونو نے شام پرکیے گئے حملوں کا ذمہ دار واشنگٹن، لندن اور پیرس کو ٹہراتے ہوئے کہا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی بے عزتی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہوگی۔

    دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شام پرداغے گئے متعدد میزائلوں کو شامی حکومت کے ایئرڈیفنس سسٹم نے ناکارہ بنادیا۔

    امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے شام پرحملہ کردیا

    خیال رہے کہ 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب امریکہ نے برطانیہ اور فرانس کے تعاون کے ساتھ شام میں کیمیائی تنصیبات پر میزائل حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں شامی دارالحکومت دمشق دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔