Tag: فراڈ کا انکشاف

  • پوائنٹ آف سیلز سسٹم میں فراڈ کا انکشاف

    پوائنٹ آف سیلز سسٹم میں فراڈ کا انکشاف

    اسلام آباد : پوائنٹ آف سیلز سے منسلک ری ٹیلرز کی سیلز رئیل ٹائم ایف بی آر تک نہ پہنچنے کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر نے بتایا کہ پی او ایس میں فراڈ کے باعث 3 سیل کے بعد چوتھی سیل کا ڈیٹا ایف بی آر کو ملتا ہے، پی او ایس کا پرانا سسٹم ختم کرنے کے بعد نیا سسٹم متعارف کرایاجارہا ہے۔

    چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے لائسنس شدہ کمپنیوں کا پوائنٹ آف سیلز سسٹم نصب ہوگا اور ایف بی آرمیں ڈیجیٹلائزیشن کا نظام بنانے میں ڈھائی سال لگیں گے۔

    امجد زبیر نے کہا کہ نئے بجٹ میں پی او ایس کے نظام میں شفافیت لائی جارہی ہے، پی او ایس سافٹ ویئر بنانے والی کمپنیوں کوایف بی آر لائسنس دے گا۔

    گزشتہ پی او ایس میں کمپنیوں کےبنائے گئے سافٹ ویئرمیں ردوبدل آسان تھا، جس پر چیئرمین کمیٹی نے سوال کیا کیا گزشتہ پی او ایس میں جو فراڈ ہوا اس میں ایف بی آرکے لوگ ملوث تھے؟ تو چیئرمین نے بتایا کہ فراڈ کا بعدمیں پتہ چلا، کچھ سیلز کا ریکارڈ پی او ایس سے ہٹا دیا جاتا تھا۔

  • کراچی میں مفت تعلیم کے نام پر بڑے فراڈ کا انکشاف

    کراچی میں مفت تعلیم کے نام پر بڑے فراڈ کا انکشاف

    کراچی : شہر قائد میں نجی اداروں کی تعلیم کا فراڈیوں نے فائدہ اٹھانا شروع کر دیا۔ دھوکہ بازوں نے پندرہ ہزار اسکالر شپ اور فری او لیول اور اے لیول کی تعلیم کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا، کئی طلبا جمع پونجی سے محروم ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تعلیم کے نام پر بڑے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ متعلقہ ادارے اس فراڈ سے تاحال لاعلم ہیں، طلباء وطالبات کے والدین کا کہنا ہے کہ تعلیم گھر کے نام پر مخیر حضرات سے لاکھوں روپے کی فنڈنگ حاصل کی گئی، اس کے بعد لوگوں کو مفت تعلیم کا جھانسہ دے کر داخلے کیے گئے.

    مفت تعلیم دینے کے نام پر طلباء سے 2ہزار روپے فی کس بھی لئے گئے اور داخلوں کے بعد اسکول کا عملہ ہی غائب ہوگیا، اسکول کی پرنسپل آمنہ سبحان کا کہنا ہے کہ فری تعلیم کے نام پر ہمارے اسکول کا نام استعمال کیا گیا.

    اطلاعات کے مطابق دھوکہ بازسعد سلیم نامی شخص نے گلیکسی آف لیڈرز کے نام سے سوشل میڈیا پر مفت تعلیم کا اعلان کیا اور اس کیلئے فیئر فیلڈ نامی ایک پرائیویٹ اسکول میں بچوں کو تعلیم دینے کا کہا گیا۔

    مگر نہ تو بچوں کو مفت تعلیم دی گئی اورنہ ہی کسی اسکالر شپ کا اعلان کیا گیا، تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ اسکول کا مالک ہی کوئی اور ہے، متاثرہ والدین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ دھوکہ بازوں کو گرفتار کیاجائے۔