Tag: فرانس

  • پڑوسی نے بزرگ خاتون کو گھر میں گھس کر مار ڈالا

    پڑوسی نے بزرگ خاتون کو گھر میں گھس کر مار ڈالا

    نفسیاتی مرض میں مبتلا پڑوسی نے ٹیپ مانگنے پر بزرگ خاتون کو گھر میں گھس کر وحشیانہ طریقے سے مارڈالا۔

    فرانس کے جنوبی علاقے میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزارنے والی 67 سالہ خاتون کو اس کے نئے گھر میں پڑوسی نے گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔ نفسیاتی مرض میں مبتلا آدمی بزرگ خاتون سے اس بات پر ناراض تھا کہ وہ اس سے کئی بار اسٹیکنگ ٹیپ ادھار مانگ چکی تھی۔

    67 سالہ سوسن ہیگن بوتھم ستمبر 2021 میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں، 42 سالہ حشام بہلول کو ان کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    ایک چھوٹے سے فرانسیسی قصبے میں برطانوی پنشنر خاتون ریٹائرمنٹ کی زندگی گزارنے کی خواہشمند تھیں مگر ان کا یہ خواب پورا نہ ہوسکا۔

    67 سالہ سوسن بورڈو سے 35 میل مشرق میں صرف 150 افراد پر مشتمل گاؤں ایسکلوٹس میں رہتی تھیں۔ عدالت میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ خاتون ہیگن بوتھم 42 سالہ بہلول کی جانب سے حملے سے قبل اس سے چپکنے والی ٹیپ مانگ رہی تھیں۔

    مجرم نے عدالت کو بتایا کہ وہ حملے کے دن خاتون کے گھر میں چند ڈوری لے کر گیا تھا جس سے وہ اس کا گلا گھونٹا تھا، خاتون کو مارنے سے پہلے مجرم نے ان کے سینے پر مکے اور لاتیں بھی ماریں۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ حملے سے پہلے بہلول نے اپنی تقریباً نصف زندگی نفسیاتی دیکھ بھال کے سینٹر میں گزاری تھی۔ وہ چھ ماہ سے مغربی گاؤں میں اپنے والدین کے ساتھ رہ رہا تھا۔ عدالت نے اسے 30 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

  • فرانس کے مشہور فٹبالر پر چار سال کی پابندی عائد

    فرانس کے مشہور فٹبالر پر چار سال کی پابندی عائد

    فرانس کے مشہور فٹبالر پال پوگبا پر ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے پر چار سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی عدالت نے فرانس اور اطالوی کلب یوونٹس کے نامور مڈفیلڈر پال پوگبا کا کریئر خطرے میں پڑ گیا ان پر 4 سالہ پابندی عائد کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 2018ء کی فیفا ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے پال پوگبا کے خلاف ڈوپنگ پراسیکیوٹرز کی درخواست آئی تھی، ڈوپنگ مثبت آنے پر پابندی لگی۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے مطابق ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے کی زیادہ سے زیادہ سزا فٹبال کی سرگرمیوں پر 4 سالہ پابندی ہے، فرانس کے بین الاقوامی فٹبالر پر اگست 2027ء تک فٹبال کھیلنے پر پابندی عائد ہوچکی ہے۔

    رپورٹ کے طابق فٹبالر پر جب پابندی ختم ہوگی تب ان کی عمر 34 سال ہوگی جوکہ ایک فٹ بال کے کھلاڑی میں ایک ایسی عمر سمجھی جاتی ہے جب کھلاڑی کا کریئر اختتام پر ہوتا ہے۔

    فرانسیسی فٹبالر نے سزا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سزا کے خلاف لوزان میں کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل کریں گے۔

  • ویڈیو: پلانٹ میں آگ لگنے سے لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں جل گئیں

    ویڈیو: پلانٹ میں آگ لگنے سے لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں جل گئیں

    پیرس: فرانس میں ایک ری سائیکلنگ پلانٹ میں آتش زدگی کے باعث لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں جل گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز جنوبی فرانس کے شہر ٹولوز کے شمال میں واقع علاقے ویویز میں ایک بیٹری ری سائیکلنگ پلانٹ میں تقریباً 900 ٹن لیتھیئم بیٹریوں میں آگ لگ گئی، جس سے علاقے میں آسمان پر گھنے سیاہ زہریلی دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

    واضح رہے کہ لیتھیئم بیٹریاں فون سے لے کر الیکٹرک کاروں تک برقی آلات میں بہت اہم ہیں، ان میں آتش گیر مادہ موجود ہوتا ہے جو بہت زیادہ خطرناک ہوتا ہے، کیوں کہ ان میں توانائی بھی ذخیرہ ہوتی ہے، اور اگر یہ زیادہ درجہ حرارت کے قریب ہو جائے تو ان میں آگ بھڑک سکتی ہے، اور جلنے سے ان میں سے زہریلا مادہ خارج ہو سکتا ہے۔

  • فرانس میں‌ پہلی بار کم عمر ہم جنس پرست وزیر اعظم منتخب

    فرانس میں‌ پہلی بار کم عمر ہم جنس پرست وزیر اعظم منتخب

    پیرس: ایمانوئل میکرون کا نامزد کردہ ہم جنس پرست سیاست دان گیبریئل اتال فرانس کا وزیر اعظم بن گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے وزیر تعلیم گیبریئل اتال ملک کے نئے وزیر اعظم بن گئے، 34 سالہ گیبریئل فرانس کے اب تک کے سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیر اعظم ہیں اور اسے انھوں نے کبھی نہیں چھپایا۔

    سابق وزیر اعظم ایلزبتھ بورن کے استعفے کے بعد صدر ایمانوئل میکرون نے گیبریل اتال کو نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا تھا، سابق وزیر اعظم الزبتھ بورن 20 ماہ عہدے پر رہنے کے بعد مستعفی ہوئیں، ان کے وزارت عظمیٰ کا دور دو سال سے بھی کم عرصے پر محیط رہا۔

    سیاسی ماہرین میکرون کی اتال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش قرار دے رہے ہیں۔

    گیبریئل اتال فرانسیسی حکومت کے ترجمان کے طور پر سامنے آئے تھے اور پھر تیزی سے مقبول ہو کر وزیر تعلیم بنے، ایک سروے میں وہ ایمانوئل میکرون کی انتظامیہ کے سب سے زیادہ مقبول وزیر قرار پائے تھے۔

    الزبتھ بورن نے پیر کو امیگریشن قانون پر سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد استعفیٰ دیا، حکومت نے اس قانون کے ذریعے غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے اختیار میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

  • فرانس میں ویکسینیشن کے باوجود بطخوں میں برڈ فلو کا انکشاف

    فرانس میں ویکسینیشن کے باوجود بطخوں میں برڈ فلو کا انکشاف

    فرانس کے مغربی علاقے وینڈی میں ویکسینیشن کے باوجود بطخوں کے ایک فارم میں برڈ فلو کا انکشاف ہوا ہے۔

    اپنی ویب سائٹ پر فرانس کی وزارت فارم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال فرانس نے برڈ فلو وائرس کے خلاف ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا تھا اس کے بعد پہلی بار وبا کے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے وینڈی کے حکام نے بتایا کہ نوٹری ڈیم ڈی ریز کے قصبے میں بطخوں کے ایک فارم میں پیتھوجینک ایویئن انفلوئنزا، جسے عام طور پر برڈ فلو کہا جاتا ہے پایا گیا ہے۔

    حکام نے کہا کہ اس فارم میں تقریبا 8,700 بطخ موجود ہیں اور ان سب کو ویکسین لگائی گئی تھی۔

    برڈ فلو، جنگلی پرندوں کی طرف سے منتقل ہوتا ہے اور یہ فارموں میں موجود پرندوں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔ حالیہ برسوں میں پوری دنیا میں برڈ فلو نے کافی تباہی مچائی تھی۔

    برڈ فلو کی وجہ سے مرغیوں اور دوسرے پرندوں کی سپلائی میں کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ مرغیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا جبکہ برڈ فلو کے انسانوں میں بھی منتقلی کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔

    فرانس حفاظی اقدامات کے پیش نظر گزشتہ اکتوبر کے اوائل میں ایک ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا، جس میں بطخوں کی ویکسینیشن کی گئی تھی کیوں کہ ان میں وائس کی کوئی علامت نہیں ہوتیں اور یہ آسانی سے وائرس کو دوسروں میں منتقل کر سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ ویکسین پرندوں کو بیماری سے مکمل طور پر محفوظ رکھنے کے لیے نہیں ہے بلکہ اس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے ہے۔ اس طرح بڑے پیمانے پر وبائی مرض کے روک تھام کے لیے مدد ملتی ہے۔

    فرانس میں 27 نومبر سے اب تک سات مقامات پر برڈ فلو کے پھیلاؤ کا پتہ چلا ہے، وزارت زراعت نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ ان میں پانچ ٹرکی، ایک مرغیوں اور ایک بطخوں کا فارم شامل ہے۔

  • فرانس نے بھارتی طیارہ واپس روانہ کردیا

    فرانس نے بھارتی طیارہ واپس روانہ کردیا

    انسانی اسمگلنگ کے شبے میں فرانس نے 4 روز تک روکے گئے بھارتی طیارے کو واپس بھارت روانہ کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جہاز کو 21 دسمبر کو تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

    رومانین طیارہ متحدہ عرب امارات سے مسافروں کو لیکر نکاراگوا کی جانب گامزن تھا، فرانس کے واٹری ائیرپورٹ پر طیارے نے سپلائی کیلئے لینڈ کیا تھا۔

    طیارے میں 300 سے زیادہ بھارتی باشندے سوار تھے، امارات سے نکاراگوا جانے والے طیارے کو چار روز تک فرانس کی شمپین کاؤنٹی کے ائیرپورٹ پر روک لیا گیا تھا۔

    مقامی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طیارے کے 303 مسافروں میں سے 276 کو ممبئی واپس روانہ کردیا گیا ہے، جبکہ باقی 25 مسافروں نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کردی ہے، ان میں 21 ماہ کا بچہ اورمتعدد نابالغ بھی شامل ہیں۔

    راہول گاندھی نے کون سے سفر کا ارادہ کرلیا۔۔۔؟

    پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفترکے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد طیارے کو روکا تھا۔ 2 افراد کوانسانی اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں جج کے سامنے پیش ہونے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

  • انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں فرانس میں بھارتی طیارہ روک لیا گیا، 300 شہریوں سے تفتیش

    انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں فرانس میں بھارتی طیارہ روک لیا گیا، 300 شہریوں سے تفتیش

    پیرس: بین الاقوامی طور پر دہشت گردی کے بعد بھارت کا انسانی اسمگلنگ میں بھی نام سامنے آنے لگا ہے، دبئی سے فرانس میں اترنے والے ایک بھارتی طیارے کو باقاعدہ طور پر حراست میں لیے جانے کی خبر آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ ایک طیارہ جس میں 300 سے زیادہ ہندوستانی مسافر سوار تھے، جسے جمعرات سے فرانس کے ایک ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا تھا، انسانی اسمگلنگ کی اطلاعات کی تحقیقات کے بعد جانے کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

    دبئی سے آنے والا طیارہ ایندھن بھروانے کے لیے فرانس کے ہوائی اڈے پر اترا تو حکام نے انسانی اسمگلنگ کے متاثرین کی موجودگی کی اطلاع پر بھارتی طیارے کو روک لیا۔

    فرانسیسی حکام کو ایک گمنام اطلاع ملی تھی کہ طیارے میں انسانی اسمگلنگ کے متاثرین کو لے جایا جا رہا ہے، فرانس کے چار ججوں نے طیارے میں سوار تین سو بھارتی مسافروں سے دو دن تک پوچھ گچھ کی، اور جمعہ کو دو بھارتی مسافروں کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    تفتیش سے وابستہ ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ کچھ انڈین مسافر جو متحدہ عرب امارات میں کام کرتے ہیں، انھوں نے امریکا یا کینیڈا پہنچنے کے لیے نکاراگوا جانے کی کوشش کی تھی۔

    فرانسیسی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر بس اے 340 کو روانہ ہونے کے لیے اجازت دے دی ہے، جس کے بعد یہ طیارہ آج پیر کو روانہ ہونے کی توقع ہے، لیجنڈ ایئرلائنز کے وکیل نے بتایا کہ طیارے کے زیادہ تر مسافر بھارت واپس چلے جائیں گے۔ جب کہ مقامی حکومت کے حوالے سے میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ کئی ایسے مسافر بھی ہیں جنھوں نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست کر دی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق پولیس نے طیارے کو گراؤنڈ کرنے کے بعد حکام نے ہوائی اڈے کو ایک عارضی کمرہ عدالت میں تبدیل کر دیا تھا، ججوں، وکلا اور مترجمین کی ایک تعداد ہنگامی سماعت کے لیے ٹرمینل پر موجود تھے، تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا مسافروں کو مزید روکا جا سکتا ہے یا نہیں۔

  • فرانس جانے کے خواہشمندوں کیلئے اہم خبر

    فرانس جانے کے خواہشمندوں کیلئے اہم خبر

    فرانس جانے کے خواہش مند افراد کے لئے بری خبر یہ ہے کہ فرانس کی حکومت کی جانب سے امیگرینٹس کیخلاف قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں بھی امیگرینٹس کیخلاف قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ایوان زیریں نے اس حوالے سے بل بھی منظور کرلیا ہے۔

    فرانس کی ایوان زیریں میں پیش کیا گیا بل 186 کے مقابلے میں 349 ووٹوں سے منظور کرلیا گیا ہے، فرانس کی سینیٹ کی جانب سے پہلے ہی امیگریشن قوانین سخت کرنے کا بل منظور کیا جاچکا ہے۔

    دوسری جانب برطانوی حکومت کی جانب سے امیگریشن سے متعلق نئے قوانین کے اعلان سے جنوبی ایشیائی ممالک کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    مذکورہ قوانین کے مطابق جو تبدیلیاں سال 2024 میں لاگو ہونے والی ہیں اس کی وجہ سے برطانیہ میں مقیم غیر ملکی خاندانوں میں خوف و ہراس اور ہلچل کا سماں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مقیم ایک 25 سالہ برطانوی پاکستانی ماہر قانون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم سب گھبراہٹ کا شکار ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے برطانیہ میں مقیم شخص کے لیے خاندان کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم آمدنی کی حد 18 ہزار 600 پاؤنڈز سے بڑھا کر 38 ہزار 700 پاؤنڈز کردی گئی ہے۔

    10 ماہ میں ایک کروڑ 60 لاکھ مسافروں کا امیگریشن

    انہوں نے کہا کہ یہاں برطانیہ میں ابتدائی تنخواہیں 22 ہزار پاؤنڈز سے 26 ہزار پاؤنڈز سالانہ کے درمیان ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تقریباً 21 ہزار پاؤنڈز کما رہا ہوں جو کہ پچھلی حد (18 ہزار پاؤنڈز) سے کچھ زیادہ تھے، اب اچانک اس حد کو بڑھا دیا گیا ہے، میں راتوں رات 38 ہزار 600 پاؤنڈز نہیں کما سکتا۔

  • غزہ میں اہلکار کی ہلاکت پر فرانس کا شدید رد عمل، وزیر خارجہ اسرائیل پہنچ گئیں

    غزہ میں اہلکار کی ہلاکت پر فرانس کا شدید رد عمل، وزیر خارجہ اسرائیل پہنچ گئیں

    غزہ: صہیونی فورسز نے غزہ میں بمباری میں ایک فرانسیسی اہل کار کو بھی ہلاک کر دیا ہے، جس پر فرانس نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں اسرائیلی فورسز نے ایک رہائشی عمارت پر بمباری کی جس میں ایک فرانسیسی اہل کار بھی ہلاک ہو گیا ہے، فرانس کی وزارت خارجہ نے اس پر اسرائیلی حکام سے وضاحت طلب کی ہے کہ ایک رہائشی عمارت پر کیوں بمباری کی گئی۔

    رفح میں رہائشی عمارت پر بمباری میں فرانسیسی اہلکار کے علاوہ 9 فلسطینی بھی شہید ہو گئے تھے، وزارت خارجہ نے استفسار کیا ہے کہ وہ کیا حالات تھے جب ایک رہائشی عمارت پر فضائی حملے کیے گئے۔

    وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ اہل کار بدھ کو ایک فضائی حملے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی حکام اس بمباری کے حالات پر جلد از جلد روشنی ڈالیں۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے گھٹنے ٹیک دیے، حماس سے مذاکرات کا اعلان

    واضح رہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا اسرائیل پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ اسرائیلی حکومت پر ’فوری اور پائیدار‘ جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالیں گی، وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے تاکہ تمام قیدی رہا ہوں اور غزہ تک امداد پہنچ سکے۔

  • فرانس : خون چوسنے والے کیڑوں نے دہشت پھیلادی

    فرانس : خون چوسنے والے کیڑوں نے دہشت پھیلادی

    پیرس : فرانس میں خون چوسنے والے کیڑوں کے حملے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، مقامی انتظامیہ نے اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھٹملوں کی بڑی تعداد نے حملہ آور ہو کر شہریوں کو بے چین اور پریشان کردیا ہے جس کی وجہ سے ان کی راتوں نیندیں حرام ہوگئیں۔

     بس اسٹاپ، ریلوے اسٹیشنز ، ہوٹلز، اسکول کالجز ، ریسٹورینٹس اور ہوائی اڈوں سمیت کوئی بھی مقام ایسا نہیں ہے  جہاں ان لال کیڑوں کا بسیرا نہ ہو۔

    فرانسیسی وزیر تعلیم گیبریل اٹل نے ان خون چوسنے والے کیڑوں کے پھیلاؤ سے نمٹنے کیلئے اسکول بند کروا دیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ 15سے زائد تعلیمی اداروں میں کھٹملوں کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں کھٹمل پائے جانے پر پہلے مرحلے میں 7اسکولوں کو بند کرنا پڑا، مجموعی طور پر 17تعلیمی اداروں میں مختلف سطح پر کھٹمل پائے گئے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ملک میں60ہزار تعلیمی ادارے ہیں یہ بھی سچ ہے کہ کھٹملوں کی موجودگی کی رپورٹس کا انبار لگا ہوا ہے۔

    دوسری جانب فرانسیسی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فرانس کو برسوں سے کھٹملوں کے مسئلے کا سامنا ہے، پیرس کے ڈپٹی میئر کے مطابق ملک بھر میں بیڈبگ حقیقت میں ایک قومی ایمرجنسی ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق فرانس میں2017اور2022 کے درمیان10میں سے1گھر کھٹمل سے متاثر تھا، فرانس میں بڑے پیمانے پر ان خون چوسنے والے کیڑے کھٹمل کیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانس میں موسم گرما کے اولمپک گیمز کا انعقاد کیا جانا ہے جو محض 9ماہ بعد شروع ہوگا۔